Tag: 1st april

  • یکم اپریل سے لگے گا بھارتیوں کو بڑا جھٹکا

    یکم اپریل سے لگے گا بھارتیوں کو بڑا جھٹکا

    نئی دہلی : بھارتی کی مودی سرکار نے کل یکم اپریل سے عوام کو بڑا جھٹکا دینے کی تیاری کرلی، بنیادی ضروریات کی اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یکم اپریل یعنی کل بروز جمعرات سے روزمرہ کے استعمال میں آنے والی اشیاء میں مہنگائی کا تڑکا لگنے والا ہے، نئے مالی سال میں دودھ، بجلی، ایئرکنڈیشنر، موٹرسائیکلیں، اسمارٹ فون اور ہوائی سفر مہنگا ہونے جارہا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے مالی سال میں الیکٹرانک آلات کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگا۔ جس میں ٹی وی، فریج، ایئرکنڈیشنز، اور اس کے علاوہ فضائی سفر کے ٹکٹس، دودھ اور اس سے بنی ہوئی اشیاء کے ساتھ ساتھ بجلی کی قیمتیں بھی عوام کا جینا دوبھر کردیں گی۔

    بھارت میں پچھلے آٹھ ماہ کے دوران ٹیلی ویژن کی قیمت میں3 سے4 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ یکم اپریل سے ٹی وی کی قیمتوں میں2 سے3 ہزار روپے تک کا مزید اضافہ ہوگا۔

    کل یکم اپریل سے اے سی اور فرج کی قیمتوں میں اضافہ ہونے جا رہا ہے، کمپنیاں خام تیل کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے اے سی کی قیمتوں میں اضافے کے لئے تیار بیٹھی ہیں۔

    اس کے علاوہ مرکزی حکومت نے جہاز کے کرایوں میں کم سے کم 5 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ ہوا بازی کی سیکیورٹی کی فیس میں بھی اضافہ ہونے جا رہا ہے۔

    پروازوں کی سیکورٹی فیس 160 روپے سے 200 روپے تک بڑھ جائے گی۔ وہیں بین الاقوامی پروازوں کی فیس 12ڈالر ہوجائے گی جو کہ فی الحال5.2 ڈالر ہے۔

    دودھ کے حوالے سے ڈیری فارمرز کا کہنا ہے کہ وہ دودھ کی قیمت میں3 روپے کا اضافہ کرسکتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں یکم اپریل سے دودھ 49 روپے فی لیٹر ملے گا۔

    علاوہ ازیں صوبہ بہار کے عوام کو یکم اپریل سے بجلی کے لئے زیادہ قیمت ادا کرنا ہوگی۔ ساؤتھ اور شمالی بہار پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی نے9 سے10 فیصد شرح کے اضافے کی تجویز پیش کی ہے، اگر یہ تجویز منظور ہوجاتی ہے تو بجلی کے نرخ بھی بڑھ جائیں گے۔

  • صولت مرزا کو یکم اپریل کو پھانسی دی جائے گی

    صولت مرزا کو یکم اپریل کو پھانسی دی جائے گی

    مچھ:  کراچی کی انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے صولت مرزا کے دوبارہ ڈیتھ ورانٹ جاری کردیئے ہیں، صولت مرزا کو یکم اپریل کو مچھ جیل میں پھانسی دی جائے گی۔

    گزشتہ روز صولت مرزا کے نئے ڈیتھ وارنٹ کے لئے مچھ جیل کے حکام نے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کو مراسلہ بھیجا تھا کہ صولت مرزا کے نئے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے جائیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ نے صولت مرزا کی سزائے موت کیخلاف نظرثانی کی دوسری اپیل بھی مسترد کرتے ہوئے سزا کو برقرار  رکھا تھا، جس کے مطابق صولت مرزا کو انیس مارچ پھانسی دینی تھی لیکن پھانسی سے محض چند گھنٹوں قبل صولت مرزا کے اعترافی بیان سامنے آنے کے بعد پھانسی باہتر گھنٹے کیلئے مؤخر کی گئی تھی۔

    صولت مرزا کے ویڈیو بیان میں سنسنی خیز انکشافات کے بعد سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا تھا۔  

    ویڈیو بیان منظرِ عام پر آنے کے بعد بلوچستان حکومت کی جانب سے صولت مرزا کے ویڈیو پیغام کے معاملے پر انکوائری کا حکم دیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے کارکن صولت مرزا نے پانچ جولائی انیس سو ستانوے کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کےایم ڈی شاہد حامد، انکے ڈرائیور اشرف بروہی اور محافظ خان اکبر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، جس کے بعد وہ بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔

    صولت مرزا کو کے ای ایس سی کےسابق ایم ڈی شاہدحامد سمیت تین افراد کے قتل کے جرم میں پھانسی کی سزاسنائی گئی ہے، مقتول شاہد حامد کی بیوہ نے صولت مرزا کوشناخت کرلیا تھا۔

    سندھ ہائی کورٹ، سپریم کورٹ اورصدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے صولت مرزا کی رحم کی اپیل کو مسترد کیا جاچکا ہے۔