(7 اگست 2025): 18 سرکاری اسکولوں کی عمارتوں پر با اثر افراد کے قبضے کا انکشاف ہوا ہے ڈی سی نے قبضے ختم کرانے کے احکامات دے دیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں 18 سرکاری اسکولوں پر با اثر افراد کے قبضے کا انکشاف ہوا ہے۔ جس کے بعد محکمہ تعلیم میں ہلچل مچ گئی ہے۔
سرکاری اسکولوں پر با اثر افراد کے قبضوں کی اطلاعات پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ضلع اور محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی۔ محکمہ تعلیم کے حکام نے اسکول کی عمارتوں پر قبضوں سے متعلق ڈی سی کو تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی سی مہر اللہ بادیننی نے متعلقہ افسران کو مذکورہ سرکاری اسکول کی عمارتوں سے فوری قبضے ختم کرنے کے احکامات جاری کیے اور اس حوالے سے آئندہ ہفتہ رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ بلوچستان کا شمار پاکستان کے پسماندہ صوبوں میں ہوتا ہے اور وہاں تعلیم کی شرح پہلے ہی ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت کم ہے۔