Tag: Shah Mehmood Qureshi

  • تحریک انصاف چاہتی ہے پولیس میں بہتری آئے: وزیر خارجہ

    تحریک انصاف چاہتی ہے پولیس میں بہتری آئے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سندھ میں حکومتی پارٹی کے وائس چیئرمین پر فائرنگ لمحہ فکریہ ہے۔ پولیس حد سے تجاوز کرتی ہے تو کنٹرول کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف چاہتی ہے پولیس میں بہتری آئے، پولیس حد سے تجاوز کرتی ہے تو کنٹرول کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خیبر پختونخواہ پولیس کو بہتر کیا، سندھ اور پنجاب کی پولیس میں بھی بہتری لائیں گے۔ پولیس کا مقصد تحفظ دینا اور جان اور مال کا تحفظ کرنا ہے۔ پولیس میں بھی کالی بھیڑیں ہیں جو سیاسی اثر سے آئے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ایسی کالی بھیڑوں اور سیاسی پرچیوں کے خلاف ہے، پولیس میں اچھے افسر بھی موجود ہیں ان کو موقع ملنا چاہیئے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امریکا کی ضرورت ہے، امریکی صدر سے وزیر اعظم کی ملاقات میں اسٹریٹیجک تعلقات مضبوط ہوں گے۔ ہم معیشت کو مضبوط کر رہے ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کر رہے ہیں۔

    گزشتہ رات تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ رمضان گھانچی کی جلد مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، سندھ میں حکومتی پارٹی کے وائس چیئرمین پر فائرنگ لمحہ فکریہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں پولیس گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی چاہتی ہے ان کے خلاف کوئی آواز نہ اٹھائے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دوحا میں وزیر اعظم کے ساتھ گیا، کرتار پور راہداری کھولنے کے لیے سکھ برادری شکریہ کے لیے آئی، کرتار پور راہداری پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ فیز 1 اور فیز 2 کے لیے زمین حاصل کرلی گئی ہے۔ کرتار پور راہداری کے لیے دریا پر پل بنانے کا کام جاری ہے، پاکستان منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے سنجیدہ اور تیار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کو امن کے لیے قدم بڑھانے کی دعوت دی تھی، کسی حکومت میں جرات نہیں ہوئی موجودہ حکومت نے آغاز کیا، موجودہ حکومت کا اگلا قدم کھوکھرا پار ہوگا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ کل حکومت نے بہت بڑا فیصلہ کیا ہے، پاکستان آنے کی خواہش رکھنے والے کو ای ویزہ جاری ہوگا، ہم نے 173 ممالک کو ای ویزہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    شاہ محمود کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پانی کے بحران کی طرف بڑھ رہا ہے، ملک میں پانی کی شدید قلت پیدا ہونے والی ہے۔ سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب متاثر ہو سکتے ہیں، 10، 10 سال حکومت کرنے والے بتائیں پانی کے لیے کیا کیا؟

    انہوں نے کہا کہ عمر کوٹ میں بہترین زمین ہے لیکن یہاں پانی نہیں، یہاں کے ایم پی اے اور وزیر خود پانی چوری کرتے ہیں، سندھ میں ڈی پی او اور ایس پی آپ کے ذاتی لگے ہوئے ہیں۔ یہ جھوٹے پرچے کاٹتے ہیں اور تبادلے کرتے ہیں۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات کیے، معیشت مستحکم ہو رہی ہے، ماضی میں جن سے تعلقات خراب کیے گئے ان سے اچھے تعلقات بنائے۔ فروری کے مہینے میں کراؤن پرنس پاکستان تشریف لا رہے ہیں۔ قطر نے 4 مراعات کا اعلان کیا ہے 2 کا مزید کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ برف پگھل گئی ہے تعلقات بہتر ہوئے، یورپی یونین کا نیا باب کھل رہا ہے۔

  • وزیر خارجہ سے کشمیری رہنماؤں کے وفد کی ملاقات

    وزیر خارجہ سے کشمیری رہنماؤں کے وفد کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کشمیری رہنماؤں کے وفد کی ملاقات ہوئی، کشمیری رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کشمیری رہنماؤں کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔

    ملاقات میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کشمیری رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قیرشی کا کہنا تھا کہ کشمیریوں خصوصاً عورتوں اور بچوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ دنیا کی نظر میں اجاگر ہو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسلسل طاقت کے استعمال سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال بگڑ رہی ہے، اقوام متحدہ سمیت دیگر اداروں کی رپورٹ میں وہی ہے جو پاکستان بیان کرتا رہا ہے، صدر جنرل اسمبلی سے کہا مسئلہ سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

    دوسری جانب مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی ظلم و بربریت جاری ہے، گزشتہ روز بھی قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں فائرنگ کر کے 2 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔

    ایک رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں سال 2018 میں قابض بھارتی فوج نے حاملہ خواتین، بچوں اور اسکالرز سمیت 355 شہری شہید کردیے۔

  • امریکا سے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں: وزیر خارجہ

    امریکا سے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں: وزیر خارجہ

    دوحا: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ زرعی شعبے میں انفراسٹرکچر سے متعلق قطر کو اہم پیشکش کریں گے، امریکا سے تعلقات میں موجود کشیدگی کا خاتمہ اور تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ’سب سے دوستی‘ کامیاب ہو رہا ہے، سعودی عرب۔ متحدہ عرب امارات کے بعد قطر سے تعلقات میں مثبت پیش رفت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان قطر کو فوڈ سیکیورٹی پر ضمانت دینے کو تیار ہے۔ پاکستان پھل، سبزیوں اور ڈیری آئٹمز فراہم کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ حالیہ بحران میں قطر کی خوراک کی ضروریات احسن طریقے سے پوری کی ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے میں انفرا سٹرکچر سے متعلق قطر کو اہم پیشکش کریں گے، پاکستان ہر سال اربوں ڈالر کی زرعی اجناس قطر کو ایکسپورٹ کرسکتا ہے۔

    پاک، امریکا تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ تعلقات میں موجود کشیدگی کا خاتمہ اور تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔ امریکی سینیٹر گراہم کی پریس کانفرنس روابط میں بہتری کی عکاس ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کل تک جو انگلیاں اٹھاتے تھے، آج تعریفی کلمات کہہ رہے ہیں۔ آج امریکی صدر سے وزیر اعظم کی ملاقات کی خواہش کا اظہار ہو رہا ہے۔ عارضی تعلق سے تذویراتی اشتراک کی خواہش ظاہر کی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سینیٹر لنزے گراہم نے پاک امریکا اسٹرٹیجک تعلقات کے اشارے دیے، امریکی سینیٹر نے اتفاق کیا افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔ آج دنیا افغانستان کے سیاسی حل کی بات سے اتفاق کرتی ہے، دنیا افغان امن و مصالحت کی پاکستانی کوششوں کو سراہتی ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں ہم اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، افغانستان میں امن و استحکام مشترکہ ذمہ داری ہے۔ افغان مسئلے کے حل کے لیے علاقائی ممالک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، افغانوں کو تمام رنجشیں بھلا کر افغان مستقبل کا سوچنا ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ افغان سوچ یکساں نہیں ہوگی تو پاکستان تنہا کچھ نہیں کر سکتا، افغان امن آسان کام نہیں لیکن ہم نے کوشش کی۔ کل ہماری نیت پر شک کیا گیا، آج سراہا جا رہا ہے یہ بڑی تبدیلی ہے۔

  • ملتان میں صوفی بزرگ حضرت شاہ رکن عالم کا 705واں عرس کا دوسرا روز

    ملتان میں صوفی بزرگ حضرت شاہ رکن عالم کا 705واں عرس کا دوسرا روز

    ملتان : اولیاء کرام کی سرزمین ملتان میں حضرت شاہ رکن عالم کے705 ویں عرس کی 3 روزہ تقریبات دوسرے روز بھی جاری رہیں، سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی نے اجتماعی دعا کروائی۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں برصغیر کے عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن الدین عالم نے سہروردی کے 705 ویں سالانہ تین روزہ عرس کی دوسری نشت میں علماو مشائخ نے حضرت شاہ رکن الدین عالم کی مذہبی و تعلیمات خدمات پر روشی ڈالی۔

    تقریب کے آخر میں سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی نے اجتماعی دعا کروائی، اس موقع پر مذہبی سیاسی سماجی شخصیات نے شرکت کی عرس میں ملک بھر سے زائرین ہزاروں کی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں جبکہ بھارت سے زائرین کا وفد بھی ملتان پہنچا۔

    عرس پر ملک کے دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے زائرین کے مطابق عرس میں شامل ہونے سے بے انہیں ان کی مرادیں ملتی ہے مشکلات آسان ہوتی ہیں اور دلی سکون ملتا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تین روزہ عرس کے دوسرے دن کی تقریبات میں شامل زائرین کی سہولت اور سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے۔ مزار کے اطراف پولیس اہلکار متعین کئے گئے ہیں۔

    محکمہ اوقاف اور ضلعی انتظامیہ نے زائرین کی سہولت کے لئے خاطر خواہ انتظامات کئے ہیں، ایمبولنس اور فائربریگیڈ کی گاڑیوں کے ساتھ میڈیکل کیمپس بھی لگائے گئے ہیں۔

  • بھارت کا نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم اب  دنیا کے سامنے آگیا ہے: شاہ محمود قریشی

    بھارت کا نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم اب دنیا کے سامنے آگیا ہے: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ بھارت کا نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم پوری دنیا کے سامنے آگیا ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیرسلطان محمود سے ملاقات کے موقع پر کیا. ان کا کہنا تھا کہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے.

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کا کشمیر میں رویہ دنیا کے سامنے ہے، انسانی حقوق کی تنظیموں، عالمی اداروں کو مظالم کا نوٹس لینا چاہیے.

    شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پرہمارامؤقف بالکل واضح اوردو ٹوک ہے.

    اس ملاقات میں پارٹی امور اور مسئلہ کشمیر سے متعلق خصوصی گفتگو کی گئی، سلطان محمود نےمسئلہ کشمیرعالمی سطح پراجاگرکرنے پرشاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا.


    مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی مظالم کی انتہا، درجنوں نہتے کشمیری گرفتار

    یاد رہے کہ اس وقت بھارتی فوج نے کشمیر میں‌ ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے.

    مقبوضہ کشمیر کے اسیر شہریوں کے لیے سال 2018 انتہائی بدقسمت رہا، ایک سال میں قابض بھارتی فوج نے حاملہ خواتین، بچوں اور اسکالرز سمیت 355 شہری شہید کردیے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے پیلٹ گن سمیت مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔

  • پاکستان افغانستان میں امن کے لئے ہمیشہ بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا : شاہ محمود قریشی

    پاکستان افغانستان میں امن کے لئے ہمیشہ بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا : شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی افغان صدر کے نمائندہ خصوصی عمر داؤد زئی سے ملاقات ہوئی.

    تفصیلات کے مطابق اِس ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل سمیت اہم علاقائی اور عالمی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا.

    افغان صدر کے نمائندہ خصوصی عمر داؤدزئی نے کہا کہ افغانستان کے دیرینہ مسئلے کو بات چیت سے حل کرنے کا وقت آگیا.

    اس موقع پر  وزیر خارجہ نے افغان نمائندے کو افغان امن کے لئے پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا.

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے افغان مسئلے کے سیاسی، دیرپا حل کے لئے اہم کردارادا کیا ہے، پاکستان کے مؤقف، کاوشوں کی آج دنیا بھی تائید کر رہی ہے.

    پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن نہ صرف افغان عوام بلکہ خطے کے لئے امن کا ضامن ہے، پاکستان افغانستان میں امن کے لئے ہمیشہ بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا.


    مزید پڑھیں: پاکستان افغانستان میں دیرپا امن کے لئے کوشاں ہے: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ


    اس موقع پر افغان نمائندہ خصوصی نے خطے میں استحکام کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

    یاد رہے کہ عمرداؤد زئی آج پاکستان پہنچے ہیں، وہ 11جنوری تک پاکستان کے دورے پر ہیں، توقع کی جارہی ہے کہ اس دورے کے توسط سے افغان امن عمل کے امکانات مزید وسیع ہوں گے۔

  • بھارتی قیادت کے غیرذمہ دارانہ بیانات سے خطے کا امن متاثر ہوسکتا ہے: شاہ محمود قریشی

    بھارتی قیادت کے غیرذمہ دارانہ بیانات سے خطے کا امن متاثر ہوسکتا ہے: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے کوئی جارحانہ کارروائی کی، تو جواب دینےکی اہلیت رکھتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر انھوں نے وزیر اعظم کے دورہ ترکی پر روشنی ڈالی۔ 

    [bs-quote quote=” افغانستان میں امن کے لئے پاکستان، ترکی اور افغانستان مل کر کام کریں گے” style=”style-7″ align=”left” author_name=”شاہ محمود قریشی”][/bs-quote]

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ترکی کے ساتھ 5 سال کے لئے جوائنٹ معاشی فریم ورک تیار کیا گیا ہے، دونوں‌ ممالک میں معاشی تعلقات کےفروغ پر اتفاق ہوا ہے، افغانستان میں امن کے لئے پاکستان، ترکی اور افغانستان مل کر کام کریں گے، سہہ فریقی سمٹ کی میزبانی ترکی کرے گا.

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور ترک صدرکی ون آن ون ملاقات دو گھنٹے سے زائد جاری رہی، دورہ مفید اور کامیاب رہا، امید ہے، ترک صدرجلد پاکستان کا دورہ کریں گے اور ترک سرمایہ کاروں کو بھی ساتھ لائیں گے.


    مزید پڑھیں: ترکی پاکستان کا بہت قریبی ساتھی اور پراعتماد دوست ہے: شاہ محمودقریشی


    وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے حالیہ بیانات غیرذمہ دارانہ ہیں، بھارتی قیادت کے غیرذمہ دارنہ بیانات سے خطےکا امن متاثر ہوسکتا ہے، عالمی برادری کو بھارتی بیانات کا نوٹس لینا چاہیے، کوئی جارحانہ کارروائی کی گئی توجواب دینےکی اہلیت رکھتے ہیں.

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت پروپیگنڈا کر رہا ہے کہ سرجیکل اسٹرائیک کا ارادہ ہے، یہ غیر ذمے دارانہ اور افسوس ناک رویہ ہے.

    انھوں نے کہا کہ ابوظبی کے ولی عہد کل پاکستان کےدورے پر آرہے ہیں، یواےای پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے.

  • وزیر اعظم کا دورہ ترکی دونوں ممالک کو پہلے سے زیادہ قریب لایا: وزیر خارجہ

    وزیر اعظم کا دورہ ترکی دونوں ممالک کو پہلے سے زیادہ قریب لایا: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترکی کے دورے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترکی کی میزبانی میں روایتی انداز سے بڑھ کر گرمجوشی دیکھی۔ دورہ ترکی دونوں ممالک کو پہلے سے زیادہ قریب لایا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 2 روزہ دورہ ترکی سے واپسی پر اپنے تاثرات میں کہا کہ 4 ممالک کے دوروں کی نوعیت الگ جبکہ دورہ ترکی کی اور نوعیت تھی۔

    وزیر خارجہ نے ترکی کے دورے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ ترکی دونوں ممالک کو پہلے سے زیادہ قریب لایا، مسئلہ کشمیر، مسئلہ فلسطین اور افغانستان پر دونوں ممالک کا نقطہ نظر ایک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ترکی کے ساتھ افغانستان میں قیام امن پر مثبت بات چیت ہوئی، دورہ ترکی کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا اور باہمی تعاون کو بڑھانا تھا۔

    وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ترکی کی میزبانی میں روایتی انداز سے بڑھ کر گرمجوشی دیکھی۔ 5 ممالک کے دورے میں ترجیحات اقتصادی اور سفارتی تھیں۔ دونوں ممالک عالمی فورم پر ہر مسئلے میں ایک ساتھ کھڑے ہوں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، اسد عمر، خسرو بختیار اور مشیر تجارت رزاق داؤد کے ہمراہ ترکی کا 2 روزہ دورہ کیا تھا۔

    ترکی میں وزیر اعظم نے تاجروں اور صنعت کاروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، پاکستان اور ترقی کے درمیان دو طرفہ تجارت کا فروغ ضروری ہے، ترکی کی تحریک آزادی میں بھی پاکستان کے لوگوں کا بڑا کردار ہے۔

    پاکستان ترک بزنس کاؤنسل سے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان ملائشیا اور جنوبی کوریا کے لیے رول ماڈل تھا۔ 60 کی دہائیکے بعد منافع کمانے کو برا سمجھا جانے لگا، معیشت کو نقصان پہنچا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ 80 کی دہائی میں کچھ سیاستدان اور بیورو کریٹ کاروبار میں منافع کے خلاف تھے۔ ہم سمجھتے ہیں کاروبار سے منافع کمانا کوئی بری بات نہیں، منافع سے لوگوں کو غربت سے نکالنے میں مدد ملتی ہے۔

    وزیر اعظم نے وفد کے ہمراہ مولانا جلال الدین رومی کے مزار پر حاضری بھی دی جہاں انہوں نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    بعد ازاں وزیر اعظم اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی ملاقات بھی ہوئی جس میں‌ پاکستان اور ترکی کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    مشترکہ پریس کانفرنس میں طیب اردوان نے کہا کہ وقت کے ساتھ پاکستان اور ترکی کے تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، عمران خان نے پاکستان میں تبدیلی کے لیے طویل جدوجہد کی۔

  • وزیر خارجہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے درمیان ملاقات

    وزیر خارجہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے درمیان ملاقات

    لاہور: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم زین قریشی بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات کی مذمت کی گئی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت نے ہر سطح پر بھارتی ظلم کو بے نقاب کیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں خود مختار پاکستان ہماری منزل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے بعد کابینہ اجلاس دیگر ڈویژن میں بھی ہوں گے، جنوبی پنجاب کے لیے الگ سیکریٹریٹ کا قیام جلد عمل میں آئے گا۔ جنوبی پنجاب کے لیے ترقیاتی پروگرام بھی الگ ہوگا۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے، ملتان میں کینسر اسپتال کے قیام کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا، حکومت تمام ممالک سے برادرانہ تعلقات کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

  • وزیر خارجہ کا دورہ قطر، دو طرفہ روابط پر تبادلہ خیال

    وزیر خارجہ کا دورہ قطر، دو طرفہ روابط پر تبادلہ خیال

    وحہ : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے جہاں انہوں قطری وزیر خارجہ سے دو طرفہ تعلقات اور باہمی روابط بڑھناے پر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ قطر کے موقع پر قطری نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن ثانی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران قطری وزیر سے رابط میں فروغ سمیت خطے کی صورتحال پر گفتگو کی۔

    قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن ثانی نے کہا کہ جلد پاکستانیوں کو قطر میں ملازمت کے مواقع فراہم کریں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ قطری نائب وزیر اعظم نے علاقائی استحکام کےلیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں وزراء خارجہ نے دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان 2022 میں متوقع فیفا ورلڈ کپ کے موقع پر قطر سے معاونت کرے گا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دو طرفہ تجارت میں ایک سال کے دوران اضافہ ہوا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ قطری نائب وزیر اعظم نے شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جبکہ ظہرانے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ڈپٹی امیر قطر، وزیر اعظم قطر سے ملاقات کریں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ قطر روانہ ہونے کے لیے بغیر پروٹوکول کے ائیرپورٹ پہنچے، شاہ محمود قریشی ائیرپورٹ پرعام شہریوں کے ساتھ قطار میں کھڑے رہے۔

    شاہ محمود قریشی بورڈنگ پاس لینے کے لیےعام مسافروں کی طرح مراحل سے گزرے، مسافروں نے وزیرخارجہ کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور سیلفیاں بھی بنوائیں۔

    وزیر خارجہ نے اپنے 4 ملکی دورے کو شٹل دپلومیسی کا نام دے دیا

    واضح رہے کہ دو روز قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے حالیہ 4 ملکی دورے کو شٹل ڈپلومیسی کا نام دیا تھا۔

    شٹل ڈپلومیسی ایک ثالث کی جانب سے دو یا زائد فریقین کے درمیان شروع کیے گئے مذاکرات ہوتے ہیں جو براہ راست بات چیت کے لیے ناگزیر ہیں۔