کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اب بھی میری شناخت پی ایس پی سے ہی رہے گی، ہماری ملاقاتوں یا اتحاد سے بانی ایم کیوایم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جب ہم واپس آئے اس وقت سچ بولنے کی سخت سزا تھی، جب پہلی پریس کانفرنس کی اس کے بعد خدشہ تھا کہ مارا جاؤں گا، ہم نے نوجوانوں کے دل و دماغ پر کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے پہلے اتحاد سے متعلق صورتحال واضح ہوجائے گی، ہماری ملاقاتوں یا اتحاد سے بانی ایم کیوایم کا کوئی تعلق نہیں ہے، سوشل میڈیا پر بیانات دیکھ لیں وہ ہمیں غدار کہہ رہے ہیں، ان سے رابطے کا دور دور تک کوئی امکان نہیں۔
پی ایس پی سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم بھی سیاست کررہے ہیں کسی کے مینڈیٹ کو نہیں توڑ رہے، ہم بھی اپنی سوچ رکھتےہیں، ترجیحات بدلی ہیں ہم بھی سیاست کا حق رکھتے ہیں، حالات بدلے ہیں اس لیے ہم نے بھی حکمت عملی تبدیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے15سال میں لوگوں کو ڈرا دیا، سندھ کا بیڑا غرق کردیا، جو حالات بن گئے ہیں اس سے ہماری انا بہت پیچھے رہ جائے گی، پلس لندن اور مائنس لندن والی کہانی ختم ہوچکی ہے، بہت ساری باتوں کا کیمرے کے سامنے جواب نہیں دے سکتا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بہت لوگ آئے جنہوں نے کہا کہ آپ کا فیصلہ درست ہے، ہم نے کسی ایم کیوایم والے سے منہ نہیں پھیرا، مخالفت ضرور کی ہے لیکن دشمنی نہیں، کامران ٹیسوری نے خود کو گورنرہاؤس تک محدود نہیں کیا جو اچھی بات ہے۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پہلی مرتبہ ایم کیوایم کا ٹیگ لگے شخص نے ہم سے رابطہ کیا تو ہم نے بھی اس کا مثبت جواب دیا، مخالفت کے باوجود ہم نے کہا کہ شہر کے مسائل کے حل کیلئے نکلیں ہم ساتھ دینگے۔
اسلام آباد : پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے معیشت کو بہت بری طرح تباہ کردیا ہے، یہ لوگ جس مقصد کیلئے اقتدارمیں آئے تھے وہ انہوں نے پورا کرلیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ یہ تشویشناک بات ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کی اس قسم کی آڈیوز آرہی ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ آڈیو لیکس ہورہی ہیں تو مزید آڈیو بھی آجائیں گی دیکھنا یہ ہے کہ اس میں ہوگا کیا؟، ن لیگ کی حکومت ہے ان کو ایسی آڈیو لیکس کی تحقیقات کرانی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک مفرور شخص جو لندن میں بیٹھا ہے ملک کے فیصلے اس کی مشاورت سے ہورہے ہیں،
احتجاجی تحریک کیلئے فائنل کال کا فیصلہ عمران خان خود کریں گے، عمران خان نے ابھی تک تاریخ اور کیسی کال ہوگی نہیں بتایا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر ارسلان نے کوئی گفتگو کی یا قانون کی خلاف ورزی کی تھی تو5ماہ سے ان کی حکومت ہے تو اس کیخلاف کارروائی کریں، کس نے روکا ہے،؟
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کیا کرے گا، یہ ن لیگ والا ہی بتا سکتا ہے، الیکشن کمیشن متنازع ہوچکاہے، ممنوعہ فنڈنگ کیس میں قانون سےبالا جملے ڈالے گئے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں اسحاق ڈار کو کس نے کہہ دیا کہ معیشت کا دارو مدار ڈالرکی قدر پر ہوتا ہے، انہوں نے جب ماضی میں ڈالرکو مصنوعی کنٹرول پر رکھا تو اربوں ڈالر ضائع کیے، ہماری معیشت کوبہت بری طرح تباہ کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے اسحاق ڈار کو معیشت تباہ کرنے کیلئے ایک دو ہفتے سے زیادہ وقت نہیں ملے گا، پی ڈی ایم اور ن لیگ کی سیاست موجودہ حکومت چلا کر خود تباہ ہوگئی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ لوگ جس مقصد کیلئے اقتدار میں آئے تھے وہ انہوں نے پورا کرلیا، روزانہ ان کے کیسزختم ہوتے جارہے ہیں جو ان کا مفاد تھا وہ انہوں نے پورا کرلیا۔
کراچی: امریکا میں مقیم پاکستانی آصف چوہدری نے مریم نواز کے دعووں کو جھوٹ قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا یہ دعویٰ کہ پاکستان تحریک انصاف نے اسرائیل سے پیسے لیے بالکل بے بنیاد ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو فنڈ دینے والے پاکستانی نژاد امریکی شہری آصف چوہدری نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ امریکا میں ایک فرم کے ایڈمنسٹریٹر ہیں۔
آصف چوہدری نے بتایا کہ سنہ 2012 میں عمران خان امریکا آئے تھے اور ان کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی تھی۔ اس پروگرام کا ٹکٹ 200 ڈالرز تھا۔ آصف چوہدری کے مطابق اس وقت انہوں نے 200 ڈالرز کا ایک چیک پی ٹی آئی کو دیا تھا۔
آصف چوہدری کے مطابق وہ چیک فرم کا تھا تاہم وہ انہوں نے اپنی ذاتی رقم میں سے دیا تھا۔ اس کے علاوہ 250 ڈالر کا ایک چیک اور دیا تھا تاہم وہ ابھی تک کیش نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بس یہی وہ رقم ہے جس پر مریم نواز اپنے جلسوں میں وزیر اعظم عمران خان پر الزام لگاتی ہیں کہ انہیں اسرائیل سے پیسے ملے۔
آصف چوہدری نے مزید کہا کہ مریم نواز کو پھر بھی تسلی نہ ہو تو ہم پیسے اکٹھے کر کے انہیں ٹکٹ بھجواتے ہیں وہ یہاں آئیں، اپنی مرضی کے ہوٹل میں قیام کریں، ہم انہیں اس فرم کا دورہ کروائیں گے وہ خود ہی ساری معلومات کرلیں۔
مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری آصف چوہدری کے جوابات پر سیخ پا ہوگئیں، انہوں نے آصف چوہدری کو بھی اسرائیل کا شہری قرار دے دیا اور ان کے تمام جوابات کو جھوٹ قرار دیا۔
لاہور : پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ تین سو وکلا نے ڈیڑھ لاکھ کی برادری کو بدنام کردیا، وکلاء کی جانب سے ایسے رویے کا اندازہ بالکل نہیں تھا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا, اعتزاز احسن نے کہا کہ واقعے میں زیادہ تر وہ وکلاء ملوث ہوں گے جو آئندہ بار الیکشنزمیں امیدوار ہونگے، بارالیکشن کیلئے ایشو کو استعمال کرناغلط بات ہے۔
آج لگ بھگ تین سو وکلا نے ڈیڑھ لاکھ کی برادری کو بدنام کردیا، آج ملوث کوئی وکیل بارالیکشن میں امیدوار ہے تو اسے ووٹ نہ دیا جائے، امید ہے وکلا آئندہ الیکشن میں اپنے ووٹ کادرست استعمال کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں ہوتا تو پی آئی سی فوری طور پر پہنچ جاتا اور وکلا کوروکتا، بار کو جب بھی ضرورت پڑی میں ان کے لیےنکلا ہوں، جنگ میں بھی اسپتال پر حملےنہیں کیے جاتے، اندازہ نہیں تھا کہ وکلا3سے4کلومیٹر پیدل چل کراسپتال پر حملہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مریضوں پر پتھراؤ اور اسپتال کے شیشےتوڑے گئے، تیمارداروں پرتشدد اور گاڑیاں جلائی گئیں ایسا نہیں ہوناچاہیے تھا، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ وکلا کے رویے سے ڈاکٹرز بھی اسپتال چھوڑ کر چلے گئے، کالے کوٹ کی لوگ عزت کرتے ہیں،آج اس کی رسوائی کرائی گئی، بطور وکیل آج بہت شرمندگی ہورہی ہے دکھ محسوس کررہا ہوں۔
بار بینچ کی وجہ سے وکلا گردی مصلحت کا شکارہوجاتی ہے، ماتحت عدلیہ میں وکلا کادباؤ پڑجاتا ہے یہ درست ہے، اعلیٰ عدلیہ میں ایسانہیں ہونا چاہیے نہ ہوتا ہے، بار ایسوسی ایشنز نے ہڑتال کا وطیرہ بنا رکھا ہے، ہربات پر فوری عدلیہ کی ہڑتال کی جاتی ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ پنجاب بارکو ہڑتال کی کال نہیں دینی چاہیے تھی ہوسکتا ہے بہت سے وکلاہڑتال کی کال پر عمل نہ کریں۔
حکومتی رٹ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ آج کے واقعے کی ذمہ داری حکومت پر بھی عائد ہوتی ہے، وکلا پیدل چل کرنعرے لگاتے ہوئے آئےتھے، حکومت کو چاہیے تھا کہ فوری طور پر ان کو روکتے۔
اسپتال پر حملہ ہورہا تھا تو فوری طور پر اقدامات کیے جاتے، آج کے واقعےمیں ہمارا بھی قصورہے، ہمیں بہتری جانب جانا چاہیے۔
کراچی : وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کے دل میں کسی نیب زدہ کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے، نوازشریف سے پیسے نہیں نکلتے زرداری پیسے دے سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے کصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کابینہ میں باری باری سب کو سنتے ہیں، ان کا کابینہ میں تبدیلی کرنا اچھی بات ہے، وزیر وزیر ہوتا ہے جہاں بھی ہو، ماضی میں کئی بار میری وزارت بھی تبدیل کی گئی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف جیل نہیں کاٹ سکتا ،آصف زرداری کاٹ سکتے ہیں، نوازشریف سے پیسے نہیں نکلتے زرداری پیسے دےسکتا ہے، ڈھیل ہوسکتی ہے مگر ڈیل نہیں۔
مجھے شک ہے شہبازشریف لندن سے واپس نہیں آئیں گے، شہبازشریف کو پی اےسی کا چیئرمین بنا کر ظلم کیاگیا، شہباز شریف کو مثبت اشارے ملے تو وہ واپس آسکتے ہیں، مجھے پی اے سی کا ممبر نہ بنانے پر پچھتائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسدعمر قیمتی انسان ہیں اس نے بہت محنت کی، ڈالر بڑھ گیا، مہنگائی بڑھ گئی سرا نزلہ اسد عمر پر گر رہا تھا، میرے بہترین تعلقات حفیظ شیخ سے رہے ہیں، حفیظ شیخ میری چوائس ہیں وہ بہت زبردست مشیرخزانہ ثابت ہونگے، میری رائے تھی اسدعمر وزیرخزانہ اور حفیظ شیخ مشیر ہوں۔
عمران خان کے دل میں کسی نیب زدہ کیلئےجگہ نہیں ہے، اطلاع تھی کہ بابراعوان کسی بھی لمحے وزیراطلاعات بن جائیں گے، بابراعوان نیب سے کلیئر ہوئے تو انہیں وزارت ضرور ملے گی۔
کراچی: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے مثبت اقدام پر بھارتی رویہ مایوس کن ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی کے پروگرا م ’’الیونتھ آور‘‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد اہم قدم ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ بھارت اوپرسے کچھ اور اندرسےکچھ اور ہے، 20سال ہوگئے، بھارتی رویےمیں تبدیلی نہیں آئی، بھارت میں عوام کی اکثریت میں مسلم منافرت پائی جاتی ہے۔
صدرعارف علوی کا کہنا تھا کہ جو کام اسرائیل نےفلسطین کےساتھ کیا، بھارت وہی پاکستان سے کر رہا ہے، کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملےمیں بھارت بھی ملوث ہوسکتا ہے، بھارت کا بلوچستان میں انتشارپھیلانےمیں بھی ہاتھ رہاہے، کلبھوشن کو پاکستانی عدالتی نظام سے گزار کر سزائے موت تک پہنچانا چاہیے، میرے پاس کلبھوشن کی رحم کی اپیل آئی، تو حکومت جومشورہ دے گی، وہ کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیاست میں’’مودی کایار‘‘جیسے نعرےعوام میں جلدی مقبول ہوتے ہیں، ہماری حکومت بھارت سے امن کےلئے بیتاب ہے، کرتار پور کے معاملے پرپاکستان نے بہت اچھا اقدام کیا۔
ایک سوال کے جواب میں صدر پاکستان نے کہا کہ وہ حکومت کو10میں سے9نمبردیں گے، 100روزہ پلان یہ نہیں تھا کہ فوری تبدیلی آ جائے گی، اہم معاملات کی وجہ سےجنوبی پنجاب صوبے پربات آگے نہیں بڑھ سکی۔ نیا صوبہ بنانا آسان کام نہیں،امید ہے کہ اس حکومت کے آدھےدورتک نیاصوبہ بن جائے گا۔
صدرعارف علوی نے کہا کہ ممکن ہےعمران خان کی پرویزالہٰی کےبارےمیں رائےاب تبدیل ہوگئی ہو، خواہش تھی پارلیمنٹ لاجزمیں رہوں، مگراسپیکر نے کہا کہ ایسا ممکن نہیں۔
انھوں نے کہا کہ زرداری صاحب سےمتعلق جومیری پارٹی کاموقف ہےوہی میرا ہے،زرداری صاحب کےزمانے کی طرح اب ایوان صدرسیاسی سرگرمیوں کامرکزنہیں، زرداری صاحب نے58ٹو بی کاخاتمہ کرکےاچھا کام کیا، اٹھارویں ترمیم کی کچھ چیزوں کوبہتربنانےمیں کوئی حرج نہیں۔
صدرعارف علوی کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی پر جس نے بھی حملہ کیا غلط کیا، اسےسزا دینی چاہیے۔
صدر پاکستان نے کہا کہ میرے لئے دو کمروں کا گھر ہی کافی تھا، ایوان صدر کے رہائشی حصے میں کفایت شعاری سے رہ رہا ہوں، فیصلہ کیا ہے کہ ذاتی دوروں پرسرکاری خزانہ استعمال نہیں کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق اورصوبوں کےدرمیان پل کا کردار ادا کروں گا، صدر نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے استثنیٰ نہیں ملناچاہیے، ہم ہمیشہ پرتشدد ایم کیو ایم کے خلاف رہے۔
کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے انعقاد تک سرفرازاحمد کی کپتانی پر بالکل بھی بحث نہیں ہونی چاہئے، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔
یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، یونس خان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو چاہئے کہ وہ صبر سے کام لیں اور ٹیم کو متحد کرکے آگے بڑھیں، ہارجیت کھیل کا حصہ ہے، ورلڈ کپ کے انعقاد تک سرفرازاحمد کی کپتانی پر بالکل بھی بحث نہیں ہونی چاہئے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ نئے بیٹسمین کو کریز پر سیٹ ہونے میں وقت لگتا ہے، آج کے میچ میں محمد آصف کے آؤٹ ہونے سے مشکلات بڑھیں، پاکستان ٹیم سے توقعات بہت زیادہ لگائی گئی تھیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کا پاکستان ٹیم سے موازنہ نہیں کیاجاسکتا، پاکستان کی ٹیم میں بہت سے نئے کھلاڑی ہیں جبکہ بھارتی ٹیم میں 6سے7کھلاڑی 8سے10سال سے کھیل رہے ہیں۔
کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اب وزیراعظم پاکستان عمران خان ہی ہوگا، تحریک انصاف بائیس سال سے ملک میں جدوجہد کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ سسٹم میں شامل ہوئے بغیر سسٹم ٹھیک نہیں کیا جاسکتا، جہاں تک بات ہے نئے صوبے کی تو نیا صوبہ 100دن میں نہیں بن سکتا، سو دن میں نئےصوبے کے لیے حکمت عملی بن جائے گی۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز 10 دن میں جیل جاتے ہوئے نظر آرہے ہیں جبکہ اسحاق ڈار بیٹھے ہوئے نہیں مفرور ہیں، اربوں روپے کی کرپشن میں ساتھ دینے والے انہیں نہیں چھوڑ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جھوٹ کی سیاست ختم ہوچکی ہے، مشرف کابینہ کے لوگ ان کے ارد گرد کھڑے ہیں، ڈان لیکس میں سزا ہوجاتی تو نواز شریف دوبارہ بیان نہ دیتے، ان کا بیانیہ بھارت، اسرائیل اور اچکزئی والا ہے، طلال چوہدری کسی دوسری جماعت میں جانے کی کوشش کررہے ہیں۔
پوچھے گئے ایک سوال پر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے مہاجر قوم کا استحصال کیا، وسیم اختر کیس میں اربوں روپے کی کرپشن ہے، خالد مقبول صدیقی اور خواجہ اظہار کا کرپشن سے کوئی تعلق نہیں، میں نے میئر کراچی کی کرپشن کا پرائیویٹ کمپنی سے آڈٹ کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پرائیویٹ آڈٹ کمپنی کا بل میں ادا کروں گا، مجھے وسیم اختر نے مل کر ڈیل کرنے کا کہا، وسیم اختر نے مجھے کہا پیسے لے لو اور کیس سے پیچھے ہٹ جاؤ، میں ثبوتوں کے بغیر کسی پر الزام نہیں لگاتا، وسیم اختر کے ٹیم کے 2 لوگوں نے کہا ہمارا نام نہ لیں دیگر ثبوت لے لیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔
لاہور : پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ خفیہ قوتیں نواز شریف کو سزا دلانے کے درپے ہیں، لیکن وہ ضمانت پر باہر آجائیں گے، پی ٹی آئی کے ٹکٹوں کے فیصلے بھی وہی قوتیں کررہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، رانا ثناءاللہ نے کہا کہ میاں نواز شریف کے کیس میں ہمیں توقع انصاف کی ہے مگر لگتا ایسا ہے کہ انصاف ہوگا نہیں۔
خفیہ قوتیں نواز شریف کو سزا دلانے کے در پے ہیں، جےآئی ٹی اور دیگر معاملات کے پیچھے بھی یہی خفیہ قوتیں تھیں، عمران خان کی جماعت کےٹکٹوں کے فیصلے بھی وہی قوتیں کررہی ہیں۔
خفیہ قوتوں کےدفاتر الیکشن سیل کی طرح کام کررہےہیں، فیصل آباد میں یوسی چیئرمینوں کو فون کرکے ان کی نگرانی کی جارہی ہے۔
پاک فوج کے جوان ملک پر جان نچھاور کرتے ہیں
راناثنااللہ نے مزید کہا کہ فوج کے ادارے پرالزام نہیں لگایا جاسکتا، فوج کے جوان ملک کےلئے جان نچھاور کرتے ہیں، اسٹیبلشمنٹ کے لفظ میں سب شامل ہوجاتے ہیں جو روز میڈیا پر بھی باتیں کرتے ہیں، یہ کام خفیہ قوتیں اور فرشتے کرتے ہیں جو نظر نہیں آتے۔
فوج اور عدلیہ جیسے ادارے اس قسم کے کام نہیں کرتے، راؤانوار جس سیف ہاؤس میں رہا ہے ہمارا اشارہ اسی طرف ہے، لوگوں کو پیچھے سے جو ہلا رہے ہیں وہ خفیہ قوتیں ہیں۔
نوازشریف کیخلاف فیصلے سے سیاسی نقصان نہیں ہوگا
راناثناءاللہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف کیخلاف فیصلے سے سیاسی نقصان نہیں ہوگا، 28جولائی کے فیصلے سے جو حاصل نہ ہوا اس کیلئے جوا کھیلا جائیگا، ایسا کرنے والوں کو بہت بڑا نقصان ہوگا، احتساب عدالت کے فیصلے پر ہم ہائیکورٹ میں اپیل پر جاسکتے ہیں۔
نواز شریف لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت پر باہر آجائیں گے،جیل جانے کے بعد کسی اور کو بیانیہ لے کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہی نہیں ہوگی، نوازشریف کے وہاں پر جانے سے پہلے سے بھی زیادہ بڑے جلسے ہونگے۔
چوہدری نثار ن لیگ چھوڑ کر کبھی نہیں جائیں گے
چوہدری نثار سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار ن لیگ چھوڑ کر نہیں جائیں گے ان کو ٹکٹ بھی ملناچاہئے، وہ نوازشریف سے ناراض نہیں صرف گلہ ہے، جب بھی یہ بیٹھیں گے تو یہ گلہ دور ہوسکتا ہے۔
چوہدری نثار کو مریم نواز بزرگوں کی طرح سمجھتی ہیں، چوہدری نثار الیکشن نہ لڑنا چاہیں تو ان کے احترام میں کسی کو ٹکٹ بھی نہیں دینا چاہئے، وہ ایسے آدمی ہرگز نہیں کہ کسی قوت کا آلہ کار بنیں، چوہدری نثار کی اپنی ایک اہمیت رہی ہے وہ وزیرداخلہ رہے ہیں۔
الیکشن وقت پر نہ ہوئے تو اس کا فائدہ نواز شریف کو ہوگا
راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ حالات کے مطابق الیکشن وقت پر ہوتے نظر آرہے ہیں کیونکہ الیکشن میں تاخیر ہوئی تو نوازشریف کے بیانیے میں مزید جان آئے گی، سیاسی جماعتیں جانتی ہیں کہ ن لیگ کو ہرا نہیں سکتیں۔
منحرف اراکین سیاسی گند ہیں مزید بھی جائیں گے
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ منحرف اراکین سیاسی گند ہیں، ن لیگ سے منحرف ارکان وہ لوگ ہیں جورسک نہیں لیتے، جنہوں نے نوازشریف کو ووٹ نہیں دیا تھا، نوازشریف کو ووٹ پڑے تو درپردہ قوتوں کو حیرانی ہوئی اور کچھ قوتیں متحرک ہوگئی تھیں۔
جو لوگ پارٹی چھوڑ گئے نوازشریف نے انہیں دل سے قبول نہیں کیا تھا، ایک وقت ایسا تھا جب فصلی بٹیروں کی بہت بڑی تعداد ہوتی تھی، ابھی 8 گئے ہیں، تین سے 4اور بھی منحرف ارکان جانے والے ہیں۔
مشاہد حسین سید نے کبھی میاں صاحب پر ذاتی حملہ نہیں کیا
صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ سینیٹر مشاہد حسین جب پہلے ن لیگ میں تھے تو میاں صاحب سے بڑا قریبی رابطہ تھا، بعد میں بھی مشاہد حسین سید نے کبھی میاں صاحب پر ذاتی حملہ نہیں کیا، مشاہد حسین سید کو دوبارہ پارٹی میں آنا چاہئے تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
کراچی: پشاور زلمی کے وکٹ کیپر اوپنر بلے باز کامران اکمل نے کہا ہے کہ فائنل ہارنے کا افسوس ہے، کیچ پکڑنے کی بھرپور کوشش کی تھی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، کامران اکمل نے کہا کہ پی ایس ایل تھری کا فائنل جیت جاتے تو زیادہ اچھا لگتا، صرف میری وجہ سے نہیں ٹیم کی کارکردگی سے فائنل میں پہنچے تھے۔
پشاور زلمی کے اوپنر بلے باز نے کہا کہ انجری کے ساتھ کھیل رہا تھا، میری جگہ کوئی اور ہوتا تو اس انجری کے ساتھ میچ نہیں کھیل سکتا تھا، فائنل ہارنے پر افسوس ہے، ٹیم کی جیت کے لیے ہی کھیل رہا تھا۔
کامران اکمل نے کیچ چھوٹ جانے پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ تنقید کرنے والے تنقید ہی کرتے ہیں، بابر اعظم دنیا کا بہترین کھلاڑی ہے مگر اس پر بھی تنقید کی جاتی ہے۔
پی ایس ایل تھری میں سنچری بنانے والے کامران اکمل نے کہا کہ کراچی میں 9 سال بعد کرکٹ کی بحالی پر خوش ہوں، اپنی کارکردگی پر خوش ہوں، مزید بہتر کھیل پیش کرکے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کروں گا۔
کراچی کنگز کے سب کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا،عماد وسیم
پی ایس ایل تھری میں کراچی کنگز کی جانب سے کپتانی کرنے والے آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا کہ افسوس ہوا کراچی کنگز فائنل میں نہیں پہنچ سکی، کراچی کنگز کے لڑکوں نے میدان میں مقابلہ کیا۔
عماد وسیم نے کہا کہ کراچی کنگز کے سب کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا، ہماری ٹیم کے کئی لڑکے انجری کا شکار ہوگئے تھے، کراچی کنگز کے سب کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا۔
آل راؤنڈر عماد وسیم کا اپنی انجری کے حوالے سے کہنا تھا کہ میری طبیعت اب کچھ بہتر ہوئی ہے، ٹیم نے بھرپور محنت کی، ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتا ہے، ٹورنامنٹ میں بہت مزہ آیا، کامران اکمل نے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کیا جبکہ بابر اعظم بہترین کھلاڑی ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کیچ لیتے ہوئے سر پر چوٹ لگنے سے زخمی ہوگئے تھے، ان کے بعد ایون مورگن اور پھر محمد عامر نے کپتانی کے فرائض انجام دئیے تھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔