Tag: Security High Alert

  • پشاور پولیس لائن دھماکا: اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کے احکامات جاری

    اسلام آباد: پشاور پولیس لائن مسجد دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے، تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی ہے، اور سیف سٹی کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوران سفر اپنے شناختی دستاویزات ساتھ رکھیں اور چیکنگ کے دوران پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

    واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختون خوا کے مرکزی شہر پشاور میں پولیس لائن میں مسجد میں دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق اور 150 افراد زخمی ہو گئے ہیں، دھماکے سے مسجد کا ایک حصہ شہید ہو گیا ہے۔

    پشاور: مسجد میں نماز کے دوران دھماکا، 28 افراد شہید، 150 زخمی

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگایا جا رہا ہے، پولیس کی تفتیشی ٹیم جائے وقوعہ پر شواہد جمع کر رہی ہے، جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔

    ترجمان ایل آر ایچ محمد عاصم کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں پولیس اہل کاروں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ دھماکے کی اطلاعات کے بعد مقامی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، اور سیکیورٹی کو الرٹ کر دیا گیا ہے، نیز پولیس لائن کے داخلی راستے بھی مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔

  • پشاور دھماکے کے بعد پنجاب میں سیکیورٹی  ہائی الرٹ

    پشاور دھماکے کے بعد پنجاب میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    لاہور : پشاور دھماکے کے بعد پنجاب میں بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ، آئی جی پنجاب نے حساس مقامات اور تنصیبات کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب راؤ سردار خان نے پشاور دھماکے کے بعد صوبہ بھرمیں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دے دیا۔

    آئی جی پنجاب نے آر پی اوز ،ڈی پی اوزکوحساس مقامات، تنصیبات کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی وپبلک مقامات،تعلیمی اداروں کےسیکیورٹی پلان کاجائزہ لیاجائے اور تمام اضلاع میں سرچ،انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔

    گذشتہ روز پشاور کے مشہور و معروف قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 56 افراد شہید ہوگئے تھے۔

    پویس پی سٹی نے افسوسناک واقعے سے متعلق بتایا تھا کہ دھماکا جامع مسجد کوچہ رسالدار میں اسوقت ہوا جب نمازی جمعے کی نماز کی ادائیگی میں مصروف تھے، دھماکے کے بعد مسجد میں افراتفری پھیل گئی اور ہر کوئی اپنے پیاروں کی تلاش میں مارا مارا پھرتا رہا۔

    پولیس کی جانب سے جاری ابتدائی بیان میں بتایا گیا تھا کہ دو نامعلوم حملہ آوروں نے جامع مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس جوان نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

  • پشاور دھماکے کے بعد اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    پشاور دھماکے کے بعد اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    اسلام آباد : پشاور دھماکے کے بعد اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ،آئی جی اسلام آباد نے کہا ریڈ زون سمیت دیگرسرکاری وغیرسرکاری عمارات کی سیکیورٹی سخت کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے دیرکالونی کے مدرسہ میں دھماکے کے بعد اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ، آئی جی اسلام آباد نے داخلی وخارجی راستوں پرچیکنگ سخت کرنےکی ہدایات جاری کردی ہے۔

    آئی جی اسلام آباد نے کہا ریڈ زون سمیت دیگرسرکاری وغیرسرکاری عمارات کی سیکیورٹی سخت کی جائے، ڈی آئی جی آپریشنز ودیگر افسران ڈیوٹی کو خود چیک کریں اور امام بارگاہوں،دینی مدرسوں کا دورہ،سیکیورٹی کا جائزہ لیں۔

    دوسری جانب آئی جی پنجاب نے پشاور دھماکے کے تناظر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا حساس مقامات،عبادت گاہوں،عوامی مقامات کی سیکیورٹی بڑھائی جائے۔

    انعام غنی کا کہنا تھا کہ ڈی پی اوزسمیت دیگر افسران سیکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیں اور تمام اضلاع میں سرچ آپریشنزمیں مزید تیزی لائی جائے۔

    یاد رہے پشاور کے علاقے دیرکالونی کے مدرسہ میں دھماکہ کےنتیجے میں سات افراد شہید اور چھیانوے سے زائد زخمی ہوگئے، دھماکہ اتنا زوردارتھا کہ پوری عمارت لرزاٹھی۔

    پشاور کے مدرسے میں دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، پولیس کے مطابق دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا، جس میں پانچ سے چھ کلو کا بارودی مواد شامل تھا جبکہ اے آئی جی بم ڈسپوزل کاکہنا ہے کہ دھماکہ منظم گروپ کی کارروائی لگتا ہے

  • نواز شریف اور مریم نواز کی آمد، لاہور میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    نواز شریف اور مریم نواز کی آمد، لاہور میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    لاہور : سزایافتہ نواز شریف اور مریم نواز کی لاہور آمد کے موقع پر شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی اور ضلعی انتظامیہ نے شہر کی اہم شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان فیلڈ میں سزا یافتہ نواز شریف اور مریم نواز کی لاہور آمد کے موقع پر شرپسندوں سے نمٹنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہوگئے۔

    لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے شہرکی اہم شاہراہوں کو کنٹیرز لگا کر بند کردیا جبکہ لاہور ایئرپورٹ کے اطراف اور شہر میں رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لیگی کارکنوں نے کسی قسم کی شرانگیزی کی کوشش کی توقانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آجائیں گے، شہرمیں سیکیورٹی اہلکاروں نے امن و امان کی صورتحال کوکنٹرول پر کر رکھا ہے اور ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق برقرار ہے، شہری باآسانی اپنے دفتروں میں پہنچے جبکہ شہر میں بازار اور دکانیں بھی معمول کے مطابق کھلی ہیں۔

    شہر کے بعض علاقوں میں چند گھنٹے کیلئے موبائل سروس بھی معطل کی جائے گی۔

    فیصل آباد میں انتظامیہ نے موٹر وے کے چاروں انٹرچینج پر کنٹیرز لگا دیئے اور موٹر وے ٹریفک کیلئے بند کردی گئی جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں امن و امان برقرارکھنےبھرپور تیاریاں کی گئی ہے ، پولیس نے شہر کی مرکزی شاہراہوں فلیگ مارچ بھی کی۔

    راولپنڈی میں بھی امن و امان کی صورتحال کوکنٹرول کرنے کے پولیس نے بھرپور انتظامات کر رکھے ہیں۔

    دوسری جانب شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی رہائش گاہ کے اطراف میں بھی کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں جبکہ راولپنڈی میں بھی لیگی دفتر کےباہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ پنجاب کےنگراں وزیر داخلہ شوکت جاوید نے خبردار کیا تھا کہ لیگی کارکن پرامن نہ رہے تو رینجرزحرکت میں آئےگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاناماکیس کا فیصلہ آنے میں چند گھنٹے باقی، ریڈ زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    پاناماکیس کا فیصلہ آنے میں چند گھنٹے باقی، ریڈ زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    اسلام آباد: بڑے کیس کے بڑے فیصلے کیلئے سیکیورٹی کے بھی بڑے انتظامات کئے گئے ہیں، اسلام آباد ریڈ زون میں ہائی الرٹ ہے اور سپریم کورٹ کے اندر رینجرز، باہر پولیس اور ایف سی کو تعینات کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کے فیصلے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں ریڈ الرٹ ہے، پارلیمنٹ ہاؤس، سپریم کورٹ اور دیگر اہم عمارتوں کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامت کیے گئے ہیں۔

    اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکے لگا کر گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے، اسلام آباد اہم مقامات ریڈ زون اور سپریم کورٹ کے اطراف پولیس، رینجرز اور ایف سی کے تین ہزار اہلکار تعینات ہیں، پولیس کی بھاری نفری بھی ریڈ زون میں موجود ہے جبکہ رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی سیکورٹی فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

    رینجرز کے اعلیٰ افسران نے سیکیورٹی کا جائزہ بھی لیا، غیر متعلقہ افراد کا ریڈ زون میں داخلہ ممنوع ہے ، جب کہ میڈیا نمائندوں کو کوریج کے لیے خصوصی سیکیورٹی پاس جاری کیے گئے ہیں۔

    سپریم کورٹ کے گرد حفاظتی رکاوٹیں اورخاردار تاریں لگائی گئیں ہیں، سپریم کورٹ رجسٹرار کی جانب سے جاری پاسز کے بغیر کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

    پولیس نے ریڈ زون میں موجود دفاتر میں کام کرنے والے افراد کو بھی دفتری ریکارڈ اپنے ساتھ رکھنے کی ہدایت کی ہے، سیاسی کارکنان کو سپریم کورٹ کی طرف جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • بھارتی گجرات میں دہشت گردی کا خطرہ، سیکیورٹی ہائی الرٹ

    بھارتی گجرات میں دہشت گردی کا خطرہ، سیکیورٹی ہائی الرٹ

    گجرات : بھارتی ریاست گجرات میں دس دہشت گردوں کے داخل ہونے کی اطلاع پر ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نریندرا مودی کی آبائی ریاست گجرات میں بڑے پیمانے پر دہشتگردی کے خطرے کی اطلاع ملی ہے.

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دس دہشت گردوں کے داخل ہونے کی اطلاع پاکستان کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ناصرجنجوعہ نے اپنے بھارتی ہم منصب کو دی تھی۔

    پاکستانی انٹلیجنس کی معلومات کے بعد گجرات میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ اور اہم عمارتوں کی سخت نگرانی کی جارہی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز کے اضافی دستے بھی ریاست میں بھیج دیئے گئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گجرات میں داخل ہونے والے دہشت گرد اہم مقامات کو نشانہ بناسکتے ہیں۔

     

  • کراچی میں بھی دہشت گردی کا خطرہ، سیکیورٹی ہائی الرٹ

    کراچی میں بھی دہشت گردی کا خطرہ، سیکیورٹی ہائی الرٹ

    کراچی: چارسدہ کی باچاخان یونیورسٹی کے بعد دہشت گرد کراچی کوبھی نشانہ بناسکتےہیں۔ سیکورٹی انتہائی سخت کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے۔

    ذرائع کےمطابق کراچی میں دہشت گردی کے خدشات پر تعلیمی اداروں اوردوسرے اہم مقامات کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

    حساس اداروں کے مطابق فورسز اور اقلیتوں کے زیر انتظام چلنے والے تعلیمی اداروں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

    ذرائع کےمطابق حساس تنصیبات ،سیکیورٹی فورسز کے دفاتر، رینجرز اور پولیس ہیڈکوارٹرز، وزیراعلیٰ ہاؤس، سندھ اسمبلی، گورنر ہاؤس، فائیو اسٹار ہوٹل، اور دیگر حساس مقامات کی سیکیورٹی سخت کردی گئی۔

    آئی جی سندھ نے کراچی سمیت سندھ بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

  • قومی پولیو مہم، سخت سیکیورٹی میں جاری

    قومی پولیو مہم، سخت سیکیورٹی میں جاری

    کراچی : ملک بھر میں پانچ روزہ قومی انسدادپولیومہم فول پروف سیکیورٹی میں جاری ہے، کراچی میں دو ہزار سے زائد رینجرزاہلکار سیکیورٹی پر تعینات ہیں، رینجرز نے عوام سے شرپسندوں کی فوری اطلاع دینے کی اپیل کی ہے ۔

    گزشتہ روز کوئٹہ میں انسداد پولیو مہم کے مرکز کے قریب دھماکا کے بعد بھی قومی پولیو مہم جاری رہی، پانچ روزہ قومی پولیو مہم کا آج چوتھا روز ہے اور کراچی کے تمام اضلاع سمیت ملک بھر میں پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئےگئےہیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق کراچی میں مہم کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے رینجرز کے 2500اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ 170 موبائل اور 125موٹرسائیکل اسکواڈ بھی سیکیورٹی پر مامور ہیں ۔

    رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شرپسندعناصرکی اطلاع فوری1101پراطلاع دیں، شہر کی 186یونین کونسل میں 7ہزار سے زائد ٹیمیں 20لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا حدف مکمل کریں گی ۔

    کمشنر کراچی کے مطابق تین روزہ پولیو مہم کے دوران95فیصد حدف مکمل کرلیا ہے ،پانچ فیصد حدف مزید دو روز میں حاصل کرلیا جائے گا۔ کمشنر کراچی نے تمام ڈی ایچ اوز اور ڈپٹی کمشنرز کو سپورٹ سینٹرز کا دورہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

    ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

    اسلام آباد / کراچی / لاہور : حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

    جلوسوں کی فضائی نگرانی کے ساتھ گزر گاہوں پر فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے،۔

    کراچی، لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں جلوسوں کے روٹ پر لنک روڈز کو کنٹینرز اور قناتیں لگاکر بند کیا گیا ہے۔اور مسلسل فضائی نگرانی بھی جاری ہے۔ خواتین پولیس اہلکار کی بڑی تعداد بھی مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

    سیکیورٹی خدشات کے باعث کراچی سمیت کئی شہروں میں موبائل فون سروس صبح سے ہی بند ہوگئی ۔ جبکہ انٹرنیٹ وائی فائی سروس بھی متاثر ہے۔ سندھ کےبڑے شہروں اورپنجاب میں ڈبل سواری پرپابندی ہے۔

    یوم عاشور کے موقع پر ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں، جن کی سیکیورٹی کے لئے ناصرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

    بلکہ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کے ساتھ رینجرز کو بھی اہم شاہراوں پر تعینات کیا گیا ہے۔ یوم عاشور پرملک بھر کی فضا سوگوار ہے، علم ،تعزیہ ،ذوالجناح کے جلوسوں نکالے جارہے ہیں۔

    عزادارنوحہ خوانی اور ماتم کرکے اپنے غم کا اظہار کررہے ہیں، یوم عاشور پر سیدہ کےلعل کا پرسہ دینےکےلئےعزداران شاہراہوں پر ہیں۔حسین ابن علی اوراہل بیت کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیاجارہاہے۔

    نوحہ خوانی،سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتےجلوس اپنےروایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔علم لہراتےاورنوحے پڑھتےعقیدت مند واقعہ کربلا کو یاد کر رہےہیں۔

    ہرآنکھ آشکبار ہے۔ہردل خانوادہ رسول کی شہادت کویادکرکےتڑپ رہا ہے،جلوس میں شریک عزادار نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کر تے ہوئے خانوادہ رسول کو سلام پیش کر رہے ہیں۔

    مظفر آباد

    مظفر آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔

    ملتان

    ملتان میں عزاداران کے تین بڑے ماتمی جلوس نکالے گئے ہیں جلوسوں کی نگرانی کیلئے پچاس سے زائد کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ سیکیورٹی اور کنڑول روم کی مانیٹرنگ علاقائی کمشنر اورڈپٹی کمشنر خود کر رہے ہیں۔

    اٹک کینٹ

    محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ اٹک کینٹ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے گزر کرشام کربلا حلیم شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

    عزاداران حسین نے جلوس کے راستے میں سینہ کوبی کی اور زنجرر زنی کی ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

    اٹک کینٹ کے 10 محرم الحرام کے راستے میں آنے والے تجارتی مرکز کو مکمل سیل کر دیاگیا ہے ، جلوس کے لئے ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل سکاڈ، محکمہ صحت، ٹی ایم اے اٹک،ٹریفک پولیس اور واپڈا کا عملہ خصوصی طور پر اپنی فرائض سر انجام دے رہا ہے ، کسی بھی ناخوشگوار واقع کے پیش نظر فوج اور رینجرز کو سٹینڈ بائی کر دیا گیا ہے۔

    نوشہروفیروز

    ملک کے دیگر شہروں کی طرح نوشہروفیروز میں بھی یوم عاشور انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے ۔ضلع بھر میں 25 سے زائد ماتمی جلوس برآمد ہوئے جب کہ نوشہروفیروز میں مرکزی جلوس باب حیدر سے برآمد ہوا جو کو روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔

    ماتمی جلوسوں میں شامل 40 سے زائد مومنین سینا زنی، اور چھریوں کے ماتم کے باعث بیہوش ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لئے سول اسپتال داخل گیا ہے۔

    جب کے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور آنے والے تمام افراد کی چیکنگ جاری ہے دوسری جانب ضلع بھر میں تمام موبائیل نیٹ ورک اور وائر لیس انٹر نیٹ سروس معطل کی گئی ھے۔

    گوجرانوالہ

    یوم عاشورہ کے جلوس چوک گھنٹہ گھر پہنچ چکے ہیں ، جہاں وہ نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد زنجیر زنی کر رہے ہیں ۔

    یوم عاشور کے موقع پر شہر بھر سے چھوٹے بڑے ستاسی جلوس برآمداور چوراسی مجالس منعقد ہو رہی ہیں ، اس وقت شہر کا مرکزی جلوس امام بارگاہ گلستان معرفت سے برآمد ہو کر چوک گھنٹہ پہنچ چکا ہے جہاں پر دیگر چھوٹے بڑے جلوس بھی اس مرکزی جلوس میں شامل ہو چکے ہیں۔

    چوک گھنٹہ گھر میں عزادارن حسین نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد زنجیر زنی کر رہے ہیں ،عزاداران حسین میں خواتین ، بچے ، مرد اور بزرگ افراد شامل ہیں جو غم حسین کا اظہار اپنے اپنے انداز میں کر رہے ہیں ۔

    اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے چوک گھنٹہ گھر کو مکمل طور پر گھیر رکھاہے جن میں چھ ہزار سے زائد پولیس آفیسران ، جوان، لیڈی کانسٹیبلز اور رضا کار تعینات کئے گئے ہیں۔

    اور جلوس کے تمام راستوں کو مکمل طور پر سیل کرتے ہوئے ہر داخل ہونے والے شخص کی میٹیل ڈیٹیکٹو کے ذریعے جامہ تلاشی لی جا رہی ہے ۔

    اس کے علاوہ شکار پور، سانگھڑ ، خیرپور ، سکھر ، گلگت ، اور ملک کے دیگر شہروں میں عزاداران کے ماتمی جلوس اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں ۔

  • لاہورمیں دہشت گردی کا خطرہ، 70 افراد گرفتار

    لاہورمیں دہشت گردی کا خطرہ، 70 افراد گرفتار

    لاہور: پنجاب اسمبلی سمیت اہم مقامات پردہشتگردی خطرات کے پیش نظروزارتِ داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لاہور میں چوکنا رہنے کی ہدایت کردی۔

    حساس ادارے نے پنجاب حکومت کو لاہورمیں دہشتگردی کے خطرے سے آگاہ کردیا، حساس ادارے کے مطابق پانچ دہشت گرد پنجاب اسمبلی سمیت اہم سرکاری عمارتوں کونشانہ بناسکتے ہیں۔

    لاہورپولیس نے سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرتے ہوئے لاہور کے داخلی راستوں پر بھی اضافی نفری تعینات کرکے سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی اس ممکنہ کاروائی کی منصوبہ بندی جنوبی وزیرستان میں کی گئی ہے۔

    وزارت داخلہ کا مراسلہ جاری ہونے کے بعد پولیس نے بادامی باغ، غالب مارکیٹ، چوہنگ، کینٹ، اقبال ٹاون، ریس کورس سمیت مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 70 مشتبہ افراد گرفتارکرلئے۔

    دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان کی قیادت میں نکالی جانے والی ریلی منسوخ کردی گئی ہے تاہم پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سیکرٹریٹ میں کارکنان سے خطاب کریں گے۔