راولپنڈی/ اسلام آباد/ مردان/ ہری پور : ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، چھتیں گرنے سے ماں بیٹا سمیت 6جاں بحق اور 50 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مردان شہر اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بارش کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مردان میں جلالہ عیسیٰ خوڑ کے قریب گھر کی چھت گرگئی، جس سے ایک شخص جاں بحق جبکہ چھت گرنے سے باپ بیٹا زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈی آئی خان:
ڈی آئی خان کے علاقے پہاڑ پور کے گاؤں میں بارش سے گھر کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں ماں بیٹاجاں بحق ہوگئے، گھروں کی دیواریں اور چھتیں گرنے سے30سے زائد افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اس کے علاوہ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ وانڈا ڈھاوا اور یارک میں گھروں کی چھتیں گرنے اطلاعات ہیں، ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقے میں روانہ کردی گئیں۔
ہری پور :
ہری پور کے علاقے موہڑہ کلانواں میں موسلا دھار بارش سے درخت اکھڑ کر جی ٹی روڈ پر گرگئے، جس کے نتیجے میں جی ٹی روڈ ٹریفک کیلئے عارضی طور پر بند کردیا گیا۔
باغ آزاد کشمیر:
باغ آزاد کشمیر کے شہر اور گرد و نواح میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، مظفر آباد کے علاقے وادی نیلم اور وادی جہلم میں بھی موسلادھار بارش کے باعث ڈنہ نالے میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔
باغ، آزاد کشمیر میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 4 مکانات گرگئے، ایکسین شاہرات باغ ڈویژن کا کہنا ہے کہ مکانات کے گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم اپر سری آویڑہ میں مسجد کو نقصان پہنچا۔ جھیڑ غنی آباد سے ملوٹ کو ملانے والے سڑک بند ہوگئی جس سے ٹریفک کی آمد و رفت بھی معطل ہے۔
راولپنڈی،اسلام آباد :
راولپنڈی اسلام آباد اور نواحی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے شہر جل تھل ہوگئے، دونوں شہروں میں اب تک مجموعی طور پر34ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ راولپنڈی کے علاقے نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 9 جبکہ گوال منڈی میں 5 فٹ تک بلند ہے۔
علاوہ ازیں سید پور48، گولڑہ43، بوکڑہ17، پی ایم ڈی میں 32ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، شمس آباد19، کچہری14، پیرودہائی7، گوالمنڈی8، نیوکٹاریاں میں16ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔