Tag: 06 people killed

  • جہلم سلنڈر دھماکا : ملبے سے 6 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں

    جہلم سلنڈر دھماکا : ملبے سے 6 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں

    جہلم : پنجاب کے شہر جہلم میں سلنڈر دھماکے میں ہلاک افراد کی تعداد چھ ہوگئی، ریسکیو اہلکار ملبہ ہٹانے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جہلم کے جی ٹی روڈ پر ہوٹل میں ہونے والے سلنڈر دھماکے کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔

    اس حوالے سے ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے سے اب تک 6افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں، سلنڈر دھماکے میں 10افراد زخمی ہوئے جبکہ 2کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر جہلم کا کہنا ہے کہ ملبے سے آخری شخص کو نکالنے تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا، عمارت کا ملبہ ہٹانے میں مزید کئی گھنٹے درکار ہیں۔

    واضح رہے کہ سلنڈر دھماکے سے دو منزلہ عمارت لرز گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے زمین بوس ہو گئی، ہوٹل میں موجود متعدد افراد کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا اور ملبے تلے دب گئے۔

    اطلاع ملنے پر ریسکیو عملہ موقع پر پہنچا اور ملبے تلے دبے زخمی افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : جہلم میں سلنڈر دھماکے سے دو منزلہ عمارت زمیں بوس 

    بتایا گیا ہے کہ دھماکہ ہوٹل کے کچن میں ہوا، ملبہ ہٹانے کیلیے بھاری مشینری طلب کرلی گئی، سول ڈیفنس اور پولیس بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہے، عمارت کا ملبہ ہٹانے اور زخمیوں کو نکالنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

  • چاغی میں خوفناک ٹریفک حادثہ : 6 افراد جھلس کر جاں بحق

    چاغی میں خوفناک ٹریفک حادثہ : 6 افراد جھلس کر جاں بحق

    چاغی : صوبہ بلوچستان کے شہر چاغی میں دو گاڑیوں میں ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی کی تحصیل نوکنڈی کے مقام پر دو پک اپ گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم میں 6 افراد ہلاک جبکہ 14 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

    لیویز حکام کے مطابق تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث متاثرہ افراد بری طرح جھلس گئے۔

    تمام زخمی مسافروں کو نوکنڈی کے دیہی طبی مرکز منتقل کردیا گیا جہاں سے تین زخمیوں کو تشویشناک حالت میں کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔ ہلاک شدگان میں 4 کا تعلق نوکنڈی ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر تفتان ساگر کمار کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے چار افراد کی شناخت ہوچکی ہے جبکہ دو افراد کی شناخت اب تک نہیں ہوسکی، جاں بحق ہونے والے تارکین وطن کا تعلق پاکستان اور افغانستان سے تھا۔

  • لاہور: مکان کی چھت گرنے سے چھ افراد جاں بحق، چارکو زندہ نکال لیا گیا

    لاہور: مکان کی چھت گرنے سے چھ افراد جاں بحق، چارکو زندہ نکال لیا گیا

    لاہور : محلہ اسلم خان بھاٹی گیٹ میں مکان کی چھت گرنے سے چھ افراد جاں بحق ہوگئے، چار افراد کو زخمی حالت میں ملبے سے زندہ نکال لیا گیا، ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقہ محلہ اسلم خان میں ایک گھر کی تیسری منزل اچانک زمین بوس ہو گئی جس کے باعث چھ افراد ملبے تلے دب گئے۔

    اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آپریشن شروع کیا اور ملبے تلے دبے چار افراد کو نکال کر میو ہسپتال پہنچایا، جہاں شہزاد نامی شخص اور ایک خاتون جانبر نہ ہوسکی۔

    چار زخمیوں کا علاج جاری ہے، تنگ گلیوں کے باعث ریسکیو کا عملہ بروقت جائے حادثہ پر نہیں پہنچ سکا اور ابتدائی طور پر لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کیں۔

    ریسکیو حکام نے مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔