Tag: tourism

  • سعودی عرب کا سیاحت کے حوالے سے بڑا اعلان

    ریاض: سعودی عرب نے 2030 تک جی ڈی پی میں سیاحت کا حصہ 10 فی صد تک پہنچانے کا عزم کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی نائب وزیر سیاحت شہزادی ھیفا آل سعود نے کہا ہے کہ 2018 میں جی ڈی پی میں شعبہ سیاحت کا حصہ 3 فی صد تھا، 2030 تک اس کو 10 فی صد تک پہنچایا جائے گا۔

    شہزادی ھیفا نے امریکی ٹی وی چینل سی این این سے گفتگو میں کہا کہ خطے میں، خصوصاً دبئی کے ساتھ سیاحت کے حوالے سے مسابقت صحت مند اور اچھا رجحان ہے، ہمارا علاقہ پوری دنیا کے لیے پرکشش ہے۔

    شہزادی ھیفا نے کہا کہ نئی مارکیٹیں کھولنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، السعودیہ انیشیٹو نے امریکا، جرمنی اور ایشیا وغیرہ میں 15 بین الاقوامی مارکیٹوں کے دروازوں پر دستک دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے ساتھ کاروباری شراکت داری قائم کی جا رہی ہے، چینی مارکیٹ کھولتے وقت چینی صارفین کے لیے ’ٹرپ‘ کے ساتھ شراکت قائم کی گئی، اور 80 ٹورسٹ گائیڈز کو مندارین زبان کی ٹریننگ دی گئی، جب کہ 60 ٹورسٹ گائیڈز کو جرمن زبان سکھائی گئی۔

    وزارت سرمایہ کاری کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2022 کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران سعودی سیاحت سے 27 ارب ریال کی آمدنی ہوئی، جب کہ امارات کے نائب صدر محمد بن راشد کے مطابق اس عرصے کے دوران یو اے ای کو 19 ارب درہم کی آمدنی ہوئی۔

    واضح رہے کہ خلیجی ممالک میں سیاحت کا شعبہ آمدنی کا بڑا اہم ذریعہ ہے، جو کرونا وبا کی وجہ سے بہت متاثر گیا تھا۔

  • سعودی عرب میں سیاحوں کی تعداد میں 500 فیصد اضافہ

    سعودی عرب میں سیاحوں کی تعداد میں 500 فیصد اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں سیاحت میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جارہا ہے، رواں سال سیاحوں کی تعداد میں 500 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت سرمایہ کاری کا کہنا ہے کہ سال رواں کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران مملکت میں سیاحت پر 38.5 ارب ریال خرچ کیے گئے ہیں۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ اس دوران غیر ملکی سیاحوں کی تعداد بڑھ کر 6.1 ملین تک پہنچ گئی ہے، غیر ملکی اور مقامی سیاحوں کی تعداد 46 ملین ہوچکی ہے۔

    وزارت کے مطابق سال رواں کی دوسری سہ ماہی کے دوران سعودی عرب آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں سالانہ بنیاد پر 575.4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

    اس دوران 3.6 ملین غیر ملکی مملکت پہنچے جبکہ مقامی سیاحوں کی تعداد میں 42.3 فیصد اصافہ ہوا، ان کی تعداد 21.4 ملین ریکارڈ کی گئی ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سیاحوں نے سال رواں کی دوسری سہ ماہی کے دوران 570 فیصد زیادہ 15.7 ارب ریال خرچ کیے جبکہ مقامی سیاحوں نے 31.5 فیصد زیادہ 22.7 ارب ریال خرچ کیے۔

    اس طرح غیر ملکی اور مقامی سیاحوں نے مملکت میں مجموعی طور پر 38.5 ارب ریال خرچ کیے۔

    وزارت کے مطابق مملکت میں سیاحت کے شعبے کے لیے مجموعی قومی پیداوار میں 10 فیصد اضافے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جو کہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 100 ملین تک پہنچانے کی کوشش ہے۔

  • دبئی میں سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    دبئی میں سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں رواں سال کے پہلے 3 ماہ میں سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا، دبئی پہنچنے والے سیاحوں کی تعداد 7 ملین سے زیادہ رہی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سال رواں کی پہلی ششماہی کے دوران 7.12 ملین سیاح دبئی پہنچے ہیں، جبکہ گزشتہ سال اس عرصے میں سیاحوں کی تعداد 2.25 ملین تھی۔

    دبئی کے محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں سیاحوں کی تعداد میں 183 فیصد اضافہ ہوا ہے، کرونا بحران کے باعث دبئی میں سیاحت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا تھا۔

    محکمے کا مزید کہنا ہے کہ سب سے زیادہ آنے والے سیاحوں کا تعلق انڈیا سے ہے، دوسرے نمبر پر عمانی سیاح ہیں جبکہ تیسرے نمبر پر سعودی شہری ہیں۔

    محکمہ سیاحت کے مطابق دبئی کے ہوٹلوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 74 فیصد زیادہ کاروبار ہوا ہے، جون کے آخر تک 773 ہوٹلوں میں 1 لاکھ 40 ہزار 778 کمرے بک ہوئے ہیں۔

  • سعودی عرب جانے والوں کیلئے بڑی سہولت کی فراہمی

    سعودی عرب جانے والوں کیلئے بڑی سہولت کی فراہمی

    ریاض : سعودی عرب میں سیاحت کی غرض سے جانے والوں کیلئے حکومت کی جانب سے خاص سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت سیاحوں کو اپنے کاموں اور سفر میں دشواری پیش نہیں آئے گی۔

    اس حوالے سے سعودی عرب میں سیاحتی امور کے ماہر خالد الفریدۃ نے کہا ہے کہ سیاحوں کو ٹور آرگنائزر لائسنس حاصل کرنے کا حق ہے۔

    مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الفریدۃ نے کہا کہ مملکت آنے والے سیاح اپنا گروپ تشکیل دینے کے لیے ’ٹور آرگنائزر‘ لائسنس حاصل کرنے کی درخواست کرسکتا ہے۔

    سیاحتی ادارے کی جانب سے یہ حق اس لیے دیا گیا ہے تاکہ بغیر لائسنس کے آرگنائزر کی حیثیت سے کام کرنے پر جواب دہی کی مشکل میں نہ پڑ جائے یا اسے ایسا کرنے پر بلیک لسٹ نہ ہونا پڑے۔

    الفریدۃ نے مزید کہا کہ مملکت میں بہت سے ٹورسٹ آرگنائزر اندراج کے بغیر کام کرنے لگتے ہیں ایسا کرنے کی وجہ سے سیاحوں کو وہ جو سہولتیں فراہم کرتے ہیں ان کی اہمیت کم ہوجاتی ہے۔

    وزارت سیاحت نےخبردار کیا ہے کہ ٹورسٹ آرگنائزنگ لائسنس نہ رکھنے والوں کے ساتھ کسی قسم کا معاملہ نہ کیا جائے۔

    وزارت سیاحت نے توجہ دلائی ہے کہ ٹورسٹ آرگنائزر کا لائسنس وزارت جاری کرتی ہے۔ یہ لائسنس صرف ان لوگوں کو دیا جاتا ہے جو معیاری خدمت فراہم کرتے ہیں اور اس امر کو یقینی بنانے کے لیے مقررہ شرائط پر پورے اترتے ہیں۔

  • پاکستانیوں کے لیے بہترین سیاحتی مقام کون سا؟

    پاکستانیوں کے لیے بہترین سیاحتی مقام کون سا؟

    ابو ظہبی: اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال کے ابتدائی 4 ماہ میں دبئی آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، دبئی پہنچنے والے پاکستانی سیاحوں کی تعداد بھی بڑھی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی محکمہ معیشت و سیاحت کا کہنا ہے کہ سال رواں کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران دبئی آنے والے سعودی سیاحوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے، اس سال سب سے زیادہ سیاح سلطنت عمان سے پہنچے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اس سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران دبئی آنے والوں میں سعودی شہری چوتھے اور پاکستانی نویں نمبر پر رہے، پاکستانیوں کی تعداد 1 لاکھ 32 ہزار رہی ہے۔

    اماراتی محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ سنہ 2021 کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران 1.68 ملین سیاح آئے، اس سال ان کی تعداد 5.10 ملین ریکارڈ کی گئی ہے۔

    گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

    محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ اپریل 2022 کے آخر تک ہوٹل کے کمرے کا اوسط کرایہ 59.6 فیصد بڑھا ہے اور 640 درہم تک پہنچ گیا۔ اس کی وجہ سے فی کمرہ آمدنی میں اوسط اضافہ 93.6 فیصد ہوا۔

    دبئی میں مختلف زمروں سے تعلق رکھنے والے 769 ہوٹلز اور اس کے علاوہ ہوٹل اپارٹمنٹس بھی ہیں۔

    سال رواں کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران سب سے زیادہ 5 لاکھ 90 ہزار سیاح سلطنت عمان سے آئے، بھارت سے 5 لاکھ 50 ہزار اور برطانیہ سے 3 لاکھ 67 ہزار سیاح آئے۔

    علاوہ ازیں سعودی عرب سے 3 لاکھ 52 ہزار، روس سے 2 لاکھ 35 ہزار، فرانس سے 1 لاکھ 74 ہزار، امریکا سے 1 لاکھ 74 ہزار، جرمنی سے 1 لاکھ 71 ہزار، پاکستان سے 1 لاکھ 32 ہزار اور ایران سے 1 لاکھ 20 ہزار سیاح دبئی پہنچے۔

  • سال 2021: دبئی آنے والے سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    سال 2021: دبئی آنے والے سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں دنیا بھر سے آنے والوں کی تعداد صرف اکتوبر کے مہینے میں 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

    اماراتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی کے محکمہ اقتصادیات و سیاحت کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ جنوری 2021 سے لے کر اکتوبر 2021 تک 48 لاکھ 82 ہزار مسافروں نے دبئی کا دورہ کیا ہے۔

    محکمہ اقتصادیات و شماریات دبئی کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے محفوظ رہنے کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے باوجود مہمان نوازی کی صنعت میں یہ اعداد و شمار مستحکم اور بہتر پوزیشن کی عکاسی کرتے ہیں۔

    محکمہ سیاحت کی جانب سے گزشتہ سال کی اسی مدت کے لیے کوئی موازنہ نہیں کیا گیا۔

    ایک اور رپورٹ کے مطابق امارات کے مہمان نوازی کے شعبہ کی جانب سے جنوری سے اکتوبر کے عرصے میں دبئی میں موجود ہوٹلوں کے کمروں کی بکنگ کا حساب لگایا جائے تو مجموعی طور پر 94 لاکھ کمرے بک کیے گئے۔

    سنہ 2019 میں اسی عرصے کے دوران 70 لاکھ کمروں کی بکنگ کے اعداد و شمار سامنے آئے تھے۔

  • دبئی سیاحت کے لیے دنیا کے بہترین شہروں میں سے ایک بن گیا

    دبئی سیاحت کے لیے دنیا کے بہترین شہروں میں سے ایک بن گیا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کا شہر دبئی دنیا کے 100 بہترین سیاحتی شہروں میں سے ایک بن گیا، سیاحت کے حوالے دبئی دوسری پوزیشن پر آگیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برطانیہ کے یورو مانیٹر انٹرنیشنل نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ دبئی دنیا کے 100 بہترین سیاحتی شہروں میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔

    یورو مانیٹر کا کہنا ہے کہ سنہ 2020 اور 2021 کے دوران دبئی نے سیاحت کے شعبے میں دنیا بھرمیں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دبئی حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لیے زبردست انتظامات کیے اور دبئی کو دنیا بھر کے کامیاب ترین شہروں میں نمایاں کردیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ دبئی نے 2021 کے دوران دنیا کے 10 بہترین شہروں میں شمولیت کا اعزاز بھی حاصل کر لیا، یہ ترقی پذیر ریاستوں میں واحد شہر ہے جس نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے جہاں صحت و سلامتی کا معیار اعلیٰ ترین ہے۔

    دبئی نے معاشی اور تجارتی کارکردگی کے حوالے سے پوری دنیا میں آٹھویں، ورکرز اور آپریشنل اسٹینڈرڈز کے حوالے سے دوسری اور آبادیاتی حوالے سے چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے۔

    دبئی شہر نے یہ اعزازات مختلف حوالوں سے حاصل کیے، ایک بڑا سبب یہ بھی ہے کہ دبئی حکومت نے پرائیوٹ سیکٹر کو معاشی مسائل سے تحفظ فراہم کیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ دبئی نے کرونا وبا سے نمٹنے میں بہترین کردار ادا کیا، اس کی بدولت ریٹیل اور غذائی اشیا فراہم کرنے والے ادارے تیزی سے بحال ہوگئے۔

  • سعودی حکومت کا بڑا اقدام : چار لاکھ ویزے جاری

    سعودی حکومت کا بڑا اقدام : چار لاکھ ویزے جاری

    ریاض : عالمی تنظیم سیاحت کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں سعودی عرب کی نمائندگی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کی ہے، جہاں ان کا کہنا تھا کہ مملکت نے گذشتہ مہینوں کے دوران چار لاکھ آن لائن سیاحتی ویزے جاری کیے ہیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی وزیر سیاحت نے کہا ہے کہ سعودی عرب سیاحت کے شعبے کے تحفظ کے لیے دنیا بھر کے سیاحتی اداروں کے ساتھ تعاون کی پالیسی پر گامزن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نیا وائرس اومیکرون اور اس پر عالمی ردِعمل اس بات کا ٹھوس ثبوت ہے کہ عالمی برادری کو اس آفت سے نمٹنے کے لیے زیادہ مؤثر انداز میں مل کر کام کرنا ہوگا۔

    احمد الخطیب نے کہا کہ سعودی عرب عالمی سیاحت کے میدان میں نیا کھلاڑی ہونے کے باوجود اس حوالے سے اپنا مقام تیزی سے بہتر بنانے میں کامیاب ہوا ہے۔

    معاون وزیر سیاحت شہزادی ہیفا بنت محمد نے کہا کہ مملکت سیاحت کے شعبے میں بڑے خواب دیکھ رہی ہے۔ ملکی معیشت میں اس کا کردار اہم ہوگا۔ ہمارا ہدف ہے کہ 2030 تک 10 کروڑ تک سیاح آئیں۔

    عالمی تنظیم سیاحت کی جنرل اسمبلی کا اجلاس اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں ہورہا ہے جس میں 100 سے زیادہ ممالک کے نمائندے شریک ہیں، اجلاس 3 دسمبر تک جاری رہے گا۔

    عالمی تنظیم سیاحت کی جنرل اسمبلی کا کورونا وبا کے بعد پہلا اجلاس ہے جس میں دنیا بھر کے نمائندے شرکت کررہے ہیں، وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں سیاحت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔

    کورونا سے قبل سیاحت کا شعبہ دنیا بھر میں 33 کروڑ افراد کو روزگار فراہم کیے ہوئے تھا۔ بین الاقوامی مجموعی قومی پیداوار میں اس کا حصہ نو ٹریلین ڈالر تک پہنچا ہوا تھا۔

    وبا کی وجہ سے چھ کروڑ 20 لاکھ افراد روزگار سے محروم ہو گئے، مجموعی عالمی پیداوار میں سیاحت کا حصہ 50 فیصد تک کم ہوا ہے۔

  • پاکستان کے وہ 5 خوبصورت مقامات جہاں زندگی میں ایک بار ضرور جانا چاہیئے

    پاکستان کے وہ 5 خوبصورت مقامات جہاں زندگی میں ایک بار ضرور جانا چاہیئے

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج سیاحت کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے سفری پابندیوں کے باعث سال 2020 اور 2021 کے دوران پاکستان کی مقامی سیاحت میں بے حد اضافہ ہوا۔

    سیاحت کا عالمی دن ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کونسل کی سفارشات پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کے بعد سے 1970 سے ہر سال 27 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔

    اس دن کو منانے کا مقصد سیاحت کے فروغ، نئے سیاحتی مقامات کی تلاش، آثار قدیمہ کو محفوظ بنانے، سیاحوں کے لیے زیادہ سے زیادہ اور جدید سہولیات پیدا کرنے، سیاحوں کے تحفظ ، نئے سیاحتی مقامات تک آسان رسائی سمیت دیگر متعلقہ امور کو فروغ دینا ہے۔

    پاکستان کا شمار اپنے جغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے دنیا کے ان خوش قسمت ممالک میں ہوتا ہے جہاں ایک جانب بلند و بالا پہاڑ ہیں تو دوسری جانب وسیع وعریض زرخیز میدان بھی موجود ہیں۔

    دنیا کے بیشتر ممالک میں ایک بھی دریا نہیں بہتا جبکہ پاکستان کی سرزمین پر 17 بڑے دریا بہتے ہیں، یہاں سبزہ زار بھی ہیں اور ریگ زار بھی۔

    پاکستان میں مقبول ترین سیاحتی مقامات سوات، ہنزہ، ناران، کاغان اور مری وغیرہ سمجھے جاتے ہیں۔ تاہم آج ہم آپ کو ان مقامات کے علاوہ 5 نہایت خوبصورت مقامات کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جہاں آپ کو زندگی میں کم از کم ایک بار ضرور سفر کرنا چاہیئے۔

    چندا ویلی

    چندا ویلی اسکردو سے قریب ایک وادی ہے جہاں قدرت نے حسن کے تمام جلوے بکھیر رکھے ہیں۔ سطح سمندر سے 10 ہزار فٹ بلند یہ ہری بھری وادی ایک غیر معروف سیاحتی مقام ہے چنانچہ شہروں کی بھیڑ بھاڑ سے دور یہاں زندگی کا حسین ترین وقت گزارا جاسکتا ہے۔

    وادی نلتر

    نلتر گلگت سے 40 کلو میٹر کی مسافت پر واقع ہے، یہ وادی اپنی رنگین جھیلوں کی وجہ سے مشہور ہے۔ خزاں میں جب درختوں سے سنہری پتے جھڑتے ہیں تو یہ وادی جنت کا ٹکڑا معلوم ہونے لگتی ہے۔

    راما میڈو

    گلگت بلتستان کے ضلع استور سے 11 کلو میٹر دور واقع راما میڈو شمال کے خوبصورت ترین دیہات میں سے ایک قرار دیا جاسکتا ہے۔

    کھلا سرسبز میدان، میدان میں نالیوں کی صورت میں بہتا ٹھنڈا برف دودھیا پانی، پانی کے کناروں پر میدان میں جا بجا گائیں اور بھیڑیں، ارد گرد چیڑ کے لمبے سرسبز درخت، عقب میں پہاڑی ڈھلوان پر چیڑ کا جنگل، اس کے اوپر چونگڑا کی برف پوش چوٹی، چوٹی کے ساتھ نانگا پربت کی جنوبی دیوار اور نیلے آسمان پر پہاڑ کی چوٹیوں کو چھوتے بادلوں کا سحر انگیز منظر راما میڈو میں ہی مل سکتا ہے۔

    وادی نیلم

    وادی نیلم آزاد کشمیر کی ایک خوبصورت وادی ہے۔ یہ مظفر آباد کے شمال اور شمال مشرق میں دریائے نیلم کے دونوں اطراف واقع ہے۔ یہ وادی 144 کلو میٹر طویل ہے جو بلند و بالا پہاڑوں، گھنے جنگلات اور خوبصورت باغات پر مشتمل ہے۔

    ٹیکسلا

    صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں واقع ٹیکسلا کے کھنڈرات تاریخی اہمیت رکھتے ہیں، یہ مقام گندھارا دور میں بدھ مت اور ہندو مت کا مرکز سمجھا جاتا تھا۔

    یہاں گوتھک طرز کا ایک عجائب گھر ہے، جس میں پانچویں صدی قبل مسیح کے گندھارا آرٹ کے نمونے، 10 ہزار سکے، زیورات، ظروف اور دیگر نوادرات رکھے ہیں۔

  • سیاحت کے فروغ کیلئے پی آئی اے کی نئی پروازوں کا آغاز

    سیاحت کے فروغ کیلئے پی آئی اے کی نئی پروازوں کا آغاز

    کراچی : قومی ایئر لائن پی آئی اے نے سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کرتے ہوئے سیالکوٹ سے اسکردو کے لئے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے سیالکوٹ سے اسکردو کیلئے3جولائی سے پروازیں آپریٹ کرے گی، پی آئی اے کراچی، اسلام آباد، لاہور سے اسکردو کے لئے پروازیں آپریٹ کررہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے اسکردو سے چیری لانے پر بھی 50فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے، کراچی، لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ کیلئے چیری لانے پر رعایت ہوگی۔

    پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے چیری لانے پر300روپے کلو کے بجائے 150روپے کلو وصول کرے گی، مسافر اپنے عزیز و اقارب کو تحفے کے طور پر چیری لاسکیں گے۔ پی آئی اے کارگو کےذریعے بھی چیری لانے پر رعایت دی جائے گی۔