Tag: 12 may 2007

  • 12 مئی کے خونریز دن کو 11 برس بیت گئے

    12 مئی کے خونریز دن کو 11 برس بیت گئے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت اور روشنیوں کے شہر کراچی پر 12 مئی 2007 کا لہولہان اور قیامت خیز دن گزرے 11 برس بیت گئے۔ اس سیاہ دن کو اپنی جانوں کی بازی ہارنے والوں کے لواحقین تاحال انصاف کے منتظر ہیں۔

    گیارہ سال قبل 12 مئی کا عام سا دن اس وقت خون ریز ہوگیا جب معطل شدہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سندھ ہائیکورٹ بار سے خطاب کرنے کے لیے کراچی پہنچے۔

    چیف جسٹس کو اس وقت کی حکومت نے ہوائی اڈے سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی۔ ایم کیو ایم کی جانب سے بھی سابق چیف جسٹس کو کراچی کا دورہ نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: چیف جسٹس نے 12 مئی کیس کی فائل طلب کرلی

    دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے چیف جسٹس کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا تھا۔

    چیف جسٹس کے کراچی پہنچتے ہی شہر میں قتل و غارت گری کا طوفان آگیا اور شہر لہو لہو ہوگیا۔ 12 مئی کے اس بھیانک دن نے 40 شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ درجنوں شہری زخمی ہوئے۔

    سانحہ 12 مئی کی تفتیش کی گاڑی کچھ ملزمان کی گرفتاری سے آگے نہ بڑھ سکی۔ وکلا کا کہنا ہے کہ سانحہ کا ذمہ دار کوئی بھی ہو، انصاف ہونا چاہیئے۔

    سانحے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین آج بھی اپنے پیاروں کے خون ناحق کا انصاف کیے جانے کے منتظر ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی:سانحہ12 مئی کا ملزم رفیق راجپوت90 روز کیلئے رینجرز کے حوالے

    کراچی:سانحہ12 مئی کا ملزم رفیق راجپوت90 روز کیلئے رینجرز کے حوالے

    کراچی : انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ بارہ مئی کے ملزم عبدالرفیق راجپوت کو تحفظ پاکستان ایکٹ کے تحت نوے دن کیلئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا گیا، ملزم ایم کیو ایم محمود آباد کا سیکٹر انچارج ہے۔

    بارہ مئی قتل وغارتگری کے الزام میں گرفتار ایم کیوایم کے سیکٹر انچارج رفیق راجپوت کوانسدادِ دہشت گردی کراچی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا، ملزم کو اسپیشل ٹاسک فورس نےعدالت میں پیش کیا، عدالت نے ملزم کو ترمیمی شق کے تحت نوے روز کے ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔

    ذرائع کے مطابق رفیق راجپوت اسٹیٹ بینک میں اٹھارہویں گریڈ کا افسر ہے، رفیق راجپوت پر سانحہ بارہ مئی سمیت ٹارگٹ کلنگ کی دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا الزام ہے۔

    گزشتہ روز بارہ مئی کے پُرتشدد واقعات کا ایک ملزم سات سال بعد گرفتارکرلیا گیا، ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم عبدالرفیق عرف کائیں ایم کیوایم محمودآباد سیکٹر کا انچارج اور بارہ مئی کے واقعات میں ملوث ہے، جس کا وہ اعتراف بھی کرچکا ہے، ملزم ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث اور زمینوں پرقبضے کے مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ عبدالرفیق نے رئیس مما سمیت دیگر ٹارگٹ کلرز کو تحفظ دینے اور ٹارگٹ کلنگ میں استعمال ہونے والے اسلحہ چھپانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔