Tag: 14

  • زمین کو خطرہ لاحق ہے! 14 ہزار سائنسدانوں کا بڑا مطالبہ

    زمین کو خطرہ لاحق ہے! 14 ہزار سائنسدانوں کا بڑا مطالبہ

    بدلتے حالات اور سیارہ زمین کی تندرستی کے اہم اشارئیے میں ہونے والی تبدیلی کے پیش نظر ہزاروں سائنس دانوں نے آب و ہوا کی ہنگامی حالت یا کلائمٹ ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کردیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق دنیا بھر کے ہزاروں سائنس دانوں نے ایک تحقیقی مقالے میں کلائمٹ ایمرجنسی کے نفاذ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرہِ ارض کے فطری نظاموں سے وابستہ تمام معیارات (وائٹل سائنز) روبہ زوال ہیں اور کچھ اپنی تباہی کی حد پر پہنچ چکے ہیں۔

    جن میں انٹارکٹیکا اور گرین لینڈ کی برفیلی چادروں کا غیرمعمولی پگھلاؤ، مرجانی چٹانوں کی تباہی، ایمازون اور آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ شامل ہے۔

    اس سے قبل 11 ہزار سائنسدانوں نے کلائمٹ ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کیا تھا، جس کی ہزاروں سائنسدانوں کی جانب سے تائید کی گئی اور اس تحقیق میں مزید تین ہزار سائنسدانوں کی تحقیق و تصدیق شامل کرنے کے بعد کچھ تبدیلیوں کے ساتھ اسے دوبارہ شائع کیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی ممالک تین نکات پر تقریباً متفق ہوچکے ہیں، اول کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج پر بھاری ٹیکس، رکازی ایندھن (تیل، گیس اور کوئلے) پر مرحلہ وار پابندی اور
    حیاتیاتی تنوع کے مقامات (مثلاً ایمیزون) کا تحفظ شامل ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ افسوس کہ 1960 خطروں سے آگاہ کرنے کے باوجود حکومت نے ہمارے تقاضوں کو پورا نہیں کیا۔

    ماہرین نے کہا ہے کہ انسانی سرگرمیوں سے زمین غیرمعمولی تباہی کا شکار ہورہی ہے اور اب ہمارے پاس وقت بھی نہیں ہے کیوں کہ انسان آہستہ آہستہ تقریباً سارے وسائل ختم کرچکا ہے۔

  • کم عمر گلوکارہ کو اسٹیج پر ماں کی موت کی اطلاع، رقت آمیز مناظر، ویڈیو وائرل

    کم عمر گلوکارہ کو اسٹیج پر ماں کی موت کی اطلاع، رقت آمیز مناظر، ویڈیو وائرل

    جکارتہ : والدہ کو ٹیلنٹ شو کے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کی اطلاع دینے والی لڑکی کو جب معلوم ہوا کہ چند لمحے قبل والدہ فوت ہوچکی ہیں تو لائیو نشریات میں دوشیزہ زار و قطار رو پڑی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ انڈونیشیا میں اس وقت پیش آیا جب ایک ٹیلنٹ شو میں شرکت کرنے والی ایک 14 سالہ لڑکی نے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کی خوشخبری دینے کے لیے اپنی بیمار  والدہ کو فون کیا۔

    جناح نامی انڈونیشن دوشیزہ نے اپنی والدہ کے ذیابیطس کے علاج کےلیے فنڈ جمع کرنے کی نیت سے لیگا ڈینگڈٹ نامی ٹیلنٹ شو میں شرکت کا فیصلہ کیا تھا جس میں کامیاب ہونے والے امیدوار کو 28 ہزار پاؤنڈ کی خطیر رقم انعام میں دی جانی تھی۔

    جناح کی کارکردگی نے ججوں پر سحر طاری کردیا جس کے باعث وہ مقابلے کے اگلے مرحلے میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئیں جس کے بعد انہوں نے یہ خوشخبری اپنی والدہ کو سنانے کا فیصلہ کیا اور والدہ کو فون کیا۔

    تاہم دوشیزہ کی خوشی اس وقت غم میں بدل گئی جب اس کے چچا نے فون اٹھاکر دل دہلا دینے والی خبر جناح کو سنائی کہ تمہاری والدہ انتقال کرچکی ہیں۔

    فون اسپیکر  پر تھا جس کی آواز  براہ راست نشریات دیکھنے والے بھی سن سکتے تھے، چچا نے کہا کہ "جناح تمہاری والدہ چاہتی تھیں تم مضبوط بنوں کیونکہ اب تمہیں پورے کنبے کی دیکھ بھال کرنی ہے”۔

    انہوں نے اپنی بھتیجی سے کہا کہ "ہم اسے کنبے کے فرد کی حیثیت سے محبت کرتے تھے لیکن اللہ تمہاری والدہ سے ہم سب سے زیادہ محبت کرتا تھا اسی لیے اس نے اسے طلب کرلیا۔ آپ کی والدہ فوت ہوچکی ہیں”۔

    والدہ کی موت کی خبر کی سن کر آنسوؤں نے دوشیزہ کے رخساروں کو بھگونا شروع کیا وہ شدت جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور لائیو نشریات کے دوران ہی زار و قطار رونے لگی جبکہ شو کے ججز بھی روتے ہوئے جناح کے گرد جمع ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ درد ناک فون کال کا ویڈیو کلپ انڈونیشیا کے مشہور گلوکار عظیم کمروزالزمان نے اپنے ٹوئٹر پر بھی شیئر کیا، جسے اب تک ڈھائی لاکھ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

     گلوکار  عظیم کمروزالزمان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ صرف 14 سالہ لڑکی پہلی ہی مرتبہ لیگا ڈینگڈٹ انڈونیشیا 2020 کے اگلے مرحلے پہنچی اور اپنی والدہ کو اچھی خبر دینے کےلیے فون کیا لیکن چچا نے انتہائی درد ناک خبر سنا دی۔

  • 14 ہزار سعودی خواتین نے پاسپورٹ حاصل کرلیے

    14 ہزار سعودی خواتین نے پاسپورٹ حاصل کرلیے

    ریاض : سعودی حکام نےسروسز پورٹل بھی جاری کیا ہے کہ جس کے ذریعے خواتین پاسپورٹس کے حصول، اس کی شکایات اور دیگر امور کے بارے میں حکام کے ساتھ رابطہ کرسکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں پاسپورٹ کے جنرل ڈائریکٹوریٹ نے ایک بیان میں بتایا کہ دارالحکومت الریاض میں خواتین کے پاسپورٹ کے حصول کے طریقہ کار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے لیڈیز پاسپورٹس سیکشن کا افتتاح کردیا گیا ہے۔

    پاسپورٹ ڈاریکٹوریٹ کے میجر جنرل سلیمان الیحییٰ نے کہا ہے کہ ریاض کے علاقے میں خواتین کےلیے پاسپورٹس سیکشن کا افتتاح خدمات کی تقسیم کی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد شہریوں کو پاسپورٹس کے حصول میں زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کرنا ہے۔

    ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ نے انکشاف کیا ہے کہ گذشتہ اگست میں جاری کردہ سفری اور شہری حیثیت کی دستاویزات میں ترمیم کے بعد ابشر الیکٹرانک نظام کے توسط سے 9 ہزار سعودی خواتین نے پاسپورٹ حاصل کیے جبکہ 5 ہزار خواتین نے ریاست کے دیگر شہروں میں اپنے کاغذات کے ذریعے آزادنہ طورپر پاسپورٹس بنوائے ہیں۔

    خیال رہے کہ نئے قانون کے تحت سعودی خواتین بغیر سرپرست کے پاسپورٹس حاصل کرکے بیرون ملک سفر کرسکتی ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ معلومات کے حصول کے لیے سروسز پورٹل بھی جاری کیا گیا ہے،جس کی مدد سے خواتین پاسپورٹس کے حصول، اس کی شکایات اور دیگر امور کے بارے میں حکام کے ساتھ رابطہ کرسکتی ہیں۔