Tag: 18 october 2014 PPP jalsa

  • کارکنان پیپلزپارٹی کے جلسے کیلئے ہرممکن تعاون کریں،الطاف حسین

    کارکنان پیپلزپارٹی کے جلسے کیلئے ہرممکن تعاون کریں،الطاف حسین

    لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے ذمہ داران پیپلز پارٹی کے جلسے کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت سے رابطہ رکھیں۔

    کراچی اور لندن کی رابطہ کمیٹی کے ایک مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے ملکی صورتحال کا جائزہ لیا، جس میں لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ بھی سرفہرست تھا۔

    اس موقع پر الطاف حسین نے اراکین رابطہ کمیٹی ، تمام سیکٹرز اور تمام یونٹوں کو ہدایت کی کہ وہ اٹھارہ اکتوبر کے جلسے کے حوالے  سے پیپلزپارٹی کے مقامی رہنماؤں سے رابطہ رکھیں ۔

    جہاں جہاں انہیں ایم کیو ایم کے تعاون کی ضرورت ہو انہیں غیر مشروط طور پر مدد و معاونت فراہم کریں۔ الطاف حسین نے پیپلزپارٹی کے جلسے کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

  • اگلا وزیرِاعظم ’بھٹو‘ہوگا، بلاول

    اگلا وزیرِاعظم ’بھٹو‘ہوگا، بلاول

    کراچی:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلا وزیرِاعظم بھٹو خاندان سے ہوگا۔

    کراچی میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں آج صرف عید کا روایتی پیغام دینے نہیں آیا پیپلزپارٹی خاندانی سیاست کرتی ہے اورکرتی رہے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف جمہوریت کے شیر بنتے ہیں لیکن انہوں نے آج تک جمہوریت کے لئے بلی کا بچہ تک قربان نہیں کیا۔

    انہوں نے جذباتی لہجے میں کہا کہ میں بینیظیر شہید کا بیٹا ہوں مجھے کوئی بھی انتقام لینے سے نہیں روک سکتا لیکن بی بی نے سکھایا کہ جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ چند عناصر مجھے کراچی میں جلسہ کرنے سے روکنا چاہتے ہیں وہ مجھے مشورہ دے رہے ہیں کہ حالات خراب ہیں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا جائے،انہوں نے سوال کیا کہ حالات ہمیشہ پیپلز پارٹی کے لئے ہی کیوں خراب ہوتے ہیں؟۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ وہ 18 اکتوبر 2014 کوکراچی میں ہرحال میں جلسہ کریں گے۔ انہوں نے گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ پیپلز پارٹی کی ریلی کی بھرپورحفاظت کے لئے رینجرزکو پیشگی ہدایت دیں، اگر پی پی پی کا ایک بھی کارکن آپ کے نامعلوم افراد کا نشانہ بنا تومیں آپ کو چین سے نہیں بیٹھنے دوں گا۔

    انہوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگرانہیں سیاست سیکھنی ہے تو ذوالفقارعلی بھٹو سے سیکھیں جنہوں نے ہمیں سکھایا کہ پیپلزپارٹی ایک خاندان ہے۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگرہمیں کرکٹ سیکھنی ہوگی تو ہم ضرورعمران خان سےسیکھیں گے۔

    انہوں نے اپنے کارکنوں کو جوش دلانے کے لئے نعرہ لگایا کہ ’میں بھی بھٹو ہوں، آپ بھی بھٹوہیں ہم سب بھٹو ہیں‘۔

    پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ صرف پیپلزپارٹی ہی وہ واحد پارٹی ہے جو اپنے کسی بھی کارکن کووزیرِاعظم بناسکتی ہے۔