Tag: 16-year-old boy

  • مرگی کا دورہ پڑنے پر پولیس نے 16 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا

    مرگی کا دورہ پڑنے پر پولیس نے 16 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا

    امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پولیس نے مجرمانہ غفلت کی بدترین مثال قائم کرتے ہوئے مرگی کا دورہ پڑنے پر 16 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا اور زبردستی پولیس اسٹیشن لے جانے کی کوشش کی۔

    کیلی فورنیا کی رہائشی ایک خاتون کا دعویٰ ہے کہ ان کے 16 سالہ آٹزم کا شکار بیٹے کو مرگی کا دورہ پڑا تاہم پولیس نے اس کی مدد کرنے کے بجائے اسے مارا اور ہتھکڑیاں لگا دیں۔

    مذکورہ خاتون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ان کے بیٹے کو آٹزم اور مرگی ہے، ان کا خاندان ایک ریسٹورنٹ میں لنچ کرنے کے لیے موجود تھا جہاں باتھ روم میں ان کے بیٹے کو مرگی کا دورہ پڑا۔

    خاندان کے دیگر افراد نے باتھ روم کا دروازہ کھولنا چاہا لیکن جب وہ اس میں ناکام رہے تو انہوں نے 911 کو کال کی، گو کہ انہوں نے طبی امداد مانگی تھی لیکن اس کی جگہ 8 لحیم شحیم پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

    لڑکے کی بہن کے مطابق ان پولیس والوں نے آتے ہی لڑکے کو مارا، اہلخانہ نے انہیں لڑکے کی طبیعت کے بارے میں بتانے کی کوشش کی لیکن پولیس والے ان سنی کر گئے۔ ان کے خیال میں لڑکا نشے میں دھت ہو کر ایسی حرکتیں کر رہا تھا۔

    سامنے آنے والی ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پولیس اہلکار لڑکے کو پکڑ کر پولیس کار میں ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ پیچھے سے اس کی ماں چلا رہی ہے کہ وہ بیمار ہے اور اسے اسپتال لے جاؤ۔

    ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکا پولیس کی گاڑی کے قریب گھٹنوں کے بل بیٹھا ہوا ہے اور اپنی بہن سے کہہ رہا ہے کہ ہتھکڑیاں اسے تکلیف دے رہی ہیں اور انہیں کھولا جائے۔

    واقعے کے بعد محکمہ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس پورے واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں اور کوتاہی کے ذمہ دار افراد کے خلاف جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • بیٹے کے سر پر خون سوار، اپنے ہی خاندان کو ختم کرنے کے لیے گھر میں گھات لگالی

    بیٹے کے سر پر خون سوار، اپنے ہی خاندان کو ختم کرنے کے لیے گھر میں گھات لگالی

    امریکی ریاست اوٹاہ میں ایک 16 سالہ لڑکے نے اپنے گھر والوں کا کام سے واپس آنے کا انتظار کیا ور ایک ایک کر کے انہیں قتل کردیا۔

    یہ لرزہ خیرز واقعہ 10 روز پہلے پیش آیا جس کی تفصیلات پولیس نے اب جاری کی ہیں۔ پولیس کے مطابق کولن جیفری نامی لڑکے نے مسلح ہو کر اپنے تمام گھر والوں کا گھر واپس آنے کا انتظار کیا اور ایک ایک کر کے انہیں فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

    واقعے میں لڑکے کے والد زخمی ہوئے اور موت کے منہ میں جانے سے بچ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکے کا ارادہ اپنے علاوہ گھر کے تمام افراد کو قتل کرنے کا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 17 جنوری کے روز لڑکے کی ماں اور 12 سالہ بہن 1 بجے اسکول سے گھر آئے تو لڑکے نے ان پر فائر کھول دیا۔ لڑکے نے اپنی ماں اور بہن کے سر پر فائر کیے۔

    ایک گھنٹے بعد 15 سالہ بھائی الیکسس گھر آیا تو جیفری نے اسے بھی اسی طرح سے قتل کیا۔ اس کے بعد اس نے 14 سالہ میتھیو کے گھر آنے کا مزید 3 گھنٹے انتظار کیا اور اسے بھی گولی مار کر قتل کردیا۔

    اس کے بعد 6 بجے جب لڑکے کے والد گھر آئے تو اس نے ان کی ٹانگ پر گولی ماری اور اس سے پہلے کہ وہ مزید فائر کرتا والد نے جھپٹ کر بیٹے کو پکڑ لیا۔ دونوں کے درمیان پستول کے لیے زور آزمائی بھی ہوئی۔

    اسی دوران اتفاقاً ایک پڑوسی ان کے گھر آیا تو والد نے اسے کہا کہ وہ انہیں اسپتال لے چلے، جس پر پڑوسی نے موقع کی سنگینی دیکھتے ہوئے فوراً 911 کو کال کردی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال لڑکے نے اپنے اس گھناؤنے فعل کی کوئی وضاحت نہیں دی، وہ پولیس سے تعاون کرنے کو بھی تیار نہیں اور تمام تفتیش کے دوران خاموش رہا۔

  • ٹی وی ریموٹ نہ دینے پر 16سالہ لڑکے نے بڑے بھائی کو قتل کردیا

    ٹی وی ریموٹ نہ دینے پر 16سالہ لڑکے نے بڑے بھائی کو قتل کردیا

    انقرہ : ترک شہر اناتولیہ میں ٹی وی ریموٹ دینے سے انکار پر 16 سالہ لڑکے نے بڑے بھائی کو چاقو کے وار کرکے قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے شہر اناتولیہ میں واقع ایک رہائشی عمارت میں ٹی وی دیکھنے کے لیے دوران چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی سے چینل تبدیل کرنے کے لیے ریموٹ مانگا لیکن بڑے بھائی نے ریموٹ دینے سے انکار کردیا جس کے باعث دونوں میں تلخ کلامی ہوگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دونوں بھائیوں کے درمیان بحث ہوتے ہوتے بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی اور پھر اچانک چھوٹے بھائی نے باورچی خانے سے سبزی کاٹنے والی چھری لاکر بڑے بھائی پر پے در پے وار شروع کردیئے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اہل خانہ 18 سالہ بیٹے کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر استپال لے کر گئے لیکن ڈاکٹرز تمام تر کوششوں کے باوجود زخمی لڑکا زندگی کی بازی ہار گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 20 نومبر کو پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کے بعد پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرنے کے بعد گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی۔

    متاثرہ نوجوان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ 16 سالہ بیٹا اپنے بڑے بھائی کے ہمراہ کمرے میں بیٹھا ٹی وی دیکھ رہا کہ اچانک دونوں میں جھگڑا ہوگیا، لیکن تلخ کلامی انجام اتنا بھیانک ہوگا اس کا علم نہیں تھا۔