Tag: 12 rabi ul awal

  • کراچی: 12 ربیع الاوّل کے مرکزی جلوس کا ٹریفک پلان جاری، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    کراچی: 12 ربیع الاوّل کے مرکزی جلوس کا ٹریفک پلان جاری، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    کراچی: ٹریفک پولیس نے 12 ربیع الاوّل کے مرکزی جلوس کا ٹریفک پلان جاری کردیا، اور اس سلسلے میں نکالنے جانے والے جلوسوں کے حوالے سے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ آج مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اس موقع پر ملک بھر میں مساجد، اہم عمارتوں اور گلیوں بازاروں میں چراغاں کرنے کے ساتھ ساتھ اہم مقامات کو بھی سجایا گیا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مرکزی جلوس کے راستوں اور گزرگاہوں سمیت جلوس کی نگرانی و سیکیورٹی کیلئے پولیس کے 4 ہزار 332 پولیس افسران و جوان کو تعینات کیا گیا ہے۔

    پولیس اہلکار راستوں، گزر گاہوں سمیت مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر تعینات ہونگے، سیکیورٹی ڈویژن  اہلکاروں سمیت ایس ایس یو کے کمانڈوز بھی ڈیوٹی سر انجام دیں گے، ایس ایس یو کے ماہر اسنائپرز مرکزی جلوس کے اطراف، گزر گاہوں پر تعینات ہونگے۔

    ترجمان کراچی پولیس کے مطابق نشتر پارک کی سیکیورٹی ڈیوٹی پر449 اہلکار فرائض سر انجام دیں گے، ٹریفک کے متبادل روٹس پر ٹریفک پولیس کے افسران و جوان تعینات ہیں۔

    دوسری جانب ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ایک جلوس شہید مسجد اور دوسرا جلوس میمن مسجد سے برآمد ہوگا، ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا جائے گا۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق کیماڑی سے جناح برج ٹاور کی جانب ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، جلوس کے راستے اور اس سے منسلک گلیاں ٹریفک کیلئے بند رہیں گی، یونیورسٹی روڈ سے نیو ایم اے جناح روڈ کیلئے جیل فلائی اوور کے نیچے سے جانے کی اجازت نہ ہوگی، ٹریفک کو جیل فلائی اوور، کشمیر روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

    ٹریفک کو گرو مندر سے ایم اے جناح روڈ آنا چاہیے، ٹریفک کو بنوری ٹاؤن سے سینٹرل جیل کی جانب موڑ دیا جائے گا، ٹریفک کو لسبیلہ پرنس ریکارڈر روڈ سے ایم اے جناح روڈ کی جانب آنے کی اجازت نہیں ہوگی، ٹریفک کو جہانگیر روڈ، جمشید روڈ، بنوری لائٹ سگنل سے نیو ایم اے جناح یا جیل کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

    ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ تمام گلیاں، بہادر یار جنگ، گرو مندر مکمل طور پر تمام ٹریفک کےلئے بند رہیں گی، شارع قائدین سے آنے والی ٹریفک کو سوسائی سگنل سے آگے آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ایم آرکیانی چوک سے ٹریفک کو کورٹ روڈ چورنگی کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ٹریفک کو پریس کلب سےعبداللہ ہارون روڈ کی جانب بھیجا جائے گا، نشترروڈ، رنچھوڑ لائن سے کھارادر آنے والی ٹریفک کو لی مارکیٹ سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ٹریفک کو موسیٰ لین، کھڈہ مارکیٹ کی جانب بھیجا جائے گا، تمام ایس پی ٹریفک اپنے اضلاع میں نکلنے والے جلوسوں کی خودنگرانی کریں گے۔

  • جشن عید میلاد النبی ﷺ آج انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے

    جشن عید میلاد النبی ﷺ آج انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے

    وہ دانائے سبل ختم الرسل مولائے کل جس نے
    غبار راہ کو بخشا فروغ وادی سینا

    ہادی عالم، رحمت اللعالمین، نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن آج ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

    سرکار دو جہاں محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت با سعادت نے دنیا کی تاریکی کو اپنے نور مجسم سے روشنیوں میں بدل دیا۔آپ کی ذات گرامی صورت میں اجمل اور سیرت میں اکمل ہے۔

    عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہر سجائے گئے ہیں، گلی گلی محلے محلے میں چراغاں کیا گیا ہے۔

    محافل میلاد النبی ﷺ کا خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے، شمع رسالت کے پروانے اپنے اپنے انداز میں نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں، فضائیں دورو و سلام کی صداؤں سے گونج رہی ہیں، شہر شہر آج ریلیاں نکالی جائیں گی، نذرو نیاز اور لنگر کا بھی خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔

    جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر تمام سرکاری وغیرسرکاری عمارتوں پرچراغاں کیا گیاہے جبکہ گھروں، مساجد، دفاتر، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

  • کراچی سمیت اندرون سندھ بھی ڈبل سواری پر پابندی عائد، نوٹی فکیشن جاری

    کراچی سمیت اندرون سندھ بھی ڈبل سواری پر پابندی عائد، نوٹی فکیشن جاری

    کراچی : حکومت سندھ نے ماہ ربیع الاول میں حفاظتی اقدامات کے تحت کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے جس کا اطلاق چار اضلاع میں ہوگا۔

    محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ماہ ربیع الاول کے موقع پر کراچی کے چار اضلاع میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ضلع وسطی میں 11 اور 12 ربیع الاول، ضلع غربی میں صرف12 ربیع الاول ضلع شرقی میں 8،11 اور 12 ربیع الاول جبکہ ساؤتھ زون میں 8 اور 12 ربیع الاول کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

    جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع حیدرآباد میں 8 اور 12 ربیع الاول، ضلع سکھر میں 11 اور 12 ربیع الاول، ضلع خیرپور میں 8 سے 12 ربیع الاول تک ڈبل سواری بند ہوگی۔

    اس کے علاوہ ضلع گھوٹکی میں 12 ربیع الاول، لاڑکانہ، رتو ڈیرو، نوڈیور، بکرانی، ڈوکری اور بدیھ شہروں میں 12ربیع الاول تک ڈبل سواری بند ہوگی۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے حکام نامے کے مطابق شہر قمبر، شہداد کوٹ، جیکب آباد، تھل، گڑھی خیرو، کندھ کوٹ نوابشاہ اور ضلع سانگھڑ میں بھی 12ربیع الاول کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق چھوٹے بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں پرنہیں ہوگا جبکہ صحافی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی اس پابندی سے مستشنیٰ ہوں گے۔

  • حکومت کا 12 ربیع الاول کو سیرت النبیﷺ کانفرنس منعقد کرانے کا اعلان

    حکومت کا 12 ربیع الاول کو سیرت النبیﷺ کانفرنس منعقد کرانے کا اعلان

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے 12 ربیع الاول کے موقع پر سیرت النبیﷺ کانفرنس منعقد کرانے کا اعلان کردیا ، وزیراعظم عمران خان سیرت النبیﷺ کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ انشااللہ12ربیع الاول کوسیرت النبیﷺ کانفرنس منعقدکی جائے گی، وزیراعظم عمران خان سیرت النبیﷺکانفرنس سےخطاب کریں گے۔

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ اس سال رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس کا موضوع: سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا اور اللہ تعالی کےعطا کردہ قدرتی وسائل کی قدر کرنا ہے۔

    یاد رہے سال 2018 میں وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر رحمتُ الّلعالمین ﷺ کی آمد کے مہینے کی مناسبت سے پہلی بار دو روزہ عالمی سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں دنیا بھر سے مذہبی اسکالرز اور غیر ملکی وفود نے شرکت کی تھی۔

  • کراچی میں بھی جشن عید میلاد النبیﷺ کی تیاریاں عروج پر، فضا رنگ و نور سے روشن

    کراچی میں بھی جشن عید میلاد النبیﷺ کی تیاریاں عروج پر، فضا رنگ و نور سے روشن

    کراچی : ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی جشن عید میلاد النبیﷺ کی تیاریاں عروج پر ہیں،شہر رنگ و نور میں ڈوبا ہوا ہے جبکہ ہر سو درودو سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔

    سرکار دو جہاں محمد مصطفی ﷺکی ولادت با سعادت نے دنیا کی تاریکی کو اپنے نور مجسم سے روشنیوں میں بدل دیا۔آپ کی ذات گرامی صورت میں اجمل اور سیرت میں اکمل ہے۔

    جشن عید میلادالنبیﷺ کے سلسے میں شہر بھر کی مساجد ،عمارتوں اور شاہرائوں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

    بڑی عمارتوں پر چراغاں جبکہ کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر خصوصی اجتماعات کا اہتمام کیا گیا۔

    اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے کہا کہ عصر حاضر میں نبی کریمﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا راہ نجات ہے۔ آپﷺ نے امن و محبت، بھائی چارگی اور احترام انسانیت کا درس دیا اور یہ پیغام رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔

    علاوہ ازیں سندھ حکومت کی جانب سے بارہ ربیع الاول کے موقع پر صوبے میں سیکیورٹی کے پیش نظر اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔

     ذرائع کے مطابق صوبے میں بارہ ربیع الاول کی سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، امکان ہے کہ اس دوران شہر بھر میں موبائل فون سروس بند اور ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی۔

  • ربیع الاوّل : موبائل فون سروس سندھ کے مخصوص علاقوں میں بند رکھنے کا فیصلہ

    ربیع الاوّل : موبائل فون سروس سندھ کے مخصوص علاقوں میں بند رکھنے کا فیصلہ

    کراچی : حکومت سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ موبائل فون سروس مخصوص علاقوں میں بند رہے گی، محکمہ داخلہ سندھ نے وفاقی حکومت سے کل بروز بدھ موبائل فون سروس بند کرنے کی سفارش کی ہے، اس کے علاوہ موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی بھی برقرار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے 12 ربیع الاول کے موقع پر کراچی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں آج بروز بدھ موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے وفاق سے سفارش بھی کردی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے وفاق سے کل بروز بدھ موبائل فون سروس بند کرنے کی سفارش کی ہے، محکمہ داخلہ سندھ کے مراسلہ میں کراچی سمیت 15اضلاع میں موبائل فون سروس بند رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق کراچی میں صدر، کورنگی، ملیر، نیوکراچی میں موبائل سروس بند ہوگی جبکہ حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ اور دیگراضلاع میں بھی موبائل سروس کی جزوی بندش ہوگی۔

    موبائل فون سروس صبح 6سےرات11تک بند رکھنے کا کہا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق موبائل فون سروس مخصوص علاقوں میں بند رہے گی۔

    مزید پڑھیں: ماہ ربیع الاوّل ، کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی کی مدت میں کمی کا اعلان

    علاوہ ازیں 12 ربیع الاوّل کے موقع پر  محکمہ داخلہ سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری سے متعلق دو روز قبل نوٹیفکیشن جاری کیا، حکم نامے کے تحت پابندی اب دس ربیع الاوّل سے13ربیع الاوّل تک ہوگی۔

    شہر میں قیام امن اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کے اسلحہ لے کر چلنے اور لاؤڈ اسپیکر کےاستعمال پر پابندی ہوگی۔

  • ماہ ربیع الاوّل : کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی کی مدت میں کمی کا اعلان

    ماہ ربیع الاوّل : کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی کی مدت میں کمی کا اعلان

    کراچی : سندھ حکومت نے ماہ ربیع الاوّل کے موقع پر کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر دس روز کی پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا، اب صرف تین دن پابندی رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی اب دس روز سے کم کرکے تین روز کردی گئی ہے، نئے حکم نامے کے تحت پابندی اب دس ربیع الاوّل سے13ربیع الاوّل تک ہوگی۔

    شہر میں قیام امن اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کے اسلحہ لے کر چلنے اور لاؤڈ اسپیکر کےاستعمال پر پابندی ہوگی۔

    مزید پڑھیں: ماہ ربیع الاوّل ،حکومت سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی 10روز کی پابندی لگا دی

    اس پابندی کا اطلاق جشن عید میلادالنبی کی محافل، ریلیوں اور جلوسوں پر نہیں ہوگا، اس کے علاوہ لائسنس یافتہ اسلحہ لے کرچلنے پر بھی پابندی ہوگی۔

  • ماہ ربیع الاوّل : حکومت سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی 10روز کی پابندی لگا دی

    ماہ ربیع الاوّل : حکومت سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی 10روز کی پابندی لگا دی

    کراچی : حکومت سندھ نے ماہ ربیع الاوّل کے موقع پر صوبے بھر میں دفعہ144نافذ کردی ہے، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی 10روز کی پابندی لگا دی گئی، محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ماہ محرم کے بعد ایک بار پھر امن و امان کے پیش نظر ماہ ربیع الاوّل میں صوبے بھر میں میں دفعہ144نافذ کردی۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے جاری کردہ حکم نامہ میں دفعہ144کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی اور اس کا اطلاق ربیع الاوّل کی10تاریخ سے 20تاریخ تک ہوگا۔

    سندھ میں دس روز تک12ربیع الاوّل کی محافل نعت، اور جلوسوں کے علاوہ5سے زائد افراد کے ایک جگہ اکٹھے ہونے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، دفعہ 144کانفاذ 20ربیع الاول تک ہوگا۔

    محکمہ داخلہ سندھ کانوٹی فکیشن کے مطابق نفرت انگیز تقاریر پر مبنی آڈیو اور ویڈیو بیانات چلانے پر پابندی ہوگی، اس کے علاوہ لاؤڈ اسپیکر پر پابندی اور اسلحہ لے کر چلنے کے تمام اجازت نامے بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔

  • جشن عید میلاد النبیﷺ کی آمد: شہرشہر چراغاں، عاشقان مصطفیٰ کی ریلیوں کا انعقاد

    جشن عید میلاد النبیﷺ کی آمد: شہرشہر چراغاں، عاشقان مصطفیٰ کی ریلیوں کا انعقاد

    کراچی : سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت کا ماہ مبارک شروع ہوتے ہی ملک بھر مین جشن کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے، ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور برقی قمقموں سے روشن کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جشن عید میلاد النبی ﷺکی مبارک ساعتوں میں شہر بھر مساجد، شاہراہیں اور سرکاری املاک کو برقی قمقموں سے روشن کردیا گیا جبکہ سبز اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے گلیوں کو سجادیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ خان پور میں بھی عاشقان مصطفیٰ ﷺ نے تیاریاں شروع کر رکھی ہیں میونسپل کمیٹی کی عمارت سمیت شہر بھر میں اہم عمارات کو برقی قمقموں سے سجایا جا رہا ہے۔

    میرپورخاص میں جشن عید میلادالنبی ﷺکے حوالے سے دارلعلوم کنزالایمان اسٹیشن چوک سے میلاد ریلی نکالی گئی، ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی مارکیٹ چوک پر اختتام پذیرہوئی۔

    ضلع سانگھڑ کے علاقے شاہ پور چاکر میں بھی شمع رسالت ﷺکے پروانوں نے شہر کو سجانا شروع کردیا اور شہر کی گلیوں اور بازاروں کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجادیا گیا۔

    پنڈی بھٹیاں میں جشن عید میلادالنبی ﷺکی خوشی میں موٹر سائیکلوں کی ریلی نکالی گئی، ریلی یانبی کے نعروں اور سبز بینروں جھنڈوں کے ساتھ دربار میاں خیر محمد شہید سے برآمد ہوئی اور دلابھٹی چوک پر درود وسلام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

  • حضورکریم ﷺ کی شان میں پانچ ہمیشہ سنی جانے والی نعتیں

    حضورکریم ﷺ کی شان میں پانچ ہمیشہ سنی جانے والی نعتیں

    توصیف رسول بیان کرنا مسلمانوں کے ایمان کا اہم جز ہے‘ جس کا آغاز دورہ رسول ﷺ میں ہوا اور جناب حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ تعالٰی عنہ نے فصیح و بلیغ عربی میں مداحِ رسول پیش کی اس کا سلسلہ آج دنیا کی ہرزبان میں  اپنے اپنے انداز سے جاری و ساری ہے۔

    حضورِ اقدس ﷺ کی تعریف ویسے تو دنیا کی ہرزبان میں مختلف رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بذریعہ نعت خوانی کی تاکہ آپ ﷺ کی خوشنودی کو حاصل کیا جا سکے۔

    اردو زبان میں چونکہ عربی اور فارسی زبانوں کا گہرا اثر رہا ہے ‘ اردو زبان سے تعلق رکھنے والے شعراء کرام نے اسلام کی خدمت کرنے کے لیے عربی اور فارسی زبانوں میں لکھی گئی نعتوں کا نہ صرف اردو ترجمہ کیا بلکہ اس میں نئی جہد کا اضافہ کرتے ہوئے خود بھی نعتیہ اشعار پر مبنی مجموعہ تحریر کیا۔

    تقسیم برصغیر کے بعد دونوں ممالک کے مختلف شعراء نے حضور اقدس ﷺ کی شان میں نعتیہ اشعار تحریر کیے، جن میں سے کچھ اشعار کو باقاعدہ ایک طرز کی صورت میں پڑھا گیا۔

    حویلیاں کے قریب طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے جنید جمشید نے موسیقی کی دنیا کو خیرباد کہتے ہی آپ ﷺ کی بارگاہ میں نعتیہ کلام ’’محمد کا روضہ قریب آرہا ہے، بلندی پر اپنا نصیب آرہا ہے‘‘ پڑھا جو آج ہر زد عام کی زبان پر ہے۔

    معروف نعت خواں الحاج خورشید احمد (مرحوم) نے ویسے تو کئی نعتیں پڑھیں تاہم اُن کی کچھ نعتیں عوام میں بے حد مقبول ہوئیں، جن میں ’’جشنِ آمد رسول،  یہ سب تمھارا کرم ہے آقا‘‘ ودیگربے حد مقبول ہوئیں۔

    معروف نعت خواں فصیح الدین سہروردی نے اپنے والد مرحوم ریاض الدین سہروردی کی تحریر کی گئی نعتیں پیش کیں، جن میں ’’سوئے طیبہ جانے والے، یہ مدینہ ہے یہاں آہستہ چل‘‘ اور دیگرنعتوں نے عوام میں کافی مقبولیت حاصل کی۔

    معروف نعت خواں قاری وحید ظفر قاسمی اپنے مخصوص انداز سے کافی مقبول ہوئے، آپ نے حضور اقدس ﷺ کی شان میں کئی نعتیں پیش کیں جن میں ’زہِ مقدر حضور حق سے، وہ نبیوں میں رحمت لقب پانے والا‘‘ وغیر پڑھیں۔

    معروف نعت خواں صدیق اسماعیل  نے ’’مدینے کا سفر ہے اور میں نم دیدہ نم دیدہ ، محبوب کی محفل کو محبوب سجاتے ہیں‘‘ اور دیگر نعتیہ کلام پیش کیے۔

    علاوہ ازیں وطن عزیز کے بہت سے نعت خواہوں نے توصیف نبوی میں‌اپنے کلام پیش کیے جن کے جذبات اور کلام قابل فخر ہیں۔