بھارت کے شمال میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے دہلی میں بھی تیز بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 18 جولائی تک ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، وہیں اتر پردیش، بہار، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، راجستھان، مدھیہ پردیش میں بھی شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، اتر پردیش کے 13 اضلاع میں آج تیز بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بہرائچ، بلرام پور، گونڈا، اعظم گڑھ، جونپور، مہاراج گنج، وارانسی، چندولی، مرزا پور، امبیڈکر نگر، پریاگ راج، بلیا میں شدید بارشیں ہوسکتی ہیں، جبکہ بہار کے آرہ، پٹنہ، نالندہ، لکھی سرائے، جموئی، اورنگ آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق پہاڑی ریاستوں میں بھی مسلسل بارش ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے عام زندگی بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ہماچل پردیش میں 17 جولائی تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق شملہ اور سولن ضلع میں بارش کو لے کر یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اترا کھنڈ کے دہرہ دون، باگیشور اور نینی تال میں شدید بارش کا آرینج الرٹ جاری کردیا گیا ہے، جبکہ ریاست کے دوسرے ضلعوں میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش میں آج موسم تبدیل ہوسکتا ہے، ریاست کے کئی ضلعوں میں بارش کا امکان ہے، کچھ مقامات پر درجہ حرارت معمول سے تھوڑا کم ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راجستھان کے کوٹا، جئے پور، اجمیر اور جودھپور ڈویژن کے ضلعوں میں بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا جاچکا ہے، جبکہ کونکن اور گوا میں الگ الگ مقامات، گجرات، وسطی مہاراشٹر کے گھاٹ علاقوں میں بھی تیز بارش کا امکان ہے۔
نیو یارک، موسلا دھار بارشوں سے سیلاب کا خطرہ، ایمرجنسی نافذ
رپورٹس کے مطابق اگلے 7 دنوں تک شمال مشرقی ہند میں کئی مقامات پر گرج اور بجلی کڑکنے کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے، آسام اور میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور اروناچل پردیش، تریپورہ میں بعض مقامات پر تیز بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔