Tag: 03 suspects arrested

  • کراچی : ڈبوں میں پیک کروڑوں کی کرنسی برآمد، 3 ملزمان گرفتار

    کراچی : ڈبوں میں پیک کروڑوں کی کرنسی برآمد، 3 ملزمان گرفتار

    کراچی : ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی کے عملے نے صدر میں ایک گودام پر چھاپہ مار کر کروڑوں مالیت کی کرنسی اور دیگر قیمتی سامان برآمد کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے صدر میں گودام پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کی ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران امپورٹڈ الیکٹرونک گیجٹس آن لائن سیل میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

    گرفتار ملزمان سے کروڑوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ واچ، ائیربڈز، ہیڈ فونز اور چارجرز برآمد ہوئے ہیں۔

    اس کے علاوہ حوالہ ہنڈی کیلئے استعمال کی جانے والی تین کروڑ روپے مالیت کی پاکستانی کرنسی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مذکورہ ملزمان دوران تفتیش مشکوک ادائیگیوں کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کرسکے۔

    گرفتار ملزمان میں محمد عثمان، محمد آصف، عبدل اور سید عمران شامل ہیں، جن سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : 7 ہزار سے زائد پری ایکٹیویٹڈ بین الاقوامی سمیں برآمد

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) اور ایف آئی اے نے مشترکہ کارروائیوں میں 7 ہزار سے زائد پری ایکٹیویٹڈ بین الاقوامی سمیں برآمد کرکے متعدد افراد کو گرفتار کیا تھا۔

    پی ٹی اے اور ایف آئی اے کی ٹیموں نے ملتان، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور کراچی میں کامیاب چھاپے مارے۔ کاروائیوں کے دوران ہزاروں کی تعداد میں غیر قانونی اور پری ایکٹیویٹڈ بین الاقوامی سمیں ضبط کرلیں گئیں۔

  • قبر سے بچے کی لاش غائب ہونے کے واقعے میں اہم پیشرفت

    قبر سے بچے کی لاش غائب ہونے کے واقعے میں اہم پیشرفت

    لاہور : پولیس نے قبرستان سے شیرخوار کی لاش غائب کرنے کے الزام میں سیکیورٹی گارڈ سمیت 3ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے میانی صاحب قبرستان سے شیرخوار بچے کی لاش غائب ہونے کے واقعہ کے بعد اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    پولیس نے سکیورٹی گارڈ سمیت 3افراد کوحراست میں لے لیا ہے یہ واقعہ23اپریل کو میانی صاحب قبرستان میں پیش آیا تھا جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

    قبرستان

    پولیس حکام کے مطابق مدعی کی جانب سے بچے کی لاش چوری کرنے کے شبے میں5افراد کو نامزد کیا گیا تھا، درخواست میں کہا گیا تھا کہ نامعلوم افراد نے3ماہ کے بچے کی میت کو تدفین کے کچھ گھنٹے بعد ہی قبرسے نکال لیاتھا۔

    متوفی بچے کے والد عبدالرحمان نے تدفین کے اگلے روز کفن کو قبر سے باہر نکلا دیکھا تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی تھی۔ واقعے کے بعد پولیس نے تمام پہلوؤں کو مدِنظر رکھتے ہوئے تحقیقات جاری رکھی ہوئی ہیں۔

  • لوگوں سے لوٹ مار کرنے والے 3 جعلی پولیس اہلکار گرفتار

    لوگوں سے لوٹ مار کرنے والے 3 جعلی پولیس اہلکار گرفتار

    کراچی : شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر11سے 3جعلی پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے قبضے سے یونیفارم، پولیس کارڈز اور دیگر اشیاء برآمد کرلی گئیں۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان پولیس کی وردی پہن کر عام شہریوں کو ہراساں کرکے انہیں لوٹ لیتے تھے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے پولیس یونیفارم، جعلی پولیس کارڈز، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔

    اورنگی ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے مذکورہ ملزمان کامل، شیراز اور راؤ عرفان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

  • انسانی اسمگلنگ میں ملوث مزید 3 ملزمان گرفتار

    انسانی اسمگلنگ میں ملوث مزید 3 ملزمان گرفتار

    لاہور : ایف آئی اے ملتان نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث مزید 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جنہوں نے سادہ لوح شہریوں کو یورپ کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے بٹورے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل ملتان کے عملے نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل کے مطابق گرفتار ملزمان میں جاوید اقبال، شفقت شہزاد اور محمد آصف شامل ہیں، ملزمان کو خانیوال اور مظفر گڑھ سے گرفتار کیا گیا۔

    حکام کے مطابق ملزم جاوید شہریوں سے عمرہ ادائیگی کیلئے 24 لاکھ وصول کرکے روپوش تھا، ملزم شفقت اور محمد آصف نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لوگوں سے پیسے بٹورے۔

    ایف آئی اے سیل کا کہنا ہے کہ ملزمان نے یو اے ای ملازمت کے لئے 8 لاکھ روپے وصول کیے، ملزمان کیخلاف امیگریشن آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    دوسری جانب کراچی میں ایف آئی اے انسداد انسانی ا سمگلنگ سیل نے کلفٹن سے انسانی اسمگلر الطاف حسین کو گرفتار کرلیا، ملزم نے شہری کو کینیڈا کے بھجوانے کے لئے 50 لاکھ روپے کا تقاضہ کیا اور 16 لاکھ روپے وصول بھی کئے، ملزم سے تفتیش کا آغاز کر کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • اے ٹی ایم سے چوری کرنے والےگروہ کے 3 کارندے گرفتار، اہم انکشافات

    اے ٹی ایم سے چوری کرنے والےگروہ کے 3 کارندے گرفتار، اہم انکشافات

    نئی دہلی : پولیس نے اے ٹی ایم سے رقم چوری کرنے والے گروہ کے تین کارندوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے مختلف بینکوں کے چودہ اے ٹی ایم کارڈز برآمد کرلیے گئے۔

    بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر مقامی بینک کے ایک اے ٹی ایم سے رقم چوری کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمان کا تعلق جرائم پیشہ گروہ سے ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے مختلف بینکوں کے چودہ اے ٹی ایم کارڈز برآمد کیے گئے ہیں۔

    ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ سیدھے سادے لوگوں کو جھانسہ دے کر ان کا اے ٹی ایم کارڈ نمبر اور پاس ورڈ معلوم کر ان کے اکاؤنٹ سے پیسہ نکال لیتے ہیں۔

    خبر کے مطابق پولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے عدالت میں پیش کیا جہاں سے ان کو مقامی جیل روانہ کردیا۔

  • لفٹ مانگ کر موٹرسائیکل سوار کو انجکشن لگانے والے کیس کا ڈراپ سین

    لفٹ مانگ کر موٹرسائیکل سوار کو انجکشن لگانے والے کیس کا ڈراپ سین

    تلنگانہ : بھارت میں موٹرسائیکل سوار سے لفٹ مانگ کر اسے قتل کرنے والے ملزمان کو پولیس نے ڈرامائی انداز میں حراست میں لے لیا، جنہوں نے اہم انکشافات کیے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق قتل کی اس واردات میں مقتول کی بیوی خود ملوث تھی، پولیس نے ملزمان کو ابتدائی تحقیقات میں ہی جانچ لیا تھا۔

    تلنگانہ پولیس نے موٹرسائیکل پر لفٹ لینے کے بعد زہریلا انجکشن لگا کر سنسنی خیز قتل کے محرکات کا پتہ لگا لیا جس نے سننے والوں کو بھی حیران کردیا۔

    پولیس کے مطابق 55 سالہ شیخ جمال نامی کسان 19 ستمبر کو اپنی بیٹی کے گھر سے اپنی اہلیہ کو لینے کیلئے موٹر سائیکل پرآندھرا پردیش کے گاؤں جا رہا تھا کہ راستے میں ٹوپی پہنے ایک اجنبی نے لفٹ مانگی جس پر اس نے اجنبی کو بٹھالیا۔

    دو میں سے ایک شخص جمال کی موٹر سائیکل پر بیٹھ گیا کچھ دور جانے کے بعد پیچھے بیٹھے شخص نے جمال کی پیٹھ پر کوئی نوکیلی چیز چبھوئی۔

    انجکشن لگتے ہی جمال کو چکر آنے لگے تو اس نے موٹر سائیکل روک دی۔ جمال نے اس شخص سے پوچھنے کی کوشش کی کہ وہ کون ہے اور اس نے ایسا کیوں کیا؟

    اسی دوران ملزم پیچھے سے دوسری موٹر سائیکل پر آنے والے ساتھی کے ساتھ بیٹھ کر فرار ہوگیا اور جمال زیادہ چکر آنے کی وجہ سے وہیں گرگیا۔

    اتفاق سے کچھ دیر میں آس پاس لوگ جمع ہوگئے تو جمال نے غنودگی کے عالم میں ساری تفصیل بتائی، بعد ازاں جمال کے کہنے پر اسے پانی پلایا جسے پینے کے بعد جمال کی حالت مزید خراب ہوگئی اور وہ بے ہوش ہوگیا۔

    جمال کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکا تھا جس کی تصدیق اسپتال کے ڈاکٹروں نے کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں چونکا دینے والی تفصیلات کا انکشاف ہوا اور آٹو رکشا ڈرائیور موہن راؤ، ٹریکٹر ڈرائیور وینکٹیش اور ایک ڈاکٹر وینکٹ کی گرفتاری عمل میں آئی۔ ڈاکٹر نے زہریلے انجکشن کا انتظام کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی بیوی امام بی نے ہی قتل کی منصوبہ بندی کی تھی جس نے تقریباً دو ماہ قبل بھی جمال کو زہریلا انجکشن لگانے کی کوشش کی تھی جس میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    مزید پڑھیں : لفٹ مانگنے والے نے موٹرسائیکل سوار کو زہریلا انجکشن لگا دیا

    بعد ازاں ملزمہ نے اپنے دوست سے اس منصوبے پر عمل کرنے کو کہا ملزمہ کے مطابق موہن راؤ نے موٹر سائیکل پر لفٹ لینے کے بعد جمال کو وہی انجکشن لگایا۔

  • منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، خاتون سمیت 3ملزمان گرفتار

    منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، خاتون سمیت 3ملزمان گرفتار

    کراچی / اسلام آباد : اینٹی نارکوٹکس فورس نے جڑواں شہروں اور کراچی میں کارروائیاں کرکے منشیات اسمگلنگ میں ملوث خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اے این ایف انٹیلی جنس کے عملے نے موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب کار سے27کلو ہیروئن اور3کلو کیمیکل برآمد کرلیا۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار شدگان میں ایک عورت بھی شامل ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کار سوار لاہور کے رہائشی شہباز علی اور حمیرا نوید کو حواست میں لیا گیا ہے۔

    اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ ایک اور کارروائی میں راولپنڈی میں کوریئر آفس میں پارسل سے1800گرام کیٹا مائن برآمد کی گئی ہے۔

    ملزمان سے برآمد کی گئی کیٹا مائن امریکا اسمگل کی جارہی تھی جسے باکسنگ گلوز میں چھپایا گیا تھا، مذکورہ پارسل فیصل آباد کے رہائشی محمد رزاق کی جانب سے بک کرایا گیا تھا۔

    اس کے علاوہ کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں ایک گاڑی سے11کلو500گرام چرس برآمد کی گئی ہے، اے این ایف ٹیم نے کراچی کے رہائشی عبدالکمال نامی ملزم کو گرفتارکرلیا۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق مذکورہ تمام گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • بلال کالونی میں پولیس مقابلہ : زخمیوں سمیت 3 ملزمان گرفتار

    بلال کالونی میں پولیس مقابلہ : زخمیوں سمیت 3 ملزمان گرفتار

    کراچی : شہر قائد میں بلال کالونی تھانے کی حدود میں پولیس مقابلہ ہوا ہے جس میں 3 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا، دو ملزمان زخمی حالت میں اسپتال پہنچا دیئے گئے۔

    ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

    مسلح ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر موبائل پر فائرنگ کردی، تاہم کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا، جوابی فائرنگ سے 2 زخمیوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان نے بتایا کہ ملزمان سے3 پستول،8موبائل فون،8چھینے ہوئے پرس بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گرفتار زخمی ملزمان کوطبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، مقابلے کے دوران پولیس موبائل پر بھی دو گولیاں لگیں۔

  • موٹروے پر سنگین واردات میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

    موٹروے پر سنگین واردات میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ : ڈکیتی کی سنگین وارداتوں میں ملوث ملزمان قانون کی گرفت میں آگئے، پولیس نے جدید طریقے سے کارروائی کرکے کامیابی حاصل کی۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ پولیس نے گزشتہ دنوں لاہور موٹر وے پر ہونے والی ڈکیتی کی بڑی واردات میں ملوث3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ایس پی فاروق اکمل نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان نے چند روز قبل موٹر وے پر ایک تاجر  سے53لاکھ روپے لوٹ لیے تھے۔

    ایس پی کے مطابق واردات میں اے ایس آئی اور تاجر کا ڈرائیور بھی ملوث ہے، ملزمان سے53لاکھ روپے اورموبائل فون برآمد کرلیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شیخوپورہ کا تاجر سیالکوٹ میں فیکٹریوں کو کیمیکل سپلائی کرتا تھا، تفتیشی ٹیموں نے ملزمان کا موبائل ڈیٹا حاصل کیا۔

    ایس پی فاروق اکمل کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد اویس، محمد ارشد اور ناظم شامل ہیں، لوٹی گئی رقم مذکورہ تاجر کے حوالے کردی گئی ہے۔

  • خاتون مسافر کا 19 لاکھ مالیت کا سونا چوری، ملزمان ڈرامائی انداز میں گرفتار

    خاتون مسافر کا 19 لاکھ مالیت کا سونا چوری، ملزمان ڈرامائی انداز میں گرفتار

    کراچی سے لاہور کی پرواز میں مسافر خاندان کے سامان سے 19 لاکھ کا سونا چوری کرلیا گیا، پولیس نے وری کاروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ پروفیسر ڈاکٹر شبینہ ناز نامی مسافر 12 فروری کو اپنی فیملی کے ہمراہ کراچی سے نجی ایئر لائن کی پرواز پی ایف 145 سے لاہور گئیں۔

    انہوں نے کراچی ایئرپورٹ سے اپنا بک کرایا گیا سامان لاہور ایئرپورٹ پر پہنچ کر وصول کرلیا اور مقامی ہوٹل پہنچی۔ مذکورہ خاندان نے ہوٹل جاکر اپنا سامان چیک کیا تو ہیرے کا سیٹ اور 19 لاکھ مالیت کے دیگر زیورات بیگ سے غائب تھے۔

    خاتون نے فوری طور پر پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس پارٹی نے واردات کرنے والوں کا سراغ لگالیا۔ اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ رائل ایئرپورٹ سروس کے 3 ملازمین آفتاب احمد، وقار حیدر اور سید ساجد حیدر چوری کی واردات میں ملوث نکلے۔

    پولیس کے مطابق تینوں ملزمان کو حراست میں لے کر ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، تفتیش کی گئی، دوران تفتیش ملزمان کے قبضے سے19 لاکھ روپے مالیت کے زیورات برآمد کرلیے گئے ہیں۔

    پولیس کی تفتیش کے دوران ملزمان نے بتایا کہ یہ زیورات جہاز میں لوڈ کرنے کے بعد سامان سے چوری کئے تھے، واردات جہاز میں اس لیے کی کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے بچ سکیں۔