Tag: 15 رکنی پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ

  • انگلینڈ کے خلاف نیا امتحان، 15 رکنی پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

    انگلینڈ کے خلاف نیا امتحان، 15 رکنی پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

    انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، شان مسعود قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

    پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ میں نعمان علی اور آل راؤنڈر عامر جمال کو بھی شامل کیا گیا ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتانی کے فرائض شان مسعود انجام دیں گے جبکہ سعود شکیل نائب کپتان کی ذمہ داری انجام دیں گے۔

    ٹیسٹ اسکواڈ میں عبداللہ شفیق، ابراراحمد، محمد رضوان، سعود شکیل، نسیم شاہ، بابر اعظم، صائم ایوب، سرفراز احمد، شاہین آفریدی، عامر جمال، شان مسعود، نعمان علی، میر حمزہ، محمد ہریرہ اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ میزبان پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک کھیلا جائے گا، آئندہ ماہ سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم 2 اکتوبر کو ملتان پہنچے گی۔

    انگلش کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں میزبان سے پنجہ آزمائی کرے گی، قومی کرکٹ ٹیم اور انگلینڈ کا دوسرا ٹیسٹ میچ 15 اکتوبر سے 19 اکتوبر تک ملتان میں کھیلا جائےگا جبکہ سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ 24 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک راولپنڈی میں منعقد ہوگا۔

    اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے نظر ثانی شدہ شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا۔

    تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے میچز ابتدائی طور پر کراچی، ملتان اور پنڈی میں شیڈول تھے تاہم کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے جاری تعمیراتی کام کے باعث وہاں اب میچ نہیں ہوگا۔