Tag: 15

  • ون فائیو پر بار بار قتل کی جھوٹی اطلاع دینے والے چالاک شخص کو پولیس نے دھر لیا

    ون فائیو پر بار بار قتل کی جھوٹی اطلاع دینے والے چالاک شخص کو پولیس نے دھر لیا

    کراچی: مددگار ون فائیو پر بار بار قتل کی جھوٹی اطلاع دینے والے چالاک شخص کو پولیس نے دھر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ون فائیو مددگار پر بار بار قتل کی جھوٹی اطلاع دینے والا آخر کار گرفتار ہو گیا، ملزم کے خلاف سکھن تھانے میں ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر دیا گیا۔

    کراچی کے علاقے لیبر اسکوائر بھینس کالونی میں قتل کی جھوٹی اطلاع دینے والے ملزم نور مصطفیٰ ولد خدا بخش نے ویڈیو بیان میں اعتراف کیا کہ اس نے دو بار جھوٹی کالیں کر کے موبائل فون بند کر دیا تھا۔

    نور مصطفیٰ نے اعتراف کیا کہ اس نے 15 روز قبل ون فائیو پر فون کیا اور کہا کہ یہاں 2 لاشیں پڑی ہوئی ہیں، اور اطلاع دینے کے بعد میں نے اپنا فون بند کر دیا۔

    ملزم کے مطابق 2 روز کے بعد اس نے پھر ون فائیو مددگار پر فون کیا، اور کہا ایک شخص نے بیوی کو قتل کر دیا ہے، اس کے بعد پھر میں نے اپنا فون بند کر دیا۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق جھوٹی اطلاع پر جب پولیس ٹیم بھینس کالونی پہنچی، تو لوگوں نے بتایا کہ ایسی تو کوئی واردات نہیں ہوئی ہے، اس شخص نے اس سے قبل بھی جھوٹی اطلاع دی تھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم بار بار رند گوٹھ میں لاشیں پڑی ہونے کی جھوٹی اطلاع دیتا تھا، پولیس اور ریسکیو کی جانب سے تلاش کرنے پر اطلاع جھوٹی نکلتی، ملزم کے عمل سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

    ملزم کے خلاف ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، دوسری طرف ملزم نور نے غلطی کے اعتراف کے بعد معافی طلب کر لی ہے، ملزم نے بیان میں کہا مجھے معاف کر دیا جائے۔

  • کمپنی ملازم کو 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینا مہنگا پڑ گیا

    کمپنی ملازم کو 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینا مہنگا پڑ گیا

    کراچی: شہر قائد میں ایک کمپنی ملازم کو 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینا مہنگا پڑ گیا، شاہ لطیف پولیس نے احمد سالم نامی شہری کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ون فائیو پر جھوٹی کال کر کے اپنی ہی کمپنی کو 83 ہزار روپے کا نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والا ملزم احمد سالم شاہ لطیف پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو گیا۔

    رپورٹ کے مطابق ملزم احمد نے 15 پر ڈکیتی کی اطلاع دی تھی، جب پولیس اہل کار موقع واردات پر پہنچے تو وہاں موجود نجی کمپنی کے ملازم احمد ولد سالم نے بتایا کہ اسے 2 موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے لوٹ لیا ہے، ملزمان اس سے 83 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ کر لے گئے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق اہل کاروں نے شک کی بنا پر ملزم کی سوزوکی کے اندر تلاشی لی، تو ان کو ایک شاپر میں لپٹا ہوا موبائل فون اور 83 ہزار روپے کی رقم مل گئی۔

    پوچھ گچھ پر گرفتار ملزم احمد سالم نے بتایا کہ وہ کمپنی میں رائیڈر کی نوکری کر رہا ہے، اسے پیسوں کی ضرورت تھی، اس لیے ڈکیتی کا جھوٹا ڈراما رچانے کی کوشش کی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • ٹک ٹاک ویڈیو چیلنج نے 15 سالہ لڑکی کی جان لے لی

    ٹک ٹاک ویڈیو چیلنج نے 15 سالہ لڑکی کی جان لے لی

    واشنگٹن: امریکا میں ویڈیو شیئر ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر ویڈیو چیلنج نے 15 سالہ لڑکی کی جان لے لی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست اکلاہوما میں 15 سالہ لڑکی چلوئے فلپس نے ٹک ٹاک ویڈیو چیلنج کو پورا کرنے کے دوران موت کی وادی میں چلی گئی۔

    فلوئے فلپس کی موت 21 اگست کو ہوگئی تھی، لڑکی کے اہلخانہ نے دوسرے خاندانوں کو خبردار کرنے کے لیے سانحہ کا ذکر کرتے ہوئے انتباہ جاری کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک چیلنج کو پورا کرنے کے لیے فلپس نے نہ چاہتے ہوئے زائد الرجی کی دوائیں لے لیں اور یہی اس کی موت کا سبب بنیں۔

    دی سن کے مطابق اوکلاہوما ریاست ہائے متحدہ کی رہائشی فلپس کی خالہ جینیٹ سیسی لیزر نے فیس بک پر تنبیہ پوسٹ کی اور نوجوان بچوں کے اہلخانہ کو ٹک ٹاک کے بارے میں خبردار کیا۔

    لیزر نے لکھا کہ ’اپنے بچوں پر نظر رکھیں بصورت دیگر اس ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن کا استعمال آپ کے پیاروں کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں دیکھنا چاہوں گی کہ جس کرب سے ہم گزرے ہیں وہی پہاڑ کسی اور خاندان کے اوپر ٹوٹے۔

    لیزر نے کہا کہ بچے تو بچے ہی ہوتے ہیں وہ دوسرے شخص کو جو کرتا ہوا دیکھتے ہیں اسی کو اپنانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ہمیں انہیں یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ ان کے لیے صحیح کیا اور غلط کیا ہے۔

  • مددگار 15 سروس بند ہونے کا خدشہ

    مددگار 15 سروس بند ہونے کا خدشہ

    کراچی: شہریوں کی مددگار 15 سروس ادائیگی نہ ہونے کی وجہ بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا، سروس چلانے والی کمپنی کو گزشتہ 6 ماہ سے ادائیگی نہیں کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق شہریوں کی فوری مدد کو پہنچنے والی مددگار 15 کی سروس بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ سندھ پولیس نے 15 سروس چلانے والی کمپنی کو ادائیگی نہیں کی۔

    ذرائع کے مطابق کمپنی کو 6 ماہ سے ادائیگی نہیں کی گئی۔ ون فائیو سروس کو پہلے پولیس اہلکار چلاتے تھے بعد میں اسے نجی کمپنی کے سپرد کیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی نے ادائیگی نہ ہونے پر کام بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے گزشتہ روز اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ کوئی کسی کی مدد کرے تو پولیس پیچھے پڑ جاتی ہے، پولیس ہمیشہ مدد کرنے والے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

    پولیس چیف نے کہا تھا کہ آئی جی صاحب نے بہادر شہری کا پروگرام بھی شروع کیا ہے، کوئی شہری مدد کرتا ہے تو ہم اسے انعامات اور شیلڈ دیتے ہیں۔ ہوسکتا ہے کوئی پولیس اہلکار ذاتی طورپر کسی کو ہراساں کرے۔

    انہوں نے کہا کہ کسی شہری کو ہراساں کرنے میں ادارے کا تعلق نہیں ہوتا، کسی اہلکار کا اقدام کرائم کے زمرے میں آتا ہے تو کیس، جیل بھیجتے ہیں۔