Tag: خان کے 100 دن

  • فنانس بل: وزیراعظم، گورنرزاوروزراء  کا ٹیکس استثنیٰ ختم کردیا گیا

    فنانس بل: وزیراعظم، گورنرزاوروزراء کا ٹیکس استثنیٰ ختم کردیا گیا

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ اسد عمر نے ضمنی فنانس بل پیش کردیا، وزیراعظم ، گورنرز اور وزراء کا ٹیکس استثنیٰ ختم کردیا گیا ، سب کو عام پاکستانیوں کی طرح ٹیکس دینا ہوگا۔

    تفصیلات کےمطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے آج بروز منگل ضمنی فنانس بل پارلیمنٹ میں پیش کیا ، پارلیمنٹ میں بل پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کے بجٹ پر چلتے تو معاشی لحاظ سے شدید نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا فنانس بل میں کہا گیا ہے کہ سابقہ بجٹ میں خسارہ 1900 ارب روپے دکھایا گیا ہے ، اگر اقدامات نہ کیا گئے تو یہ خسارہ 2780 ارب روپے سے تجاوز کرجائے گا۔

    پارلیمنٹ میں بل پیش کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کےپیش کردہ بجٹ کےمطابق انہیں 8.2 فیصد بجٹ خسارہ ملا تھا، قرضو ں میں 34 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے ، قرضے لینےکے باوجود ہمارےزرمبادلہ کےذخائردو ماہ کےدرآمدات کے لیے بھی نہیں ہے ،زرمبادلہ کےذخائر پانچ سے چھ ہفتے کی سطح پرآئےتوڈالرکی قیمت سب نےدیکھ لی اور زرمبادلہ کےذخائر مزید نیچےآنےسےروپیہ اوردباؤ میں آئےگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ روپےکی قدرکم ہونےسےاشیائےخوردونوش تک مہنگی ہوگئی ہیں ۔ روپےکی قدرکم ہوتی ہےتومقامی گیس بھی مہنگی ہوتی ہے،روپےکی قدرکم ہونےسے تمام چیزوں پربراہ راست اثرہوتاہے۔

    اسد عمر نے بتایا کہ ملک کے بیرونی قرضے60ارب سےبڑھ کر95ارب ڈالرہوگئےہیں جبکہ سرکلرڈیبٹ میں ساڑھے500ارب روپےکااضافہ ہواہے،حکومتی ڈیبٹ28ہزار ارب سےتجاوزکرگیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ ورکرزڈیویلپمنٹ فنڈ کا40ارب سےزائدوفاق نےروکاہواہے اور مزدوروں کی فلاح کے لیے جوکام ہوتےہیں وہ تمام کام رکےہوئےہیں۔

    امیروں پر ٹیکس

    فنانس بل پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیراعظم ، وزرا اور گورنرز کا ٹیکس استثنا ختم کردیا گیا ہے ، اب وہ بھی عام پاکستانیوں کی طرح ٹیکس دیں گے۔ صرف صاحب ِ حیثیت لوگوں پر ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا جارہا ہے۔بتایا گیا کہ صرف 70 ہزار متمول شہریوں کی ٹیکس کی شرح بڑھائی گئی ہے، باقی ہر پاکستانی کا ٹیکس ریٹ گزشتہ سال کی نسبت کم ہی ہوگا۔

    یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان میں دنیاکاسب سےسستاترین سگریٹ ملتاہے،تمباکوپرٹیکسوں میں اضافہ کیاجائےگا اوراسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ٹیکنالوجی کااستعمال کیاجائے گا۔ دوسری جانب 1800سی سی سےبڑی گاڑی پر ڈیوٹی20 فیصدکی جارہی ہے۔

    کہا گیا ہے کہ سالانہ 12 لاکھ آمدن والے لوگوں پرٹیکس نافذ نہیں ہوگا۔

    سی پیک اور ترقیاتی منصوبے

    سی پیک کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی پروگرام میں کمی نہیں آئےگی۔ کسی بھی پروگرام میں ایک روپے کی بھی کمی نہیں کی جاسکتی۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملک میں ترقیاتی منصوبوں پر725ارب روپےخرچ کریں گے۔

    یہ بھی کہا گیا ہے کہ 725 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ میں سے 50 ارب صرف کراچی کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ دنیا تیس سال آگے نکل گئی ہے ہم پیچھے رہ گئے ہیں۔

    پیٹرولیم لیوی اور صنعتیں

    حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پٹرولیم لیوی ٹیکس میں اضافہ نہیں کیاجائےگا، درآمدی صنعتوں کے لیے ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کی جارہی ہے جبکہ درآمدی صنعتوں کے لیے خام مال پرریگولیٹری ڈیوٹی ختم کی جارہی ہے۔

    بیرونِ ملک پاکستانی

    یہ بھی کہا گیا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کوٹیکس فائل کرنےکی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ یہاں سرمایہ کاری کرسکیں گے۔ٹیکس فائلرزپرکسی قسم کابوجھ نہیں ڈالاجائےگا۔

    نا فائلرز کو سہولت

    حکومت نے حیران کن قدم اٹھاتے ہوئے فائلراورنان فائلرکافرق ختم کردیا، وزیر خزانہ اسد عمر نے اعلان کیا کہ نان فائلرزبھی گاڑی اورپراپرٹی خریدسکتےہیں، گزشتہ بجٹ کےمطابق نان فائلرزپراپرٹی اورگاڑی نہیں خریدسکتےتھے ۔

    دیگر اعلانات

    کسانوں کی فلاح و بہبو د اور بہتری کے لیے یوریاکےلیے6 سے 7ارب روپےکی سبسڈی کی منظوری دی جاچکی ہے۔

    صحت کاانصاف پروگرام فاٹا اوراسلام آبادمیں بھی شروع کیاجائیگا جبکہ فی خاندان 5 لاکھ 40 ہزار روپے صحت کی مد میں دئے جائیں گے۔

    گھروں کی تعمیرکے لیے ساڑھے4ارب روپےجلدسےجلدمختص کیےجائیں گے اور دس ہزار گھروں کی تعمیر پر جلد کام شروع کریں گے۔

    کم سےکم پنشن میں10فیصداضافہ کیاجارہاہے،نئی ٹیکنالوجی کااستعمال کرکے92ارب روپےکاٹیکس حاصل کریں گے۔نان فائلرزکے لیے بینکنگ ٹرانزیکشن پرٹیکس بڑھاکر0.6کیاجارہاہے۔


    اسد عمر نے اپنی تقریر کے اختتام پر کہا کہ کسی حکومت پرالزام نہیں لگائیں گےبےشک ان کےدورمیں بھی حالات برےتھے اور ہمیں تسلیم کرناہوگا کہ بہت کچھ ٹھیک نہیں ہورہاتھا۔ان حالات سےنکلنےکیلئےہمیں تبدیلی کی طرف جاناہوگا

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نےترقی کرنی ہےاس میں بلاول بھٹو اورشہبازشریف سمیت سب شراکت دارہوں گے، پاکستان ایساملک بننےجارہاہےجس پردنیابھی رشک کرےگی۔

  • وزیراعظم ہاؤس کی 102 گاڑیوں کی نیلامی جاری،  75  گاڑیاں فروخت

    وزیراعظم ہاؤس کی 102 گاڑیوں کی نیلامی جاری، 75 گاڑیاں فروخت

    اسلام آباد : کفایت شعاری مہم کے تحت وزیر اعظم ہاؤس کی ایک سو دو گاڑیاں کی نیلامی جاری ہے ، اب تک 75 گاڑیاں فروخت ہوگئیں ہیں، پہلی گاڑی کرولاالٹس 2010 ماڈل گیارہ لاکھ بیس ہزار میں فروخت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک اور وعدہ پورا کر دکھایا، کفایت شعاری مہم کا آغاز پہلے اپنے گھر سے وزیر اعظم ہاؤس کی ایک سو دو گاڑیاں نیلامی کیلئے پیش کردیں،  خریدار وزیر اعظم ہاؤس میں نیلامی کیلئے پیش کی گئی گاڑیوں کامعائنہ کر رہے ہیں۔

    نیلامی میں 75 گاڑیاں فروخت ہوگئیں، فروخت ہونے والی گاڑیوں میں کرولاالٹس 2010ماڈل، 8بی ایم ڈبلیو،28مرسٹڈیز، کرولا،لیموزین اور دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔

    اب تک 2کروڑ روپے کی بولی لگائی جاچکی ہے، گاڑیوں کی فروخت سے حاصل رقم قومی خزانے میں جمع ہوں گی۔

    خریداروں کا کہنا ہے کہ نیلامی کا عمل بہترین ہے، گاڑیوں کی قیمت مناسب ہے، گاڑی مہنگی بھی خریدی تو پیسہ قومی خزانے میں جانے کی خوشی ہوگی۔

    نیلامی کے لئے پیش کی جانے والی گاڑیوں میں جدید ترین مرسڈیز، بلٹ پروف بی ایم ڈبلیوز لیموزین اور دس سال پرانی بہتر گاڑیاں شامل ہیں، خریدار کو گاڑی پر عائدتمام ٹیکسسز ادا کرنے ہوں گے۔

    وزیراعظم ہاؤس کے لیے کابینہ ڈویژن کے پاس دوسو سے زائد گاڑیاں ہیں، پہلے مرحلے میں ایک سو دو گاڑیاں نیلام کی جائیں گی جبکہ بقیہ آئندہ نیلام کی جائیں گی۔

    نیلام کی جانے والی کئی گاڑیاں وزیراعظم اور غیر ملکی مہمانوں کے پروٹوکول کی ہیں۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم ہاؤس کی نیلام ہونے والی گاڑیوں کی ویڈیو جاری

    گاڑیوں کی نیلامی 3 مراحل میں کی جائے گی ، پہلے مرحلے میں نان امپورٹڈ، دوسرے مرحلے میں امپورٹڈ اور تیسرے مرحلے میں بلٹ پروف گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔

    یاد رہے 5 ستمبر کو پی ٹی آئی نے وزیراعظم ہاؤس کی ان نیلام ہونے والی گاڑیوں کی ویڈیو جاری کی تھی، جس میں درجنوں قیمتی اور لگژری گاڑیاں وزیراعظم ہاؤس میں دیکھی جاسکتی تھی۔

    واضح رہے 31 اگست کو وزیر اعظم ہاؤس میں موجود اضافی غیرضروری گاڑیوں کی فوری فروخت کا فیصلہ کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ گاڑیوں کی نیلامی17ستمبر کو وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی، پہلے مرحلے میں33گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم ہاؤس کی قیمتی گاڑیاں17ستمبر کو نیلام کی جائیں گی، اشتہار جاری

    علاوہ ازیں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی، اس سے خاطرخواہ رقم ملے گی،5 کروڑ والی گاڑی کی قیمت5کروڑ سے زیادہ ہی ملیں گے۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ حکمرانی کرنے والوں کے رہن سہن سے آپ سب کو بچانا چاہتا ہوں، پاکستان میں وزیراعظم ہاؤس کے 524 ملازم ہیں، وزیراعظم ہاؤس 1100کینال پر واقع ہے، وزیراعظم کیلئے33بلٹ پروف سمیت 80گاڑیاں ہیں، ہم ان کو نیلام کرکے اس پیسے کو قوم کے استعمال میں لائیں گے۔

  • پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انصاف اور احتساب کا معاہدہ طے

    پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انصاف اور احتساب کا معاہدہ طے

    اسلام آباد: پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انصاف اور احتساب کا معاہدہ ہوگیا۔ معاہدے کے مطابق ملزمان کی حوالگی اور پاکستانی اثاثوں کی ریکوری کے لیے دوبارہ کام کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید سے ملاقات کے بعد وزیر قانون فروغ نسیم، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، قومی مشیر احتساب مرزا شہزاد اکبر اور برطانوی وزیر داخلہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

    برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور دیگر وزرا سے ملاقاتیں ہوئیں، برطانیہ پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے۔ 2 فیصد برطانوی شہریوں کی جڑیں پاکستان میں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تعلیمی اور دفاعی منصوبوں میں پاکستان کی بھرپور مدد کریں گے، وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان کی بہتری کے لیے بات چیت ہوئی۔ دہشت گردی اور مجرمانہ سرگرمیوں سے دونوں ممالک کو خطرہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آرمڈ فورسز اور پولیس نے دہشت گردی کے خلاف کارکردگی دکھائی۔ منی لانڈرنگ کے باعث ٹیکس کی وصولی میں کمی ہوئی ہے، منی لانڈرنگ نے براہ راست پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ نئے تعلقات کے باب کے لیے آیا ہوں، قیدیوں کے تبادلے سے متعلق پروگرام شروع کر رہے ہیں، پاکستان برطانیہ کا انتہائی قریبی اور قابل اعتماد دوست ہے۔

    ساجد جاوید کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستانی مصنوعات کی برطانوی مارکیٹ تک رسائی آسان بنائیں گے، وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ منی لانڈرنگ کے خلاف گفتگو ہوئی۔ منی لانڈرنگ کے تدارک کے لیے پاکستان برطانیہ مل کر کام کریں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ انصاف اور احتساب کا جوائنٹ ڈیکلیئریشن دستخط کر لیا گیا ہے، پاکستانی اثاثہ جات کی ریکوری کے لیے بھی اتفاق کر لیا گیا ہے۔ ’ملزمان کی حوالگی سے متعلق کابینہ کی منظوری کے بعد کام شروع ہوجائے گا‘۔

    وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے بتایا کہ ایون فیلڈ اور اسحٰق ڈار الگ الگ کیسز ہیں، دونوں کیسز کے لیگل پوائنٹ پر الگ الگ بات چیت ہوئی۔ اسحٰق ڈار اور نواز شریف کے بچوں کی حوالگی سے متعلق کچھ نہیں بتا سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں معاملات احتساب عدالت میں ہیں وہی اس پر بات کا حق رکھتے ہیں، ’معاہدہ مجموعی طور پر ہوگا کسی انفرادی شخص یا معاملے پر نہیں‘۔

    ساجد جاوید نے مزید کہا کہ معاہدہ نیا ہے دونوں ممالک میں تعاون کو فروغ ملے گا، ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے ہٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کریں گے۔ ’پاکستان کی لوٹی گئی دولت کے برطانیہ میں حجم پر ابھی بات نہیں ہوئی‘۔

    انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور احتساب کا عمل چاہتے ہیں۔

  • سرکاری اساتذہ کے بچے سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کریں گے

    سرکاری اساتذہ کے بچے سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کریں گے

    پشاور: خیبرپختونخواہ حکومت نے معیار تعلیم بہتر بنانے کے لیے انقلابی فیصلہ کرلیا ، اساتذہ کے بچے اب اسکولوں میں تعلیم حاصل کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنانے کے لیے خیبر پختوانخواہ میں نئی پالیسی بنائی جارہی ہے جس کے تحت سرکاری اساتذہ پابند ہوں گے کہ ان کے بچے سرکاری اسکولوں میں ہی تعلیم حاصل کریں۔

    مشیر تعلیم ضیا ء اللہ بنگش کا کہنا ہے کہ اساتذہ کے بچے سرکاری اداروں میں آنے سے صوبےمیں تعلیم کا معیار بہتر ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ جن اساتذہ کے بچے سرکاری اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے نہیں آتے ان کے لیے سزاؤں کا تعین کیا جارہا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پالیسی پر عمل در آمد کے لیے ڈائریکٹر تعلیم کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے ، یہی کمیٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ کی سزا کا بھی تعین کرے گی۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ نے تعلیم کی اہمیت کو بڑھانے سے متعلق ’بستہ اٹھاؤ، اسکول آؤ‘ مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کے سرکاری اسکولوں کا نظام اور یہاں کا معیار تعلیم بہت اچھا ہوگیا ہے ، اس لیے اب میں اپنے بچوں کو بھی گورنمنٹ اسکول بھیجوں گا۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ گزشتہ پانچ برس میں خیبرپختونخواہ کا تعلیمی نظام دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہت بہتر ہوا اور آج تعلیمی اداروں حالت بھی اچھی ہے، صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔

  • وزیر اعظم نے راولپنڈی میانوالی ٹرین کا افتتاح کردیا

    وزیر اعظم نے راولپنڈی میانوالی ٹرین کا افتتاح کردیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی میانوالی ٹرین کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ساری سہولتیں امیروں کے لیے ہوتی ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی میانوالی ٹرین کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ انگریزوں سے آزادی حاصل کرلی لیکن مائنڈ سیٹ کو نہیں چھوڑا، حکمرانوں نے صرف اپنا اور خاندان کے بارے میں سوچا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی گئی، اسپتال میں غریب علاج کے لیے ترس گئے۔ ریلوے غریبوں کی سواری ہے۔ انگریز 11 ہزار کلو میٹر ریل ٹریک چھوڑ کر گئے تھے۔ ہمارے حکمرانوں نے اب تک صرف 600 کلو میٹر ٹریک بنایا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہوگی جو نیچے سے لوگوں کو اوپر اٹھائے گی۔ ریلوے کی سرگرمیوں میں واضح اضافہ نظر آرہا ہے۔ ساری سہولتیں امیروں کے لیے ہوتی ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ حکومت عام آدمی کی بہتری کے لیے ہر قدم اٹھا رہی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کراچی سے پشاور تک ایم ایل ون کی تعمیر پر خوشی ہے، ضعیف افراد کے لیے سفری سہولت سے بھی متاثر ہوا ہے، ہم اپنے بچوں کا مستقبل اپنے ہاتھوں سے تباہ کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف کامیاب آپریشن جاری ہے۔ اسلام آباد میں اب تک 100 ارب کی زمین واگزار کروا لی ہے۔ ملک بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑے بڑے قبضہ گروپس پر ہاتھ ڈالنا ہے، بڑے بڑے قبضہ گروپس سے زمین لے کر پروڈکٹ کریں گے۔ سرکاری زمین پر غریب رہائش پذیر لوگوں کو کچھ نہیں کہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مری کے گورنر ہاؤس کی تزئین و آرائش پر گزشتہ سال 60 کروڑ خرچ ہوا۔ وزیر اعظم ہاؤس کو بہترین یونیورسٹی بنائیں گے۔ کراچی میں زمین واگزار کروا لیں تو ریلوے کا قرضہ اتر جائے گا۔ عام آدمی کی بہتری کے لیے کام کریں گے، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ خوش قسمت ہیں پاکستان کے چین کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، نومبر میں چین جا رہا ہوں، شیخ رشید کو بھی ساتھ لے جاؤں گا۔ ’چین کی ٹرینیں دنیا بھر میں چل رہی ہیں‘۔

    تقریب سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھی خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی ریلوے لائن کے دونوں اطراف آباد ہے، ایک سال میں ریلوے کا خسارہ کم کریں گے۔ گوادر کو ریلوے ڈویژن بنا دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیم فنڈز کے لیے ریلوے کے کرائے میں ایک سے 10 روپے تک اضافہ کیا، وزیر اعظم کی تقریب میں شرکت سے غریب کی سواری کو عزت ملی۔ فریٹ ٹرین اور برانچ لائنوں میں اضافہ کریں گے۔ ٹرینوں میں فری وائی فائی اور جدید ٹرانسمیشن سسٹم لا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 65 سال کے افراد کے لیے ٹکٹ آدھا، 75 سال والوں کا مفت کر دیا ہے، پہلے 100 دنوں میں سندھ کی عوام کو 2 نئی ٹرینوں کا تحفہ دیں گے۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ ٹرینوں میں فری وائی فائی اور جدید مانیٹرنگ سسٹم لا رہے ہیں، ایران تک 7 ٹرینیں چلائیں گے۔ ریلوے کے اربوں روپے کے پلانٹس استعمال میں لائیں گے۔

  • ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کے لیے آواز اٹھائیں گے: ترک وزیر خارجہ

    ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کے لیے آواز اٹھائیں گے: ترک وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے ترک ہم منصب نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی رابطے کو بہتر بنانے پر زور دیا جبکہ ترکی نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کو ہر ممکن حمایت کا ایک بار پھر یقین دلایا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ترکی کے وزرائے خارجہ نے ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

    پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات کی نوعیت عوامی ہے، پاک ترکی تعلقات باہمی، دلوں کی آواز اور مذہبی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ترکی کے ساتھ دیرینہ، برادرانہ اور مثالی تعلقات ہیں، ترکی نے ہمیشہ مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔

    انہوں نے بتایا کہ آج کے مذاکرات میں مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، باہمی تجارت میں اضافے کے لیے تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ سائیڈ لائن میں کشمیر سے متعلق اجلاس ہوگا۔ ترک وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی اور انہوں نے ہماری درخواست قبول کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر سے متعلق اس مرتبہ اجلاس کی اہمیت ہوگی، اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بھی مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا ذکر کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق ترکی نے پاکستان کا ساتھ دیا، توہین آمیز خاکوں کے معاملے پر بھی ترکی نے پاکستان کی حمایت کی۔ میرے پاس الفاظ نہیں برادر ملک ترکی کا کیسے شکریہ ادا کروں۔ ایک دوسرے کے تجربے سے مستفید ہونے کے لیے مذاکرات کیے گئے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چاہتے ہیں ترکی کے نوجوان یہاں آئیں اور ہمارے نوجوان وہاں جائیں، چاہتے ہیں پاک ترک نوجوانوں میں بھی آئیڈیاز کا تبادلہ ہو۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان جو مؤقف لے کر جا رہا ہے ترک وزیر خارجہ سے تبادلہ خیال کیا، ایران سے متعلق بھی مذاکرات میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ نوجوان سفارتکاروں کے ایک دوسرے کے ملک میں جانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

    ترک وزیر خارجہ میولوت چاؤش اوغلو کا کہنا تھا کہ پاکستان آ کر خوشی محسوس کر رہا ہوں، پرتپاک استقبال پر مشکور ہوں۔ ترک شہری پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتی ہے، میں اپنے دوسرے گھر آیا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کے قیام اور تحریک انصاف کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں انہیں بھی مبارکباد دوں گا۔ ’پاک ترک دوستی عوام کے درمیان ہے جو کبھی نہیں بدلتے‘۔

    چاؤش اوغلو کا کہنا تھا کہ آج ہمارے مذاکرات دونوں ممالک میں اسٹریٹیجک تعلقات پر تھے، انشا اللہ مذاکرات میں طے پانے والے معاملات کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کریں گے، ’ترک سرمایہ کار پاکستان میں اپنے کاروبار کو مزید وسعت دیں گے‘۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکی ورکنگ گروپ کا اجلاس جلد بلایا جائے گا، اعلیٰ سطح اسٹریٹیجک کونسل کا چھٹا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا، پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات مضبوط سطح پر ہیں۔ ’دفاعی شعبے میں تعلقات پر پاک فضائیہ کے سربراہ کو ترکی کا اعلیٰ ایوارڈ دیا گیا‘۔

    ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا۔ پاکستان کے ساتھ تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید بہتر کریں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یورپ میں اسلام کے خلاف کسی مذموم سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ بھی بول پڑا ہے۔ ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کے لیے آواز اٹھائیں گے۔ خواہش ہے پاکستان بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر مذاکرات سے حل کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ترکی شام میں امن کے لیے کوشاں ہے، شام میں دہشت گردی روکنا ضروری ہے، شام کے معاملے پر ترکی نے دو ملکی سطح پر بات چیت کی۔ شام کے معاملے پر ایران سمیت 3 مالک سے رابطہ کیا ہے۔ شام میں ظلم ہو رہا ہے اس سے نجات حاصل کرنا ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خطے کے مسائل پر پاکستان اور ترکی ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔ افغانستان سے متعلق پاکستان اور ترکی ایک ہی مؤقف رکھتے ہیں۔

  • مشکل وقت برداشت کرلیں، 2 سال بعد بڑی بڑی تنخواہیں دیں گے ، وزیراعظم

    مشکل وقت برداشت کرلیں، 2 سال بعد بڑی بڑی تنخواہیں دیں گے ، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر ہم نے اپنے آپ کوتبدیل نہ کیا تو آگے تباہی ہے، تبدیلی اس وقت آئے گی جب سوچ سمجھ کر پیسہ خرچ کیا جائے گا، مشکل وقت برداشت کرلیں، 2 سال بعد تنخواہ دار طبقے کو بڑی بڑی تنخواہیں دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا سرکاری ملازمین ہرحکومت کا حصہ رہتے ہیں، آپ لوگوں سے خطاب کا مقصد حقائق اور پاکستان کی معاشی صورتحال سے آگاہ کرنا تھا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قرضہ 6 ہزار ارب ڈالر سے بڑھ کر 30ہزار ارب ڈالر ہوگیا ہے، قرضے اتارنے کے لئے پاکستان کو وسائل کی ضرورت ہے۔

    عمران خان نے کہا اللہ کسی قوم کی حالت نہیں بدلتا جب تک وہ قوم خود اپنی حالت نہ بدلے، ہمیں اپنے آپ کوتبدیل کرنا ہے، بیوروکریسی کو تبدیل کرنا ہے،عوام کو اپنی حالت بدلنی ہے، اگر ہم نے اپنے آپ کوتبدیل نہ کیا تو آگے تباہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ملک چلانے کے لئے خزانہ ہی خالی ہے، ماضی کے حکمرانوں نے ایسے قرضے لیے، جن سے نقصان ہورہا ہے، ہم نے قرضے لے کر ایسے منصوبے بنائے، جو نقصان میں جارہے ہیں۔

    خزانہ خالی ہے،تیس ہزارارب کے قرضےپرہرروزچھ ارب سوداداکررہے ہیں، وزیراعظم

    وزیراعظم نے کہا دنیا میں کوئی چیزناممکن نہیں محنت کی جائے توسب کچھ حاصل کیا جاسکتاہے ، ساری زندگی سنتا رہا کرکٹر نہیں بن سکتا،وزیراعظم نہیں بن سکتا، آج میں آپ کےسامنے کھڑا ہوں،میری زندگی آپ کے سامنے ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایسے منصوبے بنائے گئے کہ قرضے لے کر خسارے میں جارہےہیں، ہم آزاد ہوگئے لیکن ہم نے اپنے مائنڈ سیٹ کو ہی تبدیل نہیں کیا۔

    انھوں نے مزید کہا ماضی کے لیے گئے قرضوں پر ہر روز 6 ارب کا سود ادا کررہے ہیں، جب سے ملک آزاد ہوا ہے، حکمران طبقے کا مائنڈ سیٹ تبدیل ہی نہیں ہوا، ہمیں شاہانہ طرز کے مائنڈسیٹ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا حکمرانوں کے شاہانہ طرزکا خرچہ عوام کے پیسوں سے چل رہا ہوتا ہے، سمجھ لیا جائے یہ لوگ ہمارے ہی ہیں تو بہت کچھ بدل جائے گا، ہمیں قرضوں سے جان چھڑانے کے لئے خود کو تبدیل کرنا ہوگا۔

    عمران خان نے کہا سوا 3کروڑ بچے اردو میڈیم، 24 لاکھ بچے مدرسوں میں ہیں، تعلیم کے لحاظ سے بھی ہم نے اپنی قوم کو تقسیم کیا ہوا ہے، انگریزوں سے آزادی حاصل کرلی لیکن ان کامائنڈ سیٹ نہیں چھوڑا۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں 500 سے زائد ملازم ، 100 سے زائد گاڑیاں تھیں، ہیلی کاپٹر نیلام کررہے ہیں جبکہ 6 اعلیٰ نسل کی بھینسیں بھی ہیں، تبدیلی اس وقت آئے گی جب سوچ سمجھ کر پیسہ خرچ کیا جائے گا، ہم نے خود کو نہ بدلا تو آگے نہیں بڑھیں گے۔

    مشکل وقت برداشت کرلیں، 2 سال بعد تنخواہ دار طبقے کو بڑی بڑی تنخواہیں دیں گے، وزیراعظم

    وزیراعظم نے کہا چیئرمین نیب سے ملاقات میں کہا سب کا احتساب کریں، احتساب کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھے گا، ماضی میں کرپشن کیلئے پہلے اداروں کو تباہ کیا گیا، اداروں کی تباہی کی وجہ سے کرپٹ عناصر کو کھلا راستہ ملا۔

    عمران خان کا کہنا تھا یورپ میں بھی کرپشن ہےلیکن وہاں لوگ ڈرتے ہیں، یورپ میں لوگوں کو معلوم ہے کرپشن کی تو پکڑے جائیں گے۔

    انھوں نے کہا سرکاری ملازمین کوئی بھی اچھاکام کریں میں آپ کےساتھ ہوں گا، غلطیاں انسانوں سے ہی ہوتی ہیں، مجھ سےبھی بہت غلطیاں ہوئی ہیں، ملک کیلئے کام کریں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گےسرکاری ملازمین چانسز لیں،غلطی ہوگی اس میں کوئی بری بات نہیں، سرکاری افسران ملک کے لیے کام کریں میں ساتھ کھڑا ہوں گا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا چاہتے ہیں پاکستان کی بیوروکریسی کوواپس بہترین لیول پرلےکرجائیں، کےپی پولیس کی مثال سامنےہے،ہم نے پولیس میں سیاسی اثرورسوخ ختم کیا، 2013 میں کے پی پولیس پردہشت گرد کے زیادہ حملے ہوتے تھے، کےپی پولیس نےدہشت گردی کیخلاف بہترین جنگ لڑی ، کے پی پولیس کی طرح ملک کے تمام اداروں کو بہترین بنائیں گے۔

    انھوں نے کہا کرکٹ کے بعد سب سے زیادہ شوکت خانم اسپتال سے سیکھا، کوئی بھی ادارہ میرٹ پرچلائیں تووہ اوپرآجاتاہے، ہم حکومت میرٹ پرچلائیں گےکسی جگہ سمجھوتہ نہیں ہوگا، 60 کی دہائی میں ہماری بیوروکریسی ایشیا میں سب سے بہترین تھی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کوئی بھی ہومجھے صرف کارکردگی سےمطلب ہے، پریشان ہونے کی ضرورت نہیں صرف کارکردگی کو دیکھوں گا، آپ کومیں پسندہوں یا نہیں مجھےاس سے کوئی مطلب نہیں۔

    وزیراعظم نے کہا ملک میں احتساب ضروری ہے، غلطی اور فنانشل چوری میں فرق ہوتا ہے، احساس ہے بیورو کریٹس اپنی تنخواہ پر گزارنہیں کرسکتے، سمجھتا ہوں بیوروکریٹس پر کس قسم کا دباؤ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ مشکل وقت زیادہ دیر نہیں رہے گا، تھوڑا برداشت کریں، قوموں کی زندگی میں اتارچڑھاؤ آتے رہتےہیں، مختلف اوقات کو برداشت کرنا ہوتا ہے، ہماری قوم بہترین ہے، یہ مشکل وقت بھی گزر جائے گا۔

    دو سال میں حالات تبدیل ہوجائیں گے، بہت پیسہ آئے گا،عمران خان

    عمران خان نے کہا ہم نے 2سال میں گورننس سسٹم ٹھیک کردیا تو حالات تبدیل ہوں گے، چاہتے ہیں بیورو کریسی میں لوگوں کومیرٹ پراوپرلائیں، جو چیز میرٹ پر چلتی ہے، وہ خود اوپر آجاتی ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا گورننس بہترہوگی توسرمایہ کاری بھی زیادہ ہوگی، بیورو کریٹس فیصلہ کرلیں 2سال ہم نے گزارا کرناہے، 2سال میں حالات تبدیل ہوجائیں گے، بہت پیسہ آئے گا۔

    انھوں نے کہا پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے،اللہ نےبہت نوازاہے، ہم نےگورننس ٹھیک کردی تویہ ملک تیزی سے اوپر جائےگا، بیوروکریٹس مشکل میں فیصلے نہیں کرے گا تو آگےنہیں بڑھےگا، مشکل وقت برداشت کرلیں، آگے بہت اچھا وقت آنے والاہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا گورننس سسٹم 2سال میں ٹھیک کرکے دکھائیں گے، 2 سال بعد تنخواہ دار طبقے کو بڑی بڑی تنخواہیں دیں گے، بیوروکریسی کو تحفظ فراہم کریں گے، سیاسی مداخلت سے بچائیں گے۔

  • پاکستان اور ترک وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات

    پاکستان اور ترک وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات

    اسلام آباد: ترک وزیر خارجہ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ دفتر خارجہ پہنچے جہاں ان کے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ترکی کے وزیر خارجہ میولوت چاؤش اوغلو دفتر خارجہ پہنچے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب کا استقبال کیا۔

    دونوں وزرائے خارجہ کی بالمشافہ ملاقات کے بعد پاکستان اور ترکی کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ شاہ محمود قریشی اور میولوت چاؤش نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔

    مذاکرات میں باہمی تعلقات، تجارت اور اقتصادی تعاون پر بات چیت کی گئی۔

    خیال رہے کہ ترک وزیر خارجہ آج صبح اسلام آباد پہنچے۔ وہ پاکستانی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے، چاؤش اوغلو نئی پاکستانی قیادت کو ترک صدر کا پیغام پہنچائیں گے۔

    علاوہ ازیں وہ پاکستان کے نئے صدر مملکت عارف علوی کو اپنی اور ترک صدر کی جانب سے مبارک باد بھی پیش کریں گے۔

    یاد رہے کہ وزیر خارجہ میولوت چاؤش اوغلو نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد چوتھے وزیر خارجہ ہیں جو پاکستان کے دورے پر تشریف لائے ہیں۔

    مملکت خداداد میں نئی حکومت بننے کے بعد اب تک چین اور ایران کے وزرائے خارجہ جبکہ امریکا کے سیکریٹری خارجہ پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں جن سے وزیر اعظم نے بھی اہم ملاقاتیں کیں۔

  • حکومت کا وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ تعلیمی ادارہ بنانے کا اعلان

    حکومت کا وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ تعلیمی ادارہ بنانے کا اعلان

    اسلام آباد : حکومت نے وزیراعظم ہاوس کو اعلیٰ درجے کے تعلیمی ادارے میں تبدیل کرنے کا بڑا اعلان کردیا اور کہا وزیرِاعظم اور گورنرز سرکاری عمارتوں میں نہیں رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آبادمیں  وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت  قومی عمارتوں کے دوبارہ استعمال سے متعلق اجلاس ہوا،  اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمودنے میڈیاسےگفتگو میں حکومت کے انقلابی اقدامات کے اعلانات کئے۔

    وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا پی ایم ہاؤس کا سالانہ خرچہ47 کروڑ روپے سے زائد ہے لہذا وزیراعظم ہاؤس کو ایک اعلیٰ درجے کا تعلیمی ادارہ بنایا جائے گا اور وزیراعظم اور گورنرز سرکاری عمارتوں میں نہیں رہیں گے۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ ہاؤس مری کو ہیری ٹیج بوتیک ہوٹل اور پنجاب ہاؤس مری کو ٹورسٹ ہاؤس میں تبدیل کیا جائے گا۔

    وزیر تعلیم نے کہا راولپنڈی میں پنجاب ہاؤس اور  گورنرہاؤس کو تعلیمی ادارے میں تبدیل کیا جائے گا جبکہ گورنرہاؤس کے ایریا کو آرٹ گیلری اور میوزیم میں تبدیل کررہے ہیں اور گورنرہاؤس میں پارک کو عوام کیلئے کھولا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ تمام فیصلوں پر  سندھ حکومت سے بھی مشاورت کی جائےگی، گورنرسندھ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں منتقل ہوجائیں گے جبکہ قصر ناز کراچی کو فائیو اسٹار ہوٹلز میں تبدیل کیا جائے گا۔

    شفقت محمود  نے کہا گورنرہاؤس بلوچستان، کراچی کے گورنرہاؤس اور اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس مال روڈ کو میوزیم میں تبدیل کرنےکی تجویز ہے جبکہ لاہور میں چنبہ ہاؤس کو گورنر ہاؤس میں تبدیل کیا جائے گا۔

    وزیرتعلیم  نے بتایا  وزیراعلیٰ پنجاب آفس کو کرافٹ میوزیم میں اور نتھیاگلی کےگورنرہاؤس کواعلیٰ ریزارٹ میں تبدیل  کیاجائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ  باقی دیگر اہم سرکاری عمارتوں سے متعلق بھی فیصلے کیے جائیں گےجبکہ  ایوان صدر سے متعلق فیصلے دوسرے اجلاس میں ہوں گے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ ترین یونیورسٹی بنائیں گے، وزیراعظم عمران خان

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ ترین یونیورسٹی بنائیں گے، تمام گورنر ہاؤسز میں کوئی بھی گورنر نہیں رہے گا، فیصلہ کریں گے کہ گورنر ہاؤسز سے عوام کو فائدہ پہنچانے کیلئے کیا کرنا ہے؟

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں نہیں رہائش اختیار کررہا ہوں، سیکیورٹی کے پیش نظر ملٹری سیکریٹری کے 3کمروں والے گھر میں رہوں گا، بطوروزیراعظم 2ملازم اور 2گاڑیاں رکھوں گا۔

  • وفاقی کابینہ کے 6 نئے وزرا نے حلف اٹھا لیا

    وفاقی کابینہ کے 6 نئے وزرا نے حلف اٹھا لیا

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ کے6 نئے وزرا ء نے حلف اٹھا لیا، صدر ڈاکٹر عارف علوی نے نئے وزراء سے حلف لیا جبکہ میاں سومرو نے وزیر مملکت کا عہدہ لینے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ میں توسیع کر دی گئی، جس کے لئے نئے وزراء کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی، تقریب میں 6 نئے وزراء نے حلف اٹھالیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزراء سے حلف لیا۔

    حلف اٹھانے والوں میں تین نئے وزرا ء اور تین وزرائے مملکت شامل ہیں۔

    علی محمد خان، عمر ایوب، علی زیدی نے وفاقی وزیر جبکہ مراد سعید، محمد شبیر علی اور محمد حماد اظہر نے وزیرمملکت کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

    کابینہ میں شامل عمر ایوب کو وفاقی وزیر برائے توانائی جبکہ علی زیدی کو وفاقی وزیر برائے بحری امور کا قلمدان سونپا گیا ہے، دیگر وزرا کے عہدوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    نئے وزراء اور وزرائے مملکت کی شمولیت کے بعد وفاقی کابینہ کی کُل تعداد 28 ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب محمد میاں سومرو نے وزیر مملکت کا عہدہ لینے سے انکار کردیا اور حلف نہیں اٹھایا، محمدمیاں سومرو سابق چیئرمیں سینٹ اور نگراں وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : وزیرِ اعظم عمران خان کا وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ

    یاد رہے 3 روز قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے 4 نئے وزرا کابینہ میں شامل کر دیے تھے، جن میں تین وفاقی وزیر اور ایک وزیرِ مملکت شامل تھے جبکہ اس فیصلے پر عمل در آمد صدارتی انتخاب کے بعد ہونا تھی۔

    واضح رہے 20 اگست کو پہلے مرحلے میں وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ میں 16 وفاقی وزرا اور 5 مشیروں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا۔