Tag: 100daysof khan

  • حکومت کا 100دن پورے ہونے پر کارکردگی رپورٹ شائع کرنے کا فیصلہ

    حکومت کا 100دن پورے ہونے پر کارکردگی رپورٹ شائع کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے 100 دن پورے ہونے پر کارکردگی رپورٹ شائع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، 100 دن مکمل ہونے پر خصوصی تقریب منعقد ہوگی، جس میں وزیراعظم عمران خان شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے 100دن پورے ہونے پر کارکردگی رپورٹ شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، رپورٹ میں حکومت کے آئندہ 5 سال کےلائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم 100دن مکمل ہونے پر خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے، خصوصی تقریب پشاور میں منعقد ہوگی۔

    یاد رہے چند روز قبل 100روزہ پلان کے تحت وزیر اعظم عمران خان وزارتوں کی کارکردگی قوم کے سامنے لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزارتوں کو پہلے مرحلے کی کارکردگی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

    وزراء کو رپورٹ میں بتانا ہوگا کہ قومی خزانے کو کتنا فائدہ پہنچایا، کفایت شعاری،سادگی پرعمل ہوا؟ عوام کو ریلیف کے لیے کیا اقدامات کیے اور حکومتی منشورپرعملدرآمد ، نئی اسکیموں، کرپشن کے سد باب کے لیے کیا اقدامات کیے۔

    مزید پڑھیں :  100روزہ پلان ، وزیراعظم وزارتوں کی کارکردگی قوم کے سامنے لائیں گے

    وزیر اعظم وزارتوں کی کارکردگی قوم کے سامنےلائیں گے اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل وزراکوحکومتی و عوامی سطح پر کریڈٹ دیں گے۔

    یاد رہے 21 اکتوبر کو ہونے والے ایک اجلاس میں وزیراعظم کی جانب سے اعلان کیے جانے والے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کابینہ اراکین کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اوررپورٹ پیش کی گئی تھی۔

    وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے بیشتر اہداف حاصل کرلیے گئے اور وزیرمملکت برائے مواصلات مراد سعید کارکردگی میں اول نمبر پر رہے، انہوں نے 1 ارب روپے کی زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروائی۔

    خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے100روزہ پلان کے جائزے کیلئے ویب سائٹ بنائی تھی ، ویب سائٹ میں پلان کے بنیادی بڑے منصوبوں کو شامل کیا گیا، ویب سائٹ کی مدد سے حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

    واضح رہے عام انتخابات 2018 سے قبل 20 مئی کو پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سو دن کی منصوبہ بندی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ 100 دن کا منشور دے دیا ہے، یہ منشور ہماری سمت کا تعین کررہا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس کے پی میں حکومت کا تجربہ ہے، وفاقی حکومت مل جاتی تو ہماری ایسی تیاری نہ ہوتی، ہم نے کے پی میں 5سال حکومت کرکے سیکھا ہے۔

    سربراہ تحریک انصاف نے مزید کہا تھا کہ سو دن کے پلان کا مقصد حکومت کی تمام پالیسیاں بنانا ہے، سو دن کے پلان میں سوا3کروڑ سرکاری اسکولوں کے بچوں کی تعلیم پر توجہ دینی ہے، مدارس کے25لاکھ بچوں کو اعلیٰ تعلیم دینی ہے، مدارس کے بچوں کو بھی ڈاکٹر بنانا ہے، ہم نے نچلے طبقے کو اوپر لانا ہے، بیورو کریسی کو غیرسیاسی کیا جائے گا، سرکاری اسپتالوں کو ٹھیک کرنے گئے تو مافیا کا سامنا کرنا پڑا۔

  • وزیراعظم ہاؤس کی بھینسیں 23لاکھ 2 ہزار روپے میں فروخت

    وزیراعظم ہاؤس کی بھینسیں 23لاکھ 2 ہزار روپے میں فروخت

    اسلام آباد : وزیراعظم کی سادگی مہم کے تحت لگژری گاڑیوں کے بعد بھینسیں بھی نیلام کردی گئی، وزیراعظم ہاؤس کی بھینسیں 23لاکھ 2 ہزار روپے میں فروخت ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی لگژری گاڑیوں کے بعد بھینسوں کی نیلامی کا عمل بھی مکمل ہوگیا ہے، وزیراعظم ہاؤس کی بھینسیں 23لاکھ 2ہزار روپے میں فروخت ہوئیں۔

    بھینسیں خریدنے والوں سے رقم کیش وصول کی گئی۔

    وزیراعظم سادگی مہم کے تحت 8بھینسوں کی نیلامی کی گئی، پہلی بھینس 3لاکھ 85 ہزار ،دوسری 3لاکھ ، تیسری 3لاکھ 30ہزار اور چوتھی 3لاکھ 5ہزار میں نیلام ہوئی،بھینسوں کے ساتھ چار کٹیاں ایک کٹا بھی نیلام ہوئیں۔

    وزیراعظم ہاوس میں بھینس کا بچہ 3لاکھ 15ہزار میں فروخت ہوا۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے مشیر نعیم الحق نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں موجود 8 بھینسیں سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے رکھی تھیں، جن کیلئےملازم بھی تھے، انھیں نیلام کیا جائے گا۔

    واضح رہے وزیراعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم کے تحت پہلے مرحلے میں لگژری اور عام گاڑیوں کی نیلامی کی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم ہاؤس کی قیمتی گاڑیوں کی نیلامی کا پہلا مرحلہ مکمل،61 فروخت

    وزیراعظم ہاؤس کی نیلامی کے لیے پیش کی گئی ایک سو دو گاڑیوں میں چوہتر فروخت ہوئیں تھی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم ہاؤس کی قیمتی گاڑیوں کی نیلامی کے ذریعے پیغام دینا تھا کہ عوام کے پیسے کا غلط استعمال ہرگز نہیں ہوگا۔ نئے پاکستان میں کفایت شعاری مہم کا گھر سے آغاز کیا ہے۔

    اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر وزیراعظم ہاؤس نے میڈیا کو بتایا تھا کہ102میں سے61گاڑیاں 20کروڑ روپے سے زائد میں نیلام ہوئیں، جس میں تین لینڈ کروزر8 کروڑ، 5 ہزارسی سی کی چار بلٹ پروف مرسڈیز بینز ساڑھے چار کروڑ اور ایک ٹویوٹا لینڈ کروزردو کروڑ 74 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔