اسلام آباد: (16 اگست 2025) وفاقی وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کا آج آخری دن ہے۔
ترجمان کے مطابق نامزد بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی آج بھی جاری رہے گی، وزارت کی درخواست پر اسٹیٹ بینک نے نامزد بینک کھولنے کے احکامات جاری کردیئے۔
وفاقی وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ درخواستوں کی مقررہ تعداد پوری ہوتے ہی بکنگ روک دی جائے گی۔
پہلے آئیے اور پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول شدہ درخواستیں کامیاب قرار پائیں گی، حج درخواست گزار بینک سے کمپیوٹرائزڈ رسید ضرور حاصل کریں۔
ترجمان مذہبی امور نے مزید کہا کہ آن لائن پورٹل یا پاک حج2026ایپ پر اپنے کوائف لازمی چیک کریں، غلطی کی صورت میں متعلقہ بینک سے فوری تصحیح کرائیں۔
واضح رہے کہ سرکاری حج اسکیم میں 40 روزہ لانگ حج اور 25 روزہ شارٹ حج پیکج کی سہولت موجود ہے۔
درخواست کے ہمراہ پیکیج کے مطابق 5 لاکھ یا ساڑھے پانچ لاکھ کی پہلی قسط جمع کرانا لازمی ہے اور حج واجبات کی دوسری قسط یکم نومبر سے وصول کی جائے گی۔
مزید پڑھیں : پاکستانی حجاج کو سب سے زیادہ کیا مشکلات پیش آئیں؟
اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد بھی درخواست جمع کروانے کے اہل ہیں۔