Tag: 18 dead

  • سرکاری افسران کی بس کھائی میں گر گئی، 18 جان سے گئے

    سرکاری افسران کی بس کھائی میں گر گئی، 18 جان سے گئے

    تھائی لینڈ کے صوبے پپراچن پوری میں سرکاری افسران کی بس موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افسوسناک حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں 18 افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈبل ڈیکر بس مقامی حکومت کے افسران کو فیلڈ ٹرپ پر لے کر روانہ ہوئی تھی، بس میں 49 افراد سوار تھے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ سڑک پر پیش آنے والے حادثات میں تھائی لینڈ کا ریکارڈ بدترین ہے جہاں ہر سال تقریباً 20 ہزار افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

    اس سے قبل بھارت میں رواں ماہ گجرات میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں 7 افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق بھارت میں گجرات کے ڈانگ ضلع میں گزشتہ روز بس کھائی میں گر نے سے 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 4 بجے ساپوترا گھاٹ روڈ پر پیش آیا، جب ایک پرائیویٹ بس 200 فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ کھائی میں گرنے سے بس دو ٹکڑے ہوگئی۔

    حادثے کا شکار ہونے والی بس مدھیہ پردیش کے گنا سے ترمبکیشور کا دورہ کرنے کے بعد واپس آرہی تھی جس میں 48 سیاح موجود تھے۔

    بس کھائی میں گرنے سے 13 سیاح ہلاک، 28 زخمی

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بس بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری جس کے باعث 7 مسافر موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے۔

  • تائیوان میں خطرناک ٹرین حادثہ، 18 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    تائیوان میں خطرناک ٹرین حادثہ، 18 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    تائپے: تائیوان میں خطرناک ٹرین حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق تائیوان کے شمال مشرقی علاقے میں تیز رفتار ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں جس کے باعث اٹھارہ افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین میں 366 مسافر سوار تھے، جو ملکی دارالحکومت تائپے سے مشرقی ضلع تائے تونگ جارہی تھی۔

    ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹرین مقررہ مقام پر پہنچے سے پہلے ہی حادثے کی زد میں آگئی اور پانچ بوگیاں پٹری سے اترگئیں، اس واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق ٹرین صرف چھ سال پرانی اور کافی بہتر حالت میں تھی، حادثے کی اصل وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی، تحقیقات جاری ہے جلد نتائج سامنے آجائیں گے۔

    بھارت: اترپردیش میں خوفناک ٹرین حادثہ، 17 افراد ہلاک

    دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو عملے نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور تقریباً 120 اہلکاروں نے اس آپریش میں حصہ لیا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے سے پہلے ٹرین سے اچانک دھواں اٹھ رہا تھا، واقعے کے بعد زخمی افراد اپنی مدد آپ ٹرین کی کھڑکیوں سے باہر آنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    خیال رہے کہ مذکورہ ٹرین میں امریکی شہری بھی سفر کررہے تھے، تاہم وہ جانی نقصان سے محفوظ رہے، یہ ٹرین تائیوان کی تیز ترین ٹرین سروس تصور کی جاتی ہے جس سے تقریباً لاکھوں کی تعداد میں مسافر روزانہ سفر کرتے ہیں۔