Tag: 1

  • امریکہ سے واپس جانے والے تارکین وطن کو وظیفے کی پیشکش

    امریکہ سے واپس جانے والے تارکین وطن کو وظیفے کی پیشکش

    واشنگٹن : ٹرمپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ اگر کوئی غیر قانونی تارکین وطن خود سے ملک چھوڑنے پر آمادہ ہوا تو اسے ایک ہزار ڈالر معاوضہ دیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ وظیفہ ملک بدر کرنے کے اخراجات سے سستا ہے کیونکہ گرفتاری اور ملک بدری کا اوسط خرچ 17 ہزار ڈالر فی کس ہے۔

    رپورٹ کے مطابق محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے اعلان کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اُن غیر قانونی تارکین وطن کو 1ہزار ڈالر کا نقد وظیفہ اور سفر کے اخراجات فراہم کرے گی جو رضاکارانہ طور پر خود امریکہ چھوڑنے کا فیصلہ کریں گے۔

    اس حوالے سے امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے ایسے تارکین وطن سے کہا ہے کہ اگر آپ یہاں غیرقانونی طور پر موجود ہیں تو گرفتاری سے بچنے کے لیے خود سے اپنے ملک واپس جانا ایک بہترین، محفوظ اور سب سے سستا طریقہ ہے۔‘

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس نئی حکمتِ عملی کے تحت بعض صورتوں میں ہوائی جہاز کا ٹکٹ بھی فراہم کیا جائے گا جو غیر قانونی تارکینِ وطن کو ملک بدر کرنے کے مقابلے میں کم خرچ ہوگی، کیونکہ کسی غیر قانونی مہاجر کو گرفتار کرنے، حراست میں رکھنے اور جبری طور پر ملک بدر کرنے پر اوسطاً 17ہزار ڈالر اخراجات آتے ہیں۔

    یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار سنبھالتے ہی وعدہ کیا تھا کہ وہ امریکا میں مقیم لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کریں گے، لیکن اب تک ان کی انتظامیہ کی ملک بدری کی تعداد ان کے حریف جو بائیڈن کی انتظامیہ کے مقابلے میں کم رہی ہے۔

    ڈی ایچ ایس کے اعداد و شمار کے مطابق 20 جنوری سے اب تک ٹرمپ انتظامیہ نے تقریباً 152,000 افراد کو ملک بدر کیا ہے، جبکہ پچھلے سال فروری تا اپریل کے درمیان بائیڈن انتظامیہ نے 195,000 افراد کو ملک بدر کیا تھا۔

  • ترکیہ : احتجاجی مظاہرے شدت اختیار کرگئے، صحافیوں سمیت سیکڑوں گرفتار

    ترکیہ : احتجاجی مظاہرے شدت اختیار کرگئے، صحافیوں سمیت سیکڑوں گرفتار

    انقرہ : ترکیہ میں صدر طیب اردوان کے اہم حریف کی گرفتاری سے شروع ہونے والے مظاہرے شدت اختیار کرگئے، اب تک سیکڑوں مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا جن میں کئی صحافی بھی شامل ہیں۔

    ترک پولیس نے صدر رجب طیب اردوان کے حریف اور استنبول کے سابق میئر اکرم امام اوغلو کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں مظاہروں کے دوران 1400 افراد کو حراست میں لے لیا گرفتار شدگان میں کئی صحافی بھی شامل ہیں۔

    عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 6روز سے جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران اب تک 1400سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا، مظاہروں کی رپورٹنگ کرنے والے10صحافی بھی گرفتار کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے اپنے صحافی کی گرفتاری پر شدید مذمت کا اظہار کیا گیا ہے۔ اے ایف پی نے ترکیہ حکام سے اپنے صحافی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    ترکیہ حکام نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) انتظامیہ سے حکومت مخالف اکاؤنٹس بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے صدرترکیہ اردوان نے کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے احتجاجی مظاہروں کو پُرتشدد تحریک قرار دیا۔

    صدر طیب اردون نے کہا کہ پولیس افسران کو زخمی اور املاک کو نقصان پہنچنے پر سی ایچ پی کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا، ریپبلکن پیپلز پارٹی لوگوں کو اکسانا بند کرے، کسی کو بھی اقتصادی کامیابیوں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ طیب اردوان کے حریف کی گرفتاری کے بعد سے احتجاج کا سلسلہ استنبول سے ترکی کے 55 سے زائد صوبوں تک پھیل چکا ہے، جہاں مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔

    53سالہ امام اوغلو کو ترکی کا واحد سیاست دان سمجھا جاتا ہے جو انتخابات میں اردوان کو شکست دے سکتے ہیں۔ ان کی گرفتاری کو سیاسی انتقام اور اردوان کے اقتدار کو مستحکم کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

    استنبول کے سابق میئر اکرم امام اوغلو پر کرپشن اور دہشت گرد تنظیم کی معاونت کے الزامات ہیں انہیں صدارتی دوڑ کیلئے اپوزیشن امیدوار نامزد کیے جانے کے روز ہی گرفتار کیا گیا تھا۔

  • کابینہ اراکین کی تنخواہوں میں اضافہ دوسری طرف ہزاروں یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین بے روزگار

    کابینہ اراکین کی تنخواہوں میں اضافہ دوسری طرف ہزاروں یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین بے روزگار

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ کے وزراء اور اراکین کی تنخواہوں میں لاکھوں روپے کا اضافہ کردیا گیا تو دوسری طرف ملک بھر کے سینکڑوں یوٹیلیٹی اسٹورز بند کردیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کی خبر کے مطابق وفاقی کابینہ ارکان کی تنخواہوں اور الاؤنس میں اضافہ کر دیا گیا، جس کی سمری کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے دے دی گئی۔

    اس حوالے سے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن نے ملک کے اہم اور بڑے ادارے کے برانچز کی بندش کی خبر پر بھی روشنی ڈالی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

    انہوں نے بتایا کہ ایک جانب تو حکومت نے وفاقی وزیروں، وزرائے مملکت اور مشیروں کی تنخواہوں میں 188 فیصد تک اضافہ کیا ہے لیکن ایک روح فرسا خبر یہ بھی ہے کہ ملک بھر میں خسارے کے شکار یوٹیلیٹی اسٹورز کی 1700 برانچز بند کردی گئی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اس منظوری کے بعد وزیروں، وزرائے مملکت اور مشیروں کی ایوریج تنخواہ 5لاکھ تک ہوجائے گی، جبکہ اس سے قبل ان کی تنخواہ 2سے پونے دو لاکھ کے قریب تھی۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز سے متعلق انہوں نے بتایا کہ حکومت نے خسارے کا شکار 1700 یوٹیلٹی اسٹورز بند اور کنٹریکٹ و ڈیلی ویجز ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا یہ جو فرق ہے مالیاتی پولرائزیشن کی واضح مثال ہے، ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کا اس ملک کی ایلیٹ کلاس کا طرز رہائش ہے اس سے نہیں لگتا پاکستان عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی ہدایات کے مطابق چل رہا ہے۔

  • چین کے تعاون سے  پاکستان میں سب سے بڑے  ایٹمی بجلی گھر تعمیر

    چین کے تعاون سے پاکستان میں سب سے بڑے ایٹمی بجلی گھر تعمیر

    اسلام آباد : پاکستان چین کے تعاون سے 1,200 میگاواٹ کا ایک اور ایٹمی بجلی گھر تعمیر کررہا ہے، یہ پاکستان کا پانچواں اور سب سے بڑا سویلین نیوکلیئر پاور پراجیکٹ ہے۔

    جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے (آئی اے ای اے) سے چین کی شراکت داری کے 40 سال مکمل ہونے کی یاد میں تقریب ہوئی ، چین نےتقریب میں پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین کوبطورمہمان مقرر مدعو کیا۔

    پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹرراجہ علی رضاانور نے بتایا کہ پاک چین دوستی ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری میں بدل چکی، پاکستان 3530 میگا واٹ کی صلاحیت کے حامل 6 ایٹمی بجلی گھر چلا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تمام 6 نیوکلیئر  بجلی گھر چین کے تعاون سےتعمیرکیےگئےتھے، اب چینی تعاون سے 1200 میگا واٹ کا ایک اور نیوکلیئر بجلی گھر زیر تعمیرہے، جو پاکستان کا پانچواں اور سب سے بڑا سویلین نیوکلیئر پاور پراجیکٹ ہے۔

    خیال رہے 2030 تک چین کے تعاون سے 4730 میگاواٹ سستی اور شفاف بجلی پیدا ہونے لگے گی، اس وقت کراچی میں 1100 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے دو نیوکلیئر بجلی گھر پیراڈائز پوائنٹ ساحل سمندر پر سستی اور شفاف بجلی پیدا کر رہے ہیں۔

    اس کے علاوہ چشمہ کے مقام پر 320اور 320میگا واٹ بجلی پیدا کرنیوالے دو اور 340‘ 340میگا واٹ بجلی پیدا کرنیوالے مزید دو ایٹمی بجلی گھر شفاف اور سستی بجلی بنا کر قومی گرڈ میں ڈال رہے ہیں۔

  • امریکا میں ایک ڈالر کی بینک ڈکیتی پر لوگ حیران

    امریکا میں ایک ڈالر کی بینک ڈکیتی پر لوگ حیران

    یوٹاہ: امریکی ریاست یوٹاہ میں ایک شخص نے بینک میں داخل ہو کر ڈکیتی کی واردات کی لیکن اس نے صرف ایک ڈالر لوٹا، جس پر لوگ حیران رہ گئے ہیں۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹاہ میں پولیس حکام نے ایک ایسی بینک ڈکیتی کے بارے میں بتایا جس میں ایک شخص نے بینک میں داخل ہو کر صرف ایک ڈالر لوٹنے کی کوشش کی تھی، جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق 65 سالہ ڈونلڈ سانٹاکروس 6 مارچ کی صبح سالٹ لیک سٹی کے ویلز فارگو بینک میں داخل ہوا، اس نے ہاتھ سے لکھا ہوا ایک نوٹ کیشیئر کو دیا جس پر لکھا تھا ’’پلیز مجھے ایسا کرنے پر معاف کیجیے گا، لیکن یہ ایک ڈکیتی ہے، مجھے ایک ڈالر دیں، شکریہ۔‘‘

    معمر شخص کی اس عجیب و غریب واردات پر لوگ بینک والے بھی حیران رہ گئے، کیشیئر نے اسے ایک ڈالر تھما دیا اور پھر جانے کا کہہ دیا لیکن سانٹاکروس نے انکار کیا، اور وہیں فرش پر بیٹھ کر کہا کہ پولیس کو بلائیں میں نے بینک لوٹا ہے۔

    پولیس کے پہنچنے میں دیر ہونے پر وہ بینک ملازمین سے شکایت بھی کرنے لگا کہ وہ یہاں آنے میں بہت زیادہ وقت لے رہے ہیں، دوسری طرف بینک منیجر نے ملازمین کی حفاظت کے پیش نظر انھیں ایک پچھلے کمرے میں لے جا کر بٹھایا۔

    جب پولیس اہل کار پہنچے تو سانٹاکروس نے ڈالر ان کے حوالے کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انھیں وفاقی جیل بھیجا جائے۔ حکام کا کہنا تھا کہ چوں کہ بینک ڈکیتی ایک وفاقی جرم ہے اس لیے سانٹاکروس نے وہاں جانے کے لیے یہ راستہ اختیار کیا۔

    پولیس اہل کاروں نے سانٹاکروس کو حراست میں لے کر ڈکیتی کے جرم میں سالٹ لیک کاؤنٹی میٹرو جیل بھیج دیا، تاہم بدھ کو انھیں چھوڑ دیا گیا، یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ سانٹاکروس وفاقی جیل کیوں جانا چاہ رہا تھا۔

  • شارجہ میں ایک ہزار سال قدیم  اسلامی سکے دریافت

    شارجہ میں ایک ہزار سال قدیم اسلامی سکے دریافت

    دبئی: شارجہ میں کھنڈرات کی کھدائیوں اور آثار قدیمہ کے ماہرین ہزاروں سال پرانے اسلامی سکے دریافت کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

    یہ تاریخی دریافت شارجہ آثار قدیمہ اتھارٹی کی مقامی ٹیم نے شارجہ کے وسطی علاقے سے ہوئی، جن میں عباسی خاندان کے نادر چاندی کے درہم بھی شامل ہیں.

    دریافت کئے جانے والے سکوں پر اس دور کے پانچ خلیفہ ، خلیفہ ابو جعفر منصور ، خلیفہ محمد المہدی، خلیفہ ہارون الرشید، خلیفہ محمد الامین ،خلیفہ ابو جعفر عبداللہ الامعون کی شبیہ موجود ہے۔

    خاص بات یہ ہے کہ ہارون الرشید کی اہلیہ لیڈی زبیدہ (ام جعفر) کا چاندی کا درہم لنک بھی دریافت شدہ اشیا میں شامل ہے،اس کے علاوہ ایک تابنے کی عباسی فائل بھی ملی ہے۔

    آثار قدیمہ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر صباح ابود جاسم نے کہا کہ یہ دریافت علاقے میں عباسی خاندان کی ابتدائی موجودگی کی تصدیق کرتی ہے، کچھ سکے نویں اور دسویں صدی کے طرز سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ مٹی کے کچھ برتن بھی ملے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سکے ڈھالنے کی قدیم ورکشاپ دریافت

    ہجری دور کے (154-199) کے سالوں کے درمیان آٹھویں تا نویں صدی کے اوائل میں ان سکوں کو کئی جغرافیائی اور انتظامی علاقوں کے حساب سے ڈھالا گیا، ان میں مراکش (العباسیہ 154-166 ہجری)، فارس ( کورہ المہدیہ 154) الرائے (الجبل) صوبہ (ال محمدیہ سٹی 192) خراسان ریجن (182، 186 اور 194 ہجری) آرمینیا ( 191 ) اور ٹرانسوکیانا(190،198، 199) کے علاقے کے سکے شامل تھے۔

    ان سکوں کی دریافت عباسی خاندان کے دور حکومت کے دوران شارجہ اور یو اے ای کی اہم تاریخی حیثیت کو اجاگر کرتی ہے اور یہ ظاہر کرتی ہے کہ اس دور میں شارجہ، یو اے ای میں تجارتی سرگرمیوں کی کیا نوعیت تھی؟

  • یواے ای: تاریخی عجائب گھر کی سالگرہ، مرکزی بینک کا اہم اعلان

    یواے ای: تاریخی عجائب گھر کی سالگرہ، مرکزی بینک کا اہم اعلان

    دبئی: عجمان عجائب گھر کی تیسویں سالگرہ کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے اہم اعلان کیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کا مرکزی بینک خصوصی طور پر ایک ہزار چاندی کے سکے جاری کرے گا، یہ اعزازی سکے عجمان عجائب گھر کی تیسویں سالگرہ کے موقع پر جاری کئے جائیں گے۔

    عجمان ٹورزم ڈوپلمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے جاری یہ سکے عجمان کے حکمران حمید بن راشدالنیامی کے کردار اور عجمان کے ورثے کے لئے ان کی کاوشوں کو نمایاں کرے گا۔مرکزی بینک کے مطابق چالیس گرام وزن کے ایک ہزار چاندی کے سکے جاری کئے جائیں گے، سکے کے سامنے رخ پر شیخ حمید کی تصویر کو عربی اور انگریزی ناموں کے ساتھ پیش کیا جائے گا،جس پر ہجری اور عیسویں تاریخیں بھی درج ہونگی جبکہ دوسرے رخ پر عربی اور انگریزی میں متحدہ عرب امارات کے میوزیم اور مرکزی بینک دونوں کے ناموں کے ساتھ عجمان میوزیم کی ایک ڈارئنگ پر مشتمل ہوگی۔

    جاری تمام سلور کے سکے عجمان ٹورزم ڈوپلمنٹ کے حوالے کئے جائیں گے اور مرکزی بینک یا ہیڈ کوارٹر یا شاخوں میں فروخت کے لئے دستیاب نہیں ہونگے۔

    محکمہ سیاحت کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے ورثے کا جشن بھی منایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ عجمان عجائب گھر ملک کی قیمتی تاریخ کو ظاہر کرنےوالے فنکاروں کے ساتھ قیمتی امیراتی خزانے میں سے ایک ہے۔

  • ’گوادر پورٹ پر 1200 مقامی افراد کام کررہے ہیں مستقبل میں مزید افراد کو روزگار ملے گا‘

    ’گوادر پورٹ پر 1200 مقامی افراد کام کررہے ہیں مستقبل میں مزید افراد کو روزگار ملے گا‘

    اسلام آباد : عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے باعث افغانستان کے بعد پاکستان کا سب سے زیادہ نقصان ہوا، اس علاقے میں بہت لڑائی دیکھ اب ہمیں ترقی کی ضرورت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے اے آر وائی کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ پر مختلف ممالک کے جہاز آرہے ہیں، ہم ترقی کے بھوکے ہیں اس کےلیے محنت کررہے ہیں۔

    عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم اس خطے میں امن چاہتے ہیں، اس علاقے میں بہت لڑائی دیکھ لی اب ہمیں ترقی کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ افرادی قوت پر ہمیں زیادہ توجہ دینی ہوگی، گوادر پورٹ میں 1200 مقامی لوگ کام کررہے ہیں اور آگے جاکر مزید مقامی لوگوں کو روزگار مہیا ہوگا۔

    چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے بتایا کہ سی پیک کا چین کے ساتھ 40 چال کا معاہدہ ہے، سی پیک میں سرمایہ کاری آرہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ گوادر میں ایک ایئرپورٹ بھی تیار کیا جارہا ہے اور اسپتال ،نرسنگ انسٹی ٹیویٹ ،میڈیکل کالج بھی بنائے جارہے ہیں، یہاں پانی کا مسئلہ ہے اسی لیے ڈیم بھی تعمیر کررہے ہیں۔

    عاصم سلیم باجوہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں بتایا کہ گوادر میں بجلی کےلیے ایک گرڈ اسٹیشن بنایا جارہا ہے اور اس گرڈ اسٹیشن کو وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل گرڈ سے منسلک کیا جائے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ توانائی کی کمی سی پیک سے پوری ہوئی، سی پیک کے ذریعے سکھر سے ملتان موٹر وے بنا، اب سی پیک کا مشرقی روٹ مکمل ہوگیا ہے۔

  • پاکستان میں کورونا سے مزید 41 اموات ، مجموعی تعداد 12ہزار 600 سے تجاوز کرگئی

    اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کے مزید 41 مریض جاں بحق اور ایک ہزار 50 کیسز سامنے آئے ، جس کے بعد اموات کی تعداد 12ہزار 600 سے تجاوز کرگئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے ملک میں کورونا وائرس کے حوالے سے تازہ اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں ، جس میں بتایا گیا کہ ملک میں24گھنٹےمیں41کورونامریض انتقال کرگئے، جس کے بعد کوروناسےانتقال کرنےوالوں کی تعداد12ہزار658ہوگئی۔

    این سی او سی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک میں 33 ہزار 978 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے ایک ہزار 50 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی اور کوروناکےفعال کیسزکی تعداد24ہزار483 جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 73 ہزار 384 ہو گئی ہے۔

    اعدادو شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کیسزکی تعداد 2 لاکھ 56 ہزار 445 ، پنجاب میں ایک لاکھ 68 ہزار384، خیبر پختونخوا میں 71 ہزار146 اور بلوچستان میں 18 ہزار993 ہوگئی ہے جبکہ اسلام آباد میں 43 ہزار623، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 878 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 951 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن کا عمل جاری ہے ، پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جا رہی ہے جبکہ بزرگ شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن مارچ کے پہلے ہفتے میں شروع کی جائے گی۔

  • کرونا کے وار جاری، مزید 48 افراد لقمہ اجل بن گئے

    کرونا کے وار جاری، مزید 48 افراد لقمہ اجل بن گئے

    اسلام آباد : پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث مزید 48 افراد انتقال کر گئے ، جس سے اموات کی کل تعداد 11 ہزار 295 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹر سے کورونا کیسز کے تازہ ترین اعداد و شمارجاری کئے گئے ، جس میں بتایا گیا کہ 24 گھنٹے میں مزید48 کرونا مریضوں کا انتقال ہوگیا ، جس سے مجموعی اموات11ہزار295ہوگئیں۔

    این سی او سی نے بتایا کہ 24گھنٹےمیں40ہزار285ٹیسٹ کئے گئے ، جس میں سے ایک ہزار594نئےکیسزرپورٹ ہوئے ، جس کے بعد ملک میں کروناوائرس کے فعال کیسزکی تعداد 34 ہزار628 اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 32 ہزار 412 تک پہنچ گئی ہے۔

    نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا تھا کہ ملک میں 24گھنٹےمیں کرونا وائرس کےٹیسٹ مثبت آنےکی شرح 3.95فیصد ہے اور ملک میں کرونا4 لاکھ 86 ہزار 489 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا سے سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں ، جہاں 4 ہزار 523 افراد جان سے گئے جبکہ سندھ میں 3 ہزار855، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 823، اسلام آباد461، گلگت بلتستان میں 102، بلوچستان میں 192 اور آزاد کشمیر میں 248 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    پاکستان کے مختلف شہروں کی صورتحال کے مطابق سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 39 ہزار186، پنجاب میں ایک لاکھ 52 ہزار158، بلوچستان میں 18 ہزار 696، خیبر پختونخوا میں 64 ہزار651 ، اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 40 ہزار548 آزاد کشمیر میں 8 ہزار 753 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 899 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔