Tag: 07 people killed

  • سکھر : دو برادریوں کے خونریز تصادم میں 7 افراد جاں بحق

    سکھر : دو برادریوں کے خونریز تصادم میں 7 افراد جاں بحق

    سکھر کے کچے کے علاقے میں زمین کے تنازع پر 2 گروہوں میں خونی تصادم کے دوران فائرنگ سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ایس ایس پی سکھر زبیر نذیر کے مطابق آج صبح مہر برادری اور جتوئی برادری کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں7افراد جاں بحق اور 5زخمی ہوئے۔

    انہوں نے بتایا کہ دونوں جانب سے ہونے والی اندھا دھند فائرنگ میں مہر برادری کا ایک اور جتوئی برادری کے 6افراد مارے گئے۔

    جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال پنوعاقل منتقل کیا جارہا ہے، رضا گوٹھ تھانے کی حدود میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

    ایس ایس پی سکھر کے مطابق دو گروپوں میں محکمہ جنگلات کی زمین پر قبضے کے معاملے پر جھگڑا ہوا تھا۔

  • ٹھٹھہ : ٹرک اور وین میں تصادم 7 افراد جان سے گئے

    ٹھٹھہ : ٹرک اور وین میں تصادم 7 افراد جان سے گئے

    ٹھٹھہ : وین اور ٹرک میں ہونے والے خوفناک تصادم میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، دو افراد بروقت اسپتال نہ پہنچنے کے باعث راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹھٹہ میں کینجھر جھیل کے قریب ماہی گیروں کی وین اور ٹرک کے تصادم میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    چلیا اور کینجھر جھیل کے درمیان قومی شاہراہ پر ماہی گیروں کو لے کر جانے والی وین مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

    واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال مکلی منتقل کیا گیا جہاں اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک شخص دم توڑ گیا۔

    وین کے مالک اور ایک اور شخص کو نازک حالت میں کراچی بھیجا گیا تاہم دونوں زخمیوں کو کراچی لے جانے والی ایمبولینس مہنگائی کے خلاف احتجاج میں گھگھر پھاٹک کے قریب پھنس گئی اور تاخیر سے اسپتال پہنچنے کے باعث دونوں زخمیوں نے بھی دم توڑ دیا۔

  • برازیل میں شدید طوفان، سات افراد ہلاک، ہزاروں متاثر

    برازیل میں شدید طوفان، سات افراد ہلاک، ہزاروں متاثر

    برازیلیا : لاطینی امریکہ کے ملک برازیل کی ریاست باہیا میں شدید بارشوں سے آنے والے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم سات افراد ہلاک ہوگئے۔

    برازیل کے صدر جیر بولسونارو اور باہیا کے گورنر روئی فالکاؤ نے اتوار کو متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور لوگوں سے تعمیر نومیں امداد کا وعدہ کیا۔

    کئی دہائیوں بعد ہونے والی اس شدید بارش سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جس کے بعد گورنر نے ریاست میں ہنگامی حالت کا نفاذ کر دیا ہے اور لوگوں کی ہدایت کی ہے کہ وہ زیادہ خطرے والے علاقوں سے منتقل ہوجائیں۔

    تصویر/ برازیلی سیلاب

    سول انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہفتہ کو ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث کچھ حصے زیر آب آگئے اور املاک کو نقصان پہنچا۔

    شہری دفاع کی انتظامیہ کے مطابق بارش سے 30 کے قریب میونسپلٹی متاثر ہوئی ہیں، جس میں اب تک سات افراد ہلاک، 175 زخمی اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔

    برازیل، شدید بارشوں سے 7 افراد ہلاک، ہزاروں بے گھر | Latest Urdu News | INP

    تیز آندھی اور موسلا دھار بارش کی وجہ سے کئی قصبے اور دیہی علاقے مکمل طور پر الگ تھلگ ہو گئے ہیں۔ریلیف اور ریسکیو ٹیموں کو متاثرین تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ اس وقت بڑی تعداد میں لوگ لاپتہ ہیں۔ امدادی ٹیمیں لوگوں کو ریسکیو کرنے کا کام کررہی ہیں تاہم اتوار کو200 سے زائد فائر فائٹرز نے دو ہیلی کاپٹروں کی مدد سے متاثرین افراد کو محفوظ مقام تک پہنچایا۔

  • افغانستان پھر دھماکوں سے گونج اٹھا, سات افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    افغانستان پھر دھماکوں سے گونج اٹھا, سات افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    کابل : افغانستان ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا، صوبہ ہرات میں نامعلوم افراد کی جانب سے کار کو بم لگا کر اڑا دیا گیا، جس کے نتیجے میں7افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں جمعے کے روز ہونے والے ایک کار بم دھماکے میں کم از کم سات افراد ہلاک اور 53 دیگر زخمی ہوگئے۔

    ہرات کے گورنر سید عبدالواحد قتالی نے بتایا کہ دھماکے کے بعد درجنوں مکانات اور دکانیں تباہ ہوگئیں۔ ہلاک ہونے والوں میں عورتیں اور بچے شامل ہیں۔ امدادی کارکن ملبے میں دبے افراد کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

    گوکہ کسی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری فی الحال قبول نہیں کی ہے تاہم مقامی حکام نے اس واقعے کا ذمہ دار طالبان کو ٹھہرایا ہے۔

    یاد رہے کہ بنیاد پرست سنی طالبان نے تقریباً دوعشروں سے مغربی حمایت یافتہ افغان حکومت کے خلاف جنگ جاری رکھی ہوئی ہے۔

    ہرات میں کار بم دھماکہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب روس نے افغانستان میں مستقبل کی عبوری حکومت میں طالبان کو شامل کرنے کی امریکی تجویز کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    عالمی طاقتیں افغانستان کے لیے ایک ایسے انتظام کی کوششیں کررہی ہیں جس سے جنگ زدہ ملک میں سکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے۔

  • کراچی سے پکنک پر جانے والے ایک ہی خاندان کے سات افراد ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    کراچی سے پکنک پر جانے والے ایک ہی خاندان کے سات افراد ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    اوتھل : لسبیلہ کے ساحلی شہر وندر کے قریب قومی شاہراہ پر ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں سات افراد جاں بحق، چار زخمی ہوگئے، ہلاک شدگان میں دو خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لسبیلہ کے ساحلی شہر  وندر کے قریب قومی شاہراہ پر ہولناک ٹریفک حادثہ میں 7سات افراد جاں بحق جبکہ چار زخمی ہوگئے، سول اسپتال میں طبی سہولیات کے فقدان کے باعث زخمی درد سے تڑپتے رہے۔

    حادثہ اس وقت پیش آیا جب قومی شاہراہ پر کراچی سے پکنک پر جانے والی تیز رفتار ویگن نمبر سی آر0781 سڑک کنارے کھڑ ے مزدا ٹرک سے جا ٹکرائی، حادثے کے نتیجے میں وین میں موجود سات افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے، ذرائع کے مطابق وین میں گیارہ افراد سوار تھے جو کنڈ ملیر جا رہے تھے۔

    جاں بحق ہونے والوں میں محمد عظیم ولد حیدر، فرح ناز زوجہ محمد، شاہ زین ولد محمد عظیم، محمد رمضان ولد تاج محمد، فاطمہ بی بی زوجہ رمضان، زہرہ بی بی بنت محمد رمضان جبکہ ایک زخمی راستے میں دم توڑ گیا جبکہ سید ملک ولد محمد عظیم، پارس ولد برکت، انعم بنت وسیم، عضیب ولد لیاقت شدید زخمی ہوگئے۔

    زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلے جب آر ایچ سی اسپتال وندر لایا گیا تو اسپتال میں طبی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے زخمیوں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بعد ازاں انہیں کراچی منتقل کردیا گیا ۔

    جاں بحق اور زخمی ایک ہی خاندان کے بتائے جاتے ہیں جن کا تعلق کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے بتایا جاتا ہے،اس شاہراہ پر آئے روز ٹریفک حادثات کی وجہ سے اسے خونی شاہراہ کا نام دیا گیا ہے۔

  • ایک ہی خاندان کے سات افراد کی ہلاکت : مقدمے کا چالان عدالت میں جمع

    ایک ہی خاندان کے سات افراد کی ہلاکت : مقدمے کا چالان عدالت میں جمع

    کراچی : ایک ہی خاندان کے سات افراد جاں بحق ہونے کے مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کرادیا گیا، پراسیکیوٹر نے مقدمے کو قتل اور دہشت گردی کا واقعہ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے قصر ناز ہوٹل میں مبینہ طور پر مضرصحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہونے والے 5 بچوں سمیت سات افراد کی کی ہلاکت کے مقدمے سے متعلق رپورٹ سرکاری وکیل نے عدالت میں پیش کردی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اموات کی وجہ زہریلا اسپرے اور المونیم فاسفیڈ کی گولیاں بنیں، چالان میں سرکاری وکیل نے قتل اور دہشت گردی کی دفعات لگانے کی سفارش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہوٹل انتظامیہ نے جان بوجھ کر زہریلا اسپرے کروایا۔

    حالانکہ ہوٹل کے خاکروب نے انتظامیہ کو آگاہ بھی کیا تھا، رپورٹ اور گواہ کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ حادثاتی طور پر نہیں ہوا، لہٰذا ملزمان کا عمل قتل اور دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے۔

    خاکروب نے انکشاف کیا ہے کہ بدقسمت خاندان کو کمرے میں لے کرگیا تو کیمیکل کی بو آرہی تھی، ہوٹل کے ریسپشن پر بیٹھے ملازم عبدالحمید کو آگاہ کیا،21فروری کو کمرے کی صفائی کردی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت المونیم کو خطرناک قرار دے چکی ہے، دو سال میں ہوٹل میں تین بارالمونیم فاسفیڈ کی بوتلیں منگوائی گئیں، الموینیم فاسفیڈ کی بوتل کے اندر بیس گولیاں ہوتی ہیں، قصر ناز میں المونیم فاسفیڈ کی بڑی مقدار آتی رہی جس کا ریکارڈ مرتب نہیں۔

    چالان کے متن کے مطابق مقدمہ میں ذاکر حسین، سکندر حیات، پرویز بھٹی، نثار احمد گرفتار ہیں، اس کے علاوہ ندیم اختر، صنور علی، محرم علی بھی گرفتار ملزمان میں شامل ہیں، ملزم ہیرانند نے مقدمہ میں ضمانت لے رکھی ہے۔

    پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ہوٹل انتظامیہ کو المونیم فاسفائیڈ گولیاں خریدنے کا اختیار نہیں تھا، انتظامیہ نے کیمیکل کی خریداری کی اجازت نہیں دی تھی، انتظامیہ زہریلے اسپرے کے نتائج سے واقف تھی، انتظامیہ نے جرم چھپانے کیلئےثبوت مٹائے اور کمرے سے چادریں غائب کردیں، اس کے علاوہ انتظامیہ نے ریکارڈ میں ردوبدل کیا اور رجسٹر بھی پھاڑ دیئے۔