Tag: 15 اگست وفات

  • اردو کے نام وَر نقّاد، ادیب اور غالب شناس ڈاکٹر معین الرحمٰن کی برسی

    اردو کے نام وَر نقّاد، ادیب اور غالب شناس ڈاکٹر معین الرحمٰن کی برسی

    ڈاکٹر سیّد معین الرحمٰن اردو کے نام وَر نقّاد، ادیب اور محقّق تھے جو 2005ء میں‌ آج ہی کے دن وفات پاگئے تھے۔ وہ غالب پر اپنی تحقیق کے حوالے سے بھی شہرت رکھتے تھے۔

    سیّد معین الرّحمٰن 5 نومبر 1942ء کو بھٹنڈہ، ریاست پٹیالہ میں پیدا ہوئے۔ بہاول کالج بہاولنگر سے انٹرمیڈیٹ کیا اور تقسیم کے بعد 1961ء میں اردو کالج کراچی سے بی اے، اردو لا کالج سے ایل ایل بی اور 1964ء میں جامعہ کراچی سے ایم اے اردو کی سند لی۔

    انھوں نے 1972ء میں جامعہ سندھ سے پی ایچ ڈی کیا اور گورنمنٹ کالج بہاولنگر میں شعبہ اردو میں لیکچرار مقرر ہوئے۔ بعد میں اورینٹل کالج لاہور، ایف سی کالج لاہور، گورنمنٹ کالج فیصل آباد میں‌ اور 1981ء سے 2002ء تک گورنمنٹ کالج لاہور میں پروفیسر و صدر شعبہ اردو کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور ڈین فیکلٹی آف آرٹس کے منصب سے اپنی ذمہ داریوں سے سبک دوش ہوئے۔

    ڈاکٹر معین الرحمٰن کثیر التّصانیف تھے۔ غالب اور اقبال پر ان کی تحقیقی کتب کے علاوہ بابائے اُردو احوال و آثار (1962ء)، نقدِ عبدالحق (1968ء)، قائد اعظم اور لائل پور (1972ء)، اُردو تحقیق یونیورسٹیوں میں (1989ء)، آپ بیتی رشید احمد صدیقی (ترتیب)، مطالعۂ یلدرم، فورٹ ولیم کالج و دیگر شایع ہوئیں۔ یہ کتابیں اردو زبان و ادب کا سرمایہ اور مستند حوالہ ہیں۔

    ڈاکٹر معین الرحمٰن کی آخری آرام گاہ قبرستان میانی صاحب، لاہور میں ہے۔

  • یومِ وفات: جرأتِ اظہار کے ساتھ خود داری خالد علیگ کا امتیازی وصف تھا

    یومِ وفات: جرأتِ اظہار کے ساتھ خود داری خالد علیگ کا امتیازی وصف تھا

    آج اردو کے نام وَر ترقّی پسند شاعر اور صحافی خالد علیگ کا یومِ وفات ہے۔ زندگی کی 83 بہاریں دیکھنے والے خالد علیگ نے 2007ء میں آج ہی کے روز ہمیشہ کے لیے آنکھیں‌ موند لی تھیں۔

    ان کا شمار پاکستان میں بائیں بازو کی تحریک سے وابستہ قلم کاروں میں ہوتا تھا۔

    خالد علیگ کا اصل نام سید خالد احمد شاہ تھا۔ وہ 1925ء میں بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے قائم گنج میں پیدا ہوئے۔ علی گڑھ یونیورسٹی سے گریجویشن تک تعلیم حاصل کی اور تقسیمِ ہند کے بعد 1947ء میں اپنے اہلِ خانہ سمیت پاکستان آگئے۔ پاکستان میں پہلے صوبہ پنجاب کے شہروں اوکاڑہ اور لاہور میں قیام کیا، بعد سندھ کے شہروں میرپور خاص، خیرپور اور سکھر میں رہائش پذیر رہے اور 1960ء میں کراچی آگئے جہاں تمام زندگی گزاری۔

    خالد علیگ نے صحافت کا آغاز کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے مجلّے منشور سے کیا اور اس کے بعد روزنامہ حرّیت سے وابستہ ہوگئے۔ 1972ء میں جب روزنامہ مساوات شائع ہوا تو اس کے نیوز ایڈیٹر مقرر ہوئے۔ اس وقت ابراہیم جلیس اس کے ایڈیٹر تھے جن کے انتقال کے بعد انھیں ایڈیٹر مقرر کیا گیا اور 1978ء میں اس اخبار کی بندش تک اسی عہدے پر فائز رہے۔

    خالد علیگ ہمیشہ ترقّی پسند مصنّفین کی تحریک میں سرگرم رہے۔ ایوب خان اور جنرل ضیاءُ الحق کے دور میں آمریت اور فردِ‌ واحد کے فیصلوں کے خلاف انھوں نے صحافیوں کی تحریک میں نمایاں کردار ادا کیا۔ خالد علیگ کی شاعری میں ظلم و جبر سے نفرت، آمریت کی مخالفت اور انسان دوستی کے موضوعات ملتے ہیں۔ ان کی شاعری جراتِ اظہار کا بہترین نمونہ ہے۔

    وہ ایک ایسے شاعر اور صحافی تھے جس نے کسی بھی موقع پر سرکاری امداد قبول نہیں کی اور اپنے قلم کو آزاد رکھتے ہوئے ہمیشہ اپنے ضمیر کی آواز سنی اور وہی لکھا جو حق اور سچ تھا۔ وہ خود دار تھے اور ہمیشہ خود کو اپنے ضمیر کا قیدی رکھا۔ خالد علیگ نے محنت کش طبقے اور عوام کے حق کے لیے شاعری اور صحافت کے ذریعے ہمیشہ آواز بلند کی اور بہت نام و مقام، عزّت اور احترام پایا۔ ساری زندگی کراچی شہر کی ایک بستی لانڈھی میں اپنے چھوٹے سے گھر میں گزار دی اور ہر قسم کی تکلیف اور پریشانی جھیلی مگر خود داری اور اپنی آزادی کو برقرار رکھا۔

    خالد علیگ کو 1988ء میں مالی امداد کا حکومتی چیک بھجوایا گیا جسے انھوں نے قبول کرنے سے انکار کردیا۔ اسی طرح ایک مرتبہ شدید علالت کے باعث مقامی اسپتال میں داخل تھے تو معلوم ہوا کہ حکومت کی جانب سے ان کا علاج سرکاری خرچ پر کروانے کا اعلان کیا گیا ہے اور یہ جان کر وہ اسپتال سے فوری گھر منتقل ہو گئے۔

    ان کی شاعری کا ایک مجموعہ ’غزال دشت سگاں‘ کے عنوان سے شائع ہوا جو ان کے دوستوں اور شاگردوں نے شائع کروایا تھا۔

    ان کی ایک غزل کے یہ دو اشعار ملاحظہ کیجیے

    میں ڈرا نہیں، میں دبا نہیں، میں جھکا نہیں، میں بکا نہیں
    مگر اہلِ بزم میں کوئی بھی تو ادا شناسِ وفا نہیں

    مرا شہر مجھ پہ گواہ ہے کہ ہر ایک عہدِ سیاہ میں
    وہ چراغِ راہِ وفا ہوں میں کہ جلا تو جل کے بجھا نہیں