Tag: 14 may 2025

  • پاکستان میں سونا ہزاروں روپے سستا ہوگیا

    پاکستان میں سونا ہزاروں روپے سستا ہوگیا

    پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں گزشتہ روز اضافے کے بعد آج کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث ملک میں بھی سونا سستا ہو رہا ہے۔

    آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی سونے کی قیمت میں کمی ہوئی ہے۔

    آج عالمی مارکیٹ میں سونا 23 ڈالر کی کمی سے 3235 ڈالر فی اونس کا ہو گیا۔ عالمی سطح پر قیمت میں اس گراوٹ کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2300 روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد سونا 3 لاکھ 41 ہزار 900 روپے فی تولہ ہو گیا ہے۔

    اسی تناسب سے 10 گرام سونا بھی 1972 روپے کمی کے بعد 2 لاکھ 93 ہزار 124 روپے کا ہو گیا ہے۔

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سونے کی قیمت میں 10 ہزار روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، قیمت میں اتنی بڑی گراوٹ کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونا 3 لاکھ 40 ہزار 500 روپے کا ہو گیا تھا۔

    سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔

    اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدتے ہیں۔

    پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔

  • کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا؟

    کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا؟

    کراچی کا موسم آج بھی گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ درجہ حرارت بھی بڑھنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود اور موسم گرم رہےگا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری  تک جانے کا امکان ہے، کم سے کم درجۂ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کی ہوا میں نمی کا موجودہ تناسب 79 فیصد ہے جبکہ سمندری ہوائیں 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

    دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی گرم اور خشک ہے، بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے، پنجاب کے جنوبی اضلاع شدید گرم رہیں گے اور درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوہستان اور مانسہرہ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جس سے گرمی میں کمی آسکتی ہے۔