Tag: 10 muharram

  • ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

    ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

    اسلام آباد / کراچی / لاہور : حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا،جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

    جلوسوں کی فضائی نگرانی کے ساتھ گزر گاہوں پر فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر مختلف شہروں میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے جبکہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، مختلف شہروں میں موبائل فون کی بندش کے ساتھ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد تھی۔

    کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس مرکزی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر ختم ہوا، جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

    یوم عاشور کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے،جلوس کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔

    کراچی، لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں جلوسوں کے روٹ پر لنک روڈز کو کنٹینرز اور قناتیں لگاکر بند کیا گیا ہے اور مسلسل فضائی نگرانی بھی جاری ہے، خواتین پولیس اہلکار کی بڑی تعداد بھی مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

    سیکیورٹی خدشات کے باعث کراچی سمیت کئی شہروں میں موبائل فون سروس صبح سے ہی بند ہوگئی جبکہ انٹرنیٹ وائی فائی سروس بھی متاثر ہے، سندھ اور پنجاب کے بڑے شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔

    یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر کی فضا سوگوار ہے،  نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں نے کربلا کے میدان میں عظیم قربانی پیش کرکے اسلام کو ہمیشہ کے لیے سربلند کردیا.

    حق و باطل کے اس معرکے کی یاد میں آج ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں علم،شبیہہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں جن کی سیکیورٹی کے لئے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار تعینات کئے گئے ہیں بلکہ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کے ساتھ رینجرز کو بھی اہم شاہراوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

    عزادار نوحہ خوانی اور ماتم کرکے اپنے غم کا اظہار کررہے ہیں، یوم عاشور پر سیدہ کےلعل کا پرسہ دینے کے لئے عزداران شاہراہوں پر ہیں، حسین ابن علی اور اہل بیت کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔

     : کراچی
    کراچی میں یوم عاشور کامرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر منزل کی جانب رواں دواں ہے، جلوس کے شرکاء نوحہ خوانی، سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے ہوئے روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں۔ جلوس کی گزرگاہوں پرسبیل لگائی گئیں ہیں اور لنگرتقسیم کیا جارہا ہے۔

     : لاہور
    لاہور کا مرکزی جلوس نثارحویلی سے نکالا گیا جو مقرر کردہ راستوں پر گامزن ہے، عزاداران حسین نے جلوس کے راستے میں سینہ کوبی کی اور زنجرر زنی کی ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے تمام راستوں کو مکمل طور پر سیل کرتے ہوئے ہر داخل ہونے والے ہر شخص کی میٹیل ڈیٹیکٹو کے ذریعے جامہ تلاشی لی جا رہی ہے۔

     : ملتان اور جھنگ
    ملتان میں امام بارگاہ ہیرا حیدری اور جھنگ میں امام بارگاہ حسینیہ سےمرکزی جلوس نکلے، ملتان میں عزاداران کے تین بڑے ماتمی جلوس نکالے گئے ہیں جلوسوں کی نگرانی کیلئے پچاس سے زائد کیمرے نصب کئے گئے ہیں، سیکیورٹی اور کنڑول روم کی مانیٹرنگ علاقائی کمشنر اورڈپٹی کمشنر خود کر رہے ہیں۔

     : مظفر آباد
    مظفر آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔ جلوس کے راستے میں آنے والے تجارتی مراکز کو مکمل سیل کر دیا گیا ہے، جلوس کے لئے ریسکیو ادارے، بم ڈسپوزل اسکواڈ، محکمہ صحت، ٹریفک پولیس کا عملہ خصوصی طور پر اپنی فرائض سر انجام دے رہا ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

     : گوجرانوالہ  
    یوم عاشورہ کے جلوس چوک گھنٹہ گھر پہنچ چکے ہیں ، جہاں وہ نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد زنجیر زنی کر رہے ہیں، جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور آنے والے تمام افراد کی چیکنگ کی جاری ہے

    علاوہ ازیں شہدائے کربلا کی یاد میں کوئٹہ میں علمدار روڈ سے جلوس برآمد ہوا، پشاور میں بھی یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے، جہلم، ڈسکہ، سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی جامشورو سمیت ملک کے مختلف حصوں میں چھوٹے بڑے جلوس رواں دواں ہیں۔ گلگت بلتستان کے بھی مختلف شہروں میں جلوس نکالے جارہے ہیں۔

  • عاشورہ : امن و امان اورفول پروف سیکیورٹی پرگورنرسندھ کا اظہاراطمینان

    عاشورہ : امن و امان اورفول پروف سیکیورٹی پرگورنرسندھ کا اظہاراطمینان

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی عاشورہ محرم کے دوران صوبہ میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی کاوشوں کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے مسلسل اجلاسوں کے انعقاد ،بریفنگز اور دوروں کے ذریعہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا۔

    گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے چیف سکریٹری سندھ محمد صدیق میمن ،ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل بلال اکبر،ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وھرہ ،انسپکٹر جنرل پولیس سندھ اے ڈی خواجہ اور ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر سے بھی رابطہ کیا۔

    گورنر سندھ نے عاشورہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے پر مبارکباد پیش کی، انہوں نے عوام، علمائے کرام ،جلوسوں کے شرکاءاور منتظمین کی جانب سے سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کی تعریف کی۔

    گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کی مجالس ،جلوسوں کی سیکیورٹی اور صفائی ستھرائی کے لئے مثالی اقدامات کئے گئے۔ فول پروف سیکیورٹی کو ہر حال میں یقینی بنانے پر رینجرز و پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے اور اسکاؤ ٹس تنظیمیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ امام بارگاہوں ،مساجد اور مجالس کے مقامات کے باہر اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی کے لئے ڈپٹی میئر کراچی نے نمایاں کردار ادا کیا۔

    صوبہ کے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کے موثر اور مربوط اقدامات کے باعث تمام اضلاع میں صورتحال کنٹرول میں رہی۔

     

  • وزیراعلیٰ سندھ  نے ہیلی کاپٹرکے ذریعے جلوس کا جائزہ لیا

    وزیراعلیٰ سندھ نے ہیلی کاپٹرکے ذریعے جلوس کا جائزہ لیا

    سکھر / کراچی : سندھ کے بڑوں شہروں کے علاوہ چھوٹے شہروں میں بھی یوم عاشور کی مناسبت سے مجالس بپا ہوئیں اور ماتمی جلوس نکالے گئے، عزاداران نے پرسہ دیا اور نوحہ خوانی کی۔

    CM Sindh inspects Ashura processions security by arynews
    تفصیلات کے مطابق سکھر میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلوس کےانتظامات کا جائزہ لیا۔ یوم عاشور کا ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں سے گذرتا ہوا ختم ہوگیا۔

    روہڑی میں آٹھ محرم کو شاہ عراق سے برآمد ہونے والا ماتمی جلوس ختم ہوگیا۔ شرکا نے حیدر شاہ حقانی کے مقام پر رات گزاری جس کے بعد دس محرم کو مرکزی امام بارگاہ پر ختم ہوا۔

    حیدر آباد میں بھی یوم عاشور کا مرکزی جلوس روایتی راستوں سے گزرتا ہوا ختم ہوگیا۔ روٹ پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے لیڈی کمانڈوز بھی تعینات تھیں۔

    ملتان میں مرکزی ماتمی جلوس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں سے انیس چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے جن کے روٹ پر کڑا پہرا تھا۔ تمام جلوسوں کی مرکزی کنٹرول روم سے نگرانی بھی کی گئی۔

    فیصل آباد میں چوک گھنٹہ گھر سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس امام بارگاہ حیدریہ چوک پر ختم ہوا ۔ عزاداروں نے زنجیر زنی کی اور نوحے پڑھے۔ راستے میں سبیلیں بھی لگائی گئی تھیں۔

  • نو اور دس محرم کو موبائل فون اور انٹرنیٹ بند رہیں گے

    نو اور دس محرم کو موبائل فون اور انٹرنیٹ بند رہیں گے

    کراچی: نو اور دس محرم کو سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے ملک کے بیشتر شہروں میں موبائل اور انٹر نیٹ سروس بند اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    نو اور دس محرم کو سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کر لیے گئے،ملک کے مختلف شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ حساس علاقوں میں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس بھی معطل رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    اسلام آبادکی ضلعی انتظامیہ نے بھی نواوردس محرم الحرام کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

  • یوم عاشور پر ملک کے 68 اضلاع میں موبائل فون سروس بند رہے گی

    یوم عاشور پر ملک کے 68 اضلاع میں موبائل فون سروس بند رہے گی

    اسلام آباد / کراچی : وفاقی حکومت نے دس محرم الحرام کو ملک کے 68 اضلاع میں موبائل فون سروس بند کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔

    ذرائع کے مطابق یوم عاشورہ کے موقع پر پنجاب کے 34 ، سندھ کے 8 ، خیبرپختونخواہ کے 15 ، بلوچستان کے تین ، گلگت بلتستان کا ایک اور آزاد جموں و کشمیر کے سات اضلاع میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔

    مختلف صوبائی حکومتوں نے وفاقی وزارت داخلہ کو موبائل فون سروس بند کرنے کی درخواست کی تھی جس کی وجہ سیکیورٹی خدشات تھے اس کو سامنے رکھتے ہوئے موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    علاوہ ازیں سندھ کے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ کے مطابق دس محرم کو 8اضلاع میں موبائل فون سروس پر بھی پابندی عائد ہو گی۔

    جن میں خیر پور ،بدین حیدرآباد کراچی سمیت دیگر اضلاع بھی شامل ہیں، کسی بھی نا خوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے رینجرزاور پولیس کے اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے۔