Tag: 100-year-old

  • امریکا: دریا سے پکڑی جانے والی خوفناک مچھلی نے لوگوں کو پریشان کردیا

    امریکا: دریا سے پکڑی جانے والی خوفناک مچھلی نے لوگوں کو پریشان کردیا

    امریکا میں ایک دریا سے پکڑی جانے والی قوی الجثہ اور طویل قامت مچھلی نے لوگوں کو حیران کردیا، اس کی عمر 100 سال بتائی جارہی ہے جبکہ اس کی قامت انسانی قامت سے بھی زیادہ ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی فش اینڈ وائلڈ لائف سروس نے ڈیٹرائٹ کے دریا سے مچھلی کی ایک نایاب قسم پکڑی ہے۔ اسٹرجن نامی اس مچھلی کا وزن 90 کلو گرام ہے جبکہ اس کی قامت 6 فٹ 10 انچ ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنی پوسٹ میں وائلڈ لائف سروس کا کہنا تھا کہ اس مچھلی کی عمر ممکنہ طور پر 100 سال ہوسکتی ہے، یعنی یہ ڈیٹرائٹ دریا میں سنہ 1920 سے موجود ہے۔

    وائلڈ لائف سروس کی جانب سے اسے عفریت بھی کہا گیا ہے۔

    تصویر میں محکمے کا ایک ملازم مچھلی کے برابر میں لیٹا دکھائی دے رہا ہے اور دیکھا جاسکتا ہے کہ اس کی قامت مچھلی سے کم ہے۔

    A once in a lifetime catch for our Detroit River native species crew last week! This real life river monster was tipping…

    Posted by Alpena Fish and Wildlife Conservation Office on Friday, April 30, 2021

     

    پوسٹ میں کہا گیا کہ اس مچھلی کی جانچ پڑتال کے بعد اسے فوری طور پر واپس دریا میں چھوڑ دیا گیا۔

    اس پوسٹ پر فیس بک صارفین نے نہایت حیرت و مسرت کا اظہار کیا، بعض افراد نے کہا کہ یہ جاننا نہایت خوش کن ہے کہ آبی آلودگی کے باجود یہ مچھلی ایک طویل عمر جینے میں کامیاب رہی۔

    امریکی ڈپارٹمنٹ آف نیچر ریسورسز کی جانب سے یہ مچھلی معدومی کے خطرے کا شکار جاندار قرار دی جاچکی ہے جبکہ تجارتی بنیادوں پر اس کے شکار پر پابندی عائد ہے۔

    ماہرین کے مطابق اسٹرجن مچھلی سات فٹ تک طویل ہوسکتی ہے، مادہ مچھلیاں نر مچھلیوں کی نسبت زیادہ وزنی اور طویل قامت ہوتی ہیں، نر مچھلی کی عمر زیادہ سے زیادہ 55 سال جبکہ مادہ مچھلی کی عمر زیادہ سے زیادہ 70 سے 100 سال تک ہوسکتی ہے۔

  • 100 سالہ شہری کو کرونا وائرس ویکسین لگا دی گئی

    100 سالہ شہری کو کرونا وائرس ویکسین لگا دی گئی

    کراچی: صوبہ سندھ میں معمر ترین شخص کو کرونا وائرس ویکسین لگا دی گئی، مذکورہ شہری کی عمر ایک سو سال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں معمر ترین شخص کو کرونا وائرس ویکسین لگا دی گئی، اسرائیل احمد مینائی نامی شہری کی عمر ایک سو سال ہے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل احمد وہیل چیئر پر بیٹھ کر آغا خان اسپتال پہنچے تھے، ان کے شناختی کارڈ سے ان کی عمر کی تصدیق کی گئی۔

    آغا خان اسٹاف کا کہنا ہے کہ اسرائیل احمد کہیں سے بھی سو سال کے نہیں لگے، ہمارا اندازاہ تھا کہ اسرائیل احمد کی عمر 70 سے 75 سال ہوگی۔

    محکمہ صحت نے مزید بتایا ہے کہ اسرائیل احمد ڈیفنس کراچی کے رہائشی ہیں، انہیں ویکسین دینے سے قبل بلڈ پریشر، شوگر اور دیگر ٹیسٹ بھی کیے گئے تھے جس کے بعد انہیں ویکسین لگائی گئی۔

  • برطانیہ: 100 سالہ خاتون کا 74 سالہ شخص سے شادی کا فیصلہ

    برطانیہ: 100 سالہ خاتون کا 74 سالہ شخص سے شادی کا فیصلہ

    لندن : برطانیہ کی رہائشی 100 سالہ بزرگ خاتون نے 74 برس کے شخص کی شادی کی پیش کش قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے اس فیصلے پر بے حد خوشی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دو بزرگ شہریوں نے 100 برس کی عمر میں شادی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، بزرگ شہری کی جانب سے عمر کے اس عرصے میں شادی کے اعلان نے سب کو حیرت زدہ کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ 30 برس سے ساتھ زندگی گزارنے والی 100 سالہ نورا وٹکس اپنے مستقبل کے شریک حیات 74 سالہ یٹس میلکم کے ساتھ شادی کے فیصلے پر بے حد خوش ہیں۔

    مقامی میڈیا کی جانب سے نورا وٹکس سے تاخیر سے شادی کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے بتایا کہ ’میلکم نے کبھی شادی کے حوالے کوئی بات نہیں کی اور میں نے بھی اس بارے میں کوئی سوال نہیں پوچھا‘۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق عمر رسیدہ جوڑا آئندہ کی 16 تاریخ کو قریبی ہوٹل میں شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ 100 سالہ دلہن کی اس سے قبل دو مرتبہ شادی ہوچکی ہے اور ان کی ایک بیٹی بھی ہے، لیکن ان کے دونوں سابقہ شوہروں کی موت ہوگئی تھی اور 74 سالہ دولہا میلکم بھی طلاق یافتہ ہیں۔

    نورا وٹکس نے بتایا کہ ’وٹکس سے ان کی ملاقات سنہ 1980 میں ہوئی تھی، جس کے بعد ہم دونوں ایک ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔

    مقامی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ یٹس میلکم ماضی میں ایک بس ڈرائیور تھے، جنہوں نے چند ہفتوں قبل ہی مستقبل میں شریک حیات بننے والی بزرگ خاتون کو شادی کی پیش کش کی تھی۔

    وٹکس میلکم کا کہنا تھا کہ ’ہم کئی برسوں سے ایک ساتھ رہ رہے تھے اور لوگ ہم سے سوال پوچھتے تھے کہ کیا ہماری شادی ہوئی ہے؟ اس لیے ہم نے شادی کا فیصلہ کیا۔

    میلکم نے بتایا کہ عروسی کی تقریب قریبی ہوٹل میں 16 اکتوبر کو منعقد ہوگی،جس میں ہمارے اہل خانہ اور قریبی دوست سمیت کل 30 افراد شرکت کریں گے۔