Tag: خان کے 100 دن

  • وزیراعظم 50 لاکھ مکانات کے تعمیرکی خود نگرانی کریں گے

    وزیراعظم 50 لاکھ مکانات کے تعمیرکی خود نگرانی کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم 50 لاکھ مکانات کے تعمیر کی خود نگرانی کریں گے، عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔

    تٖفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ملک میں پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں 50 لاکھ مکانات کی تعمیر کے طریقہ کار اور اقدامات پر غور کیا گیا جبکہ ہاؤسنگ سیکٹر کی طلب اور کمی سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بے گھر افراد کو سستے گھروں کی فراہمی کے منصوبے کی اونر شپ خود لینے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے کمیٹی کو ہدایت کی کہ دو ہفتے میں حتمی سفارشات مرتب کی جائیں تاکہ منصوبے کا جلد از جلد اعلان کیا جاسکے۔

    اس موقع پروزیراعظم عمران خان نے کہا پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر اور کچی آبادیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انہیں ریگولیٹ کرنا حکومت کا اہم ایجنڈا ہے، حکومت بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔

    وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے سے بے گھر افرادکی رہائش کا مسئلہ حل ہوگا بلکہ اسکے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور ہاؤسنگ سیکٹر اور منسلک صنعتوں کو ترقی ملے گی۔

    انھوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے گیسٹ ہاؤسز اور دیگر سرکاری عمارتوں و زمین سے ہاؤسنگ پروگرام کےلئے خاطر خواہ وسائل اکھٹے کئے جا سکتے ہیں۔

    یادرہے انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر5 سال میں 50لاکھ گھر بنائیں گے، منصوبہ مذاق نہیں ہم کر کے دکھائیں گے۔

    پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر پی ٹی آئی کے منشور کا بھی حصہ تھا، عمران خان کا کہنا تھا بلین ٹری سونامی کی طرح ہاؤسنگ اسکیم لے کر آئیں گے،منصوبے پر عملدرآمد میں کامیاب ہوگئے تو معیشت اٹھے گی اور روزگار ملے گا، منصوبے کے ذریعے نئی تعمیراتی کمپنیاں آئیں گے، روزگار کا مسئلہ حل ہوگا، منصوبے کیلئے پاکستان بلڈنگ ایسوسی ایشن سے مدد لی جائےگی۔

  • وفاقی حکومت نے 4 اعلیٰ افسران کے تبادلے کردیے

    وفاقی حکومت نے 4 اعلیٰ افسران کے تبادلے کردیے

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک کے اعلیٰ سطح کے بیورو کریٹس کے تبادلے کردیے ہیں۔ تبادلہ کیے جانے والوں میں 22 ویں گریڈ کے 4 افسران شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اعلیٰ افسران کے تبادلوں کا نوٹیفیکیشن کیبنٹ سیکریٹریٹ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کیا گیا۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق رابعہ جویری آغا جنہیں حال ہی میں انسانی حقوق ڈویژن میں بطور سیکریٹری مقرر کیا گیا تھا، کا کلائمٹ چینج ڈویژن میں تبادلہ کردیا گیا۔

    ریٹائرڈ اسکوارڈن لیڈر شاہ رخ نصرت جو اس وقت سیکریٹری ٹیکسٹائل انڈسٹری ڈویژن میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تعینات کردیا گیا ہے۔

    سیکریٹری انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن ڈویژن کے سیکریٹری معروف افضل کو بھی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تعینات کردیا گیا ہے۔

    میری ٹائم افیئرز ڈویژن کے سیکریٹری ممتاز علی شاہ کو مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی ڈویژن کا سیکریٹری مقرر کردیا گیا ہے۔

  • گیس کی قیمت میں اضافے کو مؤخر کر دیا ہے: فواد چوہدری

    گیس کی قیمت میں اضافے کو مؤخر کر دیا ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کوشش ہے قیمتوں میں اضافے سے غریب لوگ متاثر نہ ہوں، گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا، اضافے کو مؤخر کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کسان ہماری حکومت کی اقتصادی پالیسی کا اہم حصہ ہیں۔ ای سی سی نے فیصلہ کیا ہے کسانوں پر اضافہ بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ آج اجلاس میں گیس کی قیمتوں سے متعلق بھی بات کی گئی، کسانوں کو سہولت مہیا کرنے کے لیے سبسڈی دی جائے گی۔ یوریا کھاد کی قیمت 1615 روپے ہے۔ درآمد کرنے پر 2575 روپے فی بوری پڑتی ہے۔ ’960 روپے کا فرق حکومت برداشت کرے گی‘۔

    انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ ٹن یوریا درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کھاد پر سبسڈی دیں گی۔ گیس سلنڈر کی قیمت میں 40 فیصد اضافہ ہوا۔ اس اضافے کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کوشش ہے قیمتوں میں اضافے سے غریب لوگ متاثر نہ ہوں، گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ گیس کی قیمت میں اضافے کو مؤخر کر دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن اور ناردرن کو ن لیگ حکومت میں 156 ارب کا نقصان پہنچا، ملک میں یوریا کھاد کی ضرورت 5.833 ملین ٹن ہے۔ ’ایسا نظام لا رہے ہیں جس میں غریب کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پانچ سال کے بعد ہم 156 ارب کے نقصان پر کھڑے ہیں، گیس صرف 40 فیصد عوام کو میسر ہے 60 فیصد سلنڈر استعمال کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے گیس سے متعلق معاہدے حقیقت کے برعکس ہیں، سبسڈی کا معاملہ وزیر اعظم عمران خان کے سامنے رکھا جائے گا۔

  • چوہدری سرور کا ہراتوار کوگورنرہاؤس عوام کے لئے کھولنے کااعلان

    چوہدری سرور کا ہراتوار کوگورنرہاؤس عوام کے لئے کھولنے کااعلان

    لاہور : گورنر پنجاب چوہدری سرور نے ہر اتوار کو گورنرہاؤس عوام کے لئے کھولنے کا اعلان کردیا اور کہا کہ گورنرہاؤس عوام کی ملکیت ہے، اب امیرغریب سے برابر ہیں، ناانصافی کے خلاف جہاد کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب گورنرہاؤس عوام کے لئے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گورنر ہاؤس صبح 10 سے شام 6 بجے تک عوام کے لئے کھلارہے گا۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں گورنرہاؤس فیملیز کے لئے کھولاجائے گا، جواسکول یہاں آنےکی درخواست کریں گے، انہیں اجازت دیں گے، عمران خان کی ہدایت پر گورنرہاؤسز عوام کے لئے کھول رہے ہیں۔

    چوہدری سرور نے کہا کہ پاکستان اشرافیہ کے لئے نہیں20 کروڑعوام کے لئے بنایا گیا، ناانصافی کے خلاف جہاد جاری رہے گا، سرکاری عمارتیں ملک کا اثاثہ ہیں، احتساب پٹواری یا سپاہی کے بجائے اوپر کی سطح سے شروع ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عوام کوصاف پانی، صحت سمیت بنیادی سہولتیں فراہم کریں گے، گورنرہاؤس کے بجائے اپنے گھر میں ہی رہنے کاارادہ ہے۔

    گورنر پنجاب نے کہا گورنرہاؤس عوام کی ملکیت ہے ، اب امیرغریب سے برابر ہیں، ناانصافی کے خلاف جہاد کریں گے۔

    چوہدری سرور نے اپیل کی شہری پانی کا استعمال کم کریں،ورنہ ہماری زمینیں بنجرہوجائیں گی، پینے کا صاف پانی مہیا کیا تواسپتال کے اخراجات کم ہوجائیں گے، قوم صحت مند ہوگی تب ہی ملک ترقی کرے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کا خرچہ بہت ہے، اسے کم کرنا ہے اور کفایت شعاری اپنانی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب دن رات محنت کررہےہیں، وہ آج صبح بغیر پروٹوکول کمشنرہاؤس گئے۔

    مزید پڑھیں :  گورنر ہاؤس سندھ کی تاریخی عمارت کو عوام کیلئے کھول دیا گیا

    گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری حکومت اختیارات نچلی سطح پرمنتقل کرناچاہتی ہے، اختیارات نچلی سطح پرمنتقل کرنےسےبہترنتائج سامنے آئیں گے، ہم جوبھی کام کرکے جائیں گے، مستقل کرکے جائیں گے۔

    یاد رہے چند روز قبل گورنر ہاؤس سندھ کی تاریخی عمارت کو عوام کے لئے کھولا گیا تھا ، اس موقع پر گورنرسندھ عمران اسماعیل شہریوں میں گُھل مل گئے اور طلبا و طالبات کو سیر بھی کروائی تھی۔

    گورنر ہاوس سندھ صبح چھ سے دس بجے اور شام چار سے چھ بجے تک کھلارہے گا، داخلہ مفت اور شناختی کارڈ لازمی لانا ہوگا۔

  • مری: گورنرہاؤس سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا

    مری: گورنرہاؤس سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا

    مری: وزیرِ اعظم کی ہدایت پر سندھ کا گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھولے جانے کے بعد گورنر ہاؤس مری بھی عوام کے لیے کھول دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر صوبوں کے گورنر ہاؤسز عوام کی تفریح کے لیے کھولے جا رہے ہیں، سندھ کے گورنر ہاؤس ہاؤس کے بعد گورنر ہاؤس مری بھی کھول دیا گیا ہے۔

    کھولے جانے کے بعد مری گورنر ہاؤس میں وزیٹرز کی بڑ ی تعداد میں آمد و رفت شروع ہو گئی ہے، گورنر ہاؤس کے مختلف مقامات پر آنے والوں نے سیلفیاں بنائیں۔

    مری کا گورنر ہاؤس گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے حکم پر کھولا گیا، انھوں نے خود بھی اس موقع پر گورنر ہاؤس کا دورہ کیا اور مختلف احکامات جاری کیے۔

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بتایا کہ گورنرہاؤس مری عوام کے لیے صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کھلا رہے گا۔


    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنر ہاؤسز بھی عوام کے لیے کھولے جائیں، وزیرِ اعظم


    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے گزشتہ روز دارالحکومت میں پارٹی وزرا کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنر ہاؤسز بھی عوام کے لیے کھولے جائیں۔

    وزیرِ اعظم کی ہدایت پر سب سے پہلے سندھ کے گورنر عمران اسماعیل نے گورنر ہاؤس سندھ کو عوام کے لیے کھولا تھا، جہاں عوام کی بڑی تعداد نے پہنچ کر سیلفیاں بنائیں، خیال رہے کہ شہری اپنا شناختی کارڈ دکھا کر گورنر ہاؤس میں داخل ہوسکتے ہیں۔

  • ڈاکٹرعارف علوی نےصدرپاکستان کےعہدے کا حلف اٹھا لیا

    ڈاکٹرعارف علوی نےصدرپاکستان کےعہدے کا حلف اٹھا لیا

    اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے ملک کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں تقریب حلف برداری میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے صدرڈاکٹرعارف علوی سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے کے بعد صدرمملکت نے حلف نامے پردستخط کیے جس کے ساتھ ہی ممنون حسین کی 5 سالہ مدت صدارت ختم ہوگئی۔

    تقریب حلف برداری میں وزیراعظم عمران خان، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیرمحمود حیات شریک تھے۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، گورنرسندھ عمران اسماعیل اور شاہ فرمان، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر بھی ایوان صدر میں موجود تھے۔

    یاد رہے کہ ڈاکٹرعارف علوی گزشتہ ہفتے ہونے والے صدراتی انتخاب میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر ملک کے آئندہ صدرمنتخب ہوئے تھے۔ صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی پیشے کے اعتبار سے ڈینٹسٹ ہیں، وہ پہلی بار 2013 کے انتخابات میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔


    ممنون حسین ایوان صدر سے رخصت‘ الواداعی گارڈ آف آنر


    واضح رہے کہ گزشتہ روزممنون حسین صدارتی مدت پوری ہونے کے بعد سبکدوش ہوگئے تھے۔ صدارتی مدت ختم ہونے پرممنون حسین کو گارڈ آف آنرپیش کیا گیا تھا جبکہ انہوں نے ایوان صدر کے عملے سے الوداعی ملاقاتیں کی تھیں۔

    ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تعمیروترقی قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی میں ہے۔

  • ڈیم فنڈ ریزنگ کے لیے وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو ٹاسک دے دیا

    ڈیم فنڈ ریزنگ کے لیے وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو ٹاسک دے دیا

    اسلام آباد: ڈیم فنڈ ریزنگ کے لیے وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ٹاسک دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیم فنڈ ریزنگ کے لیے وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ٹاسک دے دیا ہے، ذرائع کے مطابق امریکی، یورپی ممالک میں فنڈ ریزنگ کے لیے پارٹی رہنما رابطے کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں سے فنڈ ریزنگ کے لیے سینیٹر فیصل جاوید امریکا جائیں گے، پارٹی رہنماؤں کی جانب سے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی ڈٰیم فنڈ کے لیے اربوں کا تعاون کرسکتے ہیں۔

    وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 9 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنا ناممکن نہیں ہے، خلیجی ممالک میں پاکستانی ملک کی تقدیر بدلنے میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ڈیم فنڈز کے لیے قطر سمیت دیگر ممالک میں پاکستانیوں کا مثبت ردعمل سامنے آیا ہے، فنڈریزنگ مہم کو موثر انداز میں چلایا جائے تو کہیں جانے کی ضرورت نہیں ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کی مدد سے معاشی طور پر ملک مستحکم کرسکتے ہیں۔

    واضح رہے گذشتہ روز وزیراعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں ڈیم بنانے کے لیے قوم سے مدد مانگی تھی اور پیغام میں کہا تھا پاکستان بہت سے مسائل کا شکار ہے مگر سب بڑا مسئلہ پانی کی کمی ہے، ڈیم بنانا ناگزیر ہوگیا ہے، ڈیم نہ بنائے تو 2025میں پاکستان میں خشک سالی شروع ہوجائے گی، پاکستان میں قحط پڑسکتا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے اپیل کی ڈیم بنانے کے لئے آج سے جہاد کرنا ہے، اوورسیز پاکستانی کم ازکم ایک ہزارڈالر ڈیم فنڈز میں بھیجیں۔چیف جسٹس اورپرائم منسٹر فنڈزکو ضم کیا جارہا ہے، یقین دلاتا ہوں قوم کے پیسے کی خود حفاظت خود کروں گا۔

  • پارلیمنٹ لاجز کی تزئین و آرائش کے لیے ساڑھے 11 کروڑ روپے کے ٹینڈرز جاری

    پارلیمنٹ لاجز کی تزئین و آرائش کے لیے ساڑھے 11 کروڑ روپے کے ٹینڈرز جاری

    اسلام آباد: پارلیمنٹ لاجز کی تزئین و آرائش کے لیے 11 کروڑ 55 لاکھ روپے کے ٹینڈرز جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ لاجز کی تزئین و آرائش کے لیے 11 کروڑ روپے کے ٹینڈرز جاری کردیے گئے۔ ارکان پارلیمنٹ کے لیے 3 کروڑ روپے کا نیا فرنیچر خریدنے کا ٹینڈر دے دیا گیا۔

    پرانے فرنیچر کی پالش پر 45 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔ پارلیمنٹ لاجز کے باتھ روم اپ گریڈ کرنے پر 95 لاکھ روپے کا ٹینڈر دیا گیا۔ ارکان پارلیمنٹ کے کچن پر 60 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے۔

    نئے ارکان پارلیمنٹ کے لیے 50 لاکھ کے پردے خریدنے کا ٹینڈر دیا گیا۔ ارکان کو پرانے قالین پسند نہیں آئے، 40 لاکھ کے قالین خریدے جا رہے ہیں۔

    ارکان کی گاڑیوں کو دھوپ اور بارش سے بچانے کے لیے 2 کروڑ کی پارکنگ شیڈ لگیں گے۔

    پارلیمنٹ لاجز کی صفائی کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔ ارکان کے کمروں کی سیلنگ 30 لاکھ میں نئی کی جائے گی جبکہ 25 لاکھ روپے کے کوکنگ رینج خریدنے کا ٹینڈر بھی جاری کیا گیا ہے۔

  • حکومت کا عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کمیٹی سے نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ

    حکومت کا عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کمیٹی سے نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کونسل سے نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ، وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا عمران خان کا آئیڈیل ریاست مدینہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حکومت کی ماہر اقتصادیات عاطف میاں کو اقتصادی مشاورتی کمیٹی سے الگ کرنے کے فیصلہ کی تصدیق کردی۔

    اپنے ٹوئٹر پیغام میں فواد چوہدری نے کہا حکومت علما، تمام معاشرتی طبقات کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، ایک نامزدگی سے مختلف تاثر پیدا ہوتا ہے تو یہ مناسب نہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا عمران خان کا آئیڈیل ریاست مدینہ ہے، وزیراعظم اوران کی کابینہ کے ارکان عاشقان رسولﷺہیں، ختم نبوتﷺہمارے ایمان کا حصہ ہے اور حال ہی میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر حکومت نے کامیابی حاصل کی۔

    دوسری جانب سینیٹرفیصل جاوید نے بھی معاملے پر پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عاطف میاں مستعفی ہونے پر رضا مند ہوگئے ہیں ،ان کے متبادل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

    یاد رہے چند روز قبل ہی وزیراعظم عمران خان نے 11 افراد پر مشتمل اقتصادی مشاورتی کونسل تشکیل دے تھی، جس میں ماہرین تعلیم، ماہرین اقتصادیات اور ترقی کے ماہرین کو شامل کیا گیا تھا۔

  • ریلوے اکیلی پاکستان کے قرضے اتار سکتی ہے: شیخ رشید

    ریلوے اکیلی پاکستان کے قرضے اتار سکتی ہے: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے کے پاس ایک لاکھ 76 ہزار ایکڑ زمین ہے، ریلوے اکیلی پاکستان کے قرضے اتارنے میں تاریخی کردار ادا کر سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے گرین پاکستان گرین ریلوے مہم کا آغاز کر دیا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پاکستان ریلوے کی پہلی نرسری کا مارگلہ ریلوے اسٹیشن پر افتتاح کر دیا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر شجر کاری کر رہے ہیں، شجر کاری مہم کے تحت ایک لاکھ 84 ہزار پودے لگا چکے ہیں۔ پاکستان ریلوے بہت جلد قوم کو بڑی خوش خبری دے گی، کوشش ہے کہ ریلوے کو بہتر ادارہ بنائیں۔

    انہوں نے کہا کہ کل یا پرسوں سے لاہور کے لیے ایکسپریس ٹرین چلائیں گے، چین سے موسم بہتر بنانے کے لیے پودے منگوائیں گے۔ ہمارے پاس کوچز کی بہت کمی ہے۔ ریلوے کے افسران ادارے کو بہتر بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آپ 100 دن میں ریلوےادارے کی کارکردگی میں بہتری دیکھیں گے، ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کریں گے۔ ٹرینوں میں وائی فائی سمیت ون ونڈو آپریشن شروع کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز کو عوام دوست ادارہ بنائیں گے۔ تھوڑا وقت دیں بہتری آنے میں کچھ وقت لگے گا۔ عمران خان کی ہدایت پر بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی۔ پچھلی دفعہ گیس میٹر لگائے تھے، اب بجلی کے میٹر لگاؤں گا۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے میں اب کرپشن بھول جائیں، معاہدوں سے کک بیکس نکالیں گے۔ سی پیک کے تحت 33 ہزار آسامیاں ہیں، بطور اپوزیشن بات کرنے کا انداز الگ ہوتا ہے۔ سی پیک کی کارکردگی میں ریلوے کلیدی کردار ادا کرے گی۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ ریلوے کی خراب کوچز کو دوبارہ قابل استعمال بنائیں گے، راولپنڈی میں بھی پانی اور بجلی کے مسائل ہیں۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عمران خان نے واضح کہا ہے کہ جس پر کرپشن کا الزام ہے کارروائی کریں، اسپتال پر کام شروع کروا کر چیف جسٹس نے مجھے خرید لیا ہے۔ لوٹی ہوئی رقم واپس لانے کا کام بہت مشکل ہے، عمران خان نے لوٹی ہوئی رقم لانے کا ٹاسک اپنے ہاتھ میں رکھا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امید ہے لوٹی ہوئی رقم ملک میں واپس لانے میں کامیابی ملے گی۔ ریلوے مزدوروں کو ایک گریڈ اپ کرنے کی سمری وزیر اعظم کو بھیج رہے ہیں۔ ایک لاکھ 76 ہزار ایکڑ زمین ریلوے کے پاس ہے، ’ریلوے اکیلی پاکستان کے قرضے اتارنے میں تاریخی کردار ادا کر سکتی ہے‘۔