Tag: 15 مسافر زخمی

  • اے ایس ایف کی کارروائی، دو ملزمان سے 61 ہزار ڈالرکی رقم برآمد

    اے ایس ایف کی کارروائی، دو ملزمان سے 61 ہزار ڈالرکی رقم برآمد

    لاہور: ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے دو الگ الگ کاروائیوں میں مجموعی طور 61 ہزار امریکی ڈالر سے زائد کی رقم برآمد کرلی ہے، ملزمان کو کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر سیکیورٹی فورس نے دو بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے مسافروں کے سامان میں سے خطیر رقم برآمد کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنادی ہے۔

    اے ایس ایف ذرائع کے مطابق لاہور سے بنکاک جانے والے ایک مسافر کے بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے 39100 امریکی ڈالر برآمد ہوئے، ملزم اور برآمد کردہ رقم کو کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    دوسری کارروائی میں لی ژین وہ نامی ایک خاتون کے سامان کی تلاشی لینے پر 22،505امریکی ڈالر، 1،671چینی یوان اور 10400 پاکستانی روپے برآمد کرلیے۔ یہ خاتون بھی ایک غیر ملکی ائر لائن کے ذریعے بنکاک جا رہی تھیں۔

    برآمد ہونے والے امریکی ڈالروں کی تعداد 61،605 بنتی ہے جن کی مالیت پاکستان کرنسی میں پچاسی لاکھ انہتر ہزار اور دوسو پچپن روپے بنتی ہے۔

    یاد رہے کہ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر منی لانڈرنگ کے خلاف زور وشور سے کارروائی جاری ہے اور چند دن قبل پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر بھی منی لانڈرنگ کی ایک ایسی ہی کوشش ناکام بنادی گئی تھی۔ ابرار نامی مسافرقومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 283 سے دبئی جا رہا تھا۔ تلاشی لینے پر اس کے سامان سے 9 ہزار 5 سو یورو برآمد ہوئے تھے۔

    خیال رہے کہ یکم دسمبر کو وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سالانہ منی لانڈرنگ ہوتی ہے، منی لانڈرنگ کے خلاف قانون لایا جا رہا ہے، پھر زبردست کریک ڈاون کیے جائیں گے۔

  • کالا باغ : خوشحال خان ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں‘ 15 افراد زخمی

    کالا باغ : خوشحال خان ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں‘ 15 افراد زخمی

    میانوالی : خوشحال خان ایکسپریس کا انجن اور 7 بوگیاں پٹری سے اترگئیں جس کے نتیجے میں 15 مسافر زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خوشحال خان ایکسپریس کراچی سے براستہ میانوالی، اٹک پشاور جارہی تھی کہ مسان ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین کی سات بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔

    ریسکیو حکام کے مطابق خوشحال خان ایکسپریس کوصبح 5 بجے حادثہ پیش آیا جس کے باعث ریلوے ٹریک کو بند کردیا گیا ، حادثے میں 15 مسافر زخمی ہوئے۔

    کندیاں اسٹیشن سے امدادی کرین جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی گئی تاہم ریلوے ٹریک کی بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں برس 10 جون کو پاکستان ریلوے کی مال بردار ٹرین سکھر کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی تھی، 27 بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں۔

    مہرایکسپریس کا انجن گنےکی ٹرالی سےٹکرا گیا‘ 2 افراد زخمی

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 23 دسمبر کو صوبہ پنجاب کے علاقے شاہ عالم میں مہرایکسپریس کا انجن گنے کی ٹرالی سے ٹکرا کر پٹری سے اترگیا تھا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔