Tag: 05 death

  • ڈی آئی خان : نامعلوم افراد کی  گاڑی پر فائرنگ سے 5 جاں بحق

    ڈی آئی خان : نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے 5 جاں بحق

    ڈی آئی خان : نامعلوم افراد کی ایک گاڑی پر فائرنگ سے 3 لیویز پولیس اہلکاروں سمیت 5 فراد جاں بحق ہوگئے، واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان میں درابن روڈ پر پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقے درابن روڈ پر گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں 3 لیویز اہلکار بھی شامل ہیں، مرنے والے تمام افراد کا تعلق قلعہ سیف اللہ بلوچستان سے بتایا جارہا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ سے گاڑی میں آگ لگ گئی تھی، فائرنگ کے واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز ڈی آئی خان کے نمائندے عرفان مغل کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ گاڑی بلوچستان سے اسلام آباد جارہی تھی کہ ڈی آئی خان کے راستے میں مغرب کے بعد گاڑی میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔

    قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کے بعد رپورٹ دی ہے کہ یہ گاڑی لیویز اہلکاروں کی تھی جس میں 3 اہلکار اور دو عام شہری سوار تھے۔

    اس گاڑی پر درابن کے قریب کلاچی موڑ پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار پانچوں افراد شہید ہوگئے۔ فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ گاڑی میں آگ لگ گئی اور اہلکاروں کی لاشیں بھی جل گئیں۔

    واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کیخلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے انہیں منطقی انجام تک پہچایا جائے گا۔

  • خوفناک حادثہ : بےقابو ٹریلر کار پر الٹ گیا, 5 افراد کچل کر جاں بحق

    خوفناک حادثہ : بےقابو ٹریلر کار پر الٹ گیا, 5 افراد کچل کر جاں بحق

    احمد پور شرقیہ : بہاولپور میں قومی شاہراہ پر ٹریفک کا خوفناک حادثہ پیش آیا، ٹریلر کار پر الٹنے سے پانچ افراد دب کر جاں بحق ہوگئے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق حادثہ شدید دھند کے باعث پیش آیا ٹریلر کی کار کو ٹکر کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

    حادثہ اڈہ مسافر خانہ کے قریب پیش آیا، حادثے کے بعد ٹریلر کار پر الٹ گیا،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ کار سوارکی غلطی اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا، حادثے کی شکار کار اوورلوڈ تھی اور اس میں 9افراد سوار تھے۔

    موٹر وے پولیس کے مطابق کار ڈرائیور نے انڈیکیٹر دیئے بغیر اچانک لین تبدیل کی، پیچھے سے آنے والا ٹریلر بےقابو ہوکر کار پر الٹ گیا۔

    اس کے علاوہ قومی شاہراہ پر شدید دھند بھی حادثے کا باعث بنی، موٹر وے پولیس کے اہلکار اور دیگرادارے امدادی کارکنان کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد کنٹینر کار کے اوپر گرنے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔ بعد ازاں کرین کی مدد سے کنٹینر کو کار کے اوپر سے ہٹادیا گیا، کار کی باڈی کاٹ کر لاشوں کو نکالا گیا۔ لاشوں اور زخمیوں کو کار سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اندوہناک حادثے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا اظہار افسوس

    احمد پور شرقیہ میں نیشنل ہائی وے پرشدید دھند کے باعث ٹریلر اور کار میں ہونے والے تصادم میں 5افراد کے جاں بحق ہونے کی خبر پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    مریم نواز نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کوزخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

    شدید دھند کی وجہ سے موٹر ویز بند کردی گئیں  

    علاوہ ازیں پنجاب میں موٹر وے ایم 3 لاہور سے رجانہ تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے، اس کے علاوہ موٹر وے ایم 4 کو خانیوال سے ملتان تک جبکہ موٹر وے ایم 5 کو ملتان سے رکن پور تک دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔

    موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بندکیا جاتا ہے، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔