Tag: 15th national assembly

  • ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی کے منتخب ارکان  آج حلف اٹھائیں گے

    ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی کے منتخب ارکان آج حلف اٹھائیں گے

    اسلام آباد: اسلامی جمہوریہ پاکستان کی پندرہ ویں قومی اسمبلی کے منتخب ارکان آج حلف اٹھائیں گے، ملک میں جمہوریت ایک اور سنگِ میل کے قریب پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں ایک نئے عہد کا آغاز ہو گیا ہے، 15 ویں قومی اسمبلی کے منتخب ارکان آج حلف اٹھائیں گے، قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے منعقد ہوگا۔

    نو منتخب اور مخصوص نشستوں کے ارکان آئین کی پاس داری کا عہد کریں گے، جب کہ عمران خان وزارتِ عظمیٰ کی جانب پہلا پارلیمانی قدم بڑھائیں گے۔

    دوسری طرف پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو پہلی بار قومی اسمبلی کے رکن کا حلف اٹھائیں گے۔

    مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بھی اپوزیشن لیڈر بن کر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے تیار نظر آتے ہیں۔

    ملک کی پندرہ ویں قومی اسمبلی میں اسپیکر ایاز صادق نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے، حلف کے بعد ہر رکن رجسٹر پر دستخط کرے گا۔

    نئی حکومت کا انتظار، اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کو 4 ارب ڈالر دینے کو تیار

    آج کے دن کا ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس 15 اگست تک ملتوی کر دیا جائے گا، 15 اگست کو اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا اور نو منتخب اسپیکر نئے ڈپٹی اسپیکر کے لیے رائے شماری کروائیں گے،  جب کہ عمران خان 18 اگست کو وزیرِ اعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    دریں اثنا آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا، دونوں ارکان قومی اسمبلی نے رجسٹریشن کروائی، ایک صحافی کے سوال پر کہ کیا اپوزیشن متحد ہوجائے گی؟ اس پر سابق صدر نے جواب دیا کہ آپ ہمارے ساتھ رہا کریں، سب پتا چل جائے گا۔

  • قومی اسمبلی کے تاریخی اجلاس کے لئے خصوصی تیاریوں کا آغاز

    قومی اسمبلی کے تاریخی اجلاس کے لئے خصوصی تیاریوں کا آغاز

    اسلام آباد : قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تاریخی اجلاس کے لئے خصوصی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے، قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس تیرہ اگست کی صبح دس بجے طلب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے تاریخی اجلاس کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں ، 13 اگست کو ہونے والے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔

    اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرکا انتخاب ہوگا، جس کے بعد وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی کے لئے تحریک انصاف نے اسد قیصرکو نامزد کردیا ہے جبکہ عمران خان قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد اٹھارہ اگست کووزیراعظم کےعہدہ کا حلف اٹھائیں گے۔

    قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اراکین کی سہولت کے لئے اسمبلی کمیٹی روم نمبردو میں خصوصی استقبالیہ مرکز بھی بنا دیا گیا ہے جبکہ سروس برانچ میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ، ہر ممبرکو مہمانوں کے لئے دو گیلری کارڈ جاری کیے جائیں گے۔


    مزید پڑھیں  :  صدر ممنون حسین نے 13اگست کوقومی اسمبلی کااجلاس طلب کرلیا


    قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نےنومنتخب ارکان کوسرکلرجاری کر دیا ہے، سیکرٹریٹ افتتاحی اجلاس کے سلسلے میں گیارہ اگست اوربارہ اگست کوکھلا رہے گا۔

    واضح رہے نگراں وزیر اعظم نے صدر پاکستان ممنون حسین کو قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی سمری ارسال کی تھی، جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے 13اگست کوقومی اسمبلی کااجلاس طلب کیا۔

    صدر مملکت نے غیر ملکی دورہ بھی ملتوی کردیا، فیصلہ نگران وزیرقانون علی ظفر سے ملاقات میں ہوا تھا، صدرممنون حسین نے نجی دورےپر اسکاٹ لینڈجانا تھا۔

    خیال رہے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یقین ہے پہلےمرحلےمیں ہی وزیراعظم کا فیصلہ ہوجائے گا، سادہ اکثریت کے لیے ایک سو باہتر ارکان کی حمایت چاہیے، پی ٹی آئی کے پاس تو ایک سو اکیاسی ووٹ ہیں۔