Tag: 14 اگست

  • کراچی، عید الاضحیٰ، 14 اگست کے موقع پر قیدیوں کی سزا میں 120 دن کی کمی

    کراچی، عید الاضحیٰ، 14 اگست کے موقع پر قیدیوں کی سزا میں 120 دن کی کمی

    کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے عید الاضحیٰ، 14 اگست کے موقع پر قیدیوں کی سزا میں 120 دن کی کمی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے عیدا لاضحیٰ اور 14 اگست کے موقع پر قیدیوں کی سزا میں 120 دن کی کمی کی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق عید الاضحیٰ اور 14 اگست پر 60، 60 روز کی سزائیں معاف کی گئی ہیں، دہشت گردی سمیت سنگین جرائم کے قیدیوں پر سزا کی کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

    ملک مخالف سازش، دہشت گردی، جاسوسی، قتل، اغوا کے قیدیوں کی سزا بھی معاف نہیں کی جائے گی۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اس خصوصی سزا کی معافی پر فائدہ اٹھانے والے قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے سزا میں رعایت حاصل کرنے والے قیدی اپنی زندگی میں بہتری لائیں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل صوبہ پنجاب کی جیلوں میں موجود مسیحی قیدیوں کے لیے پنجاب حکومت کا فیصلہ رواں سال 7 مئی کو سامنے آیا تھا۔

    پنجاب حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ مسیحی قیدیوں کے لیے مذہبی تعلیم حاصل کرنے کے عوض سزاؤں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    پنجاب حکومت کی جانب سے محکمہ جیل خانہ جات کو مسیحی قیدیوں کی تفصیلات جمع کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

  • اسلام آباد میں 14 اگست سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد

    اسلام آباد میں 14 اگست سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد

    اسلام آباد : وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے اعلان کیا وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں 14اگست یوم آزادی کے روز سے پلاسٹک کے بیگ کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں 14اگست یوم آزادی کے روز سے پلاسٹک کے بیگ کے استعمال پر پابندی کا اعلان کردیا۔

    وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سب سے پہلا دارالحکومت ہوگا، جہاں پلاسٹک کے بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے گی۔

    زرتاج گل نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجودہ جنریشن موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے ، جبکہ پاکستان قدرتی آفات بشمول سیلاب ، شدید گرم موسم ، پانی کی کمی سے متاثرہ ممالک میں ساتویں نمبر پر ہے۔

    ان کا کہنا تھا موسمیاتی تبدیلی پر وزیراعظم عمران خان کی بہت زیادہ توکہ ہے اور وہ اس حوالے سے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں فوکس ہے، وزیراعظم عمران خان ملک کو درپیش موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بخوبی آگاہ ہیں ۔

    وزیر مملکت نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو سیلاب، پانی کی کمی، ہیٹ ویوز سمیت دیگر مسائل کا سامناہے ، ان مسائل پر قابو پانے کیلئے حکومت نے بلین ٹری سونامی سمیت اہم منصوبے شروع کئے ہیں ، جس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے ، ہماری حکومت نے کلین گرین اینی شیٹو کا بھی آغاز کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک بیگ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

    یاد رہے 17 مئی کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں رواں برس 14 اگست سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا تھا۔

    حکام نے بتایا تھا اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ کے استعمال کے خاتمے کے لیے بھی قواعد و ضوابط بنا لیے ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک کے مختلف شہروں اور ضلعوں میں بھی پلاسٹک کے استعمال اور خرید و فروخت پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔

    گزشتہ ماہ گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں بھی پلاسٹک کے استعمال پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی، جس کے بعد ہنزہ پلاسٹک کو ممنوع قرار دینے والا ایشیا کا پہلا ضلع بن گیا ہے۔

  • پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی مزار قائد پر حاضری

    پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی مزار قائد پر حاضری

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی جبکہ قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد بھی دی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، نثار کھوڑو اور پیپلز پارٹی کے ارکان نے مزار قائد پر حاضری دی۔

    اس موقع پر پیپلز پارٹی کی جانب سے صوبہ سندھ کے اگلے نامزد شدہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی منانے کے لیے مزار قائد پر حاضری دی ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ملک خصوصاً سندھ کی عوام کو جشن آزادی کی مبارک باد ہو۔ عوام نے ہم پر بھاری ذمہ داری عائد کر دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں اچھی و ایماندار کابینہ تشکیل دیں گے، ’ن لیگ نے 25 ارب تو دور 25 لاکھ بھی کراچی پر خرچ نہیں کیے، پیپلز پارٹی نے کراچی کی روشنیاں واپس لانے میں کردار ادا کیا۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے لیے ہم جیے بھی اور قربانیاں بھی دی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت قائم ہے، خوش ہیں ہم پر امن طریقے سے جشن آزادی منا رہے ہیں۔

  • یوم آزادی پر اپوزیشن رہنماؤں کا پیغام

    یوم آزادی پر اپوزیشن رہنماؤں کا پیغام

    اسلام آباد: پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپوزیشن رہنماؤں نے بھی اپنے پیغامات میں پاکستان کو بہترین بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے تمام اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امن کے لیے دہشت گردی، انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

    انہوں ںے کہا کہ بطور قوم بنیادی اقدار کی حفاظت اور انہیں فروغ دینا ہوگا، جمہوری نظام اور دستور پسندی قوم کو مضبوط کر سکتی ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کو مثالی جمہوری ملک بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ چند نہیں معاشرے کے تمام طبقات کے لیے یکساں مواقع میسر کرنا ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم راستے سے بھٹک گئے، غلطیوں سے سبق حاصل کرنا ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم اسمبلی میں بھرپور کردار ادا کریں گے، ہمیں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے۔

  • ملک بھرمیں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

    ملک بھرمیں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

    ملک بھرمیں یومِ آزادی روایتی جوش وخروش اورجذبے سے منایا جارہاہے۔ ملک بھر میں سرکاری عمارتوں، سڑکوں اورراستوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔

    ملک بھر میں جشن آزادی بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، سرکاری اور نجی عمارتوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔

    یوم آزادی کے دن کا آغاز دارالحکومت اسلام آباد میں توپوں کی سلامی ہوا، وفاقی دارالحکومت میں 31،صوبوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مساجد میں ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

    ملک بھر میں صبح 8 بجکر 58 منٹ پرسائرن بجائے گئے اور تحریک پاکستان کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

    جناح کنونشن سینٹرمیں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب

    جناح کنونشن سینٹراسلام آباد میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدرممنون حسین اورنگراں وزیراعظم ناصرالملک نے شرکت کی۔

    تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اورغیرملکی سفیروں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    صدرممنون حسین کا خطاب

    یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرممنون حسین نے کہا کہ پاکستان ان تصورات کی مجسم تصویرہے جس کی آغوش میں ہم ہرلمحہ آزادی کا لطف اٹھاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پرسبز ہلالی پرچم مزید بلند کرنے لگن بڑھ جاتی ہے، آج حقیقی جشن کا دن ہے اورمیں پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ جشن آزادی اور عام انتخابات کے درمیان پیغام پوشیدہ ہے، یہ دن یاد دہانی ہے پاکستان کی قسمت کے فیصلے ووٹ کی پرچی سے ہوں گے۔

    انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کواپنے وجود سے اب تک بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، ہم ابھی تک مکمل طور پر منزل تک نہیں پہنچ سکے۔

    صدرممنون حسین نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالی ملک وملت کی بہتری اور ترقی کےجذبے اور نیک نیتوں کے ساتھ کاروبار مملکت سنبھالنے والوں کی رہنمائی فرمائے اور جذبہ عمل بڑھا دے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ قومی ایام اسی لیے منائے جاتے ہیں کہ آنے والی نسلوں کو قومی مقاصد اور ان کے حصول کے لیے کی جانے والی جدوجہد سے آگاہ کیا جاسکے۔

    کراچی میں مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک بحریہ کے کیڈٹس نے مزارقائد پرگارڈزکے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور وقار محمد تھے۔

    لاہورمیں مزارِ اقبال پر ہونے والی خصوصی تقریب میں پاک فوج کے دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی جی اوسی لاہورمیجرجنرل شاہد محمود نے نے آرمی چیف کی جانب سے مزاراقبال پرپھول چڑھائے۔

    پاکستان کا قومی پرچم پہلی بار کب اور کہاں لہرایا گیا؟

    واضح رہے کہ اسکولوں اور کالجوں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ رنگا رنگ تقاریب،تقاریرکا اہتمام بھی کیا گیا ہے، گھروں میں بچوں،جوانوں اور بوڑھوں کا جوش و خروش توقابل دید ہے۔

  • یوم آزادی پرصدرممنون حسین اورنگراں وزیراعظم کا قوم کو پیغام

    یوم آزادی پرصدرممنون حسین اورنگراں وزیراعظم کا قوم کو پیغام

    اسلام آباد : صدرممنون حسین اور نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نے یوم آزادی کے موقع پرقوم کو مبارکباد دی۔

    ملک بھر میں جشن آزادی بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، سرکاری اور نجی عمارتوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔

    یوم آزادی کے موقع پرصدرممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ مملکت پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک نعمت اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے جنت ہے۔

    صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان کو درپیش اقتصادی مسائل اور دیگر پیچدہ معاملات پرقائد اعظم اور علامہ اقبال کے افکار پرحقیقی معنوں میں عمل درآمد کے ذریعے ہی قابو پایا جاسکتا ہے۔

    ملک بھرمیں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

    دوسری جانب نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نے یوم آزادی کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک محفوظ اور الگ وطن کے حصول کی جمہوری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جہاں وہ مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کے مطابق اپنی زندگیاں بسرکرسکیں۔

    نگراں وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم وضبط کے سنہری اصولوں پرعملدرآمد کے غیرمتزلزل عزم سے ہمیں اپنے موجودہ مسائل پرقابو پانے اور پاکستان کو خود کفیل اور اقتصادی لحاظ سے مستحکم اور خوشحال ملک بنانے میں مدد ملے گی۔

  • 71 واں جشنِ آزادی: پاک وطن سے محبت کا والہانہ اظہار

    71 واں جشنِ آزادی: پاک وطن سے محبت کا والہانہ اظہار

    کراچی: اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 71 ویں جشنِ آزادی کے موقع پر وطن سے محبت کا والہانہ اظہار کرتے ہوئے اہلِ وطن نے دل چسپ انداز میں جشن منایا۔

    تفصیلات کے مطابق خطۂ ارض کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے کا یقین رکھتے ہوئے اہلِ وطن نے ملک کے اندر اور باہر اپنی گہری اور والہانہ محبت کا اظہار مختلف طریقوں سے کیا۔

    جدہ میں مقیم پاکستانیوں نے سمندر کی گہرائیوں میں پاکستان کی آزادی کا جشن منایا، پاکستانی شہریوں نے ایک سو پچاس فٹ گہرائی میں پاکستانی پرچم لہرا کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

    [bs-quote quote=”اہل وطن کو اےآر وائی نیوز کی جانب سے یوم آزادی مبارک” style=”style-7″ align=”center” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    سمندر پار پاکستانیوں نے نامزد وزیرِ اعظم عمران خان کو بھی خراج تحسین پیش کیا، پاکستانیوں نے گہرے سمندر میں شکرانے کے نوافل بھی پڑھے اور خصوصی دعائیں کی۔

    آج عظیم قوم کا عظیم دن ہے، ملک سے تجدید وفا کا دن ہے، ملک بھر میں آزادی کے جشن کا سماں ہے، رنگوں اور روشنیوں کا سیلاب امنڈ آیا ہے، مرد، عورت، بچہ، بوڑھا اور جوان سبھی جشن منانے گھر سے نکل آئے ہیں۔

    ملک بھر میں یوم آزادی کا جشن: بارہ بجتے ہی آتش بازی کے خوبصورت مناظر

    خیال رہے کہ بزرگوں کی بے شمار قربانیوں کی بہ دولت برطانوی راج سے حاصل کیے گئے پاکستان کو آزاد ہوئے آج اکہتر برس بیت گئے، عیدِ آزادی پر ہر پاکستانی کا چہرہ خوشی سے نہال ہے۔

    [bs-quote quote=”نشاں یہی ہے زمانے میں زندہ قوموں کا
    کہ صبح و شام بدلتی ہیں ان کی تقدیریں” style=”style-7″ align=”center” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    اہلِ وطن نے جگہ جگہ دل چسپ انداز میں اپنے جذبات کا اظہار کیا، جامعہ کراچی میں بھی طویل قومی پرچم لہرایا گیا، بلندعمارتیں، گلی کوچے، سڑکیں، چوراہے رنگوں سے سج گئے ہیں۔

    گوگل ڈوڈل بھی پاکستانی رنگ میں رنگ گیا

    ملتانیوں نے بھی جشن منانے کا الگ انداز اپنایا، آزادی کی خوشی میں ملتان کے باسیوں نے 1000 پونڈ وزنی جشن آزادی کیک کاٹا، اور وطن کی خدمت کا عزم کیا۔

  • یومِ آزادی: نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں وَن ویلنگ اور ہوائی فائرنگ پر پابندی لگادی

    یومِ آزادی: نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں وَن ویلنگ اور ہوائی فائرنگ پر پابندی لگادی

    لاہور: نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے یومِ آزادی کے موقع پر وَن ویلنگ اور ہوائی فائرنگ پر پابندی لگاتے ہوئے پولیس کو ہدایت جاری کی ہے کہ قانون توڑنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ نے 14 اگست پر تفریحی مقامات کے اطراف ٹریفک رواں رکھنے کے خصوصی انتظامات کی ہدایت جارتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو وَن ویلنگ اور ہوائی فائرنگ سے روکا جائے۔

    حسن عسکری کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں یومِ آزادی بھرپور طریقے سے مناتی ہیں، قوم 14 اگست کو یومِ آزادی جوش و خروش سے منائے گی۔

    نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پولیس، انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کو پوری طرح الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دیں، انھوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

    قائد اعظم کے نامزد کردہ وزیراعلیٰ پنجاب سے آج تک، کون اس عہدے پررہا

    حسن عسکری نے مزید کہا کہ یومِ آزادی پر قومی ہیروز کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا، اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

  • پی آئی اے پریمیئر سروس: عملہ بھی جدید رنگ میں ڈھل گیا

    پی آئی اے پریمیئر سروس: عملہ بھی جدید رنگ میں ڈھل گیا

    اسلام آباد: پاکستان قومی ایئر لائن (پی آئی اے) 14 اگست کو اپنی پریمیئر سروس کا آغاز کرنے جارہی ہے جس کے لیے جہاں دیگر کئی نئی سہولیات متعارف کروائی جارہی ہیں وہیں کیبن کریو کے حلیہ کو بھی جدید رنگ میں ڈھال دیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کی پریمیئر سروس اسلام آباد سے لندن اپنی پروازوں کا اغاز کرے گی۔

    PIA-post-1

    اس سروس کے لیے کئی ایسی سہولیات متعارف کروائی گئی ہیں جو اس سے پہلے پی آئی اے میں موجود نہیں تھی۔

    PIA-post-3

    PIA-post-4

    پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی نے پی آئی اے کی نئی تبدیلیوں کے بارے میں اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آگاہ کیا اور تصاویر بھی شیئر کیں۔

    pia-new

    واضح رہے کہ اس سروس میں مہنگے داموں کرائے پر حاصل ایئر بس 330 طیارہ آپریٹ کیا جائے گا۔ ایئر بس 330 طیارے کو نئے لوگو کے ساتھ پینٹ کر دیا گیا ہے۔ طیارے پر خصوصی رنگ کرنے پر بھی پی آئی اے کو کروڑوں روپے خرچ کرنا پڑے۔

    PIA-post-2

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا انجینیئرنگ کا عملہ دن رات طیارے کو تیار کرنے میں مصروف ہے تاکہ 14 اگست سے پہلے طیارے کو مکمل کیا جا سکے۔ پریمیئر سروس کے لیے پی آئی اے نے انتہائی مہنگے داموں کرائے پر تین ایئر بس 330 طیارے حاصل کیے ہیں جن کا کرایہ 8 ہزار ڈالر فی گھنٹہ ہے۔