Tag: 10 suspects arrested

  • بیرون ملک سے مزید10 اشتہاری ملزمان گرفتار

    بیرون ملک سے مزید10 اشتہاری ملزمان گرفتار

    لاہور : پنجاب پولیس نے مختلف جرائم میں ملوث بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے اقدامات تیز کردیئے، اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بیرون ملک سے مزید10اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    اس حوالے سے پنجاب پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار اشتہاریوں کو سعودی عرب، یو اے ای، مسقط اور یونان سے واپس پاکستان لایا جارہا ہے۔ رواں سال قتل، اقدام قتل اور اغواء برائے تاوان میں ملوث 28اشتہاری ملزمان کو بیرون ملک سے گرفتار کیا گیا۔

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق نارروال پولیس کو مطلوب 3اشتہاریوں عاکف حمید کو دبئی، ظہیر کو مسقط ، یاسر کو یونان سے گرفتار کیا گیا جبکہ ڈی جی خان پولیس کو مطلوب 3اشتہاریوں غلام فرید، محمد اصغر کو یواے ای، ظفر اقبال کو سعودی عرب سے گرفتار کیا گیا۔

    اس کے علاوہ ملتان پولیس کو مطلوب 2 اشتہاریوں محمد مجاہد کو سعودی عرب، محمد وسیم کو یو اے ای سے، سیالکوٹ پولیس کو مطلوب اشتہاری طیب علی اور اٹک پولیس کا اشتہاری ملزم عبادت یو اے ای سے گرفتار کیا گیا۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے ہدایات جاری کی ہیں کہ انٹرپول اور ایف آئی اے کے تعاون سے مفرور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کو مزید تیز کیا جائے، اشتہاریوں کے پاسپورٹس منسوخی کے ساتھ انٹرپول کے ریڈ نوٹس جاری کروائے جائیں۔

  • سعودی عرب : سوشل میڈیا پر لوگوں کو لوٹنے والوں کا انجام

    سعودی عرب : سوشل میڈیا پر لوگوں کو لوٹنے والوں کا انجام

    ریاض : سعودی عرب پولیس نے ایک گروہ کے دس ملزمان کو گرفتار کیا ہے جو نوکری دلانے کے بہانے سے لوگوں سے اچھی خاصی رقم اینٹھ کر انہیں دھوکہ دے رہے تھے۔

    اس حوالے سے سعودی عرب میں ریاض پولیس کے ترجمان میجر خالد الکریدیس نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی خصوصی ٹیم نے لوگوں کو پرکشش نوکری کا جھانسہ دے کر انہیں لوٹنے والے دس رکنی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق گروہ میں چھ پاکستانی اور بھارتی شامل ہیں جبکہ ان کے دوساتھیوں کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ بیرون ملک سے نیٹ ورک سے منسلک تھے۔

    جعل ساز گروہ سے تعلق رکھنے والے چار بنگلہ دیشیوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جو ملزمان کو غیر قانونی موبائل اور انٹرنیٹ سمز فراہم کرتے اور ان کی مجرمانہ کارروائیوں کے شریک تھے۔

    میجر خالد الکریدیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کو ریاض، مکہ مکرمہ اور مشرقی ریجن سے حراست میں لیا گیا ہے جن سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    گروہ کے بارے میں معلوم ہوا کہ انہوں نے مختلف دھوکے بازی کی وارداتوں کے ذریعے مختلف لوگوں سے 15 لاکھ ریال سے زائد رقم ہتھیائی تھی۔

    ملزمان کے قبضے سے 40 ہزار ریال نقد، سونے کے زیورات اور چار ہزار 800 نیشنل اور انٹرنیشل موبائل سمز بھی برآمد ہوئی ہیں۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان ایسے افراد کا شکار کرتے تھے جو روزگار کی تلاش میں یا بینک سے قرض لینے کے لیے کوشاں ہوتے۔

    ملزمان سوشل میڈیا پرانتہائی پرکشش تنخواہ اور مراعات پرمبنی نوکری اور آسان قرض حاصل کرنے کا اشتہار دیتے انٹرویو کے لیے آن لائن وڈیو کانفرنس کا انتظام کرتے تھے۔

    انٹرویو کے بعد نیٹ ورک کی جانب سے بائیو ڈیٹا اور فائل مکمل کرنے کے لیے درخواست گزار کی ذاتی معلومات جن میں بینک اکاونٹ کی تفصیلات بھی شامل ہوتی تھی حاصل کی جاتی تھیں۔

    خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر ایک شخص نے اپنے شکار ہونے کی داستان میں کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر پرکشش نوکری کا اشتہار دیکھ کر اپنی سی وی ارسال کردی۔

    سی وی ارسال کرنے کے کچھ دن بعد آن لائن انٹرویو کے لیے وقت متعین کیا گیا، متاثرہ شخص کا مزید کہنا تھا کہ وقت مقررہ پر آن لائن وڈیو انٹرویو شروع ہوا دوسری جانب جو شخص تھا وہ انتہائی شائستہ اورمہذب دکھائی دے رہا تھا۔

    انٹرویو کے بعد ایک فارم ارسال کیا گیا جو نوکری سے متعلق ہی تھا جس کے بارے میں کہا گیا کہ فارم پر کرکے آن لائن جمع کرانا ہے جس کے بعد کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز فیصلہ کریں گے۔

    فارم ارسال کرنے کے دوسرے دن موبائل پرایس ایم ایس کے ذریعے ایک کوڈ موصول ہوا جس کے ساتھ ہی موصول ہونے والی کال میں کہا گیا کہ وہ کوڈ کمپنی کو ارسال کرنا ہے تاکہ آن لائن انٹرویو کے مرحلے کو مکمل کیا جاسکے۔

    متاثر شخص نے مزید کہا کہ کال کرنے والے انتہائی مہذب طریقے سے بات کررہا تھا ایسا محسوس ہی نہیں ہوتا تھا کہ وہ کوئی لٹیرا یا جعل ساز ہے۔ موصول ہونے والا کوڈ کال کرنے والے کو دینے کے چند منٹ بعد ہی میرے بینک اکاؤنٹ سے خطیررقم نکالی جاچکی تھی۔

    واضح رہے اس سے قبل موبائل فون پر خطیر رقم انعام میں نکلنے کی نوید سنا کرلوگوں کو لوٹا جاتا تھا بعدازاں بینک اکاؤنٹ اپ ڈیٹ کرنے کا کہہ لوگوں کی بینک معلومات حاصل کرکے ان کے اکاؤنٹ سے رقم منتقل کرالی جاتی جبکہ اب پرکشش نوکری اور آسان قرضے کا لالچ دے کر واردات کا نیا طریقہ اختیار کیا گیا تھا۔

  • رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائی : 10 ملزمان گرفتار، اسلحہ و منشیات برآمد

    رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائی : 10 ملزمان گرفتار، اسلحہ و منشیات برآمد

    رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے10ملزمان کو گرفتار کرلیا، تاج کمپلیکس اور بس اسٹینڈ کے اطراف سرچ آپریشن کرکے مشکوک افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز کی ٹیم نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی ہے اس دوران 10ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    اس حوالے سے ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ مذکورہ کارروائی سعودآباد، فیروزآباد، ماڈل کالونی، عوامی کالونی میں کی گئی، گرفتار ملزمان بھتہ خوری، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں،

    ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان سے اسلحہ،ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد ہوئی ہے، ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانے کی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب رینجرز اہلکاروں نے صدر کے علاقے تاج کمپلیکس اور اس سے ملحقہ بس اسٹینڈ کےاطراف سرچ آپریشن کیا۔

    ذرائع کے مطابق بارہ سے زائد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر سوار اہلکاروں نے آپریشن میں حصہ لیا، آپریشن کے دوران مخصوص مقامات کے داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے گئے تھے۔

    خفیہ اطلاعات پر مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے اور مشکوک افراد کی تلاشی لی گئی، حراست میں لیے گئے مشکوک افراد کی بائیومیٹرک مشین کے ذریعے کوائف کی چیکنگ کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق مشتبہ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کا موقع پر ریکارڈ بھی چیک کیا جارہا ہے، مذکورہ آپریشن محرم الحرام پر امن و امان کے قیام حوالے سے کیا جارہا ہے۔

  • مخالف کے جنازے میں شرکت کیوں کی؟ مولوی نے40 افراد کا نکاح منسوخ کردیا، ملزم گرفتار

    مخالف کے جنازے میں شرکت کیوں کی؟ مولوی نے40 افراد کا نکاح منسوخ کردیا، ملزم گرفتار

    چنیوٹ : 40افراد کا نکاح منسوخ کرنے والا مولوی متعدد دیہاتیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا، ملزم نے مخالف پارٹی کے شخص کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے افراد کے نکاح کی تنسیخ کردی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق چنیوٹ میں پولیس نے ایک مولوی کو متعدد افراد سمیت حراست میں لیا ملزم پر الزام تھا کہ اس نے مخالفین کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے پر40افراد کا نکاح منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    نماز جنازہ پڑھنے پر مذکورہ دیہاتی مولوی نے40افراد کا دوبارہ نکاح پڑھا دیا، اطلاع ملنے پر پولیس نے مولوی سمیت10افراد کو حراست میں لے لیا۔

    بعد ازاں پولیس نے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا، مولوی سمیت 10افراد کو دفعہ7/51 کے تحت گرفتاری کے بعد عدالت سے رہائی ملی، دس افراد کی گرفتاری پر عدالت نے پولیس اہلکاروں کی سرزنش بھی کی۔

  • کراچی میں فائرنگ: ایک شخص ہلاک،5زخمی، دس ملزمان گرفتار

    کراچی میں فائرنگ: ایک شخص ہلاک،5زخمی، دس ملزمان گرفتار

    کراچی : شہر قائد پھر گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا، ایک گھنٹے میں فائرنگ کے تین واقعات پیش آئے، جس میں ایک شخص جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے، رینجرز نے مختلف علاقوں سے ٹارگٹ کلر سمیت دس ملزمان گرفتار کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں گولیاں چل گئیں، کورنگی ویٹا چورنگی پرفائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    اورنگی ٹاؤن کے علاقے بجلی نگر میں فائرنگ سے چار افراد زخمی ہوگئے حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ نارتھ کراچی میں خواجہ اجمیر نگری کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

    دوسری جانب جرائم پیشہ افراد سرگرم ہوئے تو قانون نافذ کرنے والے بھی حرکت میں آگئے، رینجرز نے چھاپہ مار کارروائیوں میں مختلف علاقوں سے دس ملزمان گرفتار کرلیے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق عوامی کالونی زمان ٹاؤن سے بھتہ خورمعیدالدین اور محمداقبال جبکہ ٹارگٹ کلرعمران خان کو گرفتار کرلیا۔

    گرفتار ملزمان بھتہ خوری، غیرقانونی اسلحے کی ترسیل میں ملوث ہیں، کراچی پولیس نے سائٹ کے علاقےسے اسٹریٹ کرائم میں ملوث تین ملزمان گرفتار کرکے اسلحہ، موبائل فون اور شناختی کارڈزبرآمد کرلیے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔