Tag: 03 suspects arrested

  • پنجاب میں رشوت خور افسران کے خلاف گھیرا تنگ، 3 گرفتار

    پنجاب میں رشوت خور افسران کے خلاف گھیرا تنگ، 3 گرفتار

     لاہور : محکمہ انسداد بدعنوانی کے عملے نے پنجاب میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر اور پٹواری سمیت 3 افسران کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب نے رشوت خور افسران کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ایم بی بی ایس ڈاکٹر، پٹواری سمیت 3سرکاری ملازمین کو حراست میں لے لیا، گرفتارملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے لاک اپ کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میڈیکل افسر ڈاکٹر جعفر کو ڈی ایچ کیو اسپتال ساہیوال سے گرفتار کیا گیا، ڈاکٹر جعفر کو اہلکاروں نے دس ہزارروپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا تھا۔

    ڈی جی اینٹی کرپشن کے مطابق کارروائی میں سرکل افسر سے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم سے لی گئی رشوت کی رقم برآمد کرلی، ملزم جعفر کومقدمہ درج کرکے حوالات میں ڈال دیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ دیگر کاروائیوں میں اینٹی کرپشن راولپنڈی نے پٹواری مرزا محمد سلیم کو جعلی گفٹ ڈیڈ تیارکرنے پر حراست میں لے لیا جبکہ اینٹی کرپشن ڈی جی خان نے سکندرحیات قانونگو کو40ہزار رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔

  • چوروں کا تین رکنی گروہ گرفتار، بھاری مالیت کرنسی اور طلائی زیورات برآمد

    چوروں کا تین رکنی گروہ گرفتار، بھاری مالیت کرنسی اور طلائی زیورات برآمد

    کراچی : کلفٹن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چوروں کے3رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں غیر ملکی کرنسی اور قیمتی اشیاء برآمد کرلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کلفٹن پولیس نے انتہائی مطلوب 3رکنی چور گروہ کو اس کے سرغنہ سمیت حراست میں لیا ہے، اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں غیرملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔

    اس کے علاوہ گھڑیاں، طلائی زیورات، انگوٹھیاں، چوڑیاں، موبائل فونز کے علاوہ غیر ملکی قیمتی سکے اور دیگر قیمتی اشیاء بھی ملزمان کے پاس موجود تھیں جو برآمد کی گئی ہیں۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان ڈیفنس کے مختلف گھروں میں باورچی کا کام کرتے تھے، گرفتار چوروں کا سرغنہ ایک اعلیٰ سرکاری افسر کا خانساماں ہے۔

    جاوید اکبر ریاض کے مطابق گذشتہ 10سالوں سے ملزم ایک سرکاری افسر کے گھر کام کر رہا تھا، ملزمان جن گھروں میں کام کرتے واردات سے قبل اس کے برابر والے گھر کی ریکی کیا کرتے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان چوری کی واردات بہت منظم انداز میں اور آسان ہدف کو نشانہ بناتے تھے، چوروں کا یہ گروہ رات کے اندھیرے میں گھر میں داخل ہوکر چوری کی وارداتیں کیا کرتا تھا۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ ملزمان کو کلفٹن پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا،اس وقت یہ ملزمان ایک گھر سے لوٹ مار کے بعد فرار ہورہے تھے کہ پکڑے گئے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ گرفتاری کے بعد سرکاری افسر کو اپنے قابل اعتماد باورچی کے مجرمانہ عمل پر یقین نہیں آیا،
    پولیس کے ریکارڈ سے ایک ملزم کا 2019کا کرمنل ڈیٹا سامنے آگیا ہے، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • سعودی عرب : ریاض پولیس کی خطرناک ملزمان کیخلاف کامیاب کارروائی

    سعودی عرب : ریاض پولیس کی خطرناک ملزمان کیخلاف کامیاب کارروائی

    ریاض : سعودی عرب میں ریاض پولیس نے خواتین کے بھیس میں وارداتیں کرنے والے تین نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے، سوشل میڈیا پر زنانہ لباس کی تصاویر اور خاص تعلق قائم کرنے کے لیے پرکشش جملے استعمال کررہے تھے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت داخلہ نے اسنیپ چیٹ کے اپنے اکاؤنٹ پر بیان میں بتایا کہ یہ بہروپیے نوجوانوں کو جھانسہ دے کر بلالیتے تھے، ان سے نقدی اور گاڑیاں چھین کر فرار ہوجاتے تھے۔

    علاوہ ازیں انہیں مجبور کرکے ان سے اے ٹی ایم کارڈ چھین لیتے اور ان سے خفیہ نمبر لے کر رقمیں نکالنے کی وارداتیں بھی کررہے تھے۔

    ریاض پولیس نے مختلف رپورٹیں ملنے کے بعد گروہ کی گرفتاری کی اسکیم تیار کی اور بالآخر ان تک رسائی حاصل کرلی، تینوں عمر کے دوسرے عشرے میں ہیں، انہوں نے دو وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

    اس کے علاوہ ایک گاڑی چھیننے اور 9 ہزار ریال قبضے میں کرنے کی واردات بھی تسلیم کی ہے، سیکیورٹی فورس نے تینوں کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

  • کراچی : دو روز قبل گرفتار ہونے والے ملزمان کے دوران تفتیش اہم انکشافات

    کراچی : دو روز قبل گرفتار ہونے والے ملزمان کے دوران تفتیش اہم انکشافات

    کراچی : فیروزآباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے تین ملزمان نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں، کورنگی پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز پہلے فیروزآباد سے گرفتار3ملزمان مزید 72وارداتوں میں ملوث نکلے، تینوں ملزمان کو دو روز قبل فیروزآباد میں مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کو اب تک 16افراد شناخت کرچکے ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو کار سوار کو لوٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ملزمان نے مزاحمت پر گاڑی کے شیشہ پر پستول ماری۔

    ملزمان کار سوار سے 3لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے تھے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے نقدی،3 پستول اور دو موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔

    دوسری کارروائی میں کورنگی پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان ڈیفنس، درخشاں شریف آباد اور ابراہیم حیدری میں وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    ملزمان کار سوار موٹرسائیکل سواروں سے نقدی اور موبائل فون چھینتے تھے، اس کے علاوہ گرفتار ملزمان اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے شہریوں کو بھی لوٹتے تھے۔

  • مانسہرہ میں غیرت کے نام پر لڑکا لڑکی قتل، تین ملزمان گرفتار

    مانسہرہ میں غیرت کے نام پر لڑکا لڑکی قتل، تین ملزمان گرفتار

    پشاور : پولیس نے ایبٹ آباد میں شادی شدہ جوڑے کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والے پانچ میں سے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان میں لڑکی کے والدین بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں چند روز قبل غیرت کے نام پر لڑکا لڑکی کو قتل کردیا گیا تھا،
    پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت صبا اور راشد کے نام سے ہوئی تھی۔

    ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں کے گاؤں برج میں فائرنگ سے قتل ہونے والے شادی شدہ جوڑے نے چند روز قبل پسند کی شادی کی تھی واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جہانگیر نامی شخص مقتولہ کا بھائی ہے، ملزم نے وقعے والے روز گھر میں گھس کر فائرنگ کی اور اپنی بہن اور اس کے شوہر کو قتل کرکے فرار ہوگیا۔

    پولیس نے والدین سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، مزید ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : ایبٹ آباد میں غیرت کے نام پر شادی شدہ جوڑا قتل

    علاوہ ازیں خان پور میں پنچایت کے حکم پر نوجوان پربدترین تشدد کیا گیا، نوجوان کے سر کے بال کاٹ کر اس کی مونچھیں اور بھنویں بھی کاٹ دی گئیں، پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

  • لاہور : سیر و تفریح کیلئے آنے والوں کو اغواء کیے جانے کا انکشاف

    لاہور : سیر و تفریح کیلئے آنے والوں کو اغواء کیے جانے کا انکشاف

    لاہور : پولیس نے دریائے راوی پر سیر وتفریح کے لئے آنے والے شہریوں کو اغوا کرنے والے گروہ کے سرغنہ سمیت 3 اغواکاروں کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں دریائے راوی پر سیرو تفریح اور نہانے کے لئےآنے والےشہریوں کو اغواء کرکے تاوان وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    لاہور پولیس نے گروہ کے سرغنہ ریاض نامی ملاح سمیت 3 اغوا کاروں کو حراست میں لے لیا، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ اغواکاروں نے مبینہ طور پر 18 سالہ نوجوان کو اغوا کرکے اہل خانہ سے تاوان مانگا تھا۔

    مغوی کے والد نے پولیس کو بتایا کہ میرابیٹا 22مئیکو دوست کے ہمراہ سیر کے لئے دریائے راوی گیا تھا، دریائے راوی پر ریاض نامی ملاح نے اسے اغوا کیا اور پھر رقم کا مطالبہ کیا۔

    ایف آئی آر کے مطابق مغوی والد کا کہنا ہے کہ واقعے کو ایک ماہ گزر گیا لیکن میرا بیٹا ابھی تک بازیاب نہیں ہوسکا، پولیس کے مطابق مقدمے کی تفتیش انویسٹی گیشن ونگ سے سی آئی اے کو منتقل کردی گئی ہے۔

  • جرائم میں ملوث تین ملزمان گرفتار، اسحلہ اور مسروقہ سامان برآمد

    جرائم میں ملوث تین ملزمان گرفتار، اسحلہ اور مسروقہ سامان برآمد

    کراچی :  گلشن اقبال پولیس نے چوری کی وارداتوں میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسحلہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس نے تین ملزمان گرفتار کرکے اسحلہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ پولیس حکام کےمطابق ملزمان عبداللہ، یوسف اور امین کو وسیم باغ کے قریب گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر مبینہ ٹاؤن میں چھاپہ مار کر موٹرسائیکل سمیت دیگر مسروقہ سامان برآمد کرلیا ہے، ملزمان گاڑیوں کے سائیڈ گلاسز ،بیٹری اور دیگرسامان چوری کرتے تھے۔

    اس سے پہلے اورنگی کے علاقے توحید کالونی میں موٹرسائیکل سوار ملزمان اسحلہ کے زور پر شہری کو لوٹ کر فرار ہوگئے، متاثرہ شخص نے تھانہ اقبال مارکیٹ میں ملزمان کے خلاف درخواست دائرکردی ہے۔

  • ایف آئی اے کی بڑی کارروائی : پھلوں کی آڑ میں منی لانڈرنگ کرنے والے تین ملزمان گرفتار

    ایف آئی اے کی بڑی کارروائی : پھلوں کی آڑ میں منی لانڈرنگ کرنے والے تین ملزمان گرفتار

    کوئٹہ : ایف آئی اے نے پھلوں کے کاروبار کی آڑ میں منی لانڈرنگ کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کرکے ملکی و غیر ملکی کرنسی بر آمد کرلی، ملزمان کے 8اکاونٹس منجمد کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کوئٹہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے فروٹ کے کاروبار کی آڑ میں منی لانڈرنگ کرنے والے تین ملزمان گرفتار کرلیے۔

    چوہڑ روڈ کوئٹہ پر قائم دفتر پر کارروائی کے دوران بڑے پیمانے پر ملکی و غیر ملکی کرنسی بر آمد کرلی گئی، ایف آئی اے نے ملزمان کے8اکاونٹس میں منی لانڈرنگ کے لئے7کروڑ70لاکھ کی ٹرانزیکشنز بھی منجمد کردی۔

    چھاپہ کے دوران حوالہ ہنڈی کے لئے دفتر میں موجود چیک بکس، بنک رسیدیں اور دیگر دستاویزات بھی برآمد کی گئیں۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان الطاف حسین نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان غلام محمد، حبیب الرحمان اشرف علی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے،، ملزمان گزشتہ کئی سالوں سے حوالہ ہنڈی کے ذریعے منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ملزمان اب تک 7 ارب 90 کروڑ کی منی لانڈرنگ کر چکے ہیں۔

  • کسٹم کی کارروائی : لاکھوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ ممنوعہ چائنیز سالٹ برآمد

    کسٹم کی کارروائی : لاکھوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ ممنوعہ چائنیز سالٹ برآمد

    کراچی : کسٹم کے عملے نے چھاپہ مار کر لاکھوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ ممنوعہ چائنیز سالٹ برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، ٹرین کی بوگی سے جعلی گھڑیاں، سن گلاسز برآمد کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ کسٹم کے عملے نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں چھاپہ مار کر مضرصحت ممنوعہ چائنیز سالٹ اجینو موٹو  برآمد کرلیا، کارروائی میں90لاکھ25ہزارروپے مالیت کا37کلو چائنیز سالٹ برآمد کیا گیا۔

    اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے ڈپٹی کلکٹرکسٹم نے کہا کہ ممنوعہ چائنیز سالٹ اسمگل کرنے والے تین ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا ہے، ہائی کورٹ نے چائنیز سالٹ اجینو موٹو کے استعمال پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

    دوسری کارروائی میں کسٹم عملے نے حویلیاں سے آنے والی ہزارہ ایکسیرپس پر چھاپہ مارا، ڈپٹی کلکٹرکسٹم کے مطابق ہزارہ ایکسپریس کی بوگی سے جعلی گھڑیاں اور سن گلاسز برآمد کرلیے گئے،4490جعلی سن گلاسز،9ہزار جعلی گھڑیاں اور پیکنگ کا سامان تحویل میں لے لیا، اسمگل شدہ سامان کی مالیت24لاکھ73ہزارروپے ہے۔

  • کراچی : اسلحہ سپلائی کرنے والے تین ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار

    کراچی : اسلحہ سپلائی کرنے والے تین ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار

    کراچی : عزیز آباد پولیس نے کامیاب کارروائی کر کے اسلحہ سپلائی کرنے والے تین ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق عزیز آباد پولیس نے اسلحہ سپلائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان گاڑی کے ذریعے اسلحہ منتقل کررہے تھے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان پہلے بھی قبائلی علاقوں سے اسلحہ اسمگل کرچکے ہیں، ملزمان حیدر زیدی ،محمد محسن سے دو نائن ایم ایم پستول اور رائفل برآمد کرلی۔

    گرفتار تیسرا ملزم محمد عمر ولد محمد جاوید سہولت کار ہے، ملزمان نے25سے زائد اقسام کا اسلحہ کراچی میں فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے۔