Tag: 144

  • بجلی کے بحران کا حل، مارکیٹیں رات نو بجے بند، حکم جاری

    بجلی کے بحران کا حل، مارکیٹیں رات نو بجے بند، حکم جاری

    کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے صوبے میں بجلی کے شدید بحران کے حل کیلئے دکانیں اور مارکیٹیں  رات نو بجے تک بند کرنے کا حکم دیدیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو دن بعد سائیں سرکار جاگ اٹھی۔ لوڈشیڈنگ کا توڑنکال لیا گیا۔دفعہ ایک سوچوالیس کے تحت صوبے بھر میں دکانیں رات نوبجے بند کرنے کاحکم جاری کردیا گیا ۔

    اس سلسلے میں آج وزیر اعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک حکام کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ کے مذکورہ فیصلے کو سندھ تاجراتحاد نے مسترد کردیا ہے۔

    سید قائم علی شاہ نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ بجلی کی بچت کے لئے سرکاری دفاتر کے ائیر کنڈیشنر صبح 11 بجے کے بعد چلائیں جائیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ اسٹریٹ لائٹس بھی ایک پول چھوڑ کر جلائی جائیں۔ اور اس دوران بجلی سے چلنے والے سائن بورڈ اور بل بورڈز بھی بند رکھے جائیں۔

  • سمندرمیں نہانے پر پابندی، پولیس کی چاندی ہوگئی

    سمندرمیں نہانے پر پابندی، پولیس کی چاندی ہوگئی

    کراچی : شہر قائد میں طوفان کے پیش نظر سمندرمیں نہانےپرپابندی سے شہری ناراض ہوگئے اورپولیس کے مزے آگئے۔

    کمشنر کراچی کہنا ہے کہ نہانے پر پابندی ہے لیکن ساحلی تفریح پر نہیں۔ کراچی میں ممکنہ طوفان نے خطرے کی گھنٹی بجائی توانتظامیہ نے سمندر میں نہانے پر پابندی لگادی۔

    دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہوتے ہی ساحل پر تفریح کیلئے جانے والے پریشان ہوگئے اور پولیس کے وارےنیارے ہوگئے۔ گرمی کے ستائے لوگوں نے جب ساحل کا رخ کیا تو قانون کے رکھوالے بھی حرکت میں آگئے اور جیب گرم کرنے کے بہانے تلاش کرنے لگے۔

    عوام کہتے ہیں لوڈشیڈنگ اور گرمی سے پریشان لوگوں کیلئے ساحل ہی تو ایک تفریح کی جگہ ہے ۔ ساحل پر تفریح کی غرض سے آئی ہوئی ایک خاتون نے کہا کہ طوفان نے تفریح کا بیڑا غرق کردیا۔

    کمشنر کراچی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ  سمندر میں نہانے پر پابندی ہے لیکن ساحل پر تفریح شہریوں کا حق ہے۔

    جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کراچی کے جنوب میں 1575 کلومیٹر دور ہے۔ طوفان کی نوعیت کا صحیح اندازہ آئندہ 24 گھنٹے میں لگایا جاسکے گا۔

  • سمندرمیں شہریوں کی ہلاکتوں کی ذمہ دارحکومت ہے،عبداللہ حسین ہارون

    سمندرمیں شہریوں کی ہلاکتوں کی ذمہ دارحکومت ہے،عبداللہ حسین ہارون

    کراچی :اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مندوب اور سینئر سیاستدان عبداللہ حسین ہارون نے عیدالفطر کے موقع پر سی ویو کے ساحل میں ڈوبنے کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں پر اپنی گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت کو ساحل سمندر میں شہریوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

    اپنے جاری بیان میں عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ شہریوں کی ہلاکتوں کے باوجود سندھ حکومت کی شہری انتظامیہ حفاظتی اقدامات کرنے سے گریزاں ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ ماضی میں تفریحی مقامات بالخصوص ساحل سمندر پر حفاظتی اقدامات کے تحت دفعہ 144 لگائی جاتی تھی ۔لیکن اس مرتبہ عیدالفطر پر ساحل سمندر میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی نہ ہونے کے برابر تھی اور نہ ہی اس پر عمل درآمد کرانے کے لئے عوام کو صحیح طریقے سے آگاہ کیا گیا۔

    عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کے باعث ان کی بنائی ہوئی شہری حکومت نے اپنا کام ہی نہیں کیا اور ان کے حفاظتی انتظامات میں لاپرواہی کی وجہ سے معصوم عوام میں سے لوگوں کی قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔