Tag: 1. Champions Trophy 2025

  • بھارت نے تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیت لی، نیوزی لینڈ ٹرافی سے پھر محروم

    بھارت نے تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیت لی، نیوزی لینڈ ٹرافی سے پھر محروم

    بھارت نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ریکارڈ تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیت لی جب کہ فیورٹ نیوزی لینڈ آئی سی سی کے میگا ایونٹس کے فائنل میں پہنچ کر ایک بار پھر ٹرافی پر قبضہ جمانے میں ناکام رہا۔

    بھارت ایک بار پھر چیمپئنز کا چیمپئن بن گیا۔ ٹی ٹوئنٹی جیتنے کے بعد بھارت چیمپئنز ٹرافی بھی جیت گیا۔ بھارتی ٹیم تین چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

    دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے 252 رنز کے جواب میں کپتان روہت شرما اور شبمن گل نے سنچری اسٹینڈ فراہم کر کے مضبوط بنیاد رکھی۔

    روہت شرما نے کپتانی باری کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے اور ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔

    رنز کی مشین ویرات کوہلی فائنل میں ناکام رہے اور صرف 1 اسکور بنا کر چلتے بنے۔ مڈل آرڈر میں سریش ایئر اور اکشرپٹیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف رنز کی رفتار بڑھائی بلکہ اچھی پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کو دباؤ سے بھی نکالا۔

    ایئر نے 48 اور پٹیل نے 29 رنز بنائے جس کے بعد کےایل راہول نے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ وہ 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

    نیوزی لینڈ‌کی جانب سے کپتان سینٹنر اور بریسویل نے2، 2 جب کہ رویندرا اور جیسمن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی. ٹاپ اسکورر روہت شرما کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا.

    اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان مچیل سینٹنر نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کے خلاف کیوی ٹیم کی پہلی وکٹ 57 رنز پر گری، وِل ینگ کو وروُن چکرورتھی نے آؤٹ کیا، جب کہ 69 رنز پر اوپنر رچن رویندرا اسپنر کلدیپ یادیو کا شکار بنے، ولمسن 11 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

    کیوی ٹیم کو چوتھا نقصان ٹام لیتھم کی صورت میں اٹھانا پڑا، ٹم 14 رنز بنا کر رویندرا جڈیجا کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

    نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے 251 رنز بنائے جس میں بریسویل کی ذمہ دارانہ نصف سنچری بھی شامل ہے۔ تجربہ کار ڈیرل مچل نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے۔

    ٹاس کے موقع پر کیوی کپتان مچیل سینٹنر نے بتایا کہ بولر میٹ ہینری انجری کے باعث فائنل نہیں کھیل رہے، انہوں نے کہا کہ توقعات کے مطابق بھارتی شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہے۔

    کیوی کپتان مچیل سینٹنر نے کہا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، پچ ویسی ہی ہے جیسے بھارت کے خلاف پچھلےمیچ کی تھی۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت اچھی ہے، دوسری بیٹنگ سے فرق نہیں پڑتا۔

  • پاک بھارت سیریز: انڈین بورڈ کی پالیسی کیا ہے؟ نائب صدر نے بتا دیا

    پاک بھارت سیریز: انڈین بورڈ کی پالیسی کیا ہے؟ نائب صدر نے بتا دیا

    بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے پاک بھارت سیریز سمیت دیگر ممالک کے ساتھ سیریز کے حوالے بورڈ کی پالیسی بتا دی۔

    قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھارتی ٹیم کےپاکستان آنے کافیصلہ بھارتی حکومت نے کرنا ہے بھارتی بورڈ کی پالیسی ہے کہ دو طرفہ سیریز اپنےاپنے ممالک میں کھیلیں گے۔

    چیمپئنز ٹرافی کی بہترین میزبانی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور آکر بہت اچھا لگ رہا ہے پی سی بی نے بہت اچھے طریقے سے اس ٹورنامنٹ کو آرگنائز کیا ہے، چیمپئنز ٹرافی شروع ہونے سے پہلے تمام معاملات طے پائے تھے۔

    راجیوشکلا نے کہا کہ ایشیاکپ کےحوالے سے اس وقت صورت حال برقرار ہے دنیا تو پاکستان اور بھارت کے میچز کرانے کی پیش کش کرے گی۔

    انڈین کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا فیملی کے ہمراہ منگل کے روز لاہور پہنچے اور نیوزی لینڈ جنوبی افریقا کا سیمی فائنل میچ قذافی اسٹیڈیم میں دیکھا۔

    بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو ملنے کے بعد روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کیا اور اپنے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیل رہی ہے۔ تاہم اسی بھارت کی ایک اہم شخصیت آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا لاہور میں آج ہونے والا دوسرا سیمی فائنل دیکھنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی ہے۔

  • چیمپئنز ٹرافی: جنوبی افریقا نے افغانستان کو 107 رنز سے شکست دے دی

    چیمپئنز ٹرافی: جنوبی افریقا نے افغانستان کو 107 رنز سے شکست دے دی

    چیمپئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو 107 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔

    کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا کی جانب سے دیے گئے 316 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 48.3 اوورز میں 208 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    رحمت شاہ کے 90 رنز کی اننگز کے علاوہ کوئی بھی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

    رحمان اللہ گرباز 10، ابراہیم زدران 17، کپتان حمشت اللہ شاہدی صفر اور محمد نبی 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، راشد خان 18 رنز بنا کر مہاراج کا نشانہ بنے۔

    جنوبی افریقا کی جانب سے ربادا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ویان ملڈر اور لنگی نگیدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے اور افغانستان کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    ریان ریکلٹن نے شاندار 103 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان ٹمبا باووما 58، رسی وین ڈر ڈوسن 52 اور ایڈن مارکرم بھی 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    ٹونی ڈی زورزی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ڈیوڈ ملر 14 رنز بنا کر فضل اللہ فاروقی کو وکٹ دے بیٹھے، مارکو جینسن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، ویان ملڈر 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

    افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فضل اللہ فاروقی، عظمت اللہ عمرزئی اور نور احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل جنوبی افریقا نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    ٹاس کے موقع پر جنوبی افریقہ کے کپتان نے کہا کہ افغانستان کیخلاف زیادہ سے زیادہ رنز کرنے کی کوشش کرینگے، یہ کہنا قبل ازوقت ہے کہ اس پچ پر کتنا اسکور بن سکتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

    دوسری جانب افغانستان ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم جلد سے جلد وکٹ حاصل کرنے کی کوشش کرینگے، اسپنرز بہت اچھی بولنگ کررہے ہیں امید ہے اچھا نتیجہ ملے گا۔

    واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو اور دوسرئ میچ میں بھارت نے بنگلا دیش کو شکست دی تھی۔