Tag: 01 Killed

  • کوئٹہ میں زور دار دھماکا : حملہ آور ہلاک

    کوئٹہ میں زور دار دھماکا : حملہ آور ہلاک

    کوئٹہ : بلوچستان ایک بار پھر دھماکے سے گونج اٹھا، کوئٹہ میں سپنی روڈ اورسبزل روڈ کے سنگم پر دھماکے کے  نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جو بارودی مواد لے کر جارہا تھا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے اسپنی روڈ کےقریب ایک کمپاؤنڈ میں زور دار دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

    پولیس کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، اسپنی روڈ کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اسپنی روڈ پر ہونے والے دھماکے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ دھماکے میں خود حملہ آور ہلاک ہوا ہے۔

    پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور تحقیقاتی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں، مبینہ دہشت گرد تخریب کاری کی غرض سے دھماکا خیز مواد لے کر جارہا تھا کہ مواد راستے میں پھٹ گیا۔

  • بکری کھیت میں کیوں آئی؟ معمولی سی بات نے پورا گھر برباد کردیا

    بکری کھیت میں کیوں آئی؟ معمولی سی بات نے پورا گھر برباد کردیا

    نئی دہلی : بھارت میں بکری کے معمولی سے تنازعے نے ایک شخص کی جان لے لی، ڈنڈے اور چاقو لگنے سے متعدد افراد زخمی ہوکر اسپتال پہنچ گئے، پولیس نے چار افراد کو گرفتار کرلیا۔

    بھارتی ریاست بہار کے ضلع کیمور میں ایک بکری کا تنازعہ موت کی وجہ بن گیا، دو گروپوں میں ہونے والی ہاتھا پائی اس قدر بڑھ گئی کہ تشدد سے موقع پر ہی ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    یہ واقعہ تھانہ کی حدود سونہن کے گاؤں سکھوا میں پیش آیا، پولیس افسر نے ایس پی کے حکم پر سخت کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ تمام گرفتار ملزمان کا تعلق ایک ہی گھر سے ہے، گرفتار ہونے والوں میں لکشمن رام ، امیت رام ، سنت رام اور سنجے رام شامل ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق ایک فریق کی جانب سے گاٶں کے کھیت میں بکری چرائی جا رہی تھی تب ہی دوسرے فریق کے لوگ لاٹھی ڈنڈے لے کر موقع پر پہنچے اور بکری چرانے پر اعتراض کیا، جس پر دونوں جانب سے تلخ کلامی ہوئی اور دونوں گروپوں میں تنازعہ بڑھ گیا اور پرتشدد تصادم ہوگیا۔

    مذکورہ واقعہ میں ایک شخص نے موقع پر ہی دم توڑ دیاجبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوگئے، تمام زخمیوں کو مقامی لوگوں کی مدد سے بھبھوا صدر اسپتال پہنچایا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

  • کراچی : عمارت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق، 6 زخمی

    کراچی : عمارت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق، 6 زخمی

    کراچی : نیو کراچی میں دعاچوک کے قریب دو منزلہ گھر میں گیس بھرنے سے دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق اور6زخمی ہوگئے، 4بچوں سمیت6افراد کو ریسکیو کیا گیا۔

    گیس کی قلت حادثے کا سبب بن گئی۔ نیوکراچی میں گھر میں گیس نہ ہونے کے بعد چولہا رات بھر کھلا رہ گیا، صبح گیس بھرنے سے دھماکہ ہوگیا۔عمارت تباہ ،دس سالہ بچہ جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔

    معمولی غفلت جان لیوا ہوگئی، نیوکراچی دعاچوک کےقریب گیس بھرنے سے ہولناک دھماکہ ہوا جس کے سبب عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق علاقے میں گیس کی لوڈ شیڈنگ رہتی ہے، گیس بند ہونے کے دوران رات گیس کا والو کھلاچھوڑا گیا۔ گیس بحالی کے بعد والو سے گیس خارج ہوکرگھرمیں پھیلی۔ صبح گھر کے سرپرست نے سگریٹ جلانے کی کوشش کی تو دھماکا ہوگیا۔

    دھماکے کے بعد گھرمیں آگ بھڑک اٹھی، دھماکے کے بعد ریسکیو اورفائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچیں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا، چار بچوں سمیت چھ افراد کوعباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اسپتال ذرائع کےمطابق ایک بچے کی حالت تشویشناک ہے، علاقہ مکینوں نے گیس کی قلت کےخلاف احتجاج کیا ، پولیس نے گیس کمپنی کے خلاف احتجاج کرنے پر ایک شخص حراست میں لے لیا ہے۔

    واقعہ کے اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں کیلئے پہنچ گئیں، سلنڈردھماکے کے باعث گھرکی عمارت کے ایک حصہ کونقصان پہنچا ہے۔ سلنڈر دھماکے کے بعد عمارت میں آگ لگ گئی جس پر قابو پانے کیلئے فائربریگیڈ کو طلب کیا گیا۔

    زخمی افراد کو طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم امدادی سرگرمیاں ابھی جاری ہیں۔ زخمیوں میں ایک خاتون، ایک مرد اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ متاثرہ افراد کے چہرے اور جسم کے دیگر حصوں پر زخم آئے ہیں اور تمام افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ حادثہ2منزلہ عمارت میں پیش آیا ہے، 4بچوں سمیت6افراد کو ریسکیو کیا گیا، کمرے میں گیس بھرنےکے فوراً بعد گھر میں آگ لگ گئی۔

    ریسکیو حکام نے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ دھماکہ گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا تاہم مزید تفصیل امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد معلوم ہو سکے گی۔ عمارت میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اورملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔

  • تین منزلہ عمارت زمین بوس، ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق

    تین منزلہ عمارت زمین بوس، ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق

    لاہور : تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی، ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا، امدادی ٹیموں نے زمین بوس ہونے والے مکان سے متصل عمارتوں کو کلئیر قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اندرون شہر سید میٹھا بازار میں ایک اور تین منزلہ مخدوش عمارت زمین بوس ہوگئی۔ ملبے تلے دب کر ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا، اطلاع ملنے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور آپریشن شروع کیا۔

    تین گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد ملبے تلے دبے شخص کی لاش نکال لی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی صادق تبریز زمین بوس ہونے والے مکان کے رہائشیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اولڈ سٹی اتھارٹی کی غفلت کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ اولڈ سٹی اتھارٹی نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں متاثرہ خاندان اگر کسی کے خلاف کارروائی کروانا چاہے گا تو اس کے لئے پولیس تیار ہے۔

    مزید پڑھیں : مظفر گڑھ، تین منزلہ عمارت گر گئی، 8 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ صوبہ پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں تین منزلہ عمارت گر گئی تھی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ واقعے میں سات افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

  • کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، تین افراد جاں بحق

    کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، تین افراد جاں بحق

    ٍکراچی : حیدرآباد کے قریب کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، حادثے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد ریلوے سٹیشن کے قریب ایک ہی ٹریک پر چلنے والی دو ریل گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، ٹرینوں کو حادثہ حیدرآباد کے مکی شاہ تھانے کی حدود خاصخیلی گوٹھ میں پیش آیا۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔

    جاں بحق ہونے والوں میں جناح ایکسپریس کا ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور اور گارڈ بھی شامل ہیں، حادثہ اتنا شدید تھا ٹرینوں کے ٹکرانے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

    حادثے کے بعد ٹرین کے انجن میں آگ لگ گئی جناح ایکسپریس کا انجن مکمل تباہ ہوگیا ،جبکہ ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، حادثے کا شکار مال گاڑی کی دو بوگیاں مکمل اور ایک جزوی طور پر تباہ ہوئی۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید نے حیدرآباد ٹرین حادثے کا نوٹس لے کر متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے ہدایت کی کہ چیف ایگزیکٹو ریلوے فوری طور پر جائے وقوعہ پر جا کر صورتحال کا جائزہ لیں اور زخمیوں کو مکمل طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے صحافیوں کو بتایا کہ کسی مسافر کےحادثے میں جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ہے، تاہم  ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور اور گارڈ کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے،ایک گھنٹے میں ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقات سے میڈیا کو آگاہ کریں گے۔

    پولیس اور رینجرز نےجائے حادثہ کی سیکیورٹی سنبھال لی، میونسپل کمشنر اور میئرحیدرآباد بھی جائےحادثہ پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے، ٹریک بحالی میں بارہ گھنٹے لگیں گے۔

    یاد رہے کہ وزیرریلوے شیخ رشید نے کچھ عرصہ قبل ہی جناح ایکسپریس کا افتتاح کیاتھا، افتتاح کے بعد سےجناح ایکسپریس کو اب تک چار حادثات پیش آچکے ہیں۔

    منگل کو بھی ہڑپہ میں جناح ایکسپریس کی ڈائنگ کار میں آگ لگی تھی، ٹرین کی کراچی بن قاسم اور پڈعیدن میں بھی دو بار بوگیاں جلیں، اس حوالے سے ریلوےذرائع کا کہنا ہے کہ20گریڈ کی سی او پی ایس، سی سی ایم پوسٹ پر19گریڈ کےافسران تعینات ہیں، دونوں عہدوں کے افسران ریلوے آپریشن کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ناتجربہ کارافسران کی وجہ سےریلوے آپریشن کئی عرصے بری طرح متاثر ہے، چند ماہ میں متعدد گاڑیوں کے پٹری سے اترنے کےواقعات رونما ہوچکے ہیں۔