پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے معمولی جرائم کے قیدیوں کی سزا میں 2 ماہ کمی کا اعلان کردیا۔ان کا کہنا ہے کہ صوبے بھرمیں جیلوں کے نظام میں اصلاحات لارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران جے یوآئی(ف) کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کی تربیت نہیں ہوئی،میں انھیں مولانا نہیں کہتا، جولوہے کےچنے کی بات کرتا تھا وہ آج رو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی کا انکشاف
وزیراعلیٰ نے صوبے بھر کی جیلوں میں معمولی جرائم کی وجہ سے قید کاٹنے والوں کی سزا میں 2 ماہ کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہے تحریک انصاف کے وژن کے مطابق کام کریں.
محمود خان نے کہا کہ صوبے بھرمیں جیلوں کے نظام میں اصلاحات لارہے ہیں اور مختلف اضلاع میں جیلوں کو بہتر بنایا جارہا ہے جب کہ صوبائی حکومت مختلف شعبوں میں بہتری کی اصلاحات کررہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دیکھتاہوں میرے حلقے اورگھرکون آتاہے اگر کوئی میرے پاس آیا تو میں اس سے اخلاق سے گری ہوئی بات نہیں کروں گا۔
یاد رہے چند روز قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہاتھا کہ فضل الرحمان کو کے پی سے گزرنے نہیں دوں گا اپنے بیان پر قائم رہوں گا، بی آرٹی منصوبے میں غلطی ضرور ہے لیکن کرپشن نہیں ہوئی۔