Tag: 104 سالہ خاتون

  • ویڈیو: 104 سالہ خاتون نے ساڑھے 13 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا دی

    ویڈیو: 104 سالہ خاتون نے ساڑھے 13 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا دی

    شکاگو: امریکا کی ایک سو چار سالہ خاتون نے ساڑھے 13 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا کر لوگوں کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شکاگو کی ایک 104 سالہ خاتون ڈوروتھی ہوفنر نے ساڑھے 13 ہزار فٹ کی بلندی سے اسکائی ڈائیو کا شان دار مظاہرہ کر کے سب کو حیران کر دیا۔

    زندہ دل معمر خاتون کا اسکائی ڈائیونگ کو دل للچایا تو اپنا واکر زمین پر چھوڑا اور تیرہ ہزار پانچ سو فٹ کی بلندی پر پہنچ گئیں، کوئی گھبراہٹ نہ چہرے پر خوف کے آثار، گائیڈ کے ساتھ خوب مزے سے ہوا کے دوش پر تیرتی رہیں۔

    بزرگ خاتون نے کہا یہ بہت ہی حیرت انگیز اور پُر سکون تجربہ تھا، انھوں نے امید ظاہر کی کہ وہ عالمی ریکارڈ اپنے نام کر سکیں گی، مئی 2022 میں سوئیڈن کی 103 سالہ خاتون نے سب سے عمر رسیدہ اسکائی ڈائیور کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

    اتوار کے دن یہ کارنامہ انجام دینے کے بعد جیسے وہ زمین پر اتریں، لوگوں نے تالیوں سے استقبال کیا، ڈوروتھی ہوفنر نے کہا ’’عمر بس ایک عدد ہے۔‘‘ ڈوروتھی نے پہلی بار اسکائی ڈائیو 100 سال کی عمر میں کیا تھا۔ انھوں نے بتایا تھا کہ پہلی بار ڈائیو کے لیے انھیں جہاز سے دھکیلنا پڑ گیا تھا۔

  • برطانیہ کی 104 سالہ خاتون کی گرفتار ہونے کی خواہش پوری ہوگئی

    برطانیہ کی 104 سالہ خاتون کی گرفتار ہونے کی خواہش پوری ہوگئی

    لندن : برطانوی پولیس نے ایک قریب المرگ خاتون نے 104 برس کی عمر میں گرفتار ہوکر اپنی انوکھی آخری خواہش پوری کردی۔

    انسان کی خواہشات کبھی ختم نہیں ہوتیں، وہ مرنے سے پہلے اپنی آخری خواہش کی تکمیل بھی چاہتا ہے جسے اس کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    برطانیہ کی ایک قریب المرگ خاتون عینی بروکن برو جنہوں نے پوری زندگی میں کبھی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی لیکن جب انہیں پولیس افسر نے ہتکڑیاں لگائی گئیں تو وہ بہت خوش ہوئیں۔

    خاتون کی گرفتار ہونے کی انوکھی خواہش پوری ہونے کے بعد ان کے عزیز و اقارب کو یقین ہے کہ اب وہ سکون سے اپنی آنکھیں بند کرسکیں گی۔

    عینی بروکن کا کہنا ہے کہ ’میری خواہش تھی کہ مجھے بھی گرفتار کیا جائے، میں 104 برس کی ہوچکی ہوں اور آج تک میں نے کبھی قانون نہیں توڑا‘۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جلد اکتاہٹ کا شکار ہوجانے والی 104 سالہ خاتون کو جب انہیں گرفتار کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’آج کا دن بہت اچھا اور دلچسپ تھا‘۔

    عینی بروکن کا کہنا تھا کہ ہتھکڑیاں لگنے کے بعد ایک مجرم کی طرح محسوس کیا، جس کے بعد میں اور بھی محتاط رہوں گی کچھ کہنے اور کرنے میں لیکن پولیس کا رویہ بہت اچھا تھا۔

    خاتون پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ہمیں کئیر ہوم کی جانب سے ای میل موصول ہوئی تھی جس میں ایک عجیب درخواست کی گئی تھی، لیکن ہمارے لیے یہ کام بہت دلچسپ تھا۔

    خاتون افسر کے ساتھی راب کولے کا کہنا تھا کہ ’ہم نے پہلی مرتبہ کیئرہوم سے کسی کو حراست میں لیا ہے‘۔

    پولیس افسر نے بتایا کہ خاتون ہمیں دیکھ کر حیران ہوگئی تھیں لیکن انہوں نے کوئی مزاحمت نہیں کی کیوںکہ گرفتار ہونا ان کی خواہش تھی۔