Tag: (13 جولائی 2025)

  • اسرائیلی حملے میں ایرانی صدر کے زخمی ہونے کا انکشاف

    اسرائیلی حملے میں ایرانی صدر کے زخمی ہونے کا انکشاف

    تہران(13 جولائی 2025): گزشتہ ماہ جنگ کے دوران ایران پر اسرائیلی حملے کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے زخمی ہونے کا انکشاف سامنے آگیا۔

    ایران کی سرکاری میڈیا فارس نیوز کے مطابق یہ حملہ 16 جون کو تہران کی عمارت پر ہوا  تھا جہاں سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا اجلاس جاری تھا۔

    رپورٹ کے مطابق اجلاس میں ایرانی صدر پزشکیان، اسپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف، عدلیہ کے سربراہ محسنی ایجیئی اور دیگر اعلیٰ حکام اس اجلاس میں شریک تھے، عمارت کے داخلی اور خارجی راستوں پر چھ میزائل داغے گئے، جن کا مقصد حکام کے نکلنے کا راستہ بند کرنا تھا۔

    یہ پڑھیں: ایران امریکا سے دوبارہ مذاکرات شروع کرنے پر مشروط طور پر آمادہ

    ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دھماکوں کے بعد متاثرہ منزل کی بجلی منقطع ہو گئی تھی، عمارت سے نکلنے کے دوران صدر پزشکیان سمیت کچھ حکام کو ہلکی چوٹیں آئیں، خاص طور پر ان کی ٹانگ میں معمولی زخم آیا۔

    جبکہ چند روز پہلے ایرانی صدر پزشکیان نے امریکی میزبان ٹکر کارلسن کو ایک انٹرویو میں حملے کی تصدیق کی اور کہا تھا کہ اسرائیل نے انہیں قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔

  • کبیروالا میں پوتے کی ضعیف دادا پر تشدد کی فوٹیج وائرل

    کبیروالا میں پوتے کی ضعیف دادا پر تشدد کی فوٹیج وائرل

    (13 جولائی 2025) کبیروالا میں سفاک پوتے نے اپنے ضعیف دادا کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے جس کی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کبیروالا کے تھانہ عبدالحکیم کی حدود میں واقع علاقہ فاروق اعظم میں ضعیف بزرگ پر تشدد کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔

    فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں پوتے کو اپنے بزرگ دادا پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے، فوٹیج وائرل ہونے کے بعد پوتے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دادا نے گلی میں شہری کو گزرنے سےمنع کیا جس پر پوتے نے تنازع کھڑا کردیا اور طیش میں آکر اپنے دادا کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

    دوسری جانب ساہیوال میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک خاتون نے اپنے 2 بچوں کے ساتھ ٹرین کے سامنے آکر جان دے دی۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ خودکشی کا یہ واقعہ جھال روڈ ریلوے پھاٹک کے قریب پیش آیا ہے، جاں بحق ہونے والی خاتون اور بچوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کی گئی ہیں، تاہم اب تک خود کشی کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔