Tag: 19 اکتوبر

  • یومِ‌ وفات: ‘آنگن ٹیڑھا’ کے ‘اکبر’ نے سلیم ناصر کو لازوال شہرت عطا کی

    یومِ‌ وفات: ‘آنگن ٹیڑھا’ کے ‘اکبر’ نے سلیم ناصر کو لازوال شہرت عطا کی

    ٹیلی ویژن ڈراموں میں اپنی لاجواب اداکاری کی بدولت ناظرین میں مقبول ہونے والے سلیم ناصر 19 اکتوبر 1989ء کو دارِ‌ فانی سے کوچ کرگئے تھے۔ آج ان کی برسی منائی جارہی ہے۔

    سلیم ناصر نے 15 نومبر 1944ء کو بھارت کے شہر ناگپور میں آنکھ کھولی اور قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان کے ساتھ ہجرت کرکے کراچی آگئے۔

    سلیم ناصر نے اپنی فنی زندگی کا آغاز پاکستان ٹیلی وژن کے لاہور مرکز کے ایک ڈرامے ’’لیمپ پوسٹ‘‘ سے کیا تھا۔ کراچی میں مستقل رہائش کے بعد انھوں نے چھوٹی اسکرین پر مختلف کردار نبھائے جن میں ان کے سنجیدہ اور مزاحیہ انداز کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔ انھوں نے اپنے وقت کے مقبول ڈراموں دستک، نشان حیدر، آخری چٹان، یانصیب کلینک، بندش اور ان کہی میں کام کیا جب کہ انور مقصود کا تحریر کردہ آنگن ٹیڑھا وہ ڈرامہ تھا جس نے انھیں امر کردیا۔ اس میں انھوں نے اکبر کا کردار نبھایا تھا جس کے مزاحیہ مکالمے اور سلیم ناصر کا مخصوص انداز بے انتہا پسند کیا گیا۔

    سلیم ناصر نے فلم میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انھیں حسن کارکردگی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ وہ کراچی میں ڈیفنس سوسائٹی کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔

  • ہندو ملازمین کے لیے دیوالی کی چھٹی کا اعلان

    ہندو ملازمین کے لیے دیوالی کی چھٹی کا اعلان

    کراچی : سندھ حکومت نے ہندو برادری کے تہوار دیوالی کے موقع پر ان کے لیے چھٹی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہندو برادری کے تحت  ان کا مذہبی تہوار دیوالی 19 اکتوبر کو منایا جارہا ہے، اس حوالے سے سندھ حکومت نے ہندو ملازمین کے لیے 19 اکتوبر بروز جمعرات کو چھٹی کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔

    سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق صوبے کے سرکاری، نیم سرکاری کارپوریشنز اور لوکل کونسل کے ماتحت اداروں کے ہندو اقلیتی ملازمین کوجمعرات کی چھٹی دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ ہندو برادری ہر سال موسم بہار میں دیوالی کے مذہبی تہوار کو مناتی ہے، اس کو عام طور پر دیوالی، دیپاولی اور عید چراغاں بھی کہا جاتاہے۔

    اس مذہبی رسم کی تیاریاں نو دن قبل شروع ہوجاتی ہیں اور دیگر رسومات 5 دن تک جاری رہتی ہیں۔

    اس حوالے سے اماوس یا نئے چاند کی رات کو اہم سمجھا جاتا ہے اور اس دن سب اپنے گھروں میں چراغ روشن کرتے ہیں۔

    یہ تہوار شمسی قمری ہندو تقویم کے مہینے کارتیک میں منایا جاتا ہے، گریگورین تقویم کے مطابق یہ تہوار وسط اکتوبر اور وسط نومبر میں آتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔