Tag: 03 people killed

  • جرمنی : مسلح ملزم نے چاقو کے وار سے 3 افراد کو قتل کردیا

    جرمنی : مسلح ملزم نے چاقو کے وار سے 3 افراد کو قتل کردیا

    برلن : چاقو بردار شخص نے حملے کرکے 3 افراد کو قتل اور 4 کو زخمی کردیا، ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی میں مسلح شخص نے چاقو کے وار کرکے 3 افراد کو قتل اور 4 کو زخمی کردیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم ملزم کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔

    جرمن میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چاقو کے حملے میں سولنگن شہر کے قیام کی سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والے "فیسٹیول آف ڈائیورسٹی” کے موقع پر کیے گئے، جہاں صنعتی شہر سولنگن کی650 ویں سالگرہ منائی جارہی تھی۔

    چاقو بردار حملہ آور تین افراد کو قتل اور 4 کو زخمی کرنے کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    اس حوالے سے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک اس حملے کے پیچھے واضح مقاصد کا علم نہیں ہوسکا ہے، ہم ان تمام عینی شاہدین اور ان متاثرین سے معلومات حاصل کررہے ہیں تاکہ حملہ آور کو پکڑنے میں مدد مل سکے۔

    صنعتی شہر سولنگن کی تقریب "فیسٹیول آف ڈائیورسٹی” کا آغاز جمعہ کو ہوا تھا اور یہ ہفتے کے آخر تک چلنے والا پروگرام تھا تاہم وقعے کے بعد اسے فوری طور پر منسوخ کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال مارچ میں جرمنی میں ایک مقامی شخص نے گھر میں داخل ہوکر کراچی سے تعلق رکھنے والے 58 سالہ محمد فہیم کو چاقو کے وار سے قتل جبکہ اہلیہ اور ان کی13 سالہ بیٹی کو شدید زخمی کردیا تھا۔

    پولیس اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی اور فائرنگ کرکے حملہ آور کو ہلاک کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ قاتل ذہنی مریض تھا اور کچھ ماہ قبل ہی دماغی علاج کروا کے واپس آیا تھا۔

  • قاتل کا انوکھا اعتراف جرم : پولیس بھی حیران رہ گئی

    قاتل کا انوکھا اعتراف جرم : پولیس بھی حیران رہ گئی

    ماسکو : روس میں ایک شخص نے جھگڑے کے بعد تین افراد کو گولیاں ماردیں وہ چاہتا تو موقع واردارت سے فرار بھی ہوسکتا تھالیکن اس نے پولیس کو ایک نئے انداز سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق روس کے مشرقی علاقے کے جنگل میں ایک شخص نے شراب پی کر جھگڑے کے دوران تین افراد کو قتل کردیا اور جرم کا اعتراف کرنے کے لیے انوکھا طریقہ اپنایا۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق روس میں سنگین جرائم کی تحقیق کرنے والی کمیٹی نے گزشتہ روز بتایا کہ اس شخص اور اس کے ایک جاننے والے نے چین کی سرحد کے قریب واقع علاقے خبرواسک میں ایک فارم میں شراب پینے کے دوران جھگڑا شروع کر دیا تھا۔

    کمیٹی کے بیان میں مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا گیا ہے کہ اس شخص نے اس کے بعد اپنے جاننے والے ایک آدمی اور دو خواتین کو گولی مار دی تھی۔

    فارم کے دور دراز مقام پر واقع ہونے اور وہاں تک ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی کمی کی وجہ سے اس شخص کو اوخوتسک گاؤں  پہنچنے میں ایک ہفتہ لگا جہاں اس نے خود کو پولیس کے حوالے کیا اور بتایا کہ اس نے یہ جرائم کیے ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ شخص جس کی شناخت ابھی نہیں ہوئی، اسے حراست میں لے لیا گیا ہے اور تفتیش کار اس فارم کی جانب روانہ ہو گئے ہیں جو ایکی گھنے جنگل میں گھرا ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ روس میں الکوحل مشروبات کے خلاف مہمات اور حکام کی جانب سے فروخت پر قابو پانے کے لیے جارحانہ اقدامات کے بعد چند برسوں سے شراب نوشی کم ہو رہی ہے لیکن اس پیش رفت کے باوجود شراب پینے کے دوران اس طرح کے واقعات عام ہیں۔

    واضح رہے کہ چار برس قبل 2017 میں ماسکو کے شمال مغربی گاؤں میں ایک شخص نے شراب نوشی کے جھگڑے کے دوران نو افراد کو قتل کردیا تھا۔

  • کراچی : بیٹے نے ماں اور ملازم کو قتل کرکے خود کشی کرلی

    کراچی : بیٹے نے ماں اور ملازم کو قتل کرکے خود کشی کرلی

    کراچی : سپرہائی وے کے علاقے میں بیٹے نے اپنی والدہ اور ملازم کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا، بعد ازاں فائرنگ کرکے خود کشی کرلی، ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔

    سپرہائی وے پر قائم نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں3افراد ہلاک ہوگئے، پولیس نے جائے وقوعہ سے تینوں نعشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیں۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں بیٹے نے ماں اور ملازم کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، ملزم نے فائرنگ کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کرخودکشی کرلی۔

    پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا جس کے باعث واقعہ رونما ہوا۔ جائے وقوعہ سے اسلحہ برآمد کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • بھارت : قتل کی ہولناک واردات، تین افراد کے سرتن سے جدا کردیے

    بھارت : قتل کی ہولناک واردات، تین افراد کے سرتن سے جدا کردیے

    نئی دہلی : بھارت میں جادو ٹونہ کرنے کے الزام میں مشتعل افراد نے تین افراد کا انتہائی بے دردی سے قتل کردیا، پولیس نے میاں بیوی اور بیٹی کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    بھارت کی ریاست جھاڑکھنڈ میں جادوگردی کے شبے میں ماں باپ اور بیٹی کا اغوا کے بعد سر قلم کردیا گیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

    گزشتہ روز رانچی سے 40 کلومیٹر دور واقع قبائلی اکثریتی علاقے خنٹی سے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی سر بریدہ نعشیں برآمد کیں۔ تینوں مقتولین کو جادو ٹونہ کرنے کے الزام میں مبینہ طور پر تین ہفتے قبل اغوا کرکے ہلاک کردیا گیا۔

    ملزمان نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ ماں بیٹی اور اس کے والد کو اس لئے قتل کیا گیا کہ وہ جادو ٹونہ کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق خاندان کا بے دردی سے سر قلم کیا گیا تھا اورہلاک افراد کے سروں کو کسی اور جگہ سے برآمد کیا گیا ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے مقتولین کی شناخت چھپانے کیلئے سروں کو دھڑ سے الگ کردیا تھا ان کے سر ایک تالاب کے قریب الگ مقام سے برآمد ہوئے ہیں جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہلاک افراد کی شناخت48 سالہ بریسا منڈا اس کی بیوی43 سالہ سکرو پورٹی اور 20 سالہ سومری پورٹی کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق مقتولین کے دیگر اہل خانہ کی گمشدگی کا انکشاف اس وقت ہوا جب بریسا کی بڑی بیٹی نے 12 اکتوبر کو اپنے لاپتہ والدین اور اس کے بھائی کے بارے میں پولیس میں شکایت درج کروائی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ بریسا کی بیٹی جو شادی شدہ ہے اپنے والدین سے ملنے گئی تھی لیکن اسے گھر کا دروازہ بند تھا۔

    شادی شدہ بیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ گاؤں کے تین افراد سوما منڈا ، وشرم منڈا اور رگھو منڈا زمین کے تنازعہ کے معاملے میں میرے اہل خانہ کے ساتھ جھگڑا کررہے تھے، منڈوں نے میری والدہ کو ڈائن کہا تھا جس کی وجہ سے وہ جھگڑا ہوا تھا۔

  • افغانستان میں دھماکے : پولیس سربراہ سمیت تین افسران ہلاک

    افغانستان میں دھماکے : پولیس سربراہ سمیت تین افسران ہلاک

    کابل : افغانستان کے مشرقی صوبہ خوست میں ہونے والے بم دھماکے میں صوبائی پولیس کے سربراہ سمیت تین پولیس افسر جاں بحق ہو گئے، پولیس کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکراگئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبہ خوست میں پولیس افسران کی گاڑی دھماکے سے اڑا دی گئی جس کے نتیجے میں تین پولیس افسر ہلاک ہوچکے ہیں، واقعے کی تصدیق خوست کے صوبائی گورنر محمد حلیم فدائی نے بھی کردی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گورنر محمد حلیم فدائی کے مطابق خوست صوبے کے پولیس سربراہ بریگیڈیر جنرل سید احمد ان کے اسسٹنٹ آفیسر اور ایک پولیس افسر نادر شاہ ضلع کوٹ میں رات تقریبا 11 بجے آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہوگئے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ کے وقت پولیس کی گاڑی جین خیل علاقے میں ایک طالبان جنگجو کا تعاقب کرکے دھول سے اٹے راستے سے گزر رہی تھی، اسی دوران وہ ایک آئی ای ڈی (بارودی سرنگ) کی زد میں آ گئی۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ خوست کے مقامی طالبان قیادت نے پولیس چیف پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساتھی جنگجوؤں کی ہلاکت کا بدلہ لیا گیا ہے، اگر ہم پر کارروائیاں بند نہ ہوئیں تو ایسے حملے جاری رہیں گے۔

    ادھر امریکا کے خصوصی مندوب برائے افغانستان زلمے خليل زاد نے گزشتہ روز ہی طالبان قیادت سے بات چیت کی ہے جس میں
    افغان فوج کے خلاف عسکری کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    افغانستان میں امن معاہدے کے باوجود حملوں کا سلسلہ  جاری، 98 افغان فوجی ہلاک

    واضح رہے کہ امریکا اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والے تاریخی امن معاہدے کے باوجود افغانستان میں دہشت گردانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک بھر میں 98 افغان سیکیورٹی فورسز ہلاک ہوئے۔ کئی شدت پسندوں سے مقابلے میں مارے گئے جبکہ متعدد بم حملوں میں لقمہ اجل بن گئے۔

    افغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر پولیس اہلکاروں اور فوج پر حملوں کے نتیجے میں طالبان کو بھی شدید جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

     

  • حیدرآباد : زہریلی شراب پینے سے تین افراد ہلاک

    حیدرآباد : زہریلی شراب پینے سے تین افراد ہلاک

    حیدرآباد : زہریلی شراب پینے سے تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک ہے، مرنے والوں میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے پریٹ آباد میں دیسی زہریلی شراب پینے سے تین افراد بے ہوش ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج دم توڑ گئے، ہلاک ہونے والوں میں 2 سگے بھائی تھے۔ لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اہل خانہ دھاڑیں مار مار رونے لگے۔

    اس حوالے سے پولیس نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ زہريلی شراب پينے سے 3 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جس میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں، مرنے والوں کے نام منا، نور محمد اور اسلم ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ زہریلی شراب گھر ميں ہی بنائی گئی تھی تین دوستوں نے مل کر شراب کشید کی ، پھر  اس شراب کو پانچ افراد نے پیا۔

    پولیس کے مطابق زہریلی شراب کو پانچ افراد نے پیا  دو افراد کی حالت خراب ہونے پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جس سے پولیس کو واقعہ کا علم ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ  واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا، شراب پینے سے دو افراد کی ہلاکت کل اور ایک کی موت آج ہوئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

  • شوہر نے غیرت کے نام پر بیوی اور بیٹی سمیت تین افراد کو قتل کر دیا

    شوہر نے غیرت کے نام پر بیوی اور بیٹی سمیت تین افراد کو قتل کر دیا

    ملتان : غیرت کے نام پر شوہر نے بیوی اور بیٹی سمیت ایک شخص کو قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے تھانہ مظفر آباد کے علاقے میں ہونے والے تہرے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے، غیرت کے نام پر شوہر نے اپنی بیوی اور بیٹی سمیت ایک شخص کو قتل کردیا۔

    پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تھانہ مظفر آباد کے علاقے پرانا شجاع آباد روڈ میں غلام یسین نامی شخص نے غیرت کے نام پر اپنی بیوی، 10 ماہ کی بیٹی اور ایک شخص کو کلہاڑے کے وار سے قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

    واقعے کے بعد پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ٹیمیں تشکیل دیں اور چند ہی گھنٹوں میں قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تہرے قتل کا مقدمہ ایک نامزد اور دو نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار مرکزی ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے جلد ہی دیگر دو ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔

    اس حوالے سے سی پی او ملتان زبیر دریشک نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم سے آلہ قتل بھی برامد کرلیا گیا ہے،مزید تفتیش جاری ہے۔

  • کوئٹہ : حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں تین افراد جاں بحق

    کوئٹہ : حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں تین افراد جاں بحق

    کوئٹہ : مختلف حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں تین افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے، پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے چھاپے مارنا شروع کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں حادثے اور فائرنگ کے واقعات میں تین افراد جاں بحق ہوئے، پولیس کے مطابق منگل کو کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر بڑیچ ٹاؤن کے قریب تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل کوٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار عزیز اللہ جاں بحق جبکہ گاڑی کا ڈارئیور فرار ہوگیا۔

    پولیس نے گاڑی کو قبضے میں لیکر تحقیقات شرو ع کردیں جبکہ کوئٹہ کے علاقے کلی کمالو میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے عرفان نامی شخص کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کردیا اور ملزمان کی تلاش شروع کردی مزید کارروائی جاری ہے۔

    دوسری جانب بلوچستان کے علاقے واشک میں دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا، اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے واشک میں دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم ہوا ۔

    دونوں جانب سے ایک دوسرے پر جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص سفر خان ہلاک ہوگیا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کردیا گیا، نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔

    علاوہ ازیں قلعہ عبداللہ کے علاقے میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق منگل کو قلعہ عبداللہ کے علاقے جنگل پیرعلیزئی کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد حیات خان اور رمضان

    زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ،لیویز کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی مزید کارروائی جاری ہے۔

  • زیارت : مزار کے قریب گاڑی میں دھماکہ، تین افراد جاں بحق، تین زخمی

    زیارت : مزار کے قریب گاڑی میں دھماکہ، تین افراد جاں بحق، تین زخمی

    زیارت : خرواری بابا مزار کے قریب گاڑی میں دھماکے سے تین افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے، زخمیوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر زیارت میں خرواری بابا مزار کے قریب زوردار دھماکے سے تین افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے، واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ امدادی ٹیموں کے رضاکاروں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کیلئے مقامی اسپتال منتقل کردیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر زیارت کے مطابق دو زخمیوں کو کوئٹہ روانہ کردیا گیا، دھماکا ممکنہ طور پر گاڑی میں موجود سلنڈرکا ہوسکتا ہے، جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق کراچی سے ہے، متاثرہ افراد نے گاڑی کرائے پر لی تھی۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد تفریح کلیلئے کراچی سے زیارت پہنچے تھے کہ گاڑی کا گیس سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی جائیں گی۔

  • لاہور : دشمنی کا شاخسانہ، دو سگے بھائی کزن سمیت فائرنگ سے جاں بحق

    لاہور : دشمنی کا شاخسانہ، دو سگے بھائی کزن سمیت فائرنگ سے جاں بحق

    لاہور : فائرنگ سے دو سگے بھائیوں اور ان کے کزن سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے، ملزمان پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونک کر  اسلحہ سمیت مرید کے سے لاہور آئے تھے، وزیر اعلیٰ نے رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ داروغہ والا میں تہرے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے، دیرینہ دشمنی پر تین افراد کو دن دہاڑے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، مقتولین میں دوسگے بھائی اور ایک کزن شامل ہے۔

    اے آروائی نیوز کے نمائندے بابر خان کے مطابق دیرینہ عداوت پر دو موٹر سائیکل سواروں نے گوشت کی دکان پر بیٹھے غنی اس کے بھائی لبا اور کزن معراج پر فائرنگ کردی، تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    ذرائع کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ بٹ اور قصائی گروپوں کے درمیان ہوا جبکہ ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آروائی نیو ز نے حاصل کر لی، فوٹیج میں ملزمان کو سرعام فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے، ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دشمنی کا نتیجہ ہے ملزمان کو جلد گرفتارکرلیا جائے گا، اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    یاد رہے کہ مذکورہ ملزمان اسلحہ لے کر موٹرسائیکل کے ذریعے مرید کے سے لاہور پہنچے لیکن راستے میں انہیں سیف سٹی کیمرے کی آنکھ دیکھ سکی اور نہ ہی چیک پوسٹ پر موجود پولیس اہلکاروں نے روک کر پوچھا جو قانون نافذ کرنے والوں کی کارکردگی پر ایک اور سوالیہ نشان ہے۔