Tag: 100 سے زائد فلسطینی شہید

  • غزہ میں اسرائیلی ظلم کی انتہاء، 100 سے زائد فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی ظلم کی انتہاء، 100 سے زائد فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی سفاکیت نے تمام حدیں پار کردیں، قابض فوج نے غزہ میں ایک اور حاملہ خاتون سمیت مزید 100 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج نے شاتی پناہ گزین کیمپ میں گھر پر راکٹ حملہ کیا، جس کے باعث گھر کا ایک حصہ تباہ ہوگیا جس کے باعث ایک حاملہ خاتون بھی شہید ہوگئی۔

    اسرائیلی فوج نے جس گھر کو نشانہ بنایا وہاں کمرے سے کھلونے اور بچوں کے کپڑے ملے جو غالباً خاتون نے اپنے ہونے والے بچے کے لیے تیار کئے تھے۔

    قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ایک روز میں مزید 100 سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے، جس کے بعد غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 63 ہزار 557 تک پہنچ گئی، جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار 660 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق غزہ میں قحط کی صورت حال ہے، بھوک کی شدت کے باعث مزید 9 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے باعث اب بھی سڑکوں پر ملبے تلے کئی افراد دبے ہوئے ہیں اور اسرائیلی فوج کی جانب سے ریسکیو اہلکاروں کو ملبہ ہٹانے کی اجازت نہیں مل رہی۔

    دوسری جانب امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ نے فلسطینی پاسپورٹ کے حامل تمام افراد کو ویزا دینے سے انکار کر دیا۔

    امریکا نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے فلسطینی رہنماؤں کی ویزا منسوخی کے بعد اب تقریباً تمام فلسطینی پاسپورٹ کے حامل افراد کے لیے ویزا پالیسی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔

    غزہ متاثرین کی امداد کے لیے امدادی قافلہ اسپین سے روانہ

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے نئی ویزا پالیسی کے تحت سفارت کاروں کو ہدایت کی ہے کہ فلسطینی پاسپورٹ کے حامل افراد کی ویزا منظوری روک دیں۔

    فلسطینی پاسپورٹ کے حامل افراد کے ویزا منسوخی کا مقصد یہ ہے کہ فلسطینیوں کو علاج کے لیے امریکا آنے، پڑھنے اور کاروباری سفر سے روکا جا سکے۔