Tag: tourism

  • سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا اہم فیصلہ

    سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا اہم فیصلہ

    ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت میں سیاحت کی ترقی کیلئے نئے قانون کی منظوری دی ہے، جس کے تحت فروغ سیاحت فنڈ مالیاتی اور انتظامی اعتبار سے خودمختار ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شاہی فرمان جاری کرکے فروغ سیاحت فنڈ کے قانون کی منظوری دی ہے،عمل درآمد سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کے 90 دن بعد ہوگا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق فروغ سیاحت فنڈ مالیاتی اور انتظامی اعتبار سے خودمختار ہوگا۔ انتظامی طور پر فروغ قومی فنڈ سے مربوط ہوگا، اس کا مقصد سعودی عرب میں سیاحتی ترقی ہوگی۔

    فروغ سیاحت فنڈ قانون کے قواعد و ضوابط کے مطابق فنڈ کا سرمایہ 15 ارب ریال مقرر کیا گیا ہے۔فنڈ کے پاس اہداف و مقاصد کی تکمیل کے لیے جملہ اختیارات ہوں گے۔

    سرمایہ کاری، اثاثوں کی خرید و فروخت، سیاحتی مقامات کو براہ راست یا نجی و سرکاری اداروں و کمپنیوں کے توسط سے بالواسطہ ترقی دینے سمیت سارے اختیارات فروغ سیاحت فنڈ کو حاصل ہوں گے۔

    فنڈ کو سیاحت کے شعبے میں کام کرنے والے اداروں کو فنڈ فراہم کرنے یا سیاحتی ٹیکنالوجی کو جدید خطوط پر استوار کرنے یا امدادی خدمات مہیا کرنے کے لیے فنڈنگ کے اختیارات بھی دیے گئے ہیں۔مختلف سیاحتی سرگرمیوں میں معاون بنیادی ڈھانچے کی تیاری میں بھی حصہ لے سکتا ہے۔

    علاوہ ازیں سیاحتی اداروں کی فنڈنگ کے لیے ایسے کسی بھی ادارے کے ساتھ معاہدہ کرسکتا ہے جو فنڈ فراہم کرتا ہو۔ولی عہد محمد بن سلمان نے گزشتہ ہفتے فروغ سیاحت فنڈ کی مجلس انتظٓامیہ کی منظوری جاری کی تھی۔

    مجلس انتظامیہ کے سربراہ احمد الخطیب ہیں جبکہ شہزادی ھیفا بنت محمد احسان بافقیہ، سٹیفن گروف، محمد العمران اور محمد الحوقیل کو رکن بنایا گیا ہے۔

  • پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاحت میں تعاون بڑھانے پر غور

    پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاحت میں تعاون بڑھانے پر غور

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور سعودی وزیر سیاحت احمد بن عقیل الخطیب کے درمیان پاکستان اور سعودی عرب میں سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیاحت کے ادارے نیشنل ٹورازم بورڈ کے چیئرمین سید زلفی بخاری اور سعودی وزیر سیاحت احمد بن عقیل الخطیب نے ایک ویڈیو کال کے دوران سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے لیے حکمت عملی ترتیب دینے پر گفتگو کی اور سیاحت کی معیشت کی بہتری میں اہمیت پر زور دیا۔

    سعودی وزیر نے زلفی بخاری کو حال ہی میں تشکیل دیے گئے سعودی ٹورازم ڈیویلپمنٹ فنڈ کے بارے میں بتایا۔

    احمد بن عقیل الخطیب نے سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لیے ریگولیشن کا جائزہ لینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور سعودی عرب میں پاکستانی سیاحت کو فروغ دینے کی پیشکش بھی کی۔

    سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ثقافتی ورثے کو تحفظ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    زلفی بخاری نے سعودی وزیر سیاحت کو پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی، انہوں نے سیاحت کو چھوٹے اور بڑے پیمانے پر ترقی دینے پر سعودی وزیر کی تعریف کی۔

    زلفی بخاری نے سعودی وزیر کو پاکستانی سیاحت کو لانچ کرنے کے حوالے سے اپنے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ٹورازم پراجیکٹس پر بات کرنے کے لیے اپنے سعودی عرب کے دورے کے بارے میں بھی بتایا جو وبا کی وجہ سے مؤخر کر دیا گیا تھا۔

  • سعودی عرب میں سیاحت بحال کرنے کا اعلان

    سعودی عرب میں سیاحت بحال کرنے کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں 21 جون سے سیاحت بحال کرنے کا اعلان کردیا گیا، دیگر عرب ممالک بھی جلد سیاحتی پروگرام شروع کردیں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں اتوار 21 جون سے سیاحت کا شعبہ مکمل طور پر بحال ہو جائے گا۔

    عرب وزرائے سیاحت کے ہنگامی ویڈیو اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاحت ایسا شعبہ ہے جس کے کارکنان کی تعداد کل ملازمتوں کا 12 فیصد ہے اور عرب ممالک کی 13 فیصد قومی مجموعی پیداوار سیاحت سے حاصل ہوتی ہے۔

    الخطیب نے توجہ دلائی کہ سیاحت کے شعبے میں 80 ملین سے زائد ملازم ہیں، ان سب کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے اپنی ملازمتیں خطرے میں نظر آرہی ہیں۔

    الخطیب نے بتایا کہ سعوی عرب ماہ رواں کے آخر میں سیاحتی سرگرمیاں بحال کر لے گا، دیگر عرب ممالک بھی سیاحتی پروگرام شروع کردیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کئی ممالک نے سیاحتی پروگراموں کا آغاز کردیا ہے، سعودی عرب 21 جون سے سیاحتی شعبہ 24 گھنٹے کے لیے کھول دے گا البتہ مکہ اس سے مستثنٰی ہوگا۔

  • دبئی کی سیر کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری

    دبئی کی سیر کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری

    دبئی: دبئی کے حکام نے 24 اپریل سے دبئی میں آمد و رفت میں نرمی کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے بعد سیاحوں کی آمد و رفت بھی جولائی سے متوقع ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دبئی کے محکمہ سیاحت کے ڈائریکٹر جنرل ہلال سعید المری نے کہا ہے کہ آئندہ جولائی میں سیاحوں کے لیے دبئی کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔

    المری نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ غالب گمان یہ ہے کہ سیاحوں کے لیے دبئی کے دروازے ترجیحی طور پر کھولے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر صورتحال زیادہ خراب رہی تو سیاحت کی بحالی جولائی کے بجائے ستمبر تک بھی ملتوی کی جاسکتی ہے، حتمی فیصلہ عالمی حالات کو دیکھ کر کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ دبئی میں قدرتی آفات و بحران کے نگراں ہائی کمیشن نے 24 اپریل سے دبئی میں آمد و رفت میں نرمی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    دبئی محکمہ سیاحت نے 2019 میں 5.1 فیصد شرح نمو کا ریکارڈ بنایا تھا، گزشتہ برس 16.73 ملین عالمی سیاح دبئی آئے۔

    المری نے مزید کہا کہ متعدد ممالک میں ابھی تک مکمل لاک ڈاؤن چل رہا ہے اور معاشی و سماجی سرگرمیوں کی بحالی کی تاریخوں پر بحث مباحثہ چل رہا ہے۔

    یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں اب تک کرونا وائرس کے 11 ہزار 929 کیسز سامنے آچکے ہیں، جبکہ 98 اموات ہوچکی ہیں۔

  • کرونا وائرس: عرب ممالک کی سیاحت میں کمی متوقع

    کرونا وائرس: عرب ممالک کی سیاحت میں کمی متوقع

    ریاض: عرب مرکز برائے سیاحتی ابلاغ کا کہنا ہے کہ رواں برس کرونا وائرس کی وجہ سے عرب ممالک کی سیاحت اور سیاحوں کی تعداد میں نصف کمی متوقع ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق عرب مرکز برائے سیاحتی ابلاغ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سنہ 2020 کے دوران عرب ممالک آنے والے سیاحوں کی تعداد میں 50 فیصد تک کمی ہوسکتی ہے۔

    سنہ 2019 کے مقابلے میں اب تک عرب سیاحوں کی تعداد میں 20 تا 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    عرب مرکز برائے سیاحتی ابلاغ نے عالمی سطح پر سیاحت سے ہونے والی آمدنی کے حوالے سے کہا ہے کہ عالمی سیاحت میں بھی رواں برس 20 تا 30 فیصد کمی ہوگی، اس شعبے میں 2019 کے مقابلے میں 300 تا 850 ارب ڈالر کا خسارہ متوقع ہے۔

    ماہرین کے مطابق کرونا بحران کی وجہ سے اگلے 5 اور 7 برس تک کی شرح نمو متاثر ہوسکتی ہے، یہ دوسری عالمی جنگ کے بعد سے عالمی سیاحت کو پیش آنے والا بدترین بحران ہے۔

    سنہ 2001 کے دوران 11 ستمبر کے طیارہ حملوں کے نتیجے میں عالمی سیاحت کو 3.1 فیصد کا نقصان ہوا تھا، 2009 کے دوران عالمی اقتصادی بحران سے 4 فیصد اور 2003 میں سارس وائرس پھیلنے پر 0.4 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

  • سعودی حکومت کا بڑا فیصلہ، مفت ویزا

    سعودی حکومت کا بڑا فیصلہ، مفت ویزا

    ریاض : سعودی حکومت نے سیاحت کے فروغ  اور تارکین وطن کی سہولت کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے مفت ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا ہے، اس سہولت سے کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں مقیم تارکین وطن مستفید ہوسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں مقیم تارکین وطن کے لیے 3 روزہ مفت ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا تھا, تارکین وطن چھٹیوں سے فائدہ اٹھا کر سعودی عرب سیاحت کے لیے آسکتے ہیں۔

    سعودی حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ 3 روزہ مفت ویزے جاری کریں۔ اس سلسلے میں سیاحت کے لیے سعودی عرب آنے والوں کو تمام سہولیات مہیا کریں۔

    سعودی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ ریاض سیزن کے پروگراموں کے اختتامی مرحلے کو کامیاب بنانے اور مدل بیسٹ ڈیجیٹل میوزک میلے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے بھی کیا گیا۔ ان پروگرامز میں سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں سعودی عرب پہنچنے کی سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں سعودی عرب نے تیل پر انحصار کم کرنے اور مزید معاشی استحکام حاصل کرنے کے لیے اپنے دروازے بین الاقوامی سیاحوں کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • سیاحت کے فروغ سے نوکریوں کے بہت سے مواقع پیدا ہوں گے، وزیراعظم

    سیاحت کے فروغ سے نوکریوں کے بہت سے مواقع پیدا ہوں گے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شعبہ سیاحت کے فروغ سے نوکریوں کے بہت سے مواقع پیدا ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں اجلاس ہوا جس میں معاونین خصوصی ذوالفقار بخاری، فردوس عاشق اعوان اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا، وزیراعظم کو ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

    وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ دس سالہ نیشنل ٹورازم اسٹرٹیجی تشکیل دی گئی ہے، نیشنل ٹور ازم ایکشن پلان 2020-25 بھی مرتب کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: سیاحت کے فروغ کیلئے پاکستان میں ٹورازم زون بنا رہے ہیں، عاطف خان

    عمران خان کو بریفنگ دی گئی کہ سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف ایونٹس کا نیشنل کیلنڈر بھی ترتیب دیا گیا ہے، پی ٹی ڈی سی میں اصلاحات کا عمل شروع کیا گیا ہے اور پی ٹی ڈی سی کی نئی ویب سائٹ قائم کی گئی ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہے، سیاحت کے فروغ کے سے دنیا بھر سے لوگ پاکستان کا رخ کریں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاحت سے معاشی سرگرمیاں اورغیرملکی زرمبادلہ میں اضافہ ہوتا ہے، سیاحوں کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی حسن سے مالا مال ملک ہے، اگر یہاں سیاحت کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تو صرف سیاحت ہماری معیشت میں ایک بڑے اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔

  • سعودی عرب میں سیاحت کا فروغ، صرف دس دن میں 24 ہزار سیاحوں کی آمد

    سعودی عرب میں سیاحت کا فروغ، صرف دس دن میں 24 ہزار سیاحوں کی آمد

    ریاض: سعودی حکام کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، سیاحتی ویزا جاری کرنے کے بعد صرف دس دن میں 24 ہزار سیاح سعودی عرب پہنچے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں تیل کے علاوہ دیگر شعبوں سے منافع حاصل کرنے کے لیے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان تاریخی فیصلے کررہے ہیں، غیرملکی سیاحوں کو ویزا دینا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 27 ستمبر کو سعودی حکام نے سیاحتی ویزا پالیسی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد چوبیس ہزار غیر ملکی سیاحوں نے سعودی عرب کی سرزمین پر قدم رکھا۔

    اس سے قبل سعودی حکام صرف حج اور عمرہ زائرین، غیر ملکی سفارتی معاملات کے لیے افسران کو ویزا فراہم کرتے تھے، لیکن اب سیاحت کے لیے بھی سعودی عرب کے دروازے کھل گئے۔

    سعودی حکومت نے وژن 2030 کے تحت غیرشادی شدہ جوڑوں کو ہوٹل کا کمرہ بک کرنے کی بھی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد غیر ملکی سیاح اپنی مرضی سے رہائش بھی اختیار کرسکیں گے۔

    خیال رہے کہ سیاحوں کو ویزا کے حصول سے قبل دستخطی عہد نامے پر عمل کرنا لازمی ہوگا، ان میں سے سب سے اہم بات کی توثیق کرنا یہ ہے کہ درخواست میں دستاویزی معلومات درست ہیں، تمام سعودی قوانین و ضوابط کی پابندی کریں اور اپنے لوگوں کےاسلامی رسم و رواج کا احترام کریں۔

    سعودی عرب: خواتین کو ہوٹلوں میں تنہا رکنے کی اجازت مل گئی

    کسی بھی طرح کی خلاف ورزی کی صورت میں حکام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ زائرین کو سعودیہ میں داخل ہونے سے روک کر وہاں سے آنے والے کو واپس اس کے ملک بھیج دے۔

    توقع ہے کہ2020 کی پہلی سہ ماہی میں ویزا سے فائدہ اٹھانے والے ممالک کی تعداد میں اضافہ ہوگا جبکہ موجودہ ممالک میں سے کچھ امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، نیوزی لینڈ، جنوبی کوریا، اٹلی ، آئس لینڈ، فرانس، ناروے، اسپین، یونان، نیدرلینڈز، رومانیہ، کروشیا اور سویڈن، ڈنمارک، ایسٹونیا، فن لینڈ، سنگاپور، ملائشیا، قازقستان، روس، آسٹریا، بیلجیم، پولینڈ، چین، ہانگ کانگ، جنوبی کوریا اور بلغاریہ مستفید ہوں۔

  • پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے وزیراعظم کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہے: عاطف خان

    پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے وزیراعظم کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہے: عاطف خان

    پشاور: سینئر وزیر خیبرپختونخوا محمد عاطف خان نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کو ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے اہم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے موقع پر ملکی ترقی کے لیے سی پیک سمیت دیگر منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیراعظم کے اس دورے میں دوطرفہ تعلقات سمیت پاکستان اور چین کے درمیان دیگر شعبوں میں مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

    صوبائی وزیر عاطف خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے وزیراعظم کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہے، نادرن ایریاز کی سیاحت میں چین گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

    خیال رہے کہ مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی ہے، چینی قیادت کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر تاریخ کا ادھورا چھوڑا ہوا تنازع ہے، اسے یو این چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

    مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی

    وزیر اعظم کا دورۂ چین اختتام کو پہنچ گیا ہے، وزیر اعظم واپس ملک کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے، بھارت فوری کرفیو اٹھائے۔

    چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین کی حالات پر گہری نظر ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال مزید پیچیدہ بنانے والے یک طرفہ اقدامات قبول نہیں۔

  • خیبرپختونخوا: قبائلی اضلاع میں کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات، 18 ارب مختص

    خیبرپختونخوا: قبائلی اضلاع میں کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات، 18 ارب مختص

    پشاور: خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت عاطف خان نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں سیاحت اور کھیل کے فروغ کے لئے حکومت نے خطیر رقم مختص کی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبائلی اضلاع میں سیاحت اور کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اور ڈی جی سپورٹس بھی موجود تھے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں سیاحت اور کھیل کے فروغ کے لئے حکومت نے خطیر رقم مختص کی ہے، ان اضلاع میں سیاحت کے فروغ پر ساڑھے نو ارب جبکہ کھیلوں کے فروغ پر ساڑھے 8 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں کھیلوں اور سیاحت کے ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی جا چکی ہے جس پر جلد کام شروع کیا جائے گا، قبائلی اضلاع اب خیبر پختوخوا کا حصہ ہے اور یہ علاقے کافی عرصے سے پسماندہ رہ چکے ہیں لیکن اب انکی پسماندگی دور کی جائے گی۔

    خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ پر 20 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے: عاطف خان

    صوبائی وزیر نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام کو صوبے کے دیگر صوبوں کے برابر لانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی جارہی ہے۔ ان اضلاع میں ثقافت کی ترویج اور نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے بھی مختلف سکیموں کی جلد منظوری دی جائے گا۔

    عاطف خان کا مزید کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے 3 بلین روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی۔