Tag: 2اہلکار شہید

  • بلوچستان: شرپسندوں کا نیوی کی گاڑی پرحملہ، 2اہلکار شہید 3 زخمی

    بلوچستان: شرپسندوں کا نیوی کی گاڑی پرحملہ، 2اہلکار شہید 3 زخمی

    جیونی : پاک بحریہ کی گاڑی پر شرپسندوں نے حملہ کردیا، دو اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے،زخمیوں کو فوری طور پر کراچی منتقل کیا جارہا ہے، وزیراعظم نوازشریف، وزیر داخلہ چوہدری نثاراور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے واقعے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہرجیونی میں نامعلوم شرپسندوں نے پاک بحریہ کی گاڑی پراندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود دو اہلکاروں نے موقع پر جان دے دی۔

    مذکورہ اہلکارافطاری کیلئے سامان لے کرآرہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار شرپسندوں نے فائرنگ کردی۔

    فائرنگ سے تین اہلکار زخمی بھی ہوئے، شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جنہیں فوری طورپرکراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔

    نامعلوم شرپسند واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے حوصلے پست نہیں ہونگے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

    فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کردی گئی اور شرپسندوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔

    وزیراعظم نواز شریف نے جیونی کے قریب نیوی اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت، گہرےدکھ اورافسوس کااظہار کرتے ہوئے حملےمیں زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی اور شہداء کے درجات کی بلندی اورلواحقین کیلئےصبرجمیل کی دعاکی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایسے بزدلانہ حملے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے، بےشمار قربانیوں کے بعد صوبے میں قیام امن یقینی  بنایا گیا، امن کیلئے فورسز کے جوانوں نے بے شمارقربانیاں دیں، وزیراعظم نوازشریف نے مزید کہا کہ بلوچستان  میں ترقی کی راہ میں دشمن کورکاوٹ نہیں ڈالنےدیں گے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے واقعے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس اور لیویز کو دہشت گردی کے اس حملے کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ ’ہم دہشت گردوں کے آگے کسی صورت نہیں جھکیں گے۔

  • کراچی: بھینس کالونی میں پولیس مقابلہ، 2ڈاکو ہلاک، 2اہلکار شہید

    کراچی: بھینس کالونی میں پولیس مقابلہ، 2ڈاکو ہلاک، 2اہلکار شہید

    کراچی: بھینس کالونی میں پولیس مقابلے کے دوران دو ڈاکو ہلاک جبکہ دو پولیس اہلکار بھی شہید ہوگئے۔

    ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق سکھن تھانے کی حدود بھینس کالونی نمبر آٹھ کے علاقے میں لوٹ مار میں مصروف ڈاکوؤں اور پولیس اہلکاروں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو ڈاکو ہلاک ہوگئے، ملزمان سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان بھی برآمد ہوا۔

    ہلاک ہونیوالے ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار اور مزاحمت پر فائرنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

    ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے میں اے ایس آئی سعید اور کانسٹبل اعجاز شدید زخمی ہوگئے، جنھیں طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ میڈیکو لیگل آفیسر جناح اسپتال نے بتایا کہ دونوں اہلکاروں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا اور لاشوں کو ضابطے کی کاروائی کے بعد جناح اسپتال کے مردہ خانہ منتقل کردیا گیا ہیں۔

    اے ایس آئی سعید اور کانسٹیبل اعجاز سکھن تھانے میں تعینات تھے، پولیس کے مطابق ملزمان لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر شہریوں کا قتل کر دیتے تھے۔