Tag: 106 بلین ڈالر کی رقم قومی خزانے میں جمع

  • سعودی عرب، کرپشن کے خلاف مہم ختم، 106 بلین ڈالر کی رقم قومی خزانے میں جمع

    سعودی عرب، کرپشن کے خلاف مہم ختم، 106 بلین ڈالر کی رقم قومی خزانے میں جمع

    ریاض: سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف مہم ختم کردی گئی، مہم کے دوران 106 بلین ڈالر کی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی گئی۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکومت نے دو سال سے جاری کرپشن کے خلاف مہم کے خاتمے کا اعلان کیا ہے، انسداد کرپشن مہم میں نقد رقم، کمپنیوں اور جائیداد کی شکل میں 106 بلین ڈالر وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے۔

    سعودی حکومت کے مطابق انسداد کرپشن مہم کے دوران شہزادہ الولید بن طلال، چار وزرا اور گیارہ شہزادوں سمیت متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا، 381 افراد کو نوٹس جاری کیے گئے جبکہ 87 افراد نے جرم کا اعتراف کیا۔

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے بنائی گئی انسداد کرپشن کمیٹی نے گزشتہ روز اپنی رپورٹ جمع کرائی جس میں کہا گیا تھا کہ کمیٹی نے اپنا کام مکمل کرلیا ہے، کمیٹی کی رپورٹ پر سعودی ولی عہد نے دستخط کیے جس کے بعد کرپشن کے خلاف مہم ختم کردی گئی۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب میں کرپشن کےالزام میں 11 شہزادے اور4 وزیرگرفتار

    واضح رہے کہ نومبر 2017 میں سعودی حکومت کی جانب سے کرپشن کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اینٹی کرپشن کمیٹی بنائی گئی تھی جس کے بعد شہزادہ الولید بن طلال سمیت 11 شہزادے اور 4 وزرا سمیت درجنوں سابق وزرا کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    یہ پڑھیں: سعودی عرب: کرپشن میں ملوث 126 سرکاری ملازمین معطل

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں کرپشن میں ملوث 126 سرکاری ملازمین کو معطل کردیا گیا تھا، بلدیاتی اور دیہاتی امور کی وزارت نے اعلان کیا تھا کہ مختلف علاقوں میں 126 ملازمین کو بدعنوانی میں ملوث ہونے کے سبب کام سے روک دیا گیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق ان امور میں مالی اور انتظامی بدعنوانی، قانون کی خلاف ورزیاں، اثرو رسوخ سے فائدہ اُٹھانا اور اختیارات کا غلط استعمال شامل ہے۔