Tag: 14 اگست 2019

  • بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، ایل او سی کی خلاف ورزی پر احتجاج

    بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، ایل او سی کی خلاف ورزی پر احتجاج

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوروو آہلو والیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوروو آہلو والیا کی طلبی ڈی جی ساؤتھ ایشا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے کی، انھوں نے کہا کہ بھارتی فوج ایل او سی پر شہری آبادی کو بھاری اسلحے سے نشانہ بنا رہی ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، بھارتی خلاف ورزیوں سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہو سکتی ہے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارت پر زور دیا کہ 2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام اور بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کرے، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت امن برقرار رکھے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کردار ادا کرنے دے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  کشمیر پر کسی قسم کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: آرمی چیف

    ڈپٹی ہائی کمشنر آہلو والیا سے دفتر خارجہ نے تتہ پانی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا، بتایا گیا کہ بھارتی فائرنگ سے 38 سال کا سرفراز احمد شہید ہوا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی جانب سے سال 2017 سے اب تک ایک ہزار 970 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ آج یوم آزادی اور یوم یک جہتیٔ کشمیر پر وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے پڑوسی ملک بھارت کو واضح پیغامات بھیجے گئے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا میں مودی کوپیغام دیتا ہوں، آپ ایکشن لیں، اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔ جب کہ آرمی چیف نے کہا کہ ہم کشمیریوں پر بھارت کے جبر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، ہم کھڑے ہیں چاہے اس کی ہمیں کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے۔

  • اگر آج کشمیریوں کا جھنڈا گر گیا تو اگلا ہدف پاکستان ہوگا: وزیر اعظم آزاد کشمیر

    اگر آج کشمیریوں کا جھنڈا گر گیا تو اگلا ہدف پاکستان ہوگا: وزیر اعظم آزاد کشمیر

    مظفر آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ اگر آج کشمیریوں کا جھنڈا گر گیا تو اگلا ہدف پاکستان ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آج پاکستان کے یوم آزادی پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزاد کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بفر ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی لڑائی لڑ رہے ہیں، وزیر اعظم پاکستان مقبوضہ کشمیر میں دواؤں اور خوراک کی کمی پر آواز اٹھائیں۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے سفر کو 72 نہیں 500 سال ہو گئے ہیں، 1832 میں گلاب سنگھ نے کشمیر میں قتل عام کیا، ڈھائی لاکھ افراد کا قتل کیا گیا، 40 ہزار کشمیریوں کو پاکستان میں پناہ لینی پڑی، 1989 کے بعد سے اب تک ایک لاکھ کشمیریوں کو قتل کیا گیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں نے بہت پہلے فیصلہ کر لیا تھا کہ جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ابھی جاری ہے، بھارت نے جو اقدامات کیے اس سے دو طرفہ معاہدے ختم ہو گئے۔

    راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ہم اسمبلی میں ایل او سی کو ختم کر کے اسے سیز فائر لائن قرار دینے کی قرارداد لائیں گے، ہمارا آئین، پرچم اور قومی ترانہ الگ ہے۔

    آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بی جے پی اور ہٹلر کا سلیوٹ کرنے کا انداز ایک جیسا ہے، ان کے اقدامات میں بھی کوئی فرق نہیں۔