Tag: 1500 ویں جشن ولادت رسول ﷺ

  • ’1500 ویں جشن ولادت رسول ﷺ پر خصوصی سکہ اور ٹکٹ جاری کیا جائے‘

    ’1500 ویں جشن ولادت رسول ﷺ پر خصوصی سکہ اور ٹکٹ جاری کیا جائے‘

    کراچی (25 اگست 2025): گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مطالبہ کیا ہے کہ نبی آخر الزماں ﷺ کے 1500 ویں جشن ولادت پر خصوصی سکہ اور ٹکٹ جاری کیا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر ہاؤس میں عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد، مفتی بشیر فاروقی، علامہ کوکب نورانی سمیت معروف علمائے دین اور اہلسنت والجماعت کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

    اجلاس میں مرکزی جلوس کے انتظامات، راستوں کی پیوند کاری، جشن میلاد النبی ﷺ کے جلسوں میں بجلی کی فراہمی اور سیکیورٹی امور پر گفتگو ہوئی جب کہ کامران ٹیسوری نے جشن ولادت رسول ﷺ سے متعلق گورنر ہاؤس میں خصوصی سیل قائم کرنے کا اعلان کیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کسی بھی مسلمان کے لیے عید میلاد النبیﷺ سے بڑا کوئی دن نہیں۔ میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے 1500 ویں جشن ولادت کے حوالے سے خصوصی سکہ اور ٹکٹ جاری کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں اور اس حوالے سے وزیراعظم اور گورنر اسٹیٹ بینک کو خط بھی لکھیں گے۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ اس بار گورنر ہاؤس میں عید میلاد النبیﷺ کا اہتمام بڑے پیمانے پر کیا جا رہا ہے۔ پورے ماہ ربیع الاول جشن ولادت ﷺ کے حوالے سے پروگرام منعقد ہوں گے۔ ان پروگرامز میں پورے شہر سمیت صوبے کے عوام کو شرکت کی دعوت ہے۔

    گورنر سندھ نے بتایا کہ محفل عید میلاد النبیﷺ کے لیے بہترین ڈیجیٹل اسٹیج تیار کیا گیا ہے جب کہ ان محافل میں خواتین کے لیے بھی خصوصی انتظام کیا ہے۔ اللہ ہمیں نبی کریم ﷺکی سیرت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ روز ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا تھا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق یکم ربیع الاول منگل 26 اگست اور 12 ربیع الاول (جشن عید میلاد النبی ﷺ) ہفتہ 6 ستمبر کو ہوگی۔