Tag: 100 میٹر

  • کیا یوسین بولٹ کا ریکارڈ ایک عام آدمی نے توڑ دیا؟

    کیا یوسین بولٹ کا ریکارڈ ایک عام آدمی نے توڑ دیا؟

    نئی دہلی: بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ چاولوں کے کھیت میں ہونے والی ایک ثقافتی ریس میں ایک بھارتی شخص نے، عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹ یوسین بولٹ کا تیز دوڑنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

    بھارتی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ مزدور سری نواسا نے روایتی کمبالا نامی علاقائی ریس میں حصہ لیا جس میں شامل افراد، چاول کے کھیت میں 2 بھینسوں کو پکڑ کر 100 میٹر تک دوڑ لگاتے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس شخص نے یہ فاصلہ 9.55 سیکنڈز میں طے کر کے معروف جمیکن ایتھلیٹ یوسین بولٹ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جو یہ فاصلہ 9.58 سیکنڈز میں طے کرچکے ہیں۔

    جیسے ہی اس ریس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آئی، بھارتی میڈیا نے اس مزدور کو یوسین بولٹ کا ہم پلہ قرار دینا شروع کردیا، یہ نظر انداز کر کے اس شخص نے بھینسوں کی مدد سے یہ ریس جیتی، تو کمال بھینسوں کا ہوا، اس شخص کا نہیں۔

    بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک معروف رہنما مرلی دھر راؤ نے اپنے ٹویٹر پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے معروف ٹرینرز کو اس شخص کی تربیت کرنی چاہیئے۔

    ان کے اس ٹویٹ پر ریاستی وزیر کھیل کرن رجیجو نے جواب دیا کہ اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے حکام نے اس شخص سے رابطہ کرلیا ہے، سری نواسا پیر کے روز مرکزی اسپورٹس سینٹر پہنچ جائے گا اور میں یقینی بناؤں گا کہ ملک کے چوٹی کے ٹرینرز اس کی تربیت کریں۔

    سری نواسا کے اس کارنامے کے بعد جب متعدد ٹی وی چینلز نے اس کا انٹرویو کیا تو اس نے بتایا کہ اسے بچپن سے اس ریس میں حصہ لینے کا شوق تھا اور وہ گزشتہ 7 برس سے اس کھیل میں حصہ لے رہا ہے۔

    دوسری جانب دیوانے ہوئے بھارتی میڈیا کو کھیلوں کی گورننگ باڈی نے تنبیہہ کردی کہ وہ اس بھارتی شخص کے عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹ سے موازنے سے گریز کریں۔

    گورننگ باڈی کا کہنا ہے کہ اولمپک انتظامیہ کے پاس رفتار جانچنے کے لیے سائنسی طریقے اور بہتر آلات موجود ہیں۔

    خیال رہے کہ افریقی ملک جمیکا کے ایتھلیٹ یوسین بولٹ کو دنیا کا تیز ترین انسان قرار دیا جاتا ہے۔ بے شمار ریکارڈز رکھنے والے بولٹ کی اوسط رفتار 23 میل فی گھنٹہ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ رفتار 27 میل فی گھنٹہ ہے۔

  • ترک خاتون غوطہ خور نے عالمی ریکارڈ بنا کر سب کو حیران کر دیا

    ترک خاتون غوطہ خور نے عالمی ریکارڈ بنا کر سب کو حیران کر دیا

    انقرہ: ترکی کی 34 سالہ قومی ایتھلیٹ ساہیکا ارکیومین نے زیرآب غار میں ایک سانس میں 100 میٹر کا فاصلہ طے کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نہ آکسیجن سلینڈر نہ پیروں میں تیراکی کے مخصوص جوتے، ترکی کی خاتون غوطہ خور ساہیکا ارکیومن نے زیر آب غار میں ایک ہی سانس میں سو میٹر کا فاصلہ طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنا لیا۔

    ترکی کی 34 سالہ قومی ایتھلیٹ ساہیکا ارکیومین نے زیر آب غار میں جہاں پانی کا درجہ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ تھا اپنی سانس روک کر 1 منٹ میں 100 میٹر تیر کر سب کو حیران کردیا۔

    خیال رہے کہ یہ غار 1999 میں ایک چرواہے نے دریافت کی تھی اور یہ برفانی دور کی ہے۔

    عالمی ریکارڈ بنانے کے بعد ساہیکا ارکیومین کا کہنا تھا کہ زیر آب غار میں تیرنے سے پہلے وہ بہت پرجوش تھیں اور ان کا دل تیزی سے دھڑک رہا تھا کیونکہ وہ ایک خاص مقصد کے لیے تیر رہی تھیں اور اس میں انہیں کامیابی ملی۔

    فری اسٹائل غوطہ خور ساہیکا ارکیومین اس سے قبل بھی کئی ریکارڈ اپنے نام کرچکی ہیں۔