Tag: 18 amendment

  • آئین کو کاغذوں کا پلندہ قرار دینے والی سوچ چاہتی ہے پاکستان افراتفری کا شکار رہے: بلاول

    آئین کو کاغذوں کا پلندہ قرار دینے والی سوچ چاہتی ہے پاکستان افراتفری کا شکار رہے: بلاول

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئین کو کاغذوں کا پلندہ قرار دینے والی سوچ چاہتی ہے پاکستان افراتفری کا شکار رہے۔

    چیئرمین بلاول بھٹو نے اٹھارویں ترمیم کے 12 سال مکمل ہونے کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا، انھوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کی منظوری ایک تاریخ ساز کارنامہ تھا۔

    پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد کوئی بھی آئین شکن اپنی مرضی کا نقاب نہیں لگا سکتا، پاکستان کے عوام دستور کی پاسداری اور جمہوریت کا تسلسل چاہتے ہیں۔

    انھوں نے کہا آئین کو کاغذوں کا پلندہ قرار دینے والی سوچ چاہتی ہے پاکستان افراتفری کا شکار رہے، تاکہ اس سوچ کے پیروکار افراتفری کے دوران اپنے مفادات سمیٹتے رہیں۔

    بلاول بھٹو نے کہا پیپلز پارٹی اٹھارویں ترمیم پر مکمل عمل درآمد کے لیے سرگرم عمل ہے، اور حتمی فتح عوام ہی کی ہوگی۔

    ’18 ویں ترمیم تاریخ پاکستان کا روشن باب ہے’

    اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 19 اپریل 2010 کو اس وقت کے صدر آصف علی زرداری نے ایگزیکٹو اختیارات پارلیمان کو دیے، اور دور آمریت کی تقریباً تمام ترامیم اور بدنام زمانہ 58(2) بی کا مکمل خاتمہ کر دیا، پختونوں کے دیرینہ مطالبے پر صوبہ سرحد کا نام خیبر پختون خوا رکھا گیا اور تمام صوبوں کو مالیاتی خود مختاری دی گئی۔

    راجا پرویز اشرف نے کہا یادگار ترمیم کے نتیجے میں مارشل لا کا راستہ آئینی طور پر بند کر دیا گیا اور ایمرجنسی لگانے کا اختیار صدر اور گورنر سے لے کر اسمبلی کو دے دیا گیا۔

  • اٹھارہویں ترمیم چند خاندانوں کے فائدے کیلئے نہیں بنی تھی، فہمیدہ مرزا

    اٹھارہویں ترمیم چند خاندانوں کے فائدے کیلئے نہیں بنی تھی، فہمیدہ مرزا

    اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ سندھ پر غیرمنتخب لوگ قابض ہیں،18ویں ترمیم چند خاندانوں کے فائدے کیلئے نہیں بنی تھی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سندھ کی موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور اسمبلی منتخب نمائندے نہیں چلارہے ہیں۔

    صوبے پر غیرمنتخب لوگ قابض ہیں، سندھ میں بڑی تعداد میں بچے اسکول نہیں جاتے اور جن اسکولوں میں بچے پڑھنے جاتے ہیں ان کی حالت بہت خراب ہے، صوبے میں تعلیم کی حالت بہت بری ہے۔

    اسٹینڈرڈ آف لوونگ کسی کو دیکھنا ہے تو بدین اور تھرپارکر آکر دیکھیں، فہمیدہ مرزا نے مزید کہا کہ جمہور کو مار کر جمہوریت مضبوط نہیں کی جاسکتی۔

    یہاں جمہور کا قتل ہورہا ہے اور بات جمہوریت کی ہورہی ہے،18ویں ترمیم چند خاندانوں کے فائدے کیلئے نہیں بنی تھی،18ویں ترمیم کا مقصد یہ تھا کہ اس کے فائدے جمہور تک پہنچنے چاہیے تھے، ماضی کے حکمران بتائیں آپ نے 18ویں ترمیم پر عمل کیا ہی کب ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور اسمبلی منتخب نمائندے نہیں چلارہے ہیں صوبے پر غیرمنتخب لوگ قابض ہیں، سندھ کی بات کریں تو غربت کا براہ راست تعلق کرپشن سے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حساب لگایا جائے کہ ہر صوبے کو 9نو سال میں کتنا پیسہ گیا اور کہاں خرچ ہواَ؟؟30ہزار ارب قرضہ لینےوالے11ماہ کی حکومت سے حساب مانگ رہے ہیں۔